عید الا ضحی کی آمد کے سلسلہ میں مارکیٹ چیکنگ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن انتظامیہ کوٹرنکہ میں انتظامیہ کی جانب سے عیدالاضحی کے سلسلہ میں مارکیٹ کا معائینہ کیا گیا ۔تحصیلدار کی قیادت میںشروع کی گئی مہم کے دوران قصبہ میں تاجروں کی جانب سے فروخت کئے جارہے ساز و سامان کا معائینہ کرتے ہوئے قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔اس ٹیم میں محکمہ امورصافین و عوامی تقسیم کاری کے آفیسران بھی تھے ۔آفیسران نے سبزیوں ،میوہ جات ،گوشت ودیگر اشیا ءخوردنی کے نرخوں کا جائزہ لینے کےساتھ ساتھ ان کے معیار کا بھی معائینہ کیا ۔تحصیلدار کوٹرنکہ نے قانونی کیخلاف ورزی کرنے والے دکاندروں پر 2ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔انہوں نے دکاندروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عید کے دوران صارفین کو معیاری ساز و سامان فراہم کیا جائے ۔
بچوں کےلئے فوج نے پروگرام منعقدکئے
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے مختلف مقامات پر مدرسہ کے بچوں کےلئے پروگرام منعقد کئے ۔عید کی مناسبت سے منعقدہ پروگراموں میں بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔فوجی حکام نے بتایا کہ عیدالاضحی کے سلسلہ میں بدھل ،کوٹرنکہ کے مدرسوں میں بچوں کےلئے پروگرام منعقد کئے گئے ۔اس موقعہ پر فوج کی جانب سے بچوں میں مٹھائیاں ودیگر ساز و سامان بھی تقسیم کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ فوجی اہلکارو ںنے اس دوران کووڈ سے بچنے کےلئے ساز و سامان بھی فراہم کیا گیا ۔غور طلب ہے کہ ان مدارس میں 5سے 15برس عمر کے بچے زیر تعلیم ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کی جانب سے کوٹرنکہ کے 24بدھل کے 19اور سموٹ کے 38بچوںکو عید کا ساز و سامان تقسیم کیا گیا ۔
لوہر بلنوئی ۔اپر بلنوئی 11کلو میٹر سڑک 6برسوں سے تشنہ تکمیل
مقامی لوگ پریشان ،تعمیر مکمل کرنے کےلئے جلد ٹینڈر نکالنے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے لوہر بلنوئی تا اُپر بلنوئی علا قہ میں جانے والی 11کلو میٹر سڑک حالیہ کئی برسوں سے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے درجنوں کنبوں کو روزانہ پیدل سفرکرنا پڑرہاہے ۔سڑک کی تعمیر 2014میں شروع کی گئی تھی لیکن 6برسوں میں صرف کچھ حد تک زمینی کٹائی کا کا م ہی ہوسکا ہے ۔سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 7وارڈوں کی عوام حالیہ کئی برسوں سے متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی سرپنچ نسیم اخترنے بتایا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے سڑ ک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن تعمیر کے نام پر لاکھوں روپے ہڑپنے کے بعد اب محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو کام سونپا گیا ہے لیکن ابھی تک پروجیکٹ کی ٹینڈرنگ نہیں کی جاسکی ہے ۔ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے محکمہ نے زمینی کٹائی میں لاکھو ں روپے ہڑپے ہیں لیکن ابھی تک لوگوں کی مشکلات جوں کی انہوں نے کہاکہ 6برسوں میں بھی سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کے قابل نہیں بنا یا جاسکا ہے جبکہ مکینوں نے حالیہ کئی عرصہ سے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے رجوع کر چکے ہیں لیکن سڑک کو پائیہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جاسکا جس کی وجہ سے فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کےلئے بھی گھنٹوں لگتے ہیں ۔پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلد ازجلد سڑک کی تعمیر کےلئے ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
گورسائی ۔پٹھانہ تیر سڑک کا حال بے حال
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے گورسائی تا پٹھانہ تیر سڑک کی انتہائی خراب حالت سے مکینوں کےساتھ ساتھ ملازمین بھی پریشان ہو چکے ہیں ۔گورسائی علا قہ سے پٹھانہ آئی ایس ایم ڈسپنسری سے بھی عوام کو سہولیات میسر نہیں ہو رہی ہیں لیکن سڑک انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے ان کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال پہنچانے اور ملازمین کو ڈیوٹی پر جانے کے دوران کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر تار کول کے ساتھ ساتھ نالیوں و حفاظتی باندھ کا بھی کوئی بندوبست ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے اب سڑک پیدل چلنے کے قابل بھی نہیں رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع اور یوٹی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو سڑک جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
منجا کوٹ میں محکمہ جنگلات کے خلاف احتجاج
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل میں مکینوں نے محکمہ جنگلا ت کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ کلالی علاقہ میں محکمہ کی جانب سے مکئی کی فصل کو کاٹ دیا گیا ہے ۔مظاہرین نے محکمہ کےخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ اراضی پر گزشتہ 50برسوں سے قابض ہیں لیکن اب محکمہ کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ان کو کوئی پیشگی اطلاع فراہم نہیں کی گئی ۔انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مکینوں کو بغیر کسی وجہ کے ہراساں کیا جارہا ہے ۔مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ایک ٹیم تشکیل دے کر موقعہ پر بھیجا جائے تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے ۔
اعلیٰ پیر میں10 روز سے پانی سپلائی بند
حسین محتشم
پونچھ//قدرتی آبی ذخائر سے مالا مال ہونے کے باوجودپونچھ کے مختلف علاقوں میں آئے روز پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگ احتجاج کرتے رہتے ہیں۔گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے، پونچھ کی وارڈ نمبر12محلہ اعلیٰ پیر کی آبادی نے پینے کے پانی کی قلت کے حوالے سے محکمہ جل شکتی کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کیا۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ اعلیٰ پیر علاقے میں گزشتہ دس دنوں سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی اور وبائی صورتحال میں بھی انہیں پینے کا پانی حاصل کرنے کےلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وبائی صورتحال میں بھیڑ باڑ میں جانے کی ممانعت کی جاتی ہے لیکن اگر پانی نہ ہو تو لوگوں کو تو گھروں سے مجبورا نکلنا ہی پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ محکمہ سے بار بار رجوع کئے جانے کے باوجود انہیں پانی کی سپلائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔مقامی آبادی نے محکمہ جل شکتی سے پانی فراہم کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عیدالاضحی اور یوم آزادی کی تقریبات
سرحدی ضلع پونچھ میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میںعیدا لاضحی اور یوم آزادی کی تقریب کے سلسلہ میں پولیس انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ عید الضحیٰ اور یوم آزادی جیسے تہوار پر حالات پر امن رکھنے کےلئے انتظامیہ کی جانب سے احتیاط کے طور پر سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔پولیس و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور ناکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔امن کی صورت حال کو قائم رکھنے کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ گشتی پارٹیوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔پولیس کے اعلیٰ افسران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس دوران اپنا فرض سمجھ کر پولیس اور دیگر حفاظتی عملوں کا تعاون کریں۔