پی ڈی پی اور الطاف بخاری کانعیم اختر کی رہائی کا خیر مقدم | دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا بھی مطالبہ
سرینگر//پی ڈی پی کے سینئر لیڈر غلام نبی ہانجورہ اور اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے سوموارکو پی ڈی پی سینئرلیڈر اور سابق وزیر نعیم اختر کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ایک بیان میں پارٹی کے ترجمان غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ وباء کی بھیانک صورتحال کے باوجود سیاسی لیڈروں کی غیرقانونی نظر بندی حکومت کے جموں کشمیر میں جمہوریت کی بحالی کے دعوئوں کو غلط ثابت کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ قبل نعیم اختراور سرتاج مدنی کو بلاجوازطور گرفتار کیاگیااور بغیر کسی وجہ کے جیل میں ڈالدیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی بزرگی اور طبی معاملوں کے باوجود انہیں وباء کے دوران بندرکھا گیاجس سے انتظامیہ کی انتقام گیری کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رہائی کے بعد بھی نعیم اختر کوگھر میں نظر بندرکھا گیا۔انہوں نے سرتاج مدنی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ادھر الطاف بخاری نے کہا، ’’یہ ہمارا حکومت سے مسلسل مطالبہ رہا ہے کہ ملک میں کووِڈ19کے غیر متوقع پھیلاؤ کے پیش ِنظرجموں وکشمیر میں اور بیرون ریاست مختلف جیلوں میں مقید سیاسی قیدیوں کو رہا کیاجائے ‘‘۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ وبائی لہر کے دوران قیدیوں کی رہائی سے متعلق عدالت عظمیٰ کی ہدایات کو جموں وکشمیر کی اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے ذریعے عملی جامہ پہنایاجائے۔ بخاری نے کہاکہ قومی لیگل سروسز اتھارٹی کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق دیگر سیاسی قیدیوں کو بھی رہاکیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا’’ نعیم اختر کی رہائی کا خیر مقدم ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ دیگر ساتھیوں کو بھی رہا کیاجائے جنہیں غیر منصفانہ طور نظر بند کر دیاگیاہے‘‘۔ کویڈ19دوسری لہر انسانیت کے لئے سنگین خطرہ ہے ، ایسی صورتحال میں سالہا سال سے نظر بندسیاسی لیڈران اور کارکنان پریشان ِ حال ہیں۔ بخاری نے مطالبہ کیاکہ ’’موجودہ کووِڈ19بحران کے پیش نظر نوجوان سیاسی کارکنان اور دیگر سنیئر سیاسی لیڈران کی بھی باعزت گھر واپسی یقینی بنائی جائے‘‘
مسافروں کی صد فیصد سکریننگ کی جائے: بصیر خان | ٹول پلازہ قاضی گنڈ میں اضافی کائونٹروں کو قائم کرنے کی ہدایت
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ٹول پلازہ قاضی گنڈ اور لسجن سری نگر میں کووِڈ۔ 19 سکریننگ کیوسک کا معائینہ کیا اور مشتبہ معاملات کی نشاندہی کرنے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔مشیرموصوف نے ٹول پلازہ میں سکریننگ سینٹرکے کام کا تفصیلی جائزہ لینے کے دوران متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مسافروں کی صد فیصدسکریننگ کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے متعلقین کو ٹول پوسٹ پر مزید سکریننگ کاؤنٹروں کو قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کے پیش نظر مسافروںکو پریشانی کے بغیر سکریننگ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کاؤنٹروں کو بڑھانے سے ٹریفک کلیئرنس کا وقت کم ہوجائے گا۔مشیربصیرخان نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ قرنطین مرکز کی استعداد کار میں اضافہ کریں جہاں علامتی معاملات کو عملی اِقدام کے لئے منتقل کیا جارہا ہے ۔اِس کے علاوہ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ بستروں کی گنجائش میں بھی اِضافہ کیا جائے۔مشیر موصوف نے وہاں موجود طبی اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سری نگر کے ٹریشری ہسپتالوں میں غیرضروری ریفرل نہ کریں۔ ریفرل اگر ضروری ہو تو ضلع کے سی ایم او یا ہسپتال کے میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ کا مستند طور پر تصدیق شدہ ہونا چاہیئے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ طبی سہولیات اور آکسیجن کی فراہمی کو ہر سطح پر تقاضوں کے مطابق بڑھایا جارہا ہے۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کہ وہ انفیکشن کا سلسلہ توڑنے کے لئے کووِڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر من و عن عمل پیرا رہیں۔اُنہوں نے عوام الناس کو پروٹوکول کے مطابق خود کو کووِڈ مخالف حفاظتی ٹیکے لگوانے کا مشورہ دیا اور اس بیماری سے نمٹنے کے لئے اسے لازمی اور مؤثر قرار دیا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اننت ناگ بشیر احمد وانی ، اے ڈی سی کولگام شوکت احمد راتھر ، بی ایم او قاضی گنڈ اور متعدد دیگر اَفسران موجود تھے۔
کووِڈ ویکسین تیار کرنے کیلئے لازمی لائسنس فراہم کی جائے:ڈاک
سرینگر//ڈاکٹر س ایسوسی ایشن کشمیر نے مرکزی حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ کووِڈویکسین اورادویات کی تیاری کیلئے لازمی طور لائسنس جاری کریں۔اس بات کااظہارڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹرنثارالحسن نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے ویکسین اور دوسرے زندگی بچانے والے ادویات تک عوام کی رسائی آسان ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پیٹنٹ ایکٹ کے مطابق لازمی لائسنس کے ضابطہ سے حکومت دوابنانے والی کمپنیوں کو ہنگامی حالات میں پیٹنٹڈدوابنانے کی اجازت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دواسازکمپنی کودواتیار کرتی ہے وہ اُس کاپیٹنٹ سے تحفظ کرتی ہے جس کی رو سے بیس سال تک کوئی اورکمپنی اس دواکوتیار نہیں کرسکتی ۔ ڈاکٹر نثار نے کہاکہ ہم ایک بحرانی صورتحال میں ہیں اور روزانہ قیمتی زندگیاں ضائع ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانوں کو دیگر سب چیزوں پر فوقیت دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اب لازمی لائسنس دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین اور ادویات کی زبردست طلب کی وجہ سے ہمیں پیداوار کو تیزی سے بڑھانے کی ضرورت ہے اور وہ تب ہی ہوسکتا ہے جب مزیدکمپنیاں انہیں تیار کرنے میں شامل کی جائیں اور یہ تب ہی ممکن ہے جبلازمی لائسنس جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ Tocilizumabنامی دوا ایک جان بچانے والی دوا ہے جو کہ پیٹنٹ کی ہوئی ہے اور اس کیلئے حکومت کو لازمی لائسنس دینے کاضابطہ لاگوکرناچاہیے۔انہوں نے کہ اس دوائی کوسوئزرلینڈ کی ایک دواساز کمپنی تیار کرتی ہے اوراس کی قیمت40000روپے ایک خوراک کی ہے ،انہوں نے کہا کہ کلنیکل پروٹوکول پر ہونے کے باوجود اس کی قلت ہے ۔ڈاکٹر س ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ Remdesivir Gileadکے پیٹنٹ مالکان نے اگرچہ اس دوائی کو کئی ہندوستانی کمپنیوں کو اجازت دی ہے لیکن طلب میں اضافے کے پیش نظر اور وباء کی دوسری لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں مزید کمپنیوں کو اس دوائی کو تیار کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔
ٹنگمرگ اور کنزر کے صحت مراکزپرکووِڈ ٹیکے دستیاب رکھے جائیں: حسن میر
سرینگر//سابق وزیر اور اپنی پارٹی کے سینئرنائب صدر غلام حسن میر نے سب ضلع اسپتال ٹنگمرگ اور پرائمری ہیلتھ سینٹر کنزر میں کووِڈ مخالف ٹیکوں کی نایابی پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ویکسین کرانے کیلئے تیار ہیں لیکن انہیں ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہرین صحت نے پہلے ہی کہا ہے کہ ٹیکہ کاری لازمی ہے کیوں کہ اس سے فرد کواس مہلک جراثیم سے تحفظ فراہم ہوتا ہے اور اس لئے حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ جموں کشمیرکے تمام اسپتالوں اور صحت مراکزپران ٹیکوں کو وافر ذخیرہ موجودہو۔میرنے کہا کہ لوگ ٹیکہ لگانے کیلئے تیارہیںکیوں کہ انہیں اس مہلک انفیکشین کے خطرے کااحساس ہے لیکن افسوس ہے کہ لوگوں کوٹیکہ لگانے کیلئے در درکی ٹھوکریں کھانے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے کیوں کہ جموں کشمیرمیں ان ٹیکوں کی شدید قلت ہے۔انہو ں نے کہا کہ حکومت کے ٹیکے وافر تعدادمیں دستیاب ہونے کے دعوئوں کی زمینی سطح پر نفی ہوتی ہے۔انہوں نے ٹنگمرگ اور کنزر کے صحت مراکز سمیت وادی کے تمام اسپتالوں میں کووِڈ مخالف ویکسین دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیااور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا سے حفاظت کیلئے جاری رہنماخطوط پرسختی سے عمل کریں۔
احتیاطی تدابیر پرعمل سے کورونا کی یہ لہر ایک دو ماہ میں تھم سکتی ہے :ڈاکٹر ربانی طارق
سری نگر//یواین آئی// کمیونٹی میڈیسن سپیشلسٹ ڈاکٹر ربانی طارق کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی صورت میں ہی کورونا کی یہ دوسری لہر ایک دو ماہ میں تھم سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے میں کوتاہی ہی کورونا کی دوسری لہر تیز ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو پریشان ہونے کے بجائے محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ہفتہ وار خصوصی ویڈیو پروگرام’سکون‘میں کیا۔انہوں نے کہا،’’جموں وکشمیر میں بھی مثبت کیسز بڑھ رہے ہیں اور اموات بھی ہو رہی ہیں، کورونا کی اس دوسری لہر کے کئی وجوہات ہیں لیکن کورونا گائیڈ لائنز سے چشم پوشی بہت بڑی وجہ ہے‘‘۔ان کا کہنا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے گا تو یہ لہر ایک دو ماہ میں تھم سکتی ہے ۔موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ کورونا میں مبتلا 70 سے 80 فیصد مریضوں کو کسی خاص علاج کی ضرورت نہیں ہوتی ہے وہ کچھ وقت کے بعد سپورٹیو علاج سے ہی صحتیاب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی مریض کو کوڈ سے متعلق ادویات جیسے ریمڈیسویر دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر مریض کو کوئی بھی دوائی نہیں دینی چاہئے ۔ڈاکٹر ربانی طارق نے کہا کہ صرف ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے مشوروں پر ہی عمل کرنا چاہئے جو اس شعبے سے وابستہ نہیں ہیں انہیں مشورے دینے بھی نہیں چاہئے اور لوگوں کو ان پر عمل بھی نہیں کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ لگ بھگ سبھی لوگوں کو کورونا ویکسین لگوانا چاہئے جو موذی بیماریوں میں مبتلا مریض ہیں انہیں بھی لگوانا چاہئے ۔
ریڈی میڈگارمنٹس اورجوتوں کی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ
سری نگر//17مئی تک کیلئے نافذ کورونا کرفیو اورلاک ڈائون کے چلتے پوری کشمیروادی میں سبھی طبقے بری طرح سے اثرانداز ہوئے ہیں ،جن میں دکاندار اورتاجر پیشہ افراد بھی شامل ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر کے کچھ علاقوں اورقصبہ جات میں صبح کے وقت کچھ گھنٹوں کیلئے اشیائے خوردنی کاکاروبار کرنے والوں بشمول سبزی ودودھ فروشوں ،مرغ فروشوں اورقصابوں کیساتھ ساتھ کہیں کہیں بیکری والوںکودکان کھولنے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن دیگر چیزوں بشمول کپڑوں ،ریڈی میڈ گارمنٹس اورجوتوں وغیرہ کاکاروبار کرنے والوںکودکان کھولنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ،جس وجہ سے کپڑوں ،ریڈی میڈگارمنٹس اورجوتوں کاکاروبارکرنے والے تاجروں کوپھرایک مرتبہ بھاری نقصان اورخسارے کاسامنا ہے۔کئی ایسے تاجروں نے بتایاکہ اب کپڑے سلانے کاوقت چلا گیا،اسلئے شاید ہی کوئی شخص اب بازار سے کپڑا خریدے گا،لیکن ریڈی میڈ گارمنٹس یاتیار شدہ کپڑے اب بھی فروخت کئے جاسکتے ہیں ،اورلوگ جوتے چپل بھی خریدیں گے ،اسلئے ریڈی میڈ گارمنٹس اورجوتوں چپل وغیرہ کاکاروبار کرنے والوںکوبھی عیدالفطر کے پیش سے صبح کے وقت کچھ مخصوص گھنٹوں کیلئے دکان کھولنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔انہوں نے بتایاکہ خریدوفروخت کے دوران سماجی دوری اورجسمانی فاصلہ قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ،کیونکہ اس احتیاطی اقدام کاتعلق ہماری اپنی صحت وسلامتی کیساتھ بھی ہے ۔ریڈی میڈ ملبوسات ،جوتوں اورچپل کاکاروبار کرنے والے کچھ تاجروں نے بتایاکہ سال2019سے ہی ہم معاشی بدحالی اورمالی بحران سے دوچار ہیں جبکہ گزشتہ برس ہم نے کوئی کام نہیں کیا ،اوراب امسال بھی ہم گھروں میں بے کار بیٹھے ہوئے ہیں ،ہم کچھ نہیںکماتے ہیں ،اسلئے ہم بینکوں سے لئے گئے قرضوںکی قسط بھی ادانہیں کرپارہے ہیں جبکہ قرضے پرسودبڑھ رہاہے ۔سری نگرمیں ریڈی میڈ ملبوسات کاکاروبار کرنے والے ایک ہول سیلر نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر کے بعدسے اُس کی دکان اورگودام بندپڑا ہے ،کیونکہ کوئی دکاندار ملبوسات لینے کیلئے نہیں آرہاہے ۔انہوں نے بتایاکہ اب جبکہ عیدالفطر قریب ہے توایک یادودن کیلئے صبح کے وقت کاروبارکی اجازت دی جائے تاکہ ریڈی میڈ ملبوسات اورجوتوں چپل وغیرہ کے کاروبار سے جڑے تاجر بھی کچھ کماسکیں اورعام لوگوںکوبھی اپنے اوراپنے بچوں کیلئے نئے کپڑے ،جوتے اورچپل خریدنے کاموقعہ مل سکے ۔
غیرقانونی کان کنی کرنے والوں کیخلاف مہم| میربازار اننت ناگ میں4ٹپر اور2ٹریکٹر ضبط
سری نگر// اننت ناگ پولیس نے غیرقانونی کان کنی کرنے والوں کیخلاف مہم جاری رکھتے ہوئے 4ٹپر اور2ٹریکٹر ضبط کرلئے ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس تھانہ میربازارکوشکایت ملی تھی کہ کچھ افرادنالہ ویشو سے غیرقانونی طورپربولڈر،باجری اورریت نکال کراسے مختلف علاقوں میںفروخت کرتے ہیں ۔ایس ایچ ائو پولیس تھانہ میربازار امتیاز احمد نے بتایاکہ شکایت ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم نے میربازارکی حدودمیں نالہ ویشو کے ایک کنارے پراچانک چھاپہ ڈالااوریہاں بولڈر وغیرہ سے لدی جانے والے4ٹپروں اور2ٹریکٹروں کوضبط کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ غیرقانونی کان کنی کرنے والے افرادکیساتھ ساتھ ضبط شدہ ٹپروں وٹریکٹروں کے مالکان اورڈرائیوروں کیخلاف بھی کیس درج کیاگیا۔ایس ایچ ائو امتیاز احمد نے بتایاکہ ضبط شدہ گاڑیوں کومحکمہ جیالوجی اینڈ مائننگ کے سپردکیا گیاجبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیاگیا۔انہوں نے خبردارکیاکہ غیرقانونی کان کنی کرنے والوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کی جائیگی ۔
’جسمانی طور ناخیزافرادفوری طور ٹیکہ لگائیں‘
سرینگر// ہینڈی کپیڈی ایسوسی ایشن کے صدر نے جسمانی طور نا خیزتمام افراد سے تاکید کی ہے کہ وہ جتنی جلد ہو سکے کووِڈ ویکسین لگائیں۔ انہوںنے کہا کہ ویکسین محفوظ ہے اور اس وبائی بیماری سے بچنے کیلئے لوگوںکو ٹیکہ کاری کے عمل میں بھر پور حصہ لینا چاہئے ۔ موصولہ ایک بیان میں جسمانی طور نا خیز افراد کی انجمن جموں کشمیر ہینڈی کپیڈ ایسوسی ایشن کے صدر عبد الرشید بٹ نے کہا کہ انہوں نے تمام معذور افراد سے تاکید کی ہے کہ وہ ویکسین لگائیں اور جتنی جلد ہو سکے خود کو ٹیکہ کاری کے عمل میں شامل کریں ۔انہوںنے کہا کہ ہم جانتے ہی جسمانی طور نا خیز افرا د پہلے ہی کمزور ہیں لہذ ا ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ ویکسین لگائیں۔ انہوںنے کہا کہ ویکسین کو محفوظ قرار دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ویکسین لگانے سے انسان اپنے آپ کو اس وبائی بیماری سے بچا سکتا ہے ۔ لہذ ا جسمانی طور نا خیز افراد کو چاہئے کہ وہ جتنی جلد ہو سکے ویکسین لگائیں ۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی سرکار بھی جسمانی طور نا خیز افراد کی ٹیکہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ انہیںکوئی پریشانی نہ ہوں۔ بٹ نے کہا کہ ہم ضلع ترقیاتی کمشنروںسے بھی اپیل کرتے ہوئے کہ متعلقہ چیف میڈیکل آفیسران کو ہدایت دی جائے کہ وہ تمام معذور افراد کو اسناد فراہم کریںتاکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر ٹیکہ لگایا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ اس کے علاوہ جموں کشمیر ہینڈی کپیڈ ایسوسی ایشن تمام لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی اس وبائی بیماری میں تمام واضح کردہ ایس او پیز پر عمل کرنے کے علاوہ سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں تاکہ جموں کشمیر میں اس وبائی بیماری سے لوگوںکو نجات مل سکیں ۔
لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے30گرفتار
سرینگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے30افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ22ایف آئی آر درج کئے جبکہ کشمیروادی میں کوروناضابطوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے 95600روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔اس کے علاوہ بڈگام ،بارہ مولہ ،شوپیان میں64گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔کشمیروادی میں کورونالاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری رہے گی۔
سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا لائیگروکامطالبہ
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے سٹیٹ یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے سوموار کو لیفٹینٹ گورنرانتظامیہ پرزوردیا کہ وہ تمام سیاسی نظر بندوں کو کووِڈ- 19وباء میں زبردست اُچھال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور رہاکرے۔ایک بیان میں لائیگرونے کہا کہ مرکز ی حکومت کو تمام سیاسی قیدیوں کورہاکرنا چاہیے کیوں کہ ملک میں کوروناوباء کی وجہ سے صورتحال ابترہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید بھی آرہی ہے اور اس موقعہ پرسبھی لوگ اپنے کنبوں والوں کے ساتھ ہونے چاہیے۔
سی یو کے عملہ کی تعزیت
سرینگر//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر، رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر، فائنانس آفیسر ، پروفیسر فیاض اے نکہ، اساتذہ اور انتظامی سٹاف نے ڈین سکول آف لائف سائنس کے پروفیسر محمد یوسف کے والد نسبتی اور والدہ نسبتی اورپرچیز سیکشن کے آفس اسسٹنٹ اظہر کے والد کے انتقال پر رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ آن لائن تعزیتی میٹنگ میں شرکاء نے غمزدہ لواحقین سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کی دعا کی۔علاوہ ازیں وائس چانسلر نے عملہ کو معیاری طریقہ کار (SOP)پر ڈیوٹی کے دوران سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی۔
پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کااظہار رنج
سرینگر//پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے دون انٹرنیشنل سکول سرینگر کے چیئرمین شوکت حسین خان کے والد کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے شوکت حسین خان سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے ورچیول تعزیتی میٹنگ منعقد کی جس میں مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعا کی گئی۔
راشن کی فراہمی کیلئے POSلوازمات پورا کرنا لازمی: اعجاز خان
سرینگر//سی اے پی ڈی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمدخان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری راشن ڈیپوئوں اورفیئرپرائس شاپوں پرآکر ملازمین اورڈیلروں کوتنگ طلب نہ کریں ۔ انہوںنے کہاکہ گھاٹ منشی اورفیئرپرائس شاپ ڈیلر POSمشین سے متعلق سرکاری احکامات کے تحت ہی راشن فراہم کرسکتے ہیں ۔انہوں نے محکمہ سی اے پی ڈی کے ملازمین کوکووڈ 19ویرئر(Warrior)قرار دیتے ہوئے کمشنر سیکریٹری اورڈائریکٹر سے اپیل کی کہ تمام راشن گھاٹوں اورفیئرپرائس دکانات پر گلووز،ماسکس اورسینٹائزر بہم رکھے جائیں ۔جے کے این ایس کے مطابق اپنے جاری کردہ بیان میں اعجاز خان نے اس بات پرسخت تشویش ظاہر کی کہ کورونا وائرس کی موجودہ سنگین صورتحال میں اپنے فرائض انجام دینے والے محکمہ کے ملازمین بشمول سپروائزروں ،گھاٹ منشیوں ،اسٹور کیپروں اورفیئرپرائس دکانات چلانے والے ڈیلروں کوبلاوجہ صارفین کی جانب سے پریشانیوں کاسامنا کرناپڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ راشن ڈیپوئوں اورفیئرپرائس شاپس پرموجودملازمین اورڈیلروں کیلئے لازم ہے کہ وہ آدھارکارڈ سے متعلق مرکزی سرکارکی جانب سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں POSمشین لوازمات کوپورا کئے بغیرکسی بھی صارف کوراشن فراہم نہیں کرسکتے ہیں ۔
ہارٹیکلچر ملازم کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر//ہارٹیکلچر یونین کے سابق لیڈر طارق شبنم نے محکمہ کے جواں سال ملازم محمد سید بابا ساکنہ باغ بانڈی پورہ کے انتقال پر رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ انہوںنے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ موصوف نڈر اور انسان دوست ملازم تھا اور محکمہ کے تئیں ان کی خدمات قابل سراہنا ہے۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی۔
رمضان کا مہینہ قرآن مجید کی نعمت سے منسوب | آن لائن نزول قرآن کانفرنس سے مقررین کا خطاب
سرینگر//شب قدر کی مناسبت سے حقانی میموریل ٹرسٹ کے اہتمام سے آن لائن ’نزول قرآن کانفرنس‘ منعقد ہوئی جس میں مقتدر علمائے کرام نے مفصل روشنی ڈالی۔ آن لائن کانفرنس میں مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا خورشید احمد قانونگو، مقبول فیروزی ،پروفیسر محمد امین تابش ،شہباز ہاکباری، سید عابد بخاری ، سمیع اللہ بٹ، مولانا سید الرحمٰن شمس، سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ قرآن کریم کا تعارف جتنا عمدہ خود قرآن سے ہوسکتا ہے اور اس کی عظمت شناسی خود اس کے ذریعے جتنے بہتر طریقے سے ہوسکتی ہے ، کسی اور ذریعہ سے نہیں ہوسکتی کیوں کہ قرآن اللہ کا کلام ہے۔مقررین نے کہا کہ رمضان کا مکمل مہینہ قرآن مجید کی نعمت سے منسوب کردیا گیا ہے۔ مقررین نے کہاکہ اگر دل میں قرآن مجید کی عظمت و اہمیت نہ ہو تو آدمی اس کے حقائق و معارف کے دریافت کرنے دریافت کرنے پر محنت صرف نہیں کر سکتا۔ ا س امت کی مثال اس پیاسے کی سی ہوگئی ہے، جس کے پڑوس میں میٹھا چشمہ بہہ رہا ہو، مگر وہ اس چشمے سے سیراب ہونے کے بجائے گندے پانی سے اپنا پیٹ بھرنا چاہتا ہے۔ٹرسٹ کے سرپرست سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
ملازمین کی رکی پڑی تنخواہوں کو واگزار کرنے کی مانگ
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈر محمد سلیمان بٹ نے عالمی وبائی بیماری کورونا وائرس کے پیش نظر عوام سے مودبانہ اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کی تقریب سادگی سے منائیں۔انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ ماہ مبارک کے آخری ایام میں کثرت سے بارگاہ الہی میں سربہ سجود ہوکر توبہ استغفار کریںتاکہ اللہ تبارک تعالی ہمارے گناہوں کو معاف کریں۔ سلیمان بٹ نے عوام کو معیاری عملیاتی طریقہ کار (SOP) پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے بچاجاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ اور دیگر ملازمین کی رکی پڑی تنخواہوں کو واگزار کیاجائے۔
’کووڈ وبا میں ضرورتمندوں کی مدد کی جائے‘
سرینگر// پلوامہ اور شوپیاں کے الیکٹریکل ایمپلائز یونین صدر میر امتیاز راجپوری نے لوگوں کو کووڈ وبا کے مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آکر ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں یتیم بچوں، بیوائوں،مفلسوں،ناداروں اور غریبوں کونہ بھولیں ۔
دیوسر میں راہگیروں میںماسک اور سینی ٹائزر تقسیم
سرینگر //دیوسر اننت ناگ کے ڈی ڈی سی ممبر ریاض احمد بٹ اور ایس ایچ اور میر بازار نے پیر کوراہگیروں میں ماسک اور سینی ٹائزر تقسیم کئے۔ انہوں نے یہاں بنک شاخ اور دیگر کئی اہم سرکاری دفاتر میں سپرے بھی کرایا۔ انہوں نے لوگوں کو ماسک پہنے اور سنٹی ٹائزر کو استعمال کرنے کی تلقین کی۔(کے این ایس)
کورونا سے بچائو کیلئے رہنما خطوط پر عملدرآمد کرنا لازمی: آخون
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے حضرت بل محمد سعید آخون نے جموں وکشمیر کے عوام سے گذارش کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے تشویشناک حد تک ہورہے پھیلائو کو روکنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں کیونکہ اس وقت وائرس نے جو رُخ اختیار کیا ہے وہ برزگوں کیساتھ ساتھ نوجوانوں کیلئے بھی خطرناک ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کو لیکر انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے رہنما خطوط پر من و عن عمل کریں اور خود کو کورونا سے محفوظ رکھیں اور کسی بھی صورت میں اس وبائی بیماری کے پھیلائو کا سبب نہ بنیں۔ آخون نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک کے استعمال سے اجتناب نہ کریں اور پہلی فرصت میں کورونا مخالف ٹیکہ لگوا لیں اور اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو بھی بھر پور تعاون دینا چاہئے، جو اس وقت اپنے آپ اور اپنے اہل خانہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر اس مہلک بیماری کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر اور طبی عملہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آخون نے کہا کہ’ میں کورونا کیخلاف صف اول میں کھڑے ڈاکٹروں اور طبی و نیم طبی عملہ کو سلام پیش کرتا ہوں جو دن رات ایک کرکے کورونا میں مبتلا مریضوں کے علاج و معالجہ میں لگے ہوئے ہیں‘۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عالم انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات دیں اور اس مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کو شفاء بخشے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور ساتھ ہی صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے غریب اور نادار بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
قہرانگیز ژالہ باری سے متاثرہ افراد کی امداد کی جائے: نیشنل کانفرنس
سرینگر //نیشنل کانفرنس نے جنوبی، وسطی اور شمالی کشمیر کے متعدد علاقوں میں قہر انگیز ژالہ باری سے میوہ باغات اور ساگزاروں و سبزیوں کو ہوئے نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، علی محمد ڈار، سکینہ ایتو، عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ انگیز ژالہ باری سے اخروٹ، دان کی پنیری، مختلف میوہ باغات اور ساگزاروں کونقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ لوگ کھیتی باڑی اور محنت و مشقت کرکے روزی روٹی کماتے ہیںلیکن سب کچھ تباہ ہونے سے ان کی امیدیں خاک میں مل گئی ہیں۔ لیڈران نے مالکان باغات اور دیگر متاثرین کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کپوارہ، بڈگام اور کولگام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اولین فہرست میں امدادی ٹیمیں وہاں روانہ کریں تاکہ متاثرین کے حق میںمالی معاونت کی جائیں۔ انہوں نے محکمہ باغبانی ، زراعت کے اعلیٰ حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرین کو ہر سطح پر راحت پہچانی کی کوشش کریں۔