ٹھاٹری ناکہ رات کو صرف میڈیکل ایمر جنسی کیلئے کھلا رہے گا | صبح6بجے سے رات10تک مکمل ٹیسٹنگ کرنے کی ہدایت
عاصف بٹ
کشتواڑ/ ماڈل ٹھاٹھری ناکے کو مزید سخت کرنے اور ضلع میں باہر سے داخل ہورہے مسافروں کی صد فیصد ٹیسٹنگ کرنے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے چیف میڑیکل افسر کشتواڑ کو ٹھاٹھری ناکہ پرمزید نفری تعینات کرنے کو کہا تاکہ ضلع میں کرونا کے مثبت معاملات پر قابو پایا جاسکے۔ ایک حکمنامہ زیر نمبر DMK/21/covid-19//1606-1652 جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبح چھ بجے سے رات دس بجے تک باہر سے آرہے مسافروں کی صد فیصد ٹیسٹنگ کی جائے جبکہ ڈیوٹی مجسٹریٹ ٹھاٹھری ناکہ کو ہدایت دی گئی کہ رات دس بجے کے بعد صرف میڈیکل ایمرجنسی و ضروری خدمات کی اجازت ہوگی۔
کشتواڑ میںکورونا کرفیو میں مزید ایک ہفتے کی توسیع | سبزی ، دودھ، گوشت کے ساتھ کریانہ دوکانوں کو بھی کھولنے کی اجازت
عاصف بٹ
کشتواڑ/ /ضلع کشتواڑ میں آج صبح سات بجے ختم ہورہے ہفتہ وار کورونا کرفیوکو مزید ایک ہفتہ کیلئے بڑھادیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامے زیر نمبر DMK/covid 19-21/1658-98. 16- 05-2021 کے مطابق کرناو کرفیو مزید ایک ہفتے کیلئے بڑھادیا گیاجس دوران ادویات ،گوشت ،سبزیوں ،پھل دودھ کی دوکانوں کے ساتھ ساتھ کریانہ و بیکری کی دوکانوں کو کھلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ جہاں گوشت ،سبزیوں ،پھل و دودھ کی دوکانیں صبح سات سے دس بجے تک کھلیں گی وہیں کریانہ و بیکری کی دوکانیں 50 فیصد کھلیں گی۔
ضلع کشتواڑ میں کورونا کرفیو سے عام زندگی مسلسل مفلوج
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کورونا کرفیو کے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے جبکہ آج بھی پولیس نے قصبہ و کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی سخت بندشیں عائد کیں۔ جبکہ آج بھی بازاروں میں صبح نرمی برتنے کے ساتھ ہی لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی ۔اگرچہ آج بھی سبزی، پھل، مرغ، گوشت، بیکری و دودھ کی دوکانوں کو دس بجے تک کھولنے کی اجازت تھی تاہم اسکے بعد بھی بازاروں میں لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھی گئی لیکن دس بجتے ہی پولیس نے سبھی دوکانیں بند کرائیں۔جسکے کے بعد پولیس نے سختی کرتے ہوئے کی مقامات پر خاردار تاریں لگائیں اور لوگوں کے چلنے پر قدغن لگائی جبکہ گاڑیوں کو پوچھ تاچھ کے بعد چلنے کی اجازت دی جانے لگی۔ قصبہ میں آج بھی ادویات کی دکانیں دن بھر کھلی رہیں جبکہ دیگر دوکانیں ، تجاراتی مراکز ،ٹرانسپورٹ ایتوار کو بھی مکمل بند رہا۔ جگہ جگہ پولیس و پیرا ملٹری فورس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیاتھا جو ہر آنے و جانے والی گاڑیوں کی ناکوں پر پوچھ تاچھ کے بعد ہی جانے کی اجازت دے رہے تھے۔قصبہ کے ساتھ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی کرونا کرفیو مسلسل جاری ہے۔ کشتواڑ کے چھاترو ، مغل میدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ و دیگر علاقوں میں بھی کرونا کرفیو کا نفاد عمل میں لایا گیاتھا جس دوران تمام تر تجارتی مراکز دس بجے کے بعد بند رہے۔ تفصیلات کے مطابق دیہات میں بھی پولیس کی جانب سے سختی برتی جارہی ہے اور بلاجواز گھومنے والوں پر سختی کی جارہی ہے تاکہ اس وبائی بیماری پر قابو پایا جاسکے۔
کووڈ کے دوران ہلاک ہونے والے ملازمین | لواحقین کے حق میں فلاحی فنڈز کی واگذاری کا خیر مقدم
جموں//پنی ٹریڈ یونین (اے ٹی یو) ریاستی صدر اعجاز کاظمی نے کویڈ19بحران کے دوران قیمتی جانیں کھونے والے ملازمین کے بچوں کے حق میں فلاحی رقومات کی واگذاری کے جموں وکشمیر حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ کاظمی نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرنے کے ساتھ ساتھ اپیل کی ہے کہ مارے گئے ملازمین کے اہل خانہ کے حق میں معاوضہ واگذار کرنے اور کنبہ کے کسی نفر کو ملازمت فراہم کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ اُنہوں نے اپنے واحد ذریعہ معاش کوکھویا ہے اور وہ اِس وقت سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ کاظمی نے کہاکہ پی ڈی ڈی اور دیگر محکموں کے ملازمین جنہوں نے وبائی قہر کورونا وائرس کے دوران فرائض کی انجام دیتے وقت اپنی قیمتی جانیں کھوئی ہیں ، کو بھی معاوضہ دیاجائے اور کنبہ کے کسی شخص کو ملازمت بھی دی جائے۔ کاظمی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ایسے محکمہ جات کے ملازمین ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف، میونسپل کارپوریشن، پی ایچ ای، پی ڈی ڈی بشمول ڈیلی ویجرز جوکہ فرنٹ لائن اور ضروری خدمات کے طوران مشکل حالات میں خدمات انجام دیتے رہے ہیں، کو کورونا واریئرز قرار دیاجائے اور اُنہیں اُس کا جائز انعام بھی دیاجائے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ وہ صحافی جوکہ انسرجنسی اور اِس مشکل گھڑی میں پچھلے تین دہائیوں کے زائد عرصہ سے خدمات انجام دے رہے ہیں، کو بھی فرنٹ لائن واریئرز قرار دیاجائے کیونکہ انہوں نے بشمول کویڈ19کے مصائب ومشکلات کے باوجود قابل ِ ستائش کام کیا ہے۔
ڈوڈہ میںکورونا سے مزید72 متاثر،1 شخص فوت | 35 مریض صحتیاب،87 ہزار افراد میں ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کوؤڈ 19 کے مریضوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ اتوار کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ کے مختلف مقامات پر ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 77 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ اسطرح سے کورونا وائرس کے کی دوسری لہر کے دوران ضلع میں 9 اموات ہوئیں ہیںوہیں ہوم قرنطینہ میں رکھے گئے 35 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 872 و صحتیاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 3736 پہنچ گئی ہے۔ اس دوران آج پینتالیس سال سے اوپر کے 497 افراد میں ٹیکے لگائے گئے۔ ضلع میں پچھلے دو ہفتوں سے جاری ٹیکہ کاری مہم کے تحت 87 ہزار سے زائد ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد | رام بن میں928 ٹیکے لگائے گئے ، 889 نمونے حاصل
رام بن //ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لئے مہم کو جاری رکھے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رام بن کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ، نفاذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیارات میں معائنہ کے دوران15900روپے جرمانہ وصول کیا اور یوں 1 اپریل 2021سے اب تک7لاکھ48ہزار 900روپے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرہ ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسی نیشن ڈوز لینے جائیں۔ ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ اتوار کے روز ضلع رام بن میں 928 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری یومیہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 889 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 243 آر ٹی-پی سی آر اور 646 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں ، اس کے علاوہ ضلع میں وقفہ ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 928 افراد کو کوڈ ویکسین فراہم کی گئی۔
کیشوان میں سڑک حادثہ سرپنچ زخمی
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے علاقہ کیشوان میں ایتوار صبح پیش آئے سڑک میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مقامی سرپنچ کیشوان بی محمد سلیم اپنی ذاتی گاڑی زیرنمبر JK17 5075 کو حادثہ پیش آیا ۔گاڑی نالے میں جاگری جس میں ایک ہی شخص سوار تھا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس و مقامی لوگوں نے سرپنچ کو مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں اسکا علاج جاری ہے۔
چندرکوٹ میں یاتری نیواس پر کام کی پیشرفت کا معائنہ
رام بن //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لال شرما نے چندرکوٹ میں شری امرناتھ جی شائن بورڈ (ایس اے ایس بی) یاتری نیواس میں پیشرفت یا کام کا معائنہ کیا۔اے ڈی سی نے ذمہ داریوں / سرگرمیوں کے تبادلے سے متعلق تمام امور پر ٹھیکیدار اور سائٹ انجینئرز کے ساتھ تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔گفتگو کے دوران انجینئرز نے کچھ مقامی مسائل پر روشنی ڈالی اور ان میں سے بیشتر کو اے ڈی سی نے موقع پر ہی حل کرلیا۔ریونیو افسران نے اے ڈی سی اور انجینئرز کے مشورے سے بور کے کنواں کے لئے ایک مناسب جگہ کی نشاندہی بھی کی۔اے ڈی سی نے مقررہ ٹائم لائن میں وقاری منصوبے کی تکمیل میں ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔