عید سے قبل ڈیلی ویجروں کو تنخواہ دینے کا مطالبہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سماجی کارکن و سرپنچ محمد فاروق انقلابی نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکموں میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے ڈیلی ویجروں کو عیدالفطر سے قبل تنخواہ دی جائے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کیساتھ عید کی خوشیاں بانٹ سکیں ۔یہاں جاری بیان میں موصوف نے کہا ہے کہ عارضی بنیادوں پر مختلف محکموں میں اپنی خدمات انجام دینے والے عارضی ملازمین کو گزشتہ کئی عرصہ سے تنخواہ ہی نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی نجی زندگی بھی متاثرہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کووڈ کے دوران مذکورہ عارضی ملازمین اپنی جان جوکھم میں ڈال کر لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کررہے ہیں لیکن مذکورہ عارضی ملازمین کو گزشتہ 21ماہ سے تنخواہ ہی نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے ملازمین کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین کی تنخواہ جلداز جلد وگزار کی جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے ۔
اقاف اسلامیہ پونچھ نے راشن کٹ تقسیم کئے
منڈی //اوقاف اسلامیہ پونچھ نے ہر سال کی طرح امسال بھی مستحقین کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان میں راشن بانٹنے کا اہتمام کیا۔اوقاف اسلامیہ کی جانب سے 200 افراد کو راشن کٹ مہیا کروائیں،۔ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد بے سہارا اور لاچار کنبوں کی فہرست تیار کروائی گئی جن میں لورن'پلیرہ، لسانہ، ہاری، ساؤجیاں، کھیت، بیدار اور میدانہ کے کنبہ جات شامل ہیں۔مقامی معززین نے ایڈ منسٹر یٹر اوقافکے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ موصوف نے مشکل وقت میں بھی بے سہارہ افراد کو سہولیات فراہم کی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب سے ریاض آتش نے پونچھ کایہ عہدہ سنبھالا ہوا ہے تب سے عوام کو اصل معنوں میں معلوم ہوا کہ پونچھ میں بھی اوقاف اسلامیہ ہے جسکے بارے میں کبھی کسی قسم کی اطلاع آج سے پہلے موصول نہیں ہوئی مگر جب سے موصوف آٰئے ہیں ہر روز انکو ہم کسی نہ کسی جگہ کا دورہ کرتے ہوئے سنتے اور دیکھتے ہیں ۔انہوں نے نا صرف غربا و فقرا کی مدد کی ہے بلکہ خانقاہوں کے کام کاج میں بھی بہتری لائی ہے۔
تحصیل انتظامیہ منجا کوٹ و معززین کا اجلاس منعقد
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل انتظامیہ منجاکوٹ نے پولیس سٹیشن منجا کوٹ میں علماء اور علاقہ کے معززین کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔تحصیلدار منجا کوٹ اور ایس ڈی پی او کی قیادت میں منعقد ہ اجلاس کے دورا ن عالمگیر وباء کے سلسلہ میں تفصیلی بات چیت کی گئی ۔آفیسر ان نے کہاکہ کووڈ سے بچائو کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے ایس ا و پیز جاری کی گئی ہیں جبکہ سماج کا ہر ایک فرد مذکورہ ہدایت پر عمل کر کے اپنے آب کو کووڈ سے بچا سکتا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ قصبوں اور بازاروں کا رخ نہ کریں تاکہ وائرس کے مزید پھیلا ئو کے خطرے کو کم کیاجاسکے ۔آفیسران نے علماء کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگوں کو تلقین کریں کہ وہ عید کی نماز گھروں کے پاس کی مساجد میں ہی ادا کریں جبکہ پُر ہجوم جگہوں سے بچنے کی کوشش کی جائے ۔اس اجلاس میں ایس ایچ او منجا کوٹ و دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔
ڈی سی کی مذہبی لیڈران کیساتھ آن لائن بات چیت
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے مذہبی لیڈران کیساتھ ایک آن لائن اجلاس منعقد کر کے مختلف معاملات پر تفصیلی بات چیت کی ۔عید الفطر سے قبل منعقدہ اجلاس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے کہاکہ انتظامیہ کووڈ وباء کو روکنے کیلئے ہر نوعیت کے اقدامات اٹھانے کیلئے کمر بستہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں حالیہ دنوں سے کووڈ معاملات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ کوششوں میں مزید تیزی کردی گئی ہیں ۔انہوں نے مذہبی لیڈران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کیاجائے ۔آفیسر موصوف نے کہاکہ مذہبی لیڈران کو چاہئے کہ وہ عید کے دوران انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی جگہ پر کوئی بڑا ہجوم جمع نہ ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل وقت میں مذہبی لیڈران ایک اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے علماء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ کووڈ ویکسین لیں ۔بات چیت کے دوران طے پایا گیا کہ عید کی نماز عید گاہوں کے بجائے مقامی مساجد میں ادا کریں گے ۔اس دوران ایس ایس پی راجوری نے بھی آن لائن میٹنگ سے خطاب کیا جبکہ آن لائن اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ،ڈسٹر کٹ انفارمیشن آفیسر ودیگران بھی موجود رہے ۔
بسونی میں فوج کا طبی کیمپ | لوگوں کو کووڈ کے دوران مفت ادویات تقسیم کیں
پونچھ //فوج کی جانب سے پونچھ ضلع کے بسونی علاقہ میں سابقہ فوجیوں و مکینوں کیلئے کووڈ کے سلسلہ میں ایک طبی کیمپ منعقد کیا گیا ۔اس کیمپ کے دوران فوجی ماہرین نے مقامی لوگوں کو کووڈ کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ طبی شعبہ کی جانب سے وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے ایس او پیز کی فہرست جاری کی گئی ہے جس پر ہر ایک شخص کو عمل کرنا چاہئے ۔اس طبی کیمپ کے دوران فوجی ڈاکٹروں نے 30مقامی افراد کو مفت ادویات تقسیم کیں جبکہ ان کو سماج میں ہرایک شخص کو کووڈ کے سلسلہ میں بیدار کرنے کی بھی تلقین کی ۔مکینوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل بھی فوج کی جانب سے عوام کیلئے مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کئے گئے ہیں جن سے عام لوگوں کو فائدہ حاصل ہوتا رہا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فوج آئندہ بھی مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دے گی ۔
عید گاہوں میں نماز عید نہیں ہوگی| قریب کی مساجد میں نماز عیدپڑھیں: مصباحی
حسین محتشم
پونچھ//کورونا وائرس ’کووِڈ19‘ کے سبب پورے ملک میں جاری لاک ڈائون کے مد نظر رکھتے ہوئے امام و خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ مفتی فاروق احمد مصباحی نے تمام مسلمانوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ عید کی نماز اپنے گھروں کے قریب کی مساجد میں ہی ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے عید کی نماز کی کوئی صورت نہیں بن پاتی ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، مجبوری کے سبب ان پر نماز عید معافی ہوگی۔ البتہ ایسے افراد جو نماز عید نہ پڑھ پائیں وہ اپنے اپنے گھروں میں نماز کا اہتمام کریں تو بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے دوران لاک ڈائون جاری رہتا ہے تو اس صورت میںپونچھ کے عید گاہوں میں نماز نہیں کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے دی جا رہی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کا پورا خیال رکھیں اور جتنے افراد کو مسجد میں نماز پڑھنے کی ہدایت دی گئی ہے اتنے ہی افراد نماز ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ملک کے قانون، ضابطوں اور پابندیوں پر عمل درآمد کرنے اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے دی جاری ہدایت پر مکمل عمل کرنا چاہئے ۔ موجودہ صورتحال میں مسلم دانشوروں،سیاسی و سماجی کارکنان نے بھی عوام سے ایس او پیز پرعمل درآمد کی اپیل کی ہے۔
پنچایت ماہرکوٹ کے عوام سڑک سہولت سے محروم
حسین محتشم
پونچھ//دور جدید میں بھی تحصیل منڈی کے براچھڑ کی ماہر کوٹ پنچایت کے عوام سڑک کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ بھی اس علاقہ کی عوام کی پریشانیوں کی طرف متوجہ نہیں ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق دور دراز علاقہ کے مریضوں طلباء و طالبات اور عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس جدید دور میں جب لوگ چاند پر رہائش پذیر ہونے جا رہے ہیں اس پنچایت کے ہزاروں عوام کئی کئی کلو میٹر دشوار گزار پہاڑی راستہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر انجینئر محمد رفیق چستی نے اتوار کو اس علاقہ کادورہ کیا تو وہاں کے لوگوں نے انھیں اپنے مسائل سے روشناس کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ عرصہ درازسے براچھڑ تا ماہر کوٹ چند کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن افسوس ماہر کوٹ کے عوام کی مشکلات کسی کو نظر نہیں آتی۔سرپنچ حلقہ پنچایت ماہر کوٹ خلیل احمد نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر پونچھ کو بتایا کہ اس سے قبل ان کے پنچایت کے لوگوں کو صرف ووٹ بینک کے طور استعمال کیا جاتا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سڑک اور دیگر مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اب جب مرکزی حکومت پورے ملک میں تعمیروترقی کر رہی ہے ان کی پنچایت کے لئے آج بھی کوئی ٹس سے مس نہیں ہے۔انجینئر محمد رفیق چستی نے عوام کے تمام مسائل بغور سننے کے بعد انھیں یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام مسائیل حل کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ماہر کوٹ سڑک کی تعمیرات کر وائی جائے گی ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط بنائیں تاکہ ان کے مسائیل حل ہوں۔
مرہوٹ میں بجلی کا نظام درہم برہم | مقامی لوگوں پریشان ،محکمہ ٹس سے مس نہیں
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے گائوں مڑہوٹ میں بجلی نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تاہم متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بناہوا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرہوٹ کی پنچایت اپرکے وارڈ نمبر ایک اور تین میں بجلی کی تاریں سبزدرختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جو مکینوں کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں ۔انہوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی برسوں سے مذکورہ علاقوں میں بجلی کے پختہ کھمبے ہی نہیں لگائے گئے ہیں جبکہ اب لکڑی کے کھمبے بھی بوسیدہ ہو چکے ہیں جبکہ سبز درختوں کیساتھ باندھی گئی تاریں جانداروں کیلئے ایک بڑا خطر ہ بن چکی ہیں ۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ و متعلقہ شعبہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس جدید دور میں بھی لوگوں کو بجلی کی معیاری سپلائی ہی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے صرف بجلی کے بل ارسال کرنے تک محدود ہو چکے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوے کہاکہ مرہوٹ پنچایت میں بجلی کے پختہ کھمبوں کی فراہمی کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات فراہم کی جائیں ۔