گیلانی نے آرمڈپولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا
سرینگر//ایس جے ایم گیلانی نے منگلوار کو جموں کشمیرآرمڈ پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا۔اس موقعہ پرآرمڈ پولیس کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پران کاپرتپاک استقبال سینئرپولیس حکام نے کیاجن میں آرمڈ پولیس بٹالینوں کے کمانڈنٹوں سمیت پولیس ہیڈکوارٹر کے سٹاف ممبران بھی شامل تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس آرمڈ کو اس موقعہ پر آرمڈ پولیس کی چاک وچوبندٹکڑی نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔ایس جے ایم گیلانی1994بیچ کو آئی پی ایس افسر ہیں۔وہ اس سے قبل پولیس محکمہ میں کئی اہم عہدوں پرفائز رہے ہیں۔
کنگن میں کوروناسے پہلی موت
کنگن//غلام بنی رینہ//ووسن کنگن میں اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی موت ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پیٹھ پورہ بستی ووسن کنگن کی ایک خاتون منگلوارکوفوت ہوگئی ۔مذکورہ خاتون چندروزقبل بیمار ہوگئی تھی اوراس کا کووِڈ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آیاتھا۔
عید سے قبل قیدیوں کو رہا کرنا ایک اچھا قدم ہوسکتا ہے:تاریگامی
سری نگر // کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ نے وادی اوروادی سے باہر کی جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھرمیں کووِڈ- 19کے پھیلائومیں بے تحاشہ اضافے سے ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ایک بیان میں پارٹی رہنما یوسف تاریگامی نے منگل کے روزکہا کہ عدالت عظمیٰ نے حال ہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیلوں سے قیدیوں کو رہا کرنے کیلئے ان کے معاملات میں قومی لیگل سروسزاتھارٹی کے رہنما اصول اپناتے ہوئے غور کریں۔تاریگامی نے کہا کہ سینکڑوں کشمیری قیدی جن میں کچھ نوعمر لڑکے بھی شامل ہیں،گزشتہ کئی برسوں سے جموں کشمیر اور جموں کشمیر سے باہر کی جیلوں میں بندہیں۔انہوں نے کہا کہ تہاراور کئی دیگر جیلوں میں بند کچھ کشمیری قیدیوں کی صحت حالیہ دنوں بگڑ گئی اوراگرانہیں رہا نہیں کیاگیاتوکووِڈ کے معاملات میں اضافے کی وجہ سے یہ ان کے لئے مہلک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ بڑھاپے میں ہیں اورمتعددبیماریوں میں مبتلاء ہیں۔ مناسب طبی امداد کی عدم موجودگی میں یہ قیدی بے بسی محسوس کرتے ہیں اور پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ کووِڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ، تمام قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنا عقلمندی کاقدم ہوگا۔ ایسے قیدی بھی ہیں جن کے خلاف معمولی جرائم ہیں اور جن کی نظربندی کا حکم عدالتوں کے ذریعہ متعدد بار منسوخ کیا گیا ہے۔ حکومت پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور ایسے دوسرے قوانین کے تحت گرفتار متعدد افراد کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے انہیں رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ان کے اہل خانہ کی پریشانیوں کو بھی ختم کرسکتا ہے۔ موجودہ صورتحال بدترین قسم کا ایک انسانی بحران ہے اور حکومت کو قیدیوں کی حالت پر ایک جامع نظریہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ عید سے قبل قیدیوں کو رہا کرنا حکومت کی طرف سے ایک اچھا قدم ہوسکتا ہے۔
جموں کشمیرکے عوام کیلئے اقتصادی پیکیج منظور کیاجائے:کمال
سرینگر/ نیشنل کانفرنس نے مرکز و مقامی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جموں وکشمیر میں مسلسل لاک ڈائون کے پیش عید الفظر کے سلسلے میں لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہنچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیر میں گذشتہ دوسال سے جاری مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے لوگ اقتصادی اور معیشی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں اور کورونا وائرس نے تاجروں، دکانداروں، سیاحتی شعبے سے وابستہ لاکھوں افراد کا روزگار متاثر کیا ۔ ہزاروں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو جموں وکشمیر کی اقتصادی بحالی کے لئے ایک مالی پیکیج کو منظور کرنا چاہئے تاکہ لوگوں کوموجودہ صورتحال میں راحت ملے۔
سوپوراور کنزرسڑک حادثات میں 2ہلاک
غلام محمد
سوپور+سرینگر//سوپور میں ایک موٹر سائیکل کے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔اطلاعات کے مطابق واڈورہ سوپور میں ایک تیزرفتار ٹرک نے ایک دوپہیوں والی گاڑی کو ٹکر ماردی جس سے دوآدمی زخمی ہوئے۔دونوں کو فوری طور اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک زخمی دم توڑ بیٹھا۔اسپتال ذرائع کے مطابق فوت ہونے والے کی شناخت ماڈل ٹائون کے بشیراحمدنجار کے طور ہوئی جبکہ دوسرے زخمی کو سکمزصورہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے معاملے کودرج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔کنزر ٹنگمرگ میںسڑک کے ایک حادثے میں ایک24سالہ نوجوان لقمہ اجل اور ایک زخمی ہوا، جس کو فوری طور پر علاج کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا ہے ۔سی این آئی کے مطابق شمالی کشمیر کے کنزر بارہمولہ میںووسن کے قریب ایک ٹپر زیر نمبر (JK03B-2973)اور ایک ماروتی زیر نمبر(JK01R-9304) کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ارشاد احمد آہنگر ولد فاروق احمد وہی پورہ ٹنگمرگ اور مقصود احمد آہنگر ولدعلی محمد زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاںڈاکٹروںنے ارشاداحمد کو مردہ قراردیا ۔ اس حادثے کے دوران ٹپر ڈرائیور موقعے سے فرار ہوا اور گاڑی وہیں چھوڑ گیا ۔ اس حادثے کی پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی چھان بین شروع کردی گئی ہے اور ٹپر ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے ۔
وباء متاثرین کو مالی امدادکافیصلہ
درخشان اندرابی نے لیفٹینٹ گورنرکا شکریہ اداکیا
سرینگر//بھارتیہ جنتاپارٹی نے لیفٹینٹ گورنر کی طرف سے کووِڈ لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کرنے کے فیصلے کاخیرمقدم کیا ہے۔پارٹی کی ترجمان اور وزارت اقلیتی امور کی وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے تعمیراتی مزدوروں، مرکبانوں،پالکی والوں، پٹھو والوں اور دیگر کو ماہانہ ایک ہزار روپے کی امداد دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔کووِڈ لاک ڈائون سے متاثر یہ افراد مکمل طور بے روزگار ہوگئے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے یقینی طور یہ غریب مزدور اپنے اہل عیال کیلئے راشن کا بندوبست کرسکیں گے۔انہوں نے جموں کشمیرمیں کووِڈ انفیکشن سے فوت ہونے والے افراد کے لواحقین کو خودروزگار کمانے کیلئے مالی مدددینے کے لیفٹینٹ گورنر کے فیصلے کو بھی سراہا۔بھاجپاترجمان نے کہا کہ بزرگ شہریوں جن کے کمائو وباء کی وجہ سے فوت ہوئے کوخصوصی پنشن دینے اور ان بچوں جن کے والدین اس وباء کی وجہ سے فوت ہوگئے ،کوخصوصی وظیفہ دینے کاقدم ان مشکل حالات میں بحران سے نکلنے میں ان کی مدد کرے گا۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنرکاایسے اقدام کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔
آج شاہراہ بند رہے گی
سرینگر//سرینگر جموں شاہراہ ضروری مرمت کے پیش نظر بدھ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند رہے گی۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری ایڈ وائزری کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ ضروری مرمت کے پیش نظر بدھ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند رہے گی اور کسی بھی گاڑی کو نہ تو سرینگر سے جموں اور نہ ہی جموں سے سرینگر آنے کی اجازت ہو گی ۔ تمام مسافروں اور فوجی اہلکاروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بدھ کے روز شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
وائرس متاثرین ٹیکہ کی پہلی خوراک کے بعد دوسری لازمی طور لیں
کووڈ کی دوسری خوراک سے قوت مدافعت میں دس گنا اضافہ:ڈاک
سرینگر//ڈاکٹر س ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ جن افراد نے کووِڈ مخالف ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے اور وہ وائرس کا شکار ہوچکے ہوں تو صحتیابی کے بعد انہیں فوری طور پر دوسری خوراک لینی چاہئے ۔ سی این آئی کے مطابق ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ کووڈ مخالف ویکسین کا پہلا ڈوز لینے والے افراد کو دوسری خوراک لینی چاہئے ۔ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ جو کوئی بھی پہلی ڈوز کے بعد کووڈ وائرس کا شکار ہوچکا ہے اس کو دوسری خوراک لینی لازمی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر آپ بیمار ہیں، تو بیماری کے دوران یہ ٹیکہ نہیں لینا چاہئے ۔ ڈاکٹر حسن نے کہا کہ جیسے ہی آپ شفایاب ہوں تو آپ کو اپنی دوسری خوراک لینا چاہئے۔ڈاک کے صدر نے کہا کہ آپ دوسری خوراک کے بعد ہی کووِڈ کے خلاف مکمل طور پر محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کووڈ کے خلاف بہترین تحفظ کے لئے دونوں خوراکیں حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلا ٹیکہ لینے کے بعد جسم میں ابتدائی طور پر مدافعتی رد عمل ظاہر ہوتا ہے ۔ دوسری خوراک واقعی مدافتی نظام کو بہتر بناتی ہے ۔ اور یہ وائرس کی ایک سطح کو اینٹی باڈیوں کو بے اثر کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو پہلی خوراک سے 10 گنا زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہادوسری خوراک سیلولر استثنیٰ کی حوصلہ افزائی کرتی ہے ، جس میں نہ صرف طویل عرصے تک تحفظ، مختلف حالتوں کے خلاف بہتر تحفظ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ دو کووڈ 19 ویکسین ہیں جو ابھی کشمیر میں استعمال ہو رہے ہیں۔ کوویکسین اور کووشیلڈ جن کا دو خوراک کا شیڈول ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کو کون سی ویکسین دی جاتی ہے۔کوواکسن کی دو خوراکوں کے درمیان وقت کا وقفہ 4-6 ہفتوں کا ہے ، جبکہ کوویشیلڈ کی دوسری خوراک پہلے دن کے 4-8 ہفتوں میں لی جاسکتی ہے۔ لیکن کچھ اعداد و شمار موجود ہیں کہ کوویشیلڈ کی دوسری خوراک میں 12 ہفتوں تک تاخیر کرنے سے استثنیٰ کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا دونوں خوراکوں کے لئے ایک ہی ویکسین لینا ضروری ہے اور دونوں میں اختلاط نہیں ہونا چاہئے۔
شٹر ڈائون کوروناوباء سے نپٹنے کا حل نہیں | عید کے پیش نظرلاک ڈائون میں نرمی کاتاجراتحاد کا مطالبہ
سرینگر// کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے عید سے قبل لاک ڈائون کو سنگین اور سخت تر بنانے کے انتظامی فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلائو کے روک تھام کیلئے اصل میں محکمہ صحت اور ماہرین صحت کی جانب سے جاری کئے گئے ضوابط اور گائڈ لائنز کو زمینی سطح پر مکمل طور پر نافذ العمل بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف دکانوں کے شٹر ڈائون کئے جاتے ہیں اور دوسری جانب سماجی فاصلہ نہ عملانے اور ماسکوں کو استعمال نہ کرنے کا چلن بھی جاری ہے،جس کا حاصل ضرب صفر ہوگا۔شہدار کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار سے کشمیری عوام کو دونوں مالی اور جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ مہلک وائرس سے نپٹنے کیلئے مضبوط معیشت بھی لازمی ہے اور انتظامیہ کو اس کیلئے نقشہ راہ مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ شہدار نے کہا کہ عید الفطر قریب ہونے پر تجارت پیشہ افراد اور مزدور طبقہ کو بڑی امید تھی،تاہم اگر سب کچھ بند رہے گا تو ان کا اہل و عیال عید کی خوشیوں سے محروم ہوگا۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر نے کہا کہ عید کے پیش نظر جہاں بازاروں میں گہما گہمی ہوتی ہے تو دوسری طرف چھوٹے تاجروںکو بھی امید ہوتی ہے کہ وہ بھی کاروبار کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو عید کی خوشیاں پھیکی پڑجائیں گی ۔اعجاز شہدار نے کہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے تمام سرگرمیاں ٹھپ ہے جبکہ دیگرریاستوں میں جموں کشمیر کے مقابلے میں بہت زیادہ کیس سامنے آرہے ہیں لیکن ان ریاستوں میں یا تو سرے سے لاک ڈاون نہیں ہے یا اسمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک کمزور معیشت ایک طاقتور وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتی اور اس موذی وائرس سے مقابلہ کیلئے جہاں احتیاطی تدابیر ضروری ہے وہیں مستحکم مالی آمدنی بھی لازمی ہے تاکہ مفلس لوگ بھی بھوک مری کا شکار نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ3برسوں کے دوران یہ چوتھی عید ہے جب دکاندار مایوس ہو رہے ہیں اور عید کی مناسبت سے کی جانی والی خرید و فروخت متاثر ہو رہی ہے۔ اعجاز شہدار نے کہا کہ عید کے موقعہ پر قریب300کروڑ روپے کی خرید و فروخت ہوتی ہے تاہم انہیں خدشہ ہے کہ اگر صورتحال اسی طرح رہی تو مسلسل چوتھی عید کو بھی تاجروں کے نصیب میں مایوسی کے علاوہ اور کوئی چیز ہاتھ نہیں لگے گی۔انہوں سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ عید الفطر کے پیش نظر لاک ڈائون میں کچھ نرمی دی جائے تاکہ دکانداروں کا روزگار بھی متاثر نہ ہوسکے۔
عید کے موقعہ پرایس او پیز پرسختی سے عمل کیا جائے:قیوم وانی
سری نگر//سول سوسائٹی فورم نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقعہ پر کورونا سے بچائو کے تمام رہنماخطوط پر من وعن عمل کریں۔ایک بیان میں فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ جس طریقے سے یہ بیماری اپنے بدترین اقسام کے ساتھ پھیل رہی ہے ،اس کے مدنظر کسی بھی سمجھدار اور باشعور شہری کو اپنی جان خطرے میں ڈالنا نہیں چاہیے۔سول سوسائٹی فورم نے حکومت سے باہوش منصوبوں کی حکمت عملی تیار کرنے کی اپیل کی ہے ۔فورم نے ایس او پیزنافذ کرنے والی ایجنسیوں اور مساجد کمیٹیوں کو تال میل سے کام کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ عید کے موقعہ پر نماز عید پر ماسک پہننے اور سماجی دوری پر عمل پیرا ہوکر صف بندی ممکن ہو۔
فائنانشل کمشنر خزانہ کا ڈاکٹر شمیم کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت
سرینگر//فائنانشل کمشنر خزانہ ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی صدارت میں منگل کو محکمہ خزانہ کے اَفسران کی ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر شمیم احمد وانی اور اور سیکنڈ منیجر جموں و کشمیر بینک سول سیکرٹریٹ امتیاز احمد کی خدمات کو یا د کیا گیاجو حال ہی میں اِنتقال کر گئے۔فائنانشل کمشنر نے دونوں اَفسران کو شریف ، محنتی اور قابل قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ان افسران کی خدمات کو سنہری الفاظ میں لکھنے کے قابل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اِن اَفسران کے اِنتقال سے جو خلاپید ا ہوئی ہے اُسے پورا کرنا مشکل ہے ۔میٹنگ میں میں مرحومین کے احترام اور یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی ۔ شرکاء نے مرحومین کی ارواح کے اَبدی سکون اور سوگوار کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کے لئے دعا کی۔
قانونی مسودہ تیار کرنا: ایک اہم مہارت | آرینز کالج میں ایک ویبنارکا اہتمام
سرینگر//آرینز کالج نے ’’قانونی مسودہ تیار کرنا: ایک اہم مہارت‘‘ کے عنوان سے ایک ویبنار منعقد کیا۔ مہیشوری موہن نے کلیدی خطبہ دیا جبکہ ڈاکٹر انشو کٹاریہ ، چیئر مین آرئنز گروپ نے ویبنار کی صدارت کی۔مہیشوری نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانونی میدان میں ہمیں اپنے خیالات کو اس انداز میں تحریری طور پر منتقل کرنے کے قابل ہونا چاہئے کہ جو ہم سوچ رہے ہیں اس کی صحیح ترجمانی کریں۔ زبان قانون کے پیشے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ججز ، وکلاء ، قانون سازلالچ دینے والے اور دوسرے الفاظ دلانے ، آگاہ کرنے ، وکالت کرنے اور بحث کرنے کیلئے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ اسلئے انہوں نے بحث کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ قانونی مسودے میں عبور حاصل کرنے میں وقت اور مشق درکار ہے لیکن تحریری طور پر اعلیٰ صلاحیتیں کامیابی کیلئے ضروری ہیں اور آپ اپنی اصلاح کیلئے اقدامات اٹھاسکتے ہیں۔ مسودہ تیار کرتے وقت ، اپنے سامعین کو یاد رکھیں ، اپنی تحریر کو ترتیب دیں ، متفق ہوں ، اچھے الفاظ استعمال کریں ، غیر فعال آواز سے اجتناب کریں ۔طالب علموں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانونی تحریر عملی طور پر کام کرتی ہے لیکن آپ صرف دستاویزات پڑھ کر بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔ آپ کی قانونی تحریر صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے سب سے بہترین مشورہ یہ ہے کہ ہر دن مشق کریں۔
صحافی تنویر الحق کوبرسی پرخراج عقیدت
سرینگر//مقامی خبررساں ادارے گلوبل نیوز سروس(جی این ایس ) کے بانی تنویر الحق کی دوسری برسی پر’جے کے این ایس ‘نے سوگوارکنبے اورجی این ایس کے جملہ اراکین کے ساتھ ہمدردی اوریکجہتی کااظہار کیا اورمرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی ۔