جموں شہر میں 500سے 600کروڑ روپے تک کے پروجیکٹوں کو منظوری ملنا طے :جے ایم سی کمشنر
جموں، 16 جون (یو این آئی) جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کی کمشنر انوی لواسہ نے کہا کہ شہر میں رواں سال کے آخر تک 'سمارٹ سٹی' کے تحت 500 سے 600 کروڑ روپے تک کے پروجکٹس کو منظوری ملنا طے ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار بنیادوں پر شہر کی تمام سڑکوں درست کی جائیں گی اور انہیں ڈی کنجسٹ کیا جائے گا۔انوی لواسہ نے بدھ کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا: 'اس سال کے آخر تک 500 سے 600 کروڑ روپے تک کے پروجکٹس کو منظوری ملے گی'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'ان پروجکٹس پر کام شروع ہونے میں ایک سال لگ سکتا ہے ۔ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مرحلہ وار طریقے سے شہر کی تمام سڑکوں کو درست کیا جائے گا'۔اس موقع پر جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر چندر موہن گپتا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ شہر کی تمام سڑکوں کو نہ صرف ڈی کنجسٹ کیا جائے گا بلکہ جاذب النظر بھی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا: 'سمارت سٹی پروجکٹس کے تحت شہر کی تمام سڑکوں کو ڈی کنجسٹ کیا جائے گا۔ تمام چوکوں کو جاذب النظر بنایا جائے گا'۔
شمال مشرقی ریاستوں میں پسماندہ 10اضلاع کی نشاندہی کی جائے: جتندر سنگھ
جموں// مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)شمال مشرقی خطے کی ترقی، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت، عملے عوامی شکایات، پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلاء ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آج کہا کہ شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت ایک ہفتے کے اندر 10ایسے اضلاع کی شناخت کرے گی ، جو شمال مشرقی خطے کی تمام 8ریاستوں میں حکمرانی اور ترقی کے معیار پر سب سے پیچھے ہیں۔شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت اور شمال مشرقی کونسل (این پی سی)کے حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتیہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس عمل کا مقصد اِن اضلاع پر توجہ مرکوز کرنا اور انہیں خوشحالی کے تعلق سے دوسرے ترقی یافتہ ضلعوں کی سطح ا کے برابر لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اِن اضلاع میں اشیاء اور خدمات کی کامیاب توسط سے ’’ایز آف لیونگ‘‘میں تیزی لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے واضح کیا کہ یہ 10 اضلاع اْن 14متلاشی اضلاع سے الگ ہوں گے،جنہیں پہلے 49اہم اشاریے کی بنیاد پر منتخب کیا گیا تھا، جن میں سے صحت خدمات کی صورتحال ایک اہم عنصر تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے عہد بند خواہش مند اضلاع کا تصور ہندوستان میں آزادی کی سات دہائیوں کے بعد حکمرانی کے سیاسی نظریے میں ایک بڑی تبدیلی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حکمرانی کی تمام سطحوں پر کام کرنے کے نظریے میں وسیع تبدیلی لانے کے علاوہ ترقی کی سرگرمیوں کے مزید سائنسی اور زمینی سطح پر تجزیے کی طرف بھی ایک تبدیلی ہے۔ ڈاکٹر جتندرسنگھ نے دوہرایا کہ اِسرو (ہندوستانی خلائی تحقیقاتی تنظیم)خلائی ٹیکنالوجی کے توسط سے شمال مشرق میں ترقیاتی منصوبوں کی معاونت کرے گی اور تمام 8ریاستوں میں بنیادی ڈھانچے کے تحت منصوبوں کی بہتر حصولیابی کے لئے سٹیلائٹ امیزنگ اور دیگر خلائی ٹیکنالوجی کے آلات کے بہترین استعمال کی پیشکش کرکے شمال مشرقی خطے کے ان منصوبوں میں اپنا تعاون دے گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ منصوبے ، جن پر کام چل رہا ہے، جیسے جنگلات، وقفے کے خطے کی تصویر کشی، باغبانی کی ترقی کے لئے زمینی علاقے کی توسیع، بنجر زمینوں کی شناخت اور ان کو قابل زراعت بنانا اور باڑھ کے پانی کا رْخ موڑنا، روزی روٹی کیلئے بانس وسائل کا تجزیہ اور سرحدی تنازعات کا انتظام کرنا۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے حکام کو پچھلے 7سالوں میں شمال مشرقی خطے کی 8ریاستوں میں سے ہر ایک میں ترقیاتی منصوبوں کا ایک وسیع ڈاٹا بیس تیار کرنے اور سبھی علاقوں میں پچھلے 63سالوں کے مقابلے میں قابل ذکر بہتری دکھانے کے بھی احکامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اہم منصوبے اور تمام 8ریاستوں میں نریندر مودی کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات کو ترقیاتی ڈاٹا بیس میں دکھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے 12اکتوبر 2020ء کو اعلان شدہ آتم نر بھر بھارت پیکیج کا بھی ذکر کیا، جہاں سرکار نے ریاستوں کیلئے مالی اخراجات کو بڑھاوا دینے کے تحت ریاستوں خصوصی طورپر سود سے آزاد 50سال کے لئے قرض کی شکل میں شمال مشرق کی 8ریاستوں میں ہر ایک کے لئے 200 کروڑ روپے مقرر کئے ہیں۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے حکام کو کووڈ -19کے بعد کی ترقیاتی سرگرمیوں کو پھر سے شروع کرنے اور وباء کے دوران کھوئے ہوئے مواقع کو تیزی سے پکڑنے کی کوشش کرنے کیلئے تحریک دیتے ہوئے اس میٹنگ کا خاتمہ کیا۔
ایس پی او سبھاش شرما نے 'بجرنگی بھائی جان' کی طرح بچے کو والدین سے ملایا
جموں// سرمائی دارالحکومت جموں میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک سپیشل پولیس آفیسر یا ایس پی او نے 'بجرنگی بھائی جان' کے طرز پر سخت کوششوں کے بعد ایک لاپتہ کمسن بچے کو اپنے گھر والوں سے ملایا ہے۔پولیس تھانہ گنگیال کے سٹیشن ہائوس آفیسر یا ایس ایچ او رگھوبیر سنگھ چوہدری نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ 6 سے 7 سالہ بچہ، جو نادانستہ طور پر گھر سے لاپتہ ہوا ہے، کو پریشانی کی حالت میں پھرتے ہوئے پایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا: 'بچے نے اپنا نام ویرا اور والد کا نام وجے کمار بتایا لیکن وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ وہ کہاں رہتا ہے'۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ایس پی او سباش شرما نے مذکورہ بچے کو اپنی موٹر سائیکل پر بٹھایا اور چار تا پانچ گھنٹے چلنے کے بعد وہ اس جگہ پر پہنچا جہاں سے وہ بچہ لاپتہ ہو گیا تھا۔انہوں نے بتایا: 'راستہ ڈھونڈنے کے دوران ہمارا ایس پی او جوان مذکورہ بچے کے لئے بسکٹ وغیرہ خریدتا رہا'۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ بچے کو تمام قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد اپنے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔مقامی لوگوں نے ایس پی او کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں 'بجرنگی بھائی جان' کا نام دیا ہے۔(یواین آئی)
گورنمنٹ پولی ٹیکنک کٹھوعہ میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر آن لائن ورکشاپ
کٹھوعہ// گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کٹھوعہ میں قیریرا ، نوئیڈا کے اشتراک سے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے سلسلے میں یک روزہ آن لائن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کا ریسورس پرسن نوئیڈا کے قیریرا سے تعلق رکھنے والا ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ماہر سوربھ ورما تھا۔ مارکیٹنگ منیجر ، دیپنکر ملک ، ایونٹ کے کوآرڈینیٹر تھے۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ پولی ٹیکنک کٹھوعہ انجینئر ارون بنگوترا نے موجودہ وبائی صورتحال میں ایسی آن لائن ورکشاپوں کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ طلبہ کو مختلف نئی ٹکنالوجیوں سے آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو تیزی سے مارکیٹنگ کے منصوبوں اور روزمرہ کی زندگی میں شامل کیا گیا ہے ، اور چونکہ لوگ جسمانی دکانوں پر جانے کے بجائے ڈیجیٹل آلات استعمال کررہے ہیں ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی مہمات زیادہ عام ہوگئی ہیں۔ریسورس پرسن ساربھ ورما نے پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بارے میں وضاحت کی۔ انہوں نے انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل مواصلات کی دیگر شکلوں جیسے تلاش انجن آپٹیمائزیشن ، پے فی کلک ، سوشل میڈیا مارکیٹنگ ، کنٹینٹ مارکیٹنگ ، ای میل مارکیٹنگ ، موبائل مارکیٹنگ جیسے ممکنہ صارفین سے رابطہ قائم کرنے کیلئے مصنوعات یا خدمات کے فروغ کے لئے استعمال ہونے والی آن لائن مارکیٹنگ کی وضاحت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قطعیت کی بصیرت فراہم کرتے ہوئے زیادہ باخبر فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ کسٹمر کے رویے سے باخبر رہنے اور ذاتی نوعیت کی رسائی کی مدد سے صارف کا ایک مثالی تجربہ بھی تشکیل دیتا ہے۔ویبنار میں جموں و کشمیر کے مختلف پولی ٹیکنک کالجوں کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ لیکچرر، گورنمنٹ پولی ٹیکنک کٹھوعہ انجینئر رشب گپتا نے سیشن کی کارروائی کا انعقاد کیا اور شکریہ ادا کیا۔
تحصیل کھڑی کے دور دراز علاقوں میں دوبارہ توثیقی کیمپ منعقد
رام بن//محکمہ ناپ تول رام بن نے تجارتی لین دین کیلئے تاجروں کے ذریعہ استعمال کیے جانے والے وزن اور پیمائش کے آلات کی درستگی کی نشاندہی کے لئے سب ڈویڑن بانہال کی تحصیل کھڑی میں ایک دو روزہ دوبارہ توثیقی کیمپ کا انعقاد کیا۔مہو ، بزلہ ، کاونہ ، پٹنالہ ، آہما اور ادھلہ جیسے دور دراز علاقوں کے 70 سے زیادہ تاجروں نے کیمپ میں شرکت کی اور اپنے وزن اور پیمائشی آلات کی تصدیق کی اور مہر لگوادی۔انسپکٹر محکمہ ناپ تول بٹوت نے موقع پر ہی تاجروں کو تصدیق نامہ جاری کیا اور تاجروں سے 2 لاکھ 47 ہزار روپے محصول وصول کیا۔دریں اثنا محکمہ نے ان علاقوں میں معائنہ بھی کیا اور 06 تاجروں کو قانونی میٹروجی ایکٹ اور قواعد کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا اور مجرموں سے 6000 روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ انسپکٹر نے بتایا کہ محکمہ باقاعدگی سے ضلع بھر میں اپنی نفاذ مہم جاری رکھے گا۔
کشتواڑ میں خاطی تاجروں پر جرمانہ عائد
کشتواڑ //لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ (ایل ایم ڈی) نے کشتواڑ قصبے ، چھاترو،مغلمیدان اور ملحقہ علاقوں میں مارکیٹ چیکنگ مہم کے دوران چھ تاجروں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔تاجروں کے خلاف قانونی میٹرلوجی ایکٹ / قواعد کی متعدد خلاف ورزیوں کے لئے مقدمہ درج کیا گیاجن میں ناقص وزن کے آلات کا استعمال ، مختصر وزن اور پری پیکڈ اشیاء پر مناسب اعلامیہ کی عدم موجودگی۔جبکہ تاجروں سے 18000 روپے کی مجموعی رقم بطور جرمانہ وصول کی گئی۔تاجروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ تجارتی لین دین کیلئے صرف تصدیق شدہ وزن اور پیمائش کے آلات استعمال کریں اور صارفین کی معلومات کے لئے مطلوبہ اعلانات کے بغیر غیر معیاری پری پیکڈ اشیا کی فروخت سے باز رہیں۔
بانہال میں ٹرک سے چرس برآمد،ڈرائیور اورساتھی مسافر گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن// پولیس نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹی چوک پر بدھ کے روز ناکہ چیکنگ کے دوران گاڑی سے 640 چرس برآمد ہونے کے بعد ٹرک ڈرائیور اور ایک ساتھی مسافر کوگرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ معمول کے مطابق ناکہ چیکنگ کے لئے رکائے جانے والے ٹرک زیر نمبر JK02 AK-5067 کے ڈرائیور کے قبضہ سے 640 گرام چرس برآمد ہوئی اور دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے ان کی شناخت محمد یونس ولد عبد السلام شیخ ساکن وارڈ نمبر 1 رام بن اور ڈرائیور شبیر احمد ولد فیروز دین گجر ساکن میترا باٹی رام بن کے نام سے کی ہے۔پولیس نے تھانہ بانہال میں دفعہ 08/20/29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 124 درج کرلیا ہے۔
تمام سیکولر ، جمہوری اور قوم پرست سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر بات چیت کریں: بھیم سنگھ
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے صدر، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر کی تمام قوم پرست، سیکولراور جمہوری سیاسی جماعتوں کی قیادت کو جموں وکشمیر میں کہیں بھی مل بیٹھ کر بات چیت کرنے کی مخلصانہ اور کھلی دعوت دی ہے تاکہ جموں وکشمیر اور لداخ سیکٹر کے ساتھ ساتھ گلگت ۔بلتستان اور لداخ سیکٹر میں چین کے غیرقانونی قبضے والے علاقوں کی تاریخ، جغرافیہ اور ثقافتی شناخت کو بچانے کے لئے کیا کئے جانے کی ضرورت ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی کی قیادت اور جموں وکشمیر میں سرگرم کچھ قومی جماعتوں کی قیادت کو ایک پیغام بھیجا ہے اوران سے کہا ہے کہ ہم لوگوں کو جموں وکشمیر کی تاریخ ، ثقافت اورلسانی شناخت کو بچانے کے لئے مل بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہئے جیسی کہ 26اکتوبر 1947کو مہاراجہ ہری سنگھ کے دستخط کرتے وقت اس کی شناخت کی تھی اور جسے 27اکتوبر 1947کو اس وقت گورنر جنرل لارڈ ماونٹ بیٹن نے منظوری دی تھی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے تمام اراکین پارلیمنٹ، عدلیہ کے اراکین کے ساتھ ساتھ مورخین اور مفکرین کے سامنے یہ سوالات اٹھائے ہیں۔جموں وکشمیر کو،جس کا یونین آف انڈیا کے ساتھ انضمام کیا گیا تھا اور اس انضمام کو اس وقت ہندستان کے گورنر جنرل نے منظوری دی تھی،26 جنوری 1950میں یونین آف انڈیا کے ساتھ ریاست کے طورپر کیوں شامل نہیں کیا گیا؟تمام 575ریاستوں کے شہزادوں اور سربراہان کو ان کے لقب سے فارغ کردیا گیا لیکن جموں وکشمیر کے حکمراں کو ہاتھ نہیں لگایا گیا؟ جموں وکشمیر کے مہاراجہ 26جنوری 1950کے بعد بھی جموں وکشمیر کے حکمراں کی حیثیت سے رہے ، کیوں اور کس قانون کے تحت ؟ایک دیگر سوال کا ہندستان کی مکمل پارلیمنٹ کو جواب دینا چاہئے جس نے ایک قرارداد منظوری کی اور جس میں دعوی کیا گیا کہ پارلیمنٹ نے ہندستانی آئین سے آرٹیکل 370کو ہٹا دیا ہے ، آئین ہند کے تحت کون سا اختیار پارلیمنٹ کو آرٹیکل 370کی شق 3کی تمام دفعات کو ہٹانے کی اجازت دیتا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اسی طرح کے دیگر سوالات اٹھاتے ہوئے وکلا، عدلیہ اور مورخین کے لوگوں سمیت ملک کی قیادت کو چیلنج کیا کہ اس(بھیم سنگھ) قانون کے معمولی طالب سے آمنے سامنے بات کریں ان سوالات کا جواب دیں اور ان میں سے ایک سوال کا ہندستان کو کسی دن انٹرنیشنل کورٹ جسٹس میں سامنا کرنا پڑے گا کہ کیا ہندستانی حکومت یا ہندستانی پارلیمنٹ کو حکمراں مہاراجہ ہری سنگھ کے ذریعہ دستخط کردہ الحاق نامہ میں تبدیلی، ترمیم یا منسوخ کرنے کا حق حاصل ہے؟ جس جموں وکشمیر کے الحاق نامہ کوآئین ساز اسمبلی نے کبھی بدلا، حذف یا ہٹایا نہیں ہے۔یہ واحد دستور ساز اسمبلی تھی جس کو مہاراجہ ہری سنگھ کے دستخط کردہ دستور ساز اسمبلی میں کسی بھی شق کو تبدیل کرنے، اس میں ترمیم کرنے یا اسے ختم کرنے کا آئینی اختیار تھا اور اس وقت کے ہندستان کے گورنر جنرل لارڈ ماونٹ بیٹن نے اس کی منظوری دی تھی۔قانون کے طالب علم کی حیثیت سے پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ میںقانون کا ایک شائستہ طالب علم ہونے کے ناطے اراکین پارلیمان، بین الاقوامی قانون کے مفکرین کے سامنے یہ سوالات رکھتا ہوں اور برائے مہربانی میرے مجھے درست کریں اگر میرے ذریعہ اٹھائے گئے یہ امور کے کوئی معنی ہیں۔
پی ڈی پی خواتین ونگ جنرل سیکریٹری کا انتقال
کشتواڑ اکائی کااظہار تعزیت،خراج عقیدت پیش
کشتواڑ// عاصف بٹ//پی ڈی پی لیڈر زاہیدہ بیگم کی اچانک موت پر ضلع اکائی کشتواڑ نے افسوس کا اظہار کیا۔ پارٹی اکائی کی جانب سے جاری کئے گئے تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ مرحومہ بے حد ہمدرد و عوام دوست لیڈر تھیں،وہ ہمیشہ ہی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے کوشاں رہتی تھیں جبکہ انکے چلے جانے سے پارٹی بالخصوص خواتین ونگ میں جو خلاء پیداہوا ہے اسکی بھرپائی کرنا نہ صرف مشکل ہے بلکہ ناممکن ہے ۔ ایڈوکیٹ شیخ ناصر سکریٹری انچارج چناب ویلی پی ڈی پی،ضلع صدر اشتیاق احمد وازہ،ضلع میڈیا کواڈی نیٹر ارشد حسین گیری، جعفر حسین بابزادہ،سجاد احمد دیو،ضلع یوتھ صدر واسیل ڈولوال، محمدمنوربٹ، غلام علی ، محمد سلیم شیخ،عبدلرشید دھوبی،عبدلرشید گلکار، مقبول حسین،غلام رسول، محمد عرفان،و دیگران نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
پٹیل ، جے پی اور Afcon انتظامیہ پر
بیروزگار وں کو ملازمت فراہم نہ کرنیکا الزام
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے سینئر سماجی کارکن اجیت بھگت نے مقامی مستحق بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع سے انکار کرنے پر پٹیل ، جے پی اور Afcons انفراسٹرکچر محدود پکل ڈول اور کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ پر سخت تنقید کی ہے ۔ اجیت بھگت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پٹیل ، جے پی اور Afcons ، انفراسٹرکچر لمیٹڈ کی انتظامیہ صرف ان افراد کو روزگار مہیا کررہی ہے جواثر ورسوخ والے ہوتے ہیں اور دوسرے عام نوجوانوںکو ملازمت فراہم نہیں کی جارہی ہے جس سے ضلع کشتواڑ کے عام مستحق بے روزگار نوجوانوں میں شدید ناراضگی پھیل گئی ہے۔ بھگت نے ضلع کشتواڑ کے بے روزگار نوجوانوں کو متحدہ رہنے کی اپیل کی ہے اور جب کشتواڑ نوجوانوں کے ذریعہ کوئی پروگرام مرتب کیا جاتا ہے تو ، تمام بے روزگار نوجوان اس پروگرام / احتجاج میں شامل ہوں کیونکہ پانی کی سطح تمام حدوں کو عبور کر چکی ہے اور ہم خاموش نہیں رہیں گے۔