سادھنا ٹنل کی تعمیر یقینی بنانے کیلئے
بھیم سنگھ کی وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے ریاستی سکریٹری جہانگیر خان نے کرناہ کے کئی سینئر لیڈروں کے ساتھ نئی دہلی میں پنتھرس سپریمو پروفیسر بھیم سنگھ سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں پنتھرس سربراہ سے درخواست کی گئی کہ وہ حکومت ہند کے سامنے تنگدھر کے ساتھ تین کلو میٹر لمبی سادھنا ٹنل کی تعمیر کا معاملہ اٹھائیں جس کی تجویز مہاراجہ ہری سنگھ نے 1945میں پیش کی تھی جس کی تعمیر کا کام جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی بدامنی کی وجہ سے آج تک مکمل نہیں ہوسکا ہے۔مہاراجہ ہری سنگھ نے شمالی سوپور سے کرگل تک بھی ایک ٹنل کی تجویز پیش کی تھی اور اس کا کام بھی آج تک مکمل نہیں ہوسکا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک میمورنڈم میں سادھنا ٹنل پروجیکٹ کو رفتار دینے کے لئے زور دیا جس طرح حکومت ہند نے کرگل ٹنل پروجیکٹ کو اپنے ہاتھوں میں لے رکھا ہے۔پنتھرس سربراہ نے وزیراعظم کے نام میمورنڈم میں ان پر زور دیا کہ وہ کرناہ سیکٹر میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کے مفاد میں، جو سردیوں میں مین اسٹریم سے کٹے رہتے ہیں، اس معاملہ میں فوری طورپر مداخلت کرنے کی اپیل کی ۔یہ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سلامتی دستوں کے لئے بھی یکساں طورپر مشکل گزار ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہاکہ وہ دلیر ی اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف تین کلومیٹر لمبی ٹنل کی تعمیر کے کام کو 2018کے آخر تک مکمل کرانے کی کوشش کریں جو کرناہ سیکٹر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہوگا۔ریاستی سکریٹری جہانگیر کے ساتھ پروفیسربھیم سنگھ سے ملاقات کرنے والوں میں کرناہ تحصیل کے جنرل سکریٹری راجہ محمد عمران خان اور تنگدھر سے آنے والے دیگر لوگ شامل تھے۔
فشریزڈیپارٹمنٹ ایمپلائزایسوسی ایشن کی تشکیل نو
جموں//آل جے اینڈکے فشریزڈیپارٹمنٹ ایمپلائزایسوسی ایشن کااجلاس منعقدہوا جس میں تنظیمی اکائی تشکیل دی گئی۔ اس دوران پے اناملی کے علاوہ دیگرمطالبات مثلاً ڈی پی سی ،چنت ٹرینروں؍کائف کو یک مشت فائدہ اورپرانی اکائی کوہٹانے وغیرہ پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران میٹنگ میں تمام ضلع صدورن شرکت کی ۔ اس دوران تمام ضلع صدورنے متفقہ طورپریونین اکائی کیلئے دوصوبائی چیئرمین منتخب کیے۔ اطہرمظفرریشی چیئرمین کشمیرصوبہ اورسوشیل کمار چیئرمین جموں صوبہ اورریاستی صدرعبدالرشیدشاکسازکوچناگیا۔ دیگرتنظیمی عہدیداران میں شفیق احمد ملک نائب صدرجموں صوبہ ، بشیراحمد راہ ، نائب صدرصوبہ جموں، بشیراحمد راہ نائب صدرصوبہ کشمیر، محمداشرف وانی جنرل سیکریٹری جموں صوبہ ، عبدالطیف ایتو۔جنرل سیکریٹری صوبہ کشمیر، ناصراحمدخان پبلسٹی سیکریٹری جموں ، ریاض احمدرینہ پبلسٹی سیکریٹری جے اینڈکے، محمداشرف چوہان آرگنائزر جموں، فاروق احمدوانی آرگنائزرکشمیر، بلال احمدخانیاری کوآرڈی نیٹر کشمیر، بشیراحمدبٹ اکائونٹس ؍خزانچی جموں ، اعجازاحمدخان ممبرجموں ، نذیراحمدبٹ ممبرجموں، نصیب سنگھ ممبرجموں ، محمد یاسین رینہ ممبرکشمیر، شبیراحمدڈار ممبرکشمیر، غلام محمدٹاک شامل ہیں۔بعدازاں یونین کے وفدنے وزیربرائے پشووبھیڑپالن عبدالغنی کوہلی سے ملاقا ت کی اورانہیںمسائل کے بارے میں جانکاری دی۔
۔50گرام ہیروئن ضبط، سمگلرگرفتار
جموں//منشیات مخالف مہم کے تحت جموں پولیس نے ایک شخص کی تحویل سے 50گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔تفصیلات کے مطابق گنگیال پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پرڈگیانہ کیمپ نیشنل ہائی وے گورودوارہ کے نزدیک ناکہ لگایااورستواری سے گنگیال جارہے ایک شخص کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 50گرام ہیروئن ضبط کی گئی۔اس سلسلے میں پولیس نے گنگیال تھانے میںایف آئی آر نمبر 02/2018 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی ایس ایچ او پولیس تھانہ گنگیال ،ایس آئی نائت علی اورایس ڈی پی اوسٹی سائوتھ جموں رفیق منہاس اورایس پی سٹی سائوتھ رندیپ چودھری کی نگرانی میں عمل میں لائی۔
نوجوانوں کوثقافت وروایات کے ساتھ جوڑناناگزیر:پریا
نئی دلی /تعلیم اور سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے پنڈت برادری کی طرف سے اپنے بچوں کو ثقافتی اور ہیرٹیج روایات کے ساتھ جوڑے رکھنے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ آرٹ ، ثقافت اور زبان کے ذریعے سے اپنی سرزمین کے ساتھ وابستہ رہتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ جاوید رہتے ہیں۔وزیر موصوفہ نئی دلی میں جموں وکشمیر وچار منچ کی طرف سے منعقد کئے گئے گاشہ تارک (VI) نامی کے پی آئیڈل پروگرام کے دوران مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نئی پود کو اپنی جڑوں کے ساتھ جوڑے رکھنے اور ان کی شناخت برقرار رکھنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔پریاسیٹھی نے کہا کہ کشمیر پنڈت طبقے کی اس کوشش کی بدولت یہ نوجوان نہ صرف اپنے طبقے کے برینڈ سفیر بنیں گے بلکہ وہ ریاست کی منفرد ثقافت کو عالمی سطح پراجاگر کرنے میں بھی اپنا رول ادا کرسکیں گے۔انہوں نے جیتنے والے نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کہ یہ طبقہ پوری دنیا میں اپنے کلچر کو زندہ رکھنے کے مشن کو جاری رکھے گا۔ پریاسیٹھی نے کہا کہ کشمیری زبان ایک میٹھی زبان ہے اور کشمیری موسیقی نے ہمیشہ سامعین کو محظوظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کشمیری پنڈت لڑکی نے حال ہی میں کے اے ایس امتحان پاس کیا جبکہ مختلف شعبوں میں پنڈت برادری کے رول کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے متعلقہ تنظیم کی طرف سے جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے اور اسے فروغ دینے کے لئے کی جارہی کوششوں کی بھی سراہنا کی۔بعدمیں وزیر موصوفہ نے جیتنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔واضح رہے کہ اس مقابلے میں جموں ، دلی این سی آر اور دہرا دون سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 200بچوں نے شرکت کی۔ صدر جے کے وی ایم سنجے گنجو ، جنرل سیکرٹری منوج بھان کے علاوہ کئی دیگر شخصیات بھی اس موقعہ موجود تھیں۔
جموں نرسنگ کالج میں رواں تدریسی سیشن سے کلاسز شروع ہوں گی
جموں //حکومت نے نئے قائم کئے گئے نرسنگ کالج جموں میں رواں سیشن سے پہلے بیچ کے کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پہلا بیچ60 طُلاب پر مشتمل ہوگا اور اُمیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لایا جائے گا۔ اس داخلے کے لئے980 اُمیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔نرسنگ کالج گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر سے کام شروع کرے گا اور یہ جموں یونیورسٹی کے ساتھ منسلک ہوگا جبکہ فکیلٹی اور دیگر عملے کی تعیناتی کے لئے انٹر ویو اسی ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔یہ فیصلہ آج اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لیا گیا۔میٹنگ میں متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
آئی او سی ایل ٹیم چیف سیکرٹری سے ملاقی
جموں//انڈین آئیل کارپوریشن لمٹیڈ ( آئی او سی) کی ایک ٹیم چیف جنرل منیجر سندیپ جین کی قیادت میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس کے ساتھ ملاقی ہوئی اور اس موقعہ پر سرینگر اور جموں میں تیل ٹرمنل کے علاوہ اننت ناگ میں ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ کے لئے حصول اراضی سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کٹرہ کے ساتھ ایس آئی پی کے حوالے مفاہمت نامے اور لسجن بائی پاس سرینگر میں ایک آٹو ایل پی جی سٹیشن قائم کرنے سے جڑے امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔چیف سیکرٹری نے حصول اراضی کے عمل میں تیزی لانے پر زور دیا اور آئی او سی ایل کو یقین دلایا کہ بڈگام، سرینگر،اننت ناگ اور جموں ضلع انتظامیہ کے ساتھ ساتھ متعلقہ سرکاری محکموں سے کہا جائے گا کہ وہ عمل میں تیزی لاکر رکاوٹوں کو فوری طور دُور کیا جائے۔ انہوں نے آئی او سی ایل سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تیل ڈیپو او آئی ایس ڈی کے قوانین کے مطابق ہوں اور ہر طرح کے احتیاطی اقدامات بھی اُٹھائے جانے چاہئیں۔