مینڈھر میں فوج کی تلاشی مہم
مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو سب ڈویژن کے ٹھیرہ ٹوپہ علاقہ میں مشترکہ طورپر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد پورے علاقہ کا محاصرہ کولیا گیا ہے ۔اتوار کی صبح شروع ہو ئی تلاشی مہم آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی ۔
مینڈھر میں پی ڈی پی کارکنوں کا اجلاس
جاوید اقبال
مینڈھر //پی ڈی پی کارکنوں کی جانب سے مینڈھر ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پارٹی لیڈران و کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پی ڈی پی زونل صدر حاجی محمد عظم ساگر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران پارٹی کے میڈیا کو آر ڈی نیٹر پرویز وفا خان ،اضافی ترجمان وریندر سنگھ کیساتھ ساتھ خورشید احمد خان ،ایڈوکیٹ ندیم خان ،وسیم خان ،ایڈوکیٹ عرفان خان ،ایڈوکیٹ تنویر اقبال قریشی ،حاجی منشی چوہدری و دیگران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران لیڈران نے پارٹی صدر محبونہ مفتی کے دورہ کے سلسلہ میں تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے اس سلسلہ میں انتظامات پر بھی روشنی ڈالی ۔اس اجلاس کے دوران دیگر پارٹیوں سے وابستہ کئی لیڈران نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کر لی ۔پارٹی لیڈران نے کارکنوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے اپنا رول ادا کیا جائے ۔
پنچایت حلقہ کیول میں گرام سبھا کا اہتمام
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت کیول میں گرام سبھا کا اہتمام کیا گیا جس میں پنچایتی اراکین کے علاوہ معززین و مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں محکمہ تعلیم، صحت، آبپاشی، جَل شکتی، بجلی، سماجی بہبود و دیگر محکمہ جات کے تمام ملازمین نے حصہ لیا۔ پنچائت حلقہ کیول کے سرپنچ فاروق انقلابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے کثیر تعداد میں مقامی باشندگان، تمام محکمہ جات کے متعلقہ ملازمین کی شرکت کو یقینی بنانے کا کا مقصد ترقیاتی کاموں کے لئے خرچ کی جانے والی رقومات میں شفافیت لانا اور مستحقین تک اْنکا حق پہنچانا ہے۔ فاروق انقلابی نے اجلاس میں کثیر تعداد میں شرکت کے لئے عوام اور تمام محکمہ جات کے ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔ اْنہوں نے کہا کے اگر عوام اور سرکاری ملازمین آپسی تال میل سے اِسی طرح ہر گرام سبھا کے اجلاس میں شرکت کریں گے تو ترقیاتی کاموں میں کِسی بھی غریب شخص کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ پنچائت حلقہ کیول میں الگ الگ سکیموں کے تحت شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دینے کے علاوہ پنچائت کے اْن تمام لوگوں کی شناخت کی گئی جِن کے پکے مکان پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس میں مقامی سماجی کارکْن لیاقت چودھری، حاجی عبدل قیوم ملک، نائب سرپنچ شاہین اختر، یوتھ کلَب کیول کے ممبران معروف بابا، رندھیر سنگھ،فاروق بابامحکمہ تعلیم سے جسویر سنگھ، نور محمد، گْل جان، شبیر ڈار، جگدیو سنگھ، محکمہ صحت سے خالدہ بیگم، میمہ بیگم، محکمہ سماجی بہبود سے روبینہ اختر، گْلشن بیگم و دیگر کئی ملازمین موجود تھے۔
ڈی سی پونچھ نے سرحدی علاقہ میں عوامی مسائل سننے
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت بریگیڈ کمانڈر ، 120 انفنٹری ، بی جی وکاس سلاتھیہ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ونود کمار نے ضلع پونچھ کے بلاک بالاکوٹ کے حد متارکہ کے قریبی علاقوں کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں کے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کا جائزہ لیا اور ان کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے اس دوران حد متارکہ پر واقع گاؤں ڈیٹوٹ کے آگے والے علاقوں میں نئی نصب پاور لائن کا افتتاح کیا۔انہوں نے بلاک بالاکوٹ کے ہائی سکول دھراٹی، مورہا گاؤں داتوٹے اور حمیر پور کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران ، ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی جنہوں نے انہیں کئی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ٹرانسفارمرکی تنصیبات سمیت کچھ مطالبات کے فوری ازالے کیلئے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ 19 کے چلتے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو تحفظ فراہم کریں۔
سرحدی گائوں کرماڑہ کے کاشتکار محکمہ باغبانی پر برہم
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی گائوں کرماڑہ کے کاشتکاروں نے محکمہ باغبانی کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران کاشتکاروں نے بتایا کہ انہیں محکمہ باغبانی کی جانب سے سیب کے پودے لگائے جانے کے لئے کہا گیاتھا اور اسکے عوض میں محکمہ کی جانب سے کچھ امداد بھی فراہم کرنے کو کہا گیا تھا۔انہوں نے کہا محکمہ کے افسروں کی ہدایت پر انہوں نے تمام کام انجام دیئے اور اس کے لئے اپنی زمین کو وقف کر کے پودے بھی لگائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امداد تو دور کی بات تھی محکمہ کے کسی ملازم نے ان کی خبر نہیں لی۔انہوں نے کہا کہ وہ زمین جہاں پودے لگائے گئے ہیں وہاں لوگ اپنی فصلوں لگاتے تھے گھاس اگاتے تھے جس سے وہ محروم ہوکر رہ گئے ہیں ان لوگوں نے ضلع ترقیاتے کمشنرسے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
موھڑہ بچھائی میں مجلس عزز برائے ایصال ثواب کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//المصطفی پبلک سکول موھڑہ بچھائی میں بانی وسرپرست ادارہ مولانا سید عابد حسین جعفری کے والد سید عالم حسین شاہ مرحوم کے ایصال ثواب کی مجلس منعقد ہوئی۔اس مجلس میں ضلع پونچھ کی تمام تحصیلوں مومنین نے شرکت کی۔ قرآن کریم کی تلاوت کے بعد نعت و منقبت سلام نوحہ کے نزرانے پیش کر کے مرحوم کے سوگ میں اہلبیت (ع) کے فضائل و مصائب کو پیش کیا۔ مجلس عزا کی پہلی نشست میں مولاناظہیر عباس نے اپنے خطاب میں ایک والد کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک والد کی تربیت ہے جو عالم با عمل سید عابد حسین جیسی شخصیت قوم کے حوالے کرتا ہے جو معاشرے میں بڑے بڑے کارنامے انجام دے رہے ہیں۔ دوسری نشست نماز ظہرین کے بعد منعقد ہوئی اس دوران بیرون ریاست سے تشریف فرما ہوئے مولاناسید مھدی زیدی، مولانا سید اختر جعفری اور مولاناسید مختار حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین نے یزید کے ہاتھ پر بیعت نہ کر کے دین اسلام کی شمع کو روشن رکھا شہدائے کر بلا کی عظیم قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ہمیں فلسفہء شہادت امام حسین کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے شہدائے کربلا نے دین اسلام کی سربلندی اور بقاء کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر دیئے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ حضرت امام حسین کی قربانی سے ملنے والے درس کو زندگی کے ہر موڑ پر یاد رکھیں۔انہوں نے کہا امام حسین اگرچہ دنیاوی لحاظ سے ایک طاقتور ‘ جابر ‘ جارح اور دشمنی رکھنے والی حکومت اور حکمران کے خلاف قیام کیلئے نکلے لیکن خود تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہامدینہ کے گورنر سے ملاقات کے لمحے سے لے کر صبح ِ عاشور تک ہر مرحلے پر امام عالی مقام نے حالات کو مذاکرات ‘ بات چیت اور سیاسی انداز میں درست کرنے کی کوشش کی۔
مینڈھر سڑک حادثے میں 3زخمی
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے کلر بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے کے دوران 3افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل حادثے کا کاشکار ہو گیا جبکہ اس پر سوار تین افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت محمد سلیمان ولد محمد یونس ،الطاف حسین ولد محمد یونش اور شوکت علی ولد نظیر حسین سکنہ بتھونی راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال منتقل کیا گیاتھا تاہم ابتدائی مرحم پٹی کے بعد تینوں زخمیوں کو مزید علاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ۔
کانگریس کارکنوں کا حکومت مخالف احتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے لمبیڑی علاقہ میں کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کے اقتدار میں آنے کیساتھ ہی مہنگائی آسمان چھونا شروع ہوگئی ہے تاہم لوگوں کو درپیش مشکلات کے باوجود بھی مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی دھیاں ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس دور میں پٹرول ،ڈیزل ،رسوئی گیس ودیگر ضروری اشیا ء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔کانگریس پارٹی ترجمان روندر شرما کی قیادت میں کئے گئے احتجاج کے دوران مقررین نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔پارٹی ترجمان نے کہاکہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہوئے اضافے کی وجہ سے غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے جہاں کاروبار متاثر ہوئے ہیں وہائیں حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے غریبوں کی سہولیت کیلئے ضروری اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کیاجائے ۔
کیری میں فوج نے پروگرام کانعقاد کیا
پرویز خان
منجاکوٹ //فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے سرحدی گائوں کیری میں قائم کردہ ٹینڈر فیٹ سکول میں یوم اساتذہ کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام کے دوران بچوں نے تمدنی و ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جبکہ فوجی آفیسران نے پروگرام کے دوران معیاری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کی تعریف کرتے ہوئے ٹیچروں کی بھی تعریف کی ۔انہوں نے کہاکہ سماج کی بہتری کیلئے استاد ایک اہم رول ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پڑھائی کی ہی مدد سے سماج سے برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جبکہ اس عمل کیلئے اساتذہ کا رول انتہائی اہم ہے ۔اس پروگرام میں 77بچوں کیساتھ ساتھ 18ٹیچروں نے بھی شرکت کی ۔
ڈی سی پونچھ نے 36ٹیچروں کی کارکردگی کو سراہا
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے منعقدہ ایک پروگرام کے دوران ضلع کے 36پرنسپلوں ،زونل ایجوکیشن آفیسران کو یوم اساتذہ کے موقعہ پر اعزازسے سرفراز کیا ۔گور نمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول پونچھ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ٹیچروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آفیسر موصوف نے کہاکہ کووڈ کے مشکل وقت میں بھی ٹیچروں نے بچوں کی تعلیم کیلئے اہم اقدمات اٹھائے ہیں ۔اس پروگرا م میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ان کے علاوہ جوائنٹ ڈائر یکٹر سکول ایجوکیشن پونچھ راجوری ودیگر آفیسران و ملازمین بھی موجود تھے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اپنے خطاب کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے بچوں کو قیمتی وقت ضائع ہوا ہے تاہم اس کے باوجود بھی اساتذہ نے محنت ولگن کیساتھ کام کرتے ہوئے تعلیم فراہم کی ہے ۔اجلاس کے دوران محکمہ کے جوائنٹ ڈائریکٹر نے ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ملکی تعمیر وترقی میں ٹیچروں کا رول انتہائی اہم ہے ۔
یوم اساتذہ پر فوج نے ٹیچروں کی حوصلہ افزائی کی
عشرت حسین بٹ
منڈی//یومِ اساتذہ پر جہاں تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا وہیں پر فوج نے بھی اس دن کو بڑے دھوم دھام سے منایا اور متعدد اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس حوالے سے منڈی تحصیل کے سیکلو علاقہ میں مقیم فوج کی ڈوڈہ بٹالین نے اساتذہ کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ہوا تھا جس میں سیکلو،ساتھرہ اور چنڈک کے مختلف سکولوں میں اپنے فرضِ منصبی انجام دے رہے 8 اساتذہ کو ان کی ان علاقہ جات میں بہتر تعلیمی کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا ۔اس حوالے سے فوج کی ڈوڈہ بٹالین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یوم اساتذہ کے موقہ پر انہوں نے علاقہ سیکلو،ساتھرہ اور چنڈک کے 8 اساتذہ کی ان کی تعلیمی نظام کو علاقہ میں بہتر ڈھنگ سے چلانے کیلئے اعزاز سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ استاد ہی تعلیم کے ذریعہ معاشرے کو بہتر بناتا ہے اور طلبہ و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آشنہ کر کے بہتر سماج کی تعمیر کرتا ہے جس کیلئے ایک استاد تعریف اور اعزاز کے قبل ہے۔