مزید خبریں

 لوگ اپنے کھوئے ہوئے وقار کی بحالی چاہتے ہیں:غلام حسن میر

 جموں//اپنی پارٹی سنیئرنائب صدر غلام حسن میر نے منگل کے روز کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ اپنی کھوئی ہوئی شناخت اور وقار کی بحالی چاہتے ہیں۔وہ صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ کے زیر اہتمام پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بول رہے تھے ۔ میر نے کہاکہ ’’جموں وکشمیر کے لوگ اپنی پارٹی ایجنڈے کو تسلیم کر رہے ہیں اور اس ارادے سے اِس جماعت کا حصہ بن رہے ہیں کہ یہ واحد جماعت ہے جوکہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بناسکتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ لوگ دیگر سیاسی جماعتوں سے اُکتا چکے ہیں اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ اپنی پارٹی ہی جموں وکشمیر کو امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جاسکتی ہے۔ اُن کا کہناتھاکہ’’دفعہ 370اور35Aکی منسوخی کے بعد لوگ اپنی شناخت اور وقار کھوچکے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اِس کو بحال کیاجائے‘‘۔ اُن کے مطابق دیگر سیاسی جماعتوں نے ہوس ِ اقتدار کی خاطر عوام کے جذبات کا استحصال کیا ہے۔ ۔
 
 

چیمبرآف ٹریڈرز فیڈریشن سمیت متعدد وفودملاقی

جموں//چیمبر آف ٹریڈرز فیڈریشن سمیت متعدد وفود نے جموں میں منگل کے روز اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری سے ملاقات کی۔ چیمبر آف ٹریڈرز فیڈریشن کی قیادت صدر نیرج آنند کر رہے تھے۔ وفدنے الطاف بخاری کو جموں میں تاجر وکاروباری طبقہ کو درپیش مشکلات ومسائل اور تازہ اقتصادی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ بغور سننے کے بعد الطاف بخاری نے انہیں یقین دلایاکہ اپنی پارٹی جموں میں تاجروں کو درپیش مسائل کی حمایت کرتی ہے اور اُن کے حق میں ہرفورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دن بھر صوبہ جموں سے متعدد وفود الطاف بخاری سے ملے اور اپنے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے۔