مشیروں اور چیف سیکرٹر ی کی دیوالی پرتہنیت
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے صلاح کار راجیو رائے بھٹناگر اور فاروق خان نے دیوالی کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے ۔اَپنے تہنیتی پیغامات میں صلاح کاروں نے کہا کہ یہ تہوار حق کی باطل پر فتح کی علامت ہے اور یہ تہوار ملک کی تہذیبی تاریخ کے اَعلیٰ اقدار کو اُجاگر کرتا ہے ۔مشیر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ادھرچیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموںوکشمیر کے لوگوں کو دیوالی کے موقعہ پر مبارک باد دی۔اَپنے مبارکبادی پیغام میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ تہوار برائی کی اَچھائی پر فتح پر منایا جاتا ہے اور دیانت داری ،سچائی اور نیکی کے اعلیٰ اَصولوں کو اِختیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے لوگوں کو پر زور دیا کہ وہ تہوار کے دوران کووَڈ کی مناسبت سے تمام اَحتیاطی تدابیر پر عمل پیر ارہ کر محفوظ دیوالی منائیں۔
رہبر تعلیم اساتذہ کے لئے بھی ایک ٹرانسفر پالیسی بنا نے کامطالبہ
جموں//جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے کے ٹی جے اے کے) کا مطالبہ ہے کہ رہبر تعلیم اساتذہ کے لئے بھی ایک ٹرانسفر پالیسی بنائی جائے۔کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بدھ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں زائد از پچاس ہزار رہبر تعلیم اساتذہ ہیں جو ایک ہی اسکول میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ’پانچ برسوں تک ایک ہی اسکول میں اپنی خدمات انجام دینے کے بعد اب یہ اساتذہ ریگولرائز ہوئے ہیں لیکن ان کے لئے کوئی ٹرانسفر پالیسی نہیں بنائی گئی ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’ان اساتذہ کے لئے ایک ٹرانسفر پالیسی بنائی جانی چاہئے‘۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ پہلے پانچ سال ان اساتذہ کے سروس ریکارڈ میں شامل کئے جانے چاہئے تاکہ انہیں مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اولڈ پنشن پالیسی سے محروم نہ کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس میں مداخلت کریں۔یو این ا?ئی-
مڑھ بلاک میں بی اے ڈی پی اور دیگر کاموں کا معائینہ
جموں//کمشنر سیکرٹری جل شکتی ایم راجو جو کہ اِنچارج اے پی ڈی پی اور سیکرٹری انچارج جموں ڈسٹرک بھی ہیں نے مڑھ بلاک کی مختلف پنچایتوں کا دورہ کیا اور بارڈر ائیریا ڈیولپمنٹ پروگرام اور دیگر سکیموں کے تحت چلائے جارہے ترقیاتی کا موں کا معائینہ کیا۔کمشنر سیکرٹری نے شماچک میں کمیونٹی ہال ، شماچک میں مسافر خانہ ، محلہ پر بھورام پنچایت کا نا چک میں لین اور ڈرین ، بی ٹو وِی تھری کے تحت جسوان میں پنچایت گھر میں اِضافی کمرہ ، ایس ڈی ایچ مڑھ میں اِضافی کمرہ اور متعلقہ کام ،گجنسو شمشان گھاٹ سے نئی بستی تک سڑک کی تعمیر کی رفتار کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ، چیئرمین بی ڈی س مارہ ، ڈی ڈی سی ممبر مارہ ، چیف اِنجینئر جل شکتی محکمہ اور دیگر ضلعی اَفسران بھی تھے۔اُنہوں نے پی آر آئی ممبران اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی او راُنہیں یقین دِلایا کہ ان سب کو جل جیون مشن کے تحت پائپ پانی کا کنکشن فراہم کیا جائے گا۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ کیپکس ، بی اے ڈی پی ، بی ٹو وِی اور دیگر سکیموں کے تحت جاری تمام کاموں پر پیش رفت کی رفتار کو تیز کریں۔اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل کو جلد اَز جلد حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔
ڈی سی سانبہ نے سچانی پنچایت میں عوامی شکایات کا ازالہ کیا
لوگوں کو لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم کے بارے میں آگاہی دی
سانبہ//ہفتہ وار بلاک دیوس میںضلع انتظامیہ سانبہ نے وجئے پور بلاک کے گاؤں سچانی میں عوامی شکایات کا ازالہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ڈپٹی کمشنر انورادھا گپتا نے اس دور افتادہ گاؤں میں لوگوں کی شکایات سنیں اور مختلف مسائل اور مطالبات کو موقع پر ہی حل کیا۔ڈپٹی کمشنر نے لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم (اپکی زمین آپکی نگرانی) کی فعالیت کو بھی واضح کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو بتایا کہ یہ محکمہ ریونیو میں شفافیت اور جوابدہی کے نفاذ کی جانب ایک ٹھوس قدم ہے۔ ڈی سی سانبہ نے مزید کہا کہ "شہری اب صرف ایک کلک سے اپنے ریونیو ریکارڈ کو چیک کر سکتے ہیں، جبکہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن نے بھی محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے۔" بلاک دیوس کے دوران، عوامی شکایات، جو پہلے سے اچھی طرح نوٹ کی گئی تھیں، مقامی لوگوں کی موجودگی میں ضلع انتظامیہ نے دور کیں۔ ڈی سی سانبہ نے سڑکوں کے زیر التواء کاموں میں تیزی لانے، بجلی کے کھمبوں کی تعمیر، پانی کی پائپ لائنیں بچھانے پر زور دیا اور ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ ریونیو سے متعلقہ شکایات پر کارروائی کی رپورٹ اپنے دفتر میں پیش کریں۔
جموں میونسپل حدود میں ناقص بنیادی سہولیات سمارٹ سٹی کی غیر منصوبہ بندی کی مثالـ:منجیت سنگھ
ڈینگو معاملات میں اضافہ ہورہا ہے،محکمہ صحت اور جموں میونسپل کارپوریشن کے درمیان تال میل کا فقدان
جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے جموں میونسپل حدود میں ناقص بنیادی سہولیات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس کو سمارٹ سٹی کے طور ترقی دی جارہی ہے۔ یہاں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران منجیت سنگھ نے کہاکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ زمین پر کہیں دکھائی نہیں دے رہا ، صرف جموں کے لوگوں کو خواب بیچے جارہے ہیں۔اس روگرام کا اہتمام پارٹی ضلع آرگنائزنگ سیکریٹری جموں اربن دیپک براڈو نے کیاتھا۔ اس موقع پر پرویش زوتشی، سدھاکر سیٹھی، دھورو، رام لال، جوگیندر شرما، کپیلا براڈو، نہیا گپتا، ریکھا راجپوت، آرتی نمی سپرو، سیما، رتنہ تریچھ وغیرہ نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ منجیت سنگھ نے اِ ن کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ لوگوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کے تحت آنے والے رہائشی علاقوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔ بدقسمت صورتحال کا انداز اِس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ غیر متوقع سطح تک ڈینگو معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ جموں میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت کے درمیان تال میل کا فقدان ہے جس وجہ سے صورتحال تشویش کن ہے۔ جموں مغرب اسمبلی حلقہ کے متاثرہ رہائشی علاقوں میں دوا کے چھڑکاؤ کا بھی کوئی اثرنہ ہوا ہے اور ڈینگو کے معالات بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ خواتین صوبائی صدر جموں ونگ نمرتہ شرما نے بھی جموں اور مضافاتی علاقہ جات میں ترقیاتی امور پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں، جوابدہی کا فقدان ہے اور نہ ہی موثرنگرانی کی جارہی ہے۔ موصوفہ نے ایل جی انتظامیہ پرزور دیا کہ زمینی سطح پر حکام کو جوابدہ بنایاجائے۔ ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، ضلع صدر جموں اربن پرنو شگوترہ نے بھی خطاب کیا۔ شگوترہ نے کہاکہ سائن بورڈ کی تنصیب، چیدہ چیدہ اسٹریٹ لائٹوں ، کوڑا دان کی تنصیب اورکچھ ہی علاقوں سے کوڑا کرکٹ اُٹھانا جموں میونسپل کارپوریشن کی ناکامی کی مثالی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایاکہ ایک سیاسی جماعت کی خوشنودی کیلئے کام کیاجارہاہے۔