مزید خبریں

جموں کشمیرمیں پشو پالن کو فروغ | درخشان اندرابی کا مرکزی وزراء سے تبادلہ خیال

نئی دہلی//جموں کشمیرمیں پشوپالن ،ماہی پروری اور دودھ کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے بھاجپا کی ترجمان اورقومی وقف ترقیاتی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے مرکزی وزیربرائے پشو پالن شری گری راج سنگھ اور وزیرمملکت سنجیوکمار بالیان سے ملاقات کی۔اندرابی نے جموں کشمیرمیں پشوپالن، ماہی پروری اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے تین الگ الگ تجاویزپیش کیں ۔ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کہانوجوانوں کیلئے ان شعبوں میں روزگار کے مواقع کھوجنے کیلئے کثیرجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ وہ خود کفیل بن جائے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں مویشییوں کے پالنے کیلئے کافی صلاحیتیں ہیں لیکن گزشتہ کئی دہائیوں میں یہاں پشوپالن اوران کی پیداوار میں نمایا ں کمی واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پشو پالن میں کمی کی وجہ سے دودھ کی پیداوار بھی کافی مقدار میں گھٹ گئی ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں پشو پالن اوردودھ کی پیداوار کوبڑھانے کیلئے خصوصی منصوبوں کی ضرورت ہے تاکہ اس شعبے میں جموں کشمیرکے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔وزراء نے ان کی تجاویز پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ جموں کشمیرکی اقتصادیات کو فروغ دینے کی ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جموں کشمیر انتظامیہ کے ساتھ مل کرکچھ منصوبوں کو مرتب کیا جائے گاتاکہ دیہی اقتصادیات کے اس شعبے کو بڑھاوا دیا جائے۔
 
 
 

دربار مو ملازمین کی مالی معاونت ، تاجرنظراندازکیوں؟ |  ٹریڈ الائنس کا کاروباریوں کے حق میں مالی امداد کا مطالبہ

سرینگر// حکومت کی طرف دربار مو ملازمین کو25ہزار روپے کی مالی معاونت کے اعلان کو چھوٹے تاجروں کے ساتھ دہرا معیار عملانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس نے کہا کہ تاجروں و دکانداروں کو متبادل ایام میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے فیصلے سے ہوئے نقصان کی بھر پائی کون کرے گا۔ایک بیان میں کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ اتوار کو جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیا کہ جو دربار مو ملازمین جموں سے سرینگر آئیںگے یا جموں میں ہی قیام پذیر رہیں گے،انہیں 25ہزار روپے کی رقم کرونا صورتحال کے پیش نظر فراہم کی جائے گی، اس پر اگر چہ تجارتی طبقے کو کوئی بھی اعتراض نہیں ہے تاہم تاجروں کو ایک اور بار پس پردہ کیا جا رہا ہے،جو سراسر نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر گزشتہ دوبرسوں سے چکی کے دو پاٹوں کی درمیان پس رہے ہیںاور معیشت نے جہاں کفن اوڑھ لیا ہے،وہیں اقتصادی و مالی صورتحال کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ شہدار نے کہا کہ کرونا وباء کی روک تھام کیلئے سرکار کی طرف سے اب متبادل دنوں میں50فیصد کاروبار جاری رکھنے کے فیصلے نے انہیں مزید مایوس کیاہے۔ اعجاز شہدار نے کہا کہ اسی پر بس نہیں ہوا بلکہ اب ہفتوں کے اختتام پر36 گھنٹوں تک کرفیو نے اس میں مزید اضافہ کیا۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ  دوبرسوں کے دوران پہلے ہی تجارت کو قریب50ہزار کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے،جس کے نتیجے میں وادی میں تجارت،صنعت،کاروبار اور سیاحتی شعبے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو مراعات دینے پر تاجروں کو کوئی بھی اعتراض نہیں ہے،تاہم تاجروں کو فراموش کرنا بھی انصاف کے منافی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاجر ہی سب سے زیادہ ٹیکسوں کی ادائیگی کرتے ہیںاور سرکاری خزانوں کو بھرتے ہیں تاہم حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ جب تاجر مصیبت میں ہو تو وہ ان کا ہاتھ تھام کر مصیبت سے باہر نکالے۔اعجاز شہدار نے لیفٹنٹ گورنر پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو اس مرحلے پر فراموش نہ کریں اور انہیں سرکاری فیصلے کی وجہ سے جن نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں،اس کی طرف توجہ مبذول کرکے تاجروں کے حق میں معاونت پالیسی کا اعلان کریں۔
 
 

سعودی عرب کی بھارت کو امداد | 80میٹرک ٹن سیال آکسیجن کی سپلائی روانہ

دبئی//سعودی عرب سے بھارت کیلئے 80میٹرک ٹن سیال اکسیجن روانہ کیا گیا تاکہ بھارت کورونا وائرس معاملوں میں زبردست اُچھال کے بعد پیدا ہوئی سنگین صورتحال کامقابلہ کرسکے۔سیال اکسی جن کی یہ سپلائی بھارت کوآدانی گروپ اور لنڈے کمپنی کے اشتراک سے روانہ کی گئی۔ریاض میں بھارتی مشن نے ایک ٹوئٹ میں کہا،’’بھارت کاسفارتخانہ ادانی گروپ اور میسرزلنڈے کے تعاون سے بھارت80میٹرک ٹن سیال آکسیجن کی سپلائی روانہ کرنے میں فخر محسوس کررہاہے۔ہم سعودی عرب کی وزارت صحت کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہماری بھرپور مددکی اورمکمل تعاون دیا۔ادانی گروپ کے چیئرمین  گوتم ادانی نے ایک ٹوئٹ میں کہا،’’دمام سے 4آئی ایس اوکریوجینک ٹینکوں میں80میٹرک ٹن سیال آکسیجن مندرا کیلئے روانہ ہوا ہے۔
 
 
 
 

بٹہ مالو میں تین نقب زن چور ی شدہ مال فروخت کرتے ہوئے گرفتار

سرینگر//ارشاداحمد//پولیس نے تین نقب زنوں کوچوری شدہ موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک اشیاء سرینگر میں فروخت کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق تینوں نقب زن گاندربل کے سالورہ کے رہنے والے ہیں جنہوں نے ضلع گاندربل کے علاقہ بی ہامہ میں چند روز قبل ایک موبائل دکان کو لوٹ لیا تھااور اس سامان کو فروخت کرنے کے لئے سرینگر کے پرانے بس اسٹینڈ بٹہ مالو آئے تھے، جہاں پولیس نے تینوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔اس واقعے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ایس ڈی پی او بٹہ مالو شاہجہاں چوہدری نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ گاندربل سے تعلق رکھنے والے تین افراد جنہوں نے گاندربل میں ایک موبائل دکان کو لوٹ لیا تھا اورجس مال کو وہ سرینگر میں فروخت کرنے کا ارادہ کررہے ہیں۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں کی گرفتاری عمل میں لائی اور پولیس تھانہ بٹہ مالو میں لایا، جہاں دوران پوچھ گچھ انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور انکشاف کیا کہ انہوں نے 39 چوری شدہ موبائل فونز ، 24 ایس ڈی کارڈز، پین ڈرائیوز ، کیبلز اور پاور بینک گاندربل میں ایک دوکان سے لوٹ لئے تھے۔ سارا چوری شدہ مال مسروقہ اِن سے برآمد کیا گیا،چونکہ یہ تینوں گاندربل کے رہائشی تھے لہذا ہم نے تھانہ گاندربل کو اطلاع دی اور یہ بات سامنے آئی کہ موبائل شاپ چوری کے واقعے کے بارے میں دفعہ 457 کے تحت 58/2021 کے تحت ایف آئی آر نمبر پہلے ہی پولیس تھانہ گاندربل میں درج ہے۔قانونی لوازمات مکمل کرکے تینوں کو گاندربل پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔تینوں کی شناخت ہاشم اقبال صوفی، راحیل حسین اور شعیب شفیع کے طور پر ہوئی ہے۔ 
 
 

اننت ناگ میںنوجوان سے 11ہزار روپے کے نقلی نوٹ ضبط  

سرینگر //پولیس نے اتوار کو جنوبی ضلع اننت ناگ میںایک خصوصی کارورائی کے دوران ایک شہری سے نقلی نوٹ ضبط کئے اور اس کو سلاخوںکے پیچھے دھکیل دیا ۔ سی این آئی کے مطابق اننت ناگ کے کھنہ بل علاقے میںجمو ں کشمیر پولیس نے اتوار کی صبح ایک شہری وقار ڈار کی گرفتاری عمل میںلائی اور اس کے قبضے سے 11ہزار روپے کے نقلی نوٹ بر آمد کر لئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ کھنہ بل نے یہ کارورائی اس وقت عمل میں لائی جب ایک چیک پوسٹ پر مذکورہ نوجوان کی تلاشی لی گئی اور اس کے قبضے سے یہ نوٹ بر آمد ہوئے۔ پولیس نے اس معاملے میںمتعلقہ دفعات کے تحت کیس پولیس پوسٹ کھنہ بل میں درج کر لیا جبکہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی  ۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ نوجوان سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور مزید گرفتاریوںخارج از امکان نہیں ہیں ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 مشرف عالم ذوقی اورپروفیسر مولابخش کا انتقال ناقابل تلافی نقصان | ولر ادبی فورم کا اظہار رنج وغم

سرینگر//معروف فکشن نگار اور ناول نگار مشرف عالم ذوقی ان کی اہلیہ تبسم فاطمہ اور معروف نقاد پروفیسر مولا بخش کے انتقال پر ولر اردو ادبی فورم کشمیر کے عہدیداروں اور جملہ اراکین نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میںفورم کے صدر طارق شبنم،چیف کاڈی نیٹر ڈاکٹر ریاض توحیدی اور نگران راجہ یوسف نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے اور ان کے انتقال کو اردو زبان وادب کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 
 
 

ہماری ثقافت زبان اور ادبی انجمنیں | حلقہ ادب سوناواری کی طرف سے آن لائن تقریب 

 سرینگر//حلقہ ادب سوناواری حاجن نے ایک آن لائن تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر امین فیاض نے ’’ہماری ثقافت زبان اور ادبی انجمنیں‘‘ کے عنوان پر " مشعل میموریل لیکچر " پیش کیا۔ اس تقریب کی صدارت کلچرل اکادمی کے سابقہ سیکریٹری اور دوردرشن سرینگر کے سابقہ ڈائریکٹر رفیق مسعودی نے کی جبکہ حلقہ ادب کے سینئر ارکان غلام نبی ڈار اورثناء اللہ نیاز بھی ایوانِ صدارت میں موجود رہے۔ ڈاکٹر امین نے اپنے خطبہ میں زبان و ثقافت کے تحفظ میں ادبی انجمنوں کے رول کو واضح کیا۔ اس سے حلقہ کے صدر شاکر شفیع نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حلقہ ادب سوناواری کے کام کا ایک مختصر خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اپنی لیکچر سیریز پروگرام کے تحت " کورنا اور ادب " کے عنوان پر بہت جلد ایک اور توسیعی خطبے کا اہتمام کرے گا۔مشعل سلطانپوری کی حلقہ ادب کے ساتھ نسبت کی دلیل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ کھبی بھی اپنے اسلاف کے کارناموں کو فراموش نہیں کرسکتا۔غلام نبی ڈار نے دعائیہ انداز میں کورونا کے چلینجز اور حلقہ ادب کے کام کو واضح کیا۔ڈاکٹر رفیق مسعودی نے حلقہ ادب کو فعال اور جاندار تنظیم گردانتے ہوئے ڈاکٹر مشعل سلطانپوری کی خدمات کو یاد کیا۔کے این ایس
 
 

کے این ایس ویڈیو جرنلسٹ کی والدہ فوت

 
سرینگر//مقامی خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز سروس کے ویڈو جنرلسٹ سہیل نائیک کی والدہ اتوار کی صبح انتقال کر گئیں ۔کے این ایس کے چیف ایڈیٹرمحمد اسلم بٹ سمیت دیگر عملے نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مرحومہ کے لئے مغفرت کی دعا کی۔