شیعہ فیڈریشن کی ہولی کے تہوارپرمبارکباد
جموں//شیعہ فیڈریشن نے ہولی کے تہوار کے موقعہ پر ریاست کی ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن و بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔ یہاں جاری ایک بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ مذہبی تہوار آپسی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم موقعہ ہوتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس تہوار سے ریاست خاص طور پر جموں میں بھائی چارہ مزید مضبوط ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ اس ریاست کو اس وقت جہاں امن کی ضرورت ہے وہیں بھائی چارہ بھی بہت ضروری ہے جس کیلئے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات و احساسات کا احترام کرناہوگا۔ عاشق خان نے کہاکہ وہ ہولی کے موقعہ پر ریاست کی ہندو برادری کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
پنتھرس پارٹی کااجلاس 2مارچ کو
جموں//نیشنل پنتھرز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ 2مارچ کو جموں میں منعقد ہو رہی پارٹی کے کارکنوں کی میٹنگ میں شرکت کررہے ہیںتاکہ 23مارچ کو پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے ہونے جارہے سالانہ کنوینشن کے لئے کئے جارہے انتظامات کو حتمی صورت دی جاسکے۔ پنتھرز پارٹی کا قیام 23مارچ 1982میں عمل میں لایا گیا تھا ۔پروفیسر بھیم سنگھ اس موقعہ پر جے کے این پی پی کے لئے عملی لائحہ عمل ترتیب دیں گے تاکہ جموں ، کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو ترقی کے یکسان مواقعے دستیاب ہو سکیں۔
حکومت جموں کے عوام کی امنگوں کوبھی خاطرمیں لائے:وکرم ادتیہ
ادہم پور//قانون ساز کونسل کے سابق ممبر وکرم دتیہ سنگھ نے کہا ہے کہ ریاست کے تینوں خطوں کی متوازن ترقی کو یقینی بنا نے کے ساتھ خطہ جموں کے لوگوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ان کی ترقی اور خوشحالی کو بھی پیش نظر رکھاجانا چاہیے۔ ادہم پور کے اپنے تین روزہ دور ے کے اختتام پر ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد سے بات چیت کرتے ہوئے وکرم دتیہ نے کہا کہ جموں کے لوگ محسوس کررہے ہیں کہ انہیں موجودہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی کی مخلوط سرکار کے دور اقتدار میں تعمیر و ترقی ، نوکریوں کی فراہمی او ردیگر شعبوں میں نظر انداز کیا جارہا ہے۔وکرم دتیہ نے کہا کہ میں نے جب دیکھا کہ جموں کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے تو میں نے بطور احتجاج قانون ساز کونسل کی ممبر شپ سے استعفیٰ دے دیا ۔ اپنے اس تین روزہ دورے کے دوران وکرم دتیہ نے سول سوسائیٹی کے ممبران ، سماجی تنظیموں کے نمائندوںاور سیاسی پارٹیوں سے وابستہ لوگوں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔اس دوران بیوپار منڈل اور چیمبرز آف کامرس کے ممبران نے بھی سابق قانون سازیہ کے ممبر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے درپیش مسائل کے بارے میں آگا ہ کیا ۔
جے ڈی اے کی ہیڈاسسٹنٹ کے اعزازمیں الوداعیہ
جموں//جموںڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ہیڈ اسسٹنٹ نینا کماری 42سال کی خدمات انجام دینے کے بعد ر یٹائر ہوگئیں۔ان کے اعزاز میں محکمہ کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ نینا کماری نوکری کے دوران اپنی خدمات نہایت ہی لگن اور تندہی کے ساتھ انجام دیںجو کہ محکمہ کے ملازموں کے لئے مشعل راہ ہیں۔مقررین نے نینا کماری کی ریٹائر منٹ کے بعد کی زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
عازمین حج کیلئے ہوائی کرایہ میں راحت کاخیرمقدم
نئی دلی/وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس سا ل سے مرکزی حکومت کی طرف سے عازمین کیلئے ہوائی کرایہ میں راحت دینے کے فیصلے کا خیرمقد م کیا ہے۔مرکز کابالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قدم کی بدولت سبسڈی کو ختم کرنے کی وجہ سے ہوائی سفر میں خرچے کو کو توازن میں رکھنے میں مدد ملے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ائیر انڈیا، سعودی ائیر لائنز اور فلائی ناس کے مسافروں کے لئے ہی ہوائی کرایہ میں یہ رعایت دی جاے گی۔ہوائی کرایہ میں رعایت 20,000روپے سے 97,000روپے تک دی جارہی ہے اور اس فیصلے کے سب سے بڑے مستحقین وہ عازمین حج ہوں گے جو سرینگر امبارکیشن پوائنٹ سے اپنا سفرشروع کریں گے۔
شاردا کمیٹی وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقi
نئی دلی/سیو شادرا کمیٹی کشمیر کی ایک ڈیلی گیشن یہاں وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوئی۔ڈیلی گیشن کی قیادت فائونڈر ممبر رویندر پنڈتا کر رہے تھے ۔ ڈیلی گیشن نے ایل او سی کے اس پار قائم شادر ا پیٹھ ٹیمپل کو کشمیری پنڈت ممبران کے لئے کھولنے کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کمیٹی ممبران سے کہا کہ وہ امن کے ذریعے تمدنی وراثت کو ازسر نو زندگی کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے ڈیلی گیشن کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبے پر غور کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
گورنراوروزیر اعلیٰ کی ہولی کے موقعہ پرمبارکباد
جموں/ریاستی گورنر این این ووہرا اوروزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے لوگوں کو ہولی کے تہوار کے سلسلے میں مبارکباد دی ہے ۔ اس تہوار کو رنگوں کا تہوار بھی کہتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار لوگوں کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا پیغام لائے گا ۔ گورنراوروزیر اعلیٰ نے ریاست جموں و کشمیر کو تمدنی وراثت ، اعلیٰ قدروں اور رنگ برنگے تہواروں کی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تہواروں کی بدولت لوگوں میں آپسی بھائی چارہ اور محبتوں کے بندھن مضبوط ہوتے ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے اس موقعہ پر لوگوں کی خوشحالی اور اُن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔
میرج اسسٹنس سکیم کی عمل آوری
آسیہ نقاش کی از سر نو سروے کی ہدایت
جموں/سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے سٹیٹ مریج اسسٹنس سکیم کے سلسلے میں از سرنو سروے کرانے کی ہدایت دی تاکہ مالی معاونت کی مستحقین غریب لڑکیوں کی نشاندہی کی جاسکے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوفہ نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ وزیر نے کہاکہ ازسر نو سروے کی بدولت ایس ایم اے ایس کے تحت اور زیادہ غریب لڑکیوں کو مالی معاونت فراہم کی جاسکے گی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ سروے مارچ کے آخر تک مکمل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے پچھلے دو برسوں کے دوران سکیم کے تحت 9148بن بہائی غریب لڑکیوں میں 35.86کروڑ روپے مالی معاونت کے طور تقسیم کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ غریبی کی سطح سے نیچے گزر بسر کرنے والی غریب لڑکیوں کو 25ہزار روپے کی مالی معاونت اور پانچ گرام سونا دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سماج کے کمزور طبقوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔میٹنگ میں سیکرٹری سوشل ویلفیئرسجاد احمد خان، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ویر جی ہانگلو ، ڈائریکٹر فائنانس اے ایم بٹ اور ضلع سماجی بہبود افسران موجود تھے۔
دہلی میں آئی سی اے آر کی سالانہ جنرل میٹنگ
نئی دلی//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے نئی دلی میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرریسرچ کی 89ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں شرکت کی جس کی صدارت مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے کی ۔کمشنر سیکرٹری ایگریکلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ، سیکرٹری اے پی ڈی ، ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر اور جموں ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ اور ایم ڈی ایگرو نے میٹنگ میں شرکت کی میٹنگ کے دوران وزیر نے ریاست میں زرعی سیکٹر و دیگر سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے سلسلے میں مختلف ضروریات اُبھارے۔مرکزی وزیر نے وزیر زراعت کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
سرینگر واٹر ٹرانسپورٹ سسٹم کے آغازکامنصوبہ
چیف سیکرٹری نے خدو خال پر غور و خوض کیا
جموں/چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے سرینگر واٹر ٹرانسپورٹ سسٹم کے پہلے مرحلے کو چالو کرنے کے خدو خال پر غور و خوض کیا ۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، سیکرٹری پی ایچ ای اور آئی اینڈ ایف سی انوج ملہوترہ ، ٹریفک ایڈوائیزر جے اینڈ کے اور مختلف محکموں کے سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مختلف محکموں او ر حکام جن میں آئی اینڈ ایف سی ، سیاحت ، ٹرانسپورٹ ، آر اینڈ بی اور پی ڈی ڈی کے رول کے بارے میں میٹنگ میں تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ ان کے علاوہ ایس ایم سی ، ایل اے ڈبلیو ڈی اے اور جے اینڈ کے ایس ڈبلیو آر آر اے محکموں کا بھی سرینگر واٹر ٹرانسپورٹ کو چالو کرنے میں اہم رول ادا کرنا ہو گا ۔
محمد اکبر لون کی صدارت میں پی اے سی اجلاس منعقد
جموں/جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی میٹنگ یہاں ایم ایل اے محمد اکبر لون کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ارکان قانون سازیہ اعجاز احمد خان، عبدالرشید ڈار ، رویندر رینہ ، جیون لال ، محمد یوسف بٹ، مشتاق احمد شاہ ، غلام نبی مانگا او رفردوس احمد ٹاک نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کی کارکردگی کے بارے میں اپنی قیمتی آراء سے میٹنگ کو آگاہ کیا۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ خاطر تواضع محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ اگلی میٹنگ میں لیا جائے گا۔کمیٹی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اگلی میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ خاطر تواضع ، ریذیڈنٹ کمشنر نئی دلی و دیگر متعلقہ افسران کو میٹنگ میں شرکت کرنے کے لئے طلب کرے۔سپیشل سیکرٹری اسمبلی ایم آر سنگھ ، ڈپٹی سیکرٹری اسمبلی فاروق احمد خان ودیگر اسمبلی کے افسران میٹنگ میںموجود تھے۔
کے اے ایس افسروں کے لئے تربیتی پالیسی
آفیشل پینل نے چیف سیکرٹری کو رِپورٹ پیش کی
جموں//خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری کی سربراہی میں آفیشل پینل نے چیف سیکرٹری بی بی ویاس کو کے اے ایس افسروں کے لئے تربیتی پالیسی کا رِپورٹ پیش کیا۔ کمیٹی میں کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی خورشید احمد ،سابق سیکرٹری اطلاعات ایم ایچ ملک ،ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر غلام نبی ایتو، صنعت و حرفت وزیر کے او ایس ڈی ڈاکٹر روی شنکر شرما اور امپارڈ کے نمائندے شامل تھے۔
تصدق مفتی نے محکمہ سیاحت ، جے کے ٹی ڈی سی کی کارکردگی کا جائزہ لیا
جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے محکمہ سیاحت کشمیر اور جے کے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران لیا۔ میٹنگ کے دوران وزیر نے محکمہ کے اثاثوں اور ان کی اَپ گریڈیشن اور اختراعی عمل ،عملے کی کپسٹی بلڈنگ پروگراموں ، اثاثوں کے ویسٹ منیجمنٹ اور پروموشنل سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کیں۔وائس چیئرمیں جے کے ٹی ڈی سی رفیع احمد میر ، سیکرٹری ٹورازم سرمد حفیظ ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر محمود احمد شاہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم پیرزادہ ظہور ،وسیم راجا کے علاوہ محکمہ اور کارپوریشن سے تعلق رکھنے والے دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔انہوں نے وزیر کو ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ ناظم سیاحت کشمیر نے اس موقعہ پر محکمہ کی کارکردگی کی تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ہٹوں و دیگر اثاثوں کی تعمیر میں مناسب ڈیزائن کے لئے ماہرین کا مشورہ حاصل کرنے پر زور دیا۔ سیکرٹری ٹورازم سرمد حفیظ جو ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی بھی ہیں نے کارپوریشن اور اس کے جائیدادوں کی تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ محکمہ اور کارپوریشن کو احسن طریقے پر چلانے کے لئے تمام ترقیاتی کاموں کو معیاد بند طریقے پر مکمل کیا جاناچاہیئے۔