مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام ،چارافرادگرفتار
جموں//جموں کشمیرپولیس نے ادہم مورمیں مویشی سمگلنگ کی ایک کوشش کوناکام بناتے ہوئے چارافرادکوگرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پرکارروائی عمل میں لائی اورایک ناکے پرتلاشی کے دوران ٹرک میں سے غیرقانونی طورپرلے جائے جارہے 6مویشیوں کوبرآمدکیا۔پولیس نے چارافرادسمیراحمد، فاروق ملک، محمدرفیق اوربشارت کوگرفتارکرکے ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ مجالتہ میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
کشمیر بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ سیاسی مسئلہ : حکیم یاسین
جموں//چیرمین پی ڈی ایف اور ایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے ان عناصر کی شدید مذمت کی ہے جو ذاتی حقیر مفادات کے لئے مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی اہمیت کو زائل کرنے کے لئے آئے دنوں نت نئے بیانات دے رہے ہیں۔یہاں پریس بیان حکیم یاسین نے کہا ہے مسئلہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جو پچھلی کئی دہایئوں سے حل طلب ہے اور اس کی سیاسی حیثیت اور حقیقت کو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ نا عاقبت اندیش سیاسی شخصیات اپنے حقیر مفادات کے لئے مسئلہ کشمیر کے تئیں غیر مبہم اورحقیقت سے بعید بیانات دیکر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی خد و خال اور شبیہ کو ذائل کرنے کی موقعہ پرستانہ بیان بازی سے کشمیری لوگوں میں علیحدگی پسندی کے رجحانات کو کو مزید تقویت ملنے کا اندیشہ ہے جو قومی مفاد عامہ کے بالکل منافی ہے۔پی ڈی پی کے ایک رہنما کے کشمیر مسئلے کے بارے میں گزشتہ روز نئی دہلی میںمنعقدہ ایک تقریب پر دئے گئے بیان پر حکیم یٰسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر مانا گیا ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو باہمی طور گفت وشنید کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
سوچھ بھارت مشن کی عمل آوری کیلئے اقدامات
ڈی سی ادہم پورکالوگوں کوجانکاری دینے پرزور
ادھم پور//ضلع ترقیاتی کمشنر ادھم پور رویندر کمار نے پنچایت سیال جتن کا دورہ کیا۔ اس دوران ڈی ڈی سی موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ لوگوں کو سوچھ بھارت مشن کے بارے میں جانکاری دی جائے تاکہ ہم ضلع ادھمپور کو صاف رکھنے میں کامیاب ہو سکیں۔ اس موقعہ پرخیالات کااظہارکرتے ہو ئے رویندر کمار نے کہا کہ لوگوں کو گھروں میں بیت الخلا ء تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ سوچھ بھارت مشن کا مقصد یہی ہے کہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جائے۔اس دوران لوگوں کو صفائی کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا اور لوگوں کو اس بات کا یقین دلایا کہ سوچھ مشن سکیم کے تحت پہلے مرحلہ میں ضلع کے سات بلاک اٹھائے جائیں گے۔ روندر کمار نے کہا کہ اس کے لئے ہم پانچ ایسے گروپ بنا رہے ہیں جو لوگوںکو اس سکیم کے بارے میں جانکاری دیں گے ،اس موقعہ پرکھلے میں پاخانہ کرنے کے نقصانات کے بارے میں بھی بتایاگیا اور لوگوں کو گھروں میں بیت الخلا تعمیر کرنے پرزوردیاگیا۔
کسان مشاورتی بورڈ کاکھادفراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ میٹنگ
جموں//کسانوں کی ترقی سے متعلق جے اینڈ کے سٹیٹ مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین دلجیت سنگھ چب نے کسانوں کو کھادیںفراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی ۔ اس دوران کسانوں کو کھادین فراہم کرنے سے متعلق متعدد امر زیر بحث لائے گئے۔ڈائریکٹر زراعت جموں ایچ کے رازدان ، کنٹرولر فرٹلائزر جموں و کشمیراو ۔ کے کول کے علاوہ دیگر اہلکار بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وائس چیئر مین نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ مقدار میں کھادوں خصوصی طور پر یوریا کے استعمال کی وجہ سے زمینوں پر برا اثر پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے پیداوار کے معیار میں گراوٹ آگئی ہے۔انہوں نے فصلوں کی معیاری پیداوار کے لئے متوازن کھادوں کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ۔ میٹنگ میں موجود کھادوں کی کمپنیوں کے نمائیندوںنے کسانوں کو معیاری کھادیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
جموں وکشمیر تاریک ترین دورسے گزررہی ہے:کانگریس
جموں// کانگریس کے سینئر لیڈر مہندر بھاردواج نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر جیسی حساس ریاست اس وقت اپنی تاریخ کے تاریک ترین دور سے گزر رہی ہے۔کیونکہ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی کی حکومت ہونے کی وجہ سے عوام کو ذات پات اور خطوں کی بنیادوں پر تقسیم کیا جارہاہے اور ناقص انتظامیہ کی وجہ سے غریب اور پچھڑے ہوئے طبقوں کاکوئی پرسان حال نہیں ہے تو دوسری طرف مہنگائی آسمان چھو رہی ہے جس کے نتیجہ میں ہر شخص پریشان ہے۔مہندر بھاردواج چنانا بشناہ میں عوام سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی خستہ حالت بی جے پی ۔ پی ڈی پی حکومت کی ناقص کارکردگی کی عکاس ہے۔بھاردواج نے قومیت اور وطن پرستی نے نا م پر جھوٹ بولنے کے لئے وزیر اعظم مودی اور ریاست کے بی جے پی لیڈروں کو آڑے ہاتھوں لیا ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورہ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ حکومت مکمل طور پرب ناکام ہوگئی ہے۔اور اب وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے کے لئے ذات پات اور خطوںکے مسلے کھڑے کررہی ہے۔اس موقعہ پر رتن لال ، وجے کمار ،میر چند ، اجے کمار ، کرپال سنگھ، درشن کمار، سرجیت سنگھ، وزیر سنگھ، اتر سنگھ اور دیگران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
پانی کے تحفظ سے متعلق سانبہ اورکٹھوعہ میں ورکشاپ
جموں//نیشنل ڈیولپمنٹ فائوڈیشن جموں و کشمیر جموں نے محکمہ پی ایچ ای و ایری گیشن و فلڈ کنٹرول کے سی سی ڈی یوڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے این آر ڈی ڈبلیو پی کے تحت گورنمنٹ ڈگر ی کالج سانبہ میں ضلع سطح کی ایک ایڈوکیسی ورک شاپ کا اہتمام کیا ۔ڈپٹی کمشنر شیتل نندا اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھیں۔اس پروگرام میں تعلیم ، دیہی ترقی ،صحت ، آئی سی ڈی ایس اور سماجی بہبود کے اہلکاروں کے علاوہ طلبأ نے بھی حصہ لیا ۔اس کے علاوہ کالج کے پرنسپل جی ایس رکھوال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اسی طرح سے کٹھوعہ میں بی اس طرح کے ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع’’صاف و شفاف پانی کی دستیابی میں نوجوانوں کا رول تھا‘‘اس سیمنار کا اہتمام بھی نیشنل فائوڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا ۔وومن ڈگری کالج کٹھوعہ کی پرنسپل محترمہ کلوندر کور اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھیں۔اس سیمنار میں 10طالب علموں نے حصہ لیا او ر پانی کے منصفانہ استعمال اور اس صاف شفاف بنائے رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔پرنسپل نے بھی اس موقعہ پر اپنی تقریر میں پانی اکی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انسانی بقا کے لئے پانی کا منصفانہ استعمال لازمی ہے۔انہون طالب علموں سے کہا کہ پانی اہمیت کے بارے میں عام لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کے ایک سفیر کے طور پر کام کریں۔
روپ نگرمیں مبینہ طورجانورکوزبح کرنے کامعاملہ
مسلم ایکشن کمیٹی کااعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کامطالبہ
جموں//گذشتہ ہفتہ جموں کے علاقہ روپ نگرمیں جانور کو ذبح کرنے کے فرضی اور من گھڑت سانحہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری ظہور احمد نے کہا ہے کہ اس طرح کے بے بنیاد اور من گھڑت کہانیاں بنانے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہیے جو کہ خطہ جموں میں ذات پات اور خطوں کی بنیادوں پر امن و امان کے پرامن ماحول کو بگاڑنے اور صدیوں پرانے بھائی چارے کو زک پہنچانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔جنرل سیکرٹر ی نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں میڈیا اشخاص کے سا تھ باچیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں اس قسم کے شر پسند عناصر کے ساتھ معیاد بند وقت کے اندر آ ہنی ہاتھو ں نمٹنے کی مانگ کی۔اس کے علاوہ انہوں نے اس طرح کی بے بنیاد افواہیں پھیلانے والے عناصر کا پتہ لگانے کے لئے موثر کاروائی کرنے کی بھی مانگ کی ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک ہفتہ گذر جانے کے باوجود بھی ابھی تک پولیس نے نہ تو کسی کو گرفتار کیا اور نہ ہی اس بارے میں کوئی بیان دیا ہے ۔ انہون نے کہا کہ لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ شر پسند عناصر کون ہیں جموں کے پرامن حالات کو خراب کرنے کی قابل مذمت کوشش کررہے ہیں۔جنرل سیکرٹری نے وکیل انکوش شرما کی سرگرمیوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے اشخاص کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کی جانی چاہیے جو اپنے حقیر مفادات کی خاطر نفرت انگیز تقریروں کے ذریعہ جموں کے سادہ لوح عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔جنرل سیکرٹری نے جمون و کشمیر عدالت عالیہ کے عزت مآ ب چیف جسٹس سے استدعا کی کہ وہ نفرت انگیز تقریر کرنے کے لئے انکوش شرما کا لائسنس معطل کریں کیونکہ انہوں نے مختلف طبقوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے لئے نفرت انگیز تقریر کی ہے جس کی وجہ سے صدیوں پرانے بھائی چارے کو زک پہنچ سکتا ہے۔کٹھوعہ کے عصمت ریزی اور قتل کے گھنائونے جرم کی کھلے عام حمایت کرنے کے لئے ظہور احمد نے پنتھرز پارٹی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ جماعت ریاست کو مذہب کی بنیادوں پر ریاست کو تقسیم کرنے کو شش کررہی ہے۔
وزیراعظم ریاست میں امن بحالی کیلئے اقدامات اُٹھائیں: بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے، جو مودی حکومت سے قبل قومی یکجہتی کونسل کے رکن تھے، وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ طویل عرصہ سے جل رہے جموں وکشمیر میں امن بحالی کے لئے حریت کانفرنس کے نمائندوں سمیت ریاست کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں سے صلاح و مشورہ کریں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ ریاست میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ شہری ہلاک کئے جارہے ہیں، بینکوں اور پرائیویٹ املاک کو لوٹا جارہا ہے، اسکول اور تعلیمی ادارے پوری طرح تباہ حال ہیں اور ہر طرف افراتفری کاماحول ہے جو ریاستی انتظامیہ ہرسطح پر ناکام ہونے کا ثبوت ہے۔انہوں نے ہندستان کے وزیراعظم پر سے پرزور اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے پانچ پانچ نمائندوں کی میٹنگ طلب کریں حالانکہ حریت کانفرنس تسلیم شدہ سیاسی جماعت نہیں ہے اس کے باوجود وہ اس کی بات بھی سنی جانی چاہئے جس سے ریاست میں امن بحالی میں اس کے تعاون کو یقینی بنایا جاسکے ۔پنتھرس سپریمو نے ریاستی اور قومی قیادت سے جموں وکشمیر کی موجود ہ حکومت کو برخاست کرکے گورنر راج لگانے کی اپیل کی جس کی جموں وکشمیر کے آئین میں گنجائش دی گئی ہے(خیال رہے کہ جموں وکشمیر الگ آئین ہے)۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال قومی اتحاد و یکجہتی اورجموں وکشمیر میں امن بحالی کے لئے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعظم کسی دوسرے معاملہ میں مصروف ہیں تو وہ اپنی ایک یا دو سینئر وزرا کو اس کی ذمہ داری سونپ سکتے ہیں جو حریت کانفرنس سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے صلاح و مشورہ کریں۔انہوں نے وزیراعظم سے کہاکہ لداخ،کشمیر اور جموں کے لوگوں سمیت تمام لوگ ان کی طرف پرامید نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔جموں وکشمیر کی حکومت کو برخاست کرکے گورنر راج لگایا جائے جس کی گنجائش جموں وکشمیر کے آئین اور ہندستانی آئین دی گئی ہے۔
جموں وکشمیر بچاؤتحریک کی جموں میں یوتھ ریلی
عبدالغنی وکیل، گل چین سنگھ چاڑک اوررفیق شاہ کانوجوانوں سے خطاب
جموں//جموںکشمیر بچاؤ تحریک کی طرف سے یہاں گا ندھی نگر میں ایک یوتھ ریلی کاانعقاد کیاگیا جس کی صدارت پارٹی کے سرپرست سابق وزیر گل چین سنگھ چاڑ ک نے کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بچاؤ تحریک کے صدر اورسا بق وزیر عبدالغنی وکیل نے نوجوانوں کو ان طاقتوں سے خبردار ر ہنے کی تلقین کی جوصر ف حصول اقتدار اور سیاسی مقاصد کے لئے عوام کومذہب ،ذات پات اور صوبوں کے نام پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔اور ایک دوسرے کے ساتھ لڑانے کی کوشش میں ہیں جو ہر لحاظ سے ملک اور ریاست کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کے ساتھ ساتھ ریاست میں ہندو مسلم سکھ اتحاد کو مضبوط بنایا جائے تب ہی ریاست خوشحال بن سکتی ہے اور دشمن کو ہر سطح پر منہ توڑ جواب مل سکتا ہے۔عبدالغنی وکیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست میں خاندانی راج اور کورپشن کے خاتمے کے لئے صف آراء ہو جائیںکیونکہ ان ہی دو چیزوں سے کشمیر مسئلہ لٹکتا رہا ہے۔اور عوام گونا گوں مصائب سے دوچار ہے۔انہوں نے نیشنل کانفرنس اور پی۔ڈی ۔پی پر کورپشن کے حوالے سے کورپٹ سیاستدانوں اور آفیسروں کو بچانے کے لئے ایک پوشیدہ معاہدہ کا الزام لگایا اور کہا کہ جب بھی یہ جماعتیں اقتدار میں آتی ہیں تو بڑے بڑے مگر مچھوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوتی ہے بلکہ صرف چھوٹے چھوٹے ملازموں کو کورپشن کے نام پر خوفزدہ کیا جاتا ہے جس کا ثبوت حال ہی میں اس بیان سے ہورہا ہے جو احتسابی کمیشن کے چیرمین نے دیا جس میں انہوں نے سرکار پر احتسابی کمیشن کو مفلوج بنانے کا الزام لگایا ہے۔ریلی سے پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور سابق ایم ایل سی سعید محمد رفیق شاہ نے اپنے تقریر میں چور دروازے سے بھرتیوں کا تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ حالیہ بھرتیوں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ مخلوط سرکار میں کنبہ پروری اور اقربا پروری کو کافی فروغ مل رہا ہے اور حقدار نوجوان سرکار ی ملازمتوں سے روز بروز محروم ہوتا جارہا ہے جو کسی بھی وقت ریاست اور ملک کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔اس موقعہ پر ضلع جموں یوتھ کے صدر ہمانشو شرما اور نائب صدر شری سنجے کمار نے بھی تقریر یں کیں۔اور نوجوانوں کے مسائل اُبھارے ۔ریلی سے اور لوگوں کے علاوہ جموں کشمیربچاؤ تحریک کے میڈیا انچارچ سیکرٹری حکیم پر ویز نے بھی خیالات کااظہارکیا۔
خانہ بدوشوں سے متعلق حکومت کے فیصلے کی ستائش
جموں// آل انڈیا گوجر مہا سبھا کے قومی نائب صدر چوہدری پشیر احمد کھٹانہ نے خانہ بدوش گوجر بکروالوں کے حق میں حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے لئے گئے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا ۔ جموں میں سبھاکی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کھٹانہ نے حکومتی فیصلہ کہ خانہ بدوش جہاں جہاں بیٹھے ہیں انہیں ان جگہوں پہ بیٹھے رہنے دیاجائے کی ہدایت کافی اہمیت کی حامل ہے بشیر کھٹانہ نے کہا کہ یہ ہمارا دیرینا مطالبہ تھا جسے انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کے سامنے بار بار پیش کیا تھا ۔اس سلسلہ میں مرکزی حکومت نے بھی ریاستی حکومت سے بات چیت کی تھی جس کے لئے ہم وزیر اعظم ہند مرکزی قبائلی امور وزیر جوارم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے طبقہ کوخانہ بدوش ہونے کی وجہ سے دربدر ہونا پڑتا تھاجس کی وجہ سے انکے بچوں کی تعلیم اور روزگار پر منفی اثر پڑتا تھا۔ ۔بشیر کھٹانہ نے کہاکہ اس فیصلہ کے بعد کچھ شر پسند عناسر کی طرف سے دئے گئے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کڑی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے طبقہ کے لوگوں کے ساتھ اگر کسی جگہ پہ کسی بھی طرح کی زیادتی کی گئی تو نتائج ٹھیک نہ ہوں گے۔ انہوں نے سیاست دانوں کو بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ نفرت آمیزپالیسیاں ترک کر کے عوام کے مسائل حل کریں جس مقصد کے لئے عوام نے انہیں چن کرایوان میں بھیجا ہے۔
ملازمین کاوفدسجادغنی لون سے ملاقی
جموں//آل جے اینڈکے سٹیشنری اینڈآف سپلائز ڈیپارٹمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کاوفدبابوحسین ملک کی صدارت میں وزیراے آرآئی، سٹیشنری اینڈپرنٹنگ سجادلون سے ملاقی ہوا۔اس دوران وفدنے ملازمین کی مانگوں جن میں ایس آراو365 کی ماڈی فکیشن اورایس آراو405کودوبارہ سے متعارف کرنے، ایگزیکٹیواورمنسٹریل کیڈرکی کمبائنڈ سنیارٹی لسٹ جاری کرنے ، سیکشن آفیسروں، ڈپٹی سپرانٹنڈنٹوں، سٹورکیپروں اوردرجہ چہارم اسامیوں کوپرنے ، نئی وجودمیں لائے گئے اضلاع میں سب سٹینشری ڈیپوئوں کاقیام عمل میں لاناوغیرہ کواُجاگرکیاگیا۔ اس دوران وزیرنے مسائل کوغورسے سنااوران کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔ وفدمیں ادھے سنگھ پٹھانیہ، جتونت سنگھ، سیوارام راٹھور، منجیت سنگھ ، ویری کول، دوارکاناتھ ،دلیپ سنگھ، کلدیپ کمار، شویندرکمار، دھرم ویرسنگھ،امرجیت سنگھ، اروندکمار، چندولال اورمحمداشرف شامل تھے۔
سپیکر کا ایس ڈی ایم دفتر کا دورہ
زیرالتواپی آرسی اسنادکے معاملات نمٹائے
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے لور گاڈی گاڑھ جموںمیں ایس ڈی ایم دفتر کا دورہ کیا جہاں لوگوں کو التوأ میں پڑے پی آر سی اسناد جاری کرنے کے لئے ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر سپیکر نے وہاں موجود لوگوں کے ساتھ بات کی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران کویندر گپتا نے کہا کہ وہ لوگوں کو کئی سالوں سے پی آر سی وقت پر نہ ملنے سے درپیش مسائل سے پوری طرح باخبر ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تعینات کئے گئے ایس ڈی ایم افسر لوگوں کو پی آر سی اسناد جاری کرنے کے لئے تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔سپیکر نے کئی لوگوں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
سانبہ میں روزگارمیلے کا افتتاح
نوجوان بہبودسکیموں سے استفادہ کریں:گنگا
جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے سانبہ میں ضلع ایمپلائمنٹ و کونسلنگ سینٹر کی طرف سے نیشنل کیئریر سروس پروگرا م کے تحت منعقد کئے گئے ایک روزگار میلے کا افتتاح کیا۔ڈی سی شیتل نندا ، ایس ایس پی سانبہ انیل منگوترہ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے جبکہ کافی تعداد میں نوجوانوں نے اس میلے میں شرکت کی۔وزیر موصوف نے وہاں مختلف کمپنیوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا ۔انہوں نے نوجوانوں کی بہبودی کے لئے دستیاب سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر نے پڑھے لکھئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آکر ان سکیموں اور پروگراموں سے استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس میلے کے ذریعے 200نوجوانوں کو روزگار کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ریاست میں صنعتی سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے وعدہ بند ہے اور حکومت کئی نئے صنعتی یونٹ قائم کر رہی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔اس سے قبل انہوں نے بیر پور سانبہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا جہاں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے اپنے اپنے مسائل سے وزیر موصوف کو آگاہ کیا۔
حکومت کسان طبقے کی بہبود کیلئے وعدہ بند : ہانجورہ
جموں//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے تمام مسائل سے باخبر ہے اور کسانوں کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتر ی لانے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ وزیرنے ان باتوں کا اظہار آج یہاں مختلف وفود بشمول آل جموںوکشمیر کسان یونین کے وفد کے ساتھ ملاقات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ وفود کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو محکمہ کی سکیموں میں شامل کیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران کسانوں نے بیجوں اور کھادوں کی بروقت فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات بھی اُجاگر کئے ۔علاوہ ازیں انہوں نے کسان کریڈٹ قرضوں کو معاف کرنے اور کراپ انشورنس سکیم کی عمل آوری کا بھی مطالبہ کیا۔ہانجورہ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وزیرنے کہا کہ حکومت کسانوں کی بہبودی کے لئے سوئیل ہیلتھ کارڈ سکیم ،فصل بیمہ یوجنا اور پردھان کرشی سینچائی یوجنا شروع کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی ان کی دہلیز پر کاشتکاری کے جدید طور طریقوںسے روشناس کرانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ہانجورہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کسان طبقے کی بہبودی میں ذاتی طور دلچسپی لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بھی زرعی سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے لئے فراخدلانہ رقومات فراہم رکر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سال 2022تک کسانوں کی آمدن دوگنا کرنے کے نشانے کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔
خطہ جموں کے ہسپتالوں میں جاری تعمیراتی کاموں کاجائزہ
وزیرصحت کی کاموں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے جموں خطے کے ہسپتالوں میں جاری کاموں کی پیش رفت کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مریضوں کو دی جارہی سہولیات کے حوالے سے ہاتھ میں لئے گئے کاموں کو زیر بحث لایا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ، پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر سنندا رینہ ، ڈائریکٹر فائنانس ، صحت و طبی تعلیم محمد رفیع کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معیاری کاموں کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر مختلف ہسپتالوں میں افرادی قوت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے سے جڑے امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں قابل مرمت کاموں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیئے۔میٹنگ میں جی ایم سی کے نزدیک ایک مستقل فائر سٹیشن قائم کرنے کے حوالے سے منصوبے کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
حکومت بہتر آبپاشی سہولیات بہم کرانے کیلئے کوشاں:شام
کنالوں میں سے فوری طور ملبہ نکالنے کی ہدایت دی
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے ریاست کے لوگو ں کو بہتر آبپاشی سہولیات بہم کرانے کے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ جموں صوبے میں بڑی کنالوں میں سے فوری طور سے ملبہ نکالیں تاکہ پانی کے موثر اخراج کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیرموصوف نے یہ ہدایات آج یہاں ایک جائزہ میٹنگ کے دوران دیں جس دوران کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی جائز ہ لیا گیا۔وزیر نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ملبہ نکالنے کے کام کی ذاتی طور نگرانی کریں۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں تمام تباہ شدہ آبپاشی کنالوں اور ٹیوب ویلوں کی مرمت کی جانی چاہیئے ۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی بہبود کو یقینی بنانے کے لئے مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔اس سے پہلے چیف انجینئر نے میٹنگ میںمحکمہ کے کام کاج کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔میٹنگ میں سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجو، چیف انجینئر اری گیشن جموں کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی جی جیل خانہ جات اورسابق ڈی جی پی گورنر سے ملاقی
جموں//ڈی جی پریزنز دلباغ سنگھ نے یہاں راج بھو ن میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی۔سنگھ نے مختلف جیلوں کا دورہ کرنے اور اُن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد وہاں کی صورتحال سے گورنر کو آگاہ کیا۔سنگھ نے جیلوںمیں چلائے جارہے بہبودی کے پروگراموں کے بارے میں بھی مطلع کیا۔گورنر نے جیلوں میں سیکورٹی انتظامات کو مؤ ثر طریقے پر یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے قیدیوں کے لئے طبی سہولیات اور بہبودی کے پروگرام چلانے پر بھی زور دیا۔علاوہ ازیں سابق ڈی جی پی ایم ایم کھجوریہ نے راج بھو ن میں گورنر این این ووہر اسے ملاقات کی۔کھجوریہ نے گورنر کے ساتھ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال قائم رکھنے ، آپسی بھائی چارے کو بڑھاوا دینے کے معاملات پر غور و خوض کیا۔انہوںنے گورنر کو حالیہ شائع شدہ مونوگراف کے بارے میں تفصیلات دیں جس میں جموں وکشمیر سے متعلق معاملات کو حل کرنے کی تجاویز درج ہیں۔گورنر نے کھجوریہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں کہا کہ وہ سماج اور لوگوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔
جموں وکشمیر کے ساتھ تجارتی روابط کافروغ
فرانسیسی وفد نے بشارت بخاری کو دعوت دی
نئی دلی//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری کو بھارت کے دورے پر آئے فرانسیسی صدر ایمان المیکران کے ہمراہ ایک تاجر وفد نے دعوت دی ہے تاکہ باغبانی شعبے میں جموں وکشمیر کے ساتھ تجارتی روابط کو بڑھاوا دیا جاسکے۔وزیرکو وفد کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران جانکاری دی گئی کہ ابسوجر نظام ریاست میں میوئوں اور سبزیوں کو سائنسی طریقے پر ذخیرہ کرنے میں کافی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ یہ نظام پچھلے تین برسوں سے زیر عمل ہے ۔وزیرنے اس ٹیکنالوجی کی تفاصیل وفد سے طلب کیں۔ بشارت بخاری نے کمپنی کے زعمائوں سے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن انہیں بھیج دیں۔انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ ریاست جموں کشمیرمیں سالانہ پانچ ہزار میٹرک ٹن میوئوںکی پیداوار ہوتی ہے اور حکومت اس میوے کو جدید ٹیکنالوجی پر محفوظ کرنے کی طرف توجہ دے رہی ہے۔انہوںنے وفد کو جانکاری دی کہ اس وقت ریاست میں کئی ایک کولڈ سٹوریج پلانٹ موجود ہیں تاہم ایسے مزید یونٹوں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔
پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح
وزیرکی جنگلاتی اراضی کی حد بندی یقینی بنانے کی ہدایت
جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے ریاست میں جنگلاتی اراضی کی حد بندی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ سبز سونے کو تحفظ بخشا جاسکے۔وزیر موصوف آج میران صاحب میں جنگلات اراضی کی حد بندی کی سیٹلمنٹ کے حوالے سے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔رکن اسمبلی گگن بھگت ، پی سی سی جنگلات روی کیسر کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔لال سنگھ نے کہا کہ جنگلاتی اراضی کی حد بندی کے لئے رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔انہوںنے ریاست میں گرین پاسچیرس کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ بنجر زمین کو بروئے کار لایا جانا چاہیئے۔انہوںنے کہا کہ گھاسوں کی مختلف اقسام تیار کرنے کے لئے نرسریوں کو کام پر لگایا جانا چاہیئے۔وزیر نے محکمہ جنگلات کے افسروں سے کہا کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے جنگلاتی اراضی پر ناجائز قبضہ نہ ہونے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو جنگلات کے فوائد کے بارے میں روشنا س کیا جانا چاہیئے کیونکہ جنگلات حیاتیاتی تنوع برقرار رکھنے اور بنی نوع انسان کے معیار زندگی میں بہتری لانے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔
اخلاقی اقدار پر مبنی سماج وجود میں لانے پر زور
سوچھتا پر تبادلہ خیال کرنا ہم سب کا فرض اوّلین : سنیل شرما
جموں//ٹرانسپورٹ اور دیہی ترقی کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے اخلاقی اقدار پر مبنی سماج وجود میں لانے پر زور دیا ہے ۔جموں یونیورسٹی میں سوچھتا بھارت ابھیان کے موضوع پر منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ نظرئیے میں تبدیلی لانے اور شہری بلدیاتی بنیادی ڈھانچے کے قیام کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اس سمینا ر کا انعقاد اطلاعات و نشریات کی مرکزی وزارت کے ڈائریکٹر آف فیلڈ پبلسٹی اور یونیورسٹی آف جموں نے مل کر کیا تھا۔ وزیر موصوف اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر ڈی شرما اور سینٹرل یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر نے تقریب میں مہمانانِ ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی۔ناظم اطلاعات و رابطہ منیر الاسلام کے علاوہ کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے اور انہوں نے موضوع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سنیل شرما نے کہا کہ ریاست میں سوچھ بھارت مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں ذرائع ابلاغ نے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سماج کو صاف ستھرا رکھنے میں ہر ایک کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیئے۔ اس دوران مقررین نے مہم کو کامیاب بنانے کے لئے شروع کی گئی سرگرمیوں کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کوئی بھی سکیم مرتب کرتی ہے تاہم یہ عام لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ و ہ اس سے کامیاب بنائیں۔
تصدق مفتی کاکشمیر گالف کورس شروع کرنے پر زور
جموں//سیاحت کے وزیر تصدق مفتی نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران کشمیر گالف کورس کو چالو کرنے کے سلسلے میں کئے جارہے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیر کو بتایا گیا کہ گالف کورس پر جاری ترقیاتی کام سرعت سے جاری ہے اور اس گالف کورس کا بنیادی مقصد گالف کو فروغ دینا ہے ۔چیئرمین جموں اینڈ کشمیربینک پرویز احمد ، سیکرٹری ٹورازم سرمد حفیظ اور متعلقہ محکمہ کے دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گالف کورس کو ماہِ جون 2018ء میں چالو کیا جائے گا اور متعلقہ ایجنسیز اس گالف کورس بین الاقوامی گالف کے معیار تک پہنچانے کے لئے تمام طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ اس گالف کورس میں بجلی کی فراہمی ، واٹر پمپنگ سسٹم اور ڈرنیج نظام کو ترقی دینے کے اقدامات کر رہا ہے۔تصدق مفتی نے گالف کورس کو دیواربندی کے کام میں تیز ی لانے کی ہدایت دی ۔انہوںنے گالف کورس میں تعینات عملے کی ملازمتوں سے متعلق مشکلات دور کرنے کی ہدایت دی۔
چیف جسٹس کے ہاتھوںجے کے ایس جے اے کے سالانہ نیوز لیٹر کااجراء
جموں//جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس بدر دُریز نے جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی کا سال 2017-18ء کا سالانہ نیوز لیٹر جاری کیا۔اس موقعہ پر چیئرمین جے کے ایس جے اے جسٹس الوک ارادھے ، اکیڈیمی کے ممبر جسٹس جنک راج کوتوال موجودتھے۔ان کے علاوہ ڈائریکٹر جے کے ایس جے اے عبدالرشید ملک ، رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ سنجے دھراور جموں ضلع کے تمام جوڈیشل افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔جوڈیشل افسروں سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے جے کے ایس جے اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل اکیڈیمی کو استفسار اور خیالات کے تبادلے کے لئے ایک پلیٹ فارم کرنا چاہیئے۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ اکیڈیمی اعلیٰ صلاحیت والے لوگوں کی رہبری میں ترقی حاصل کرے گی اور علم کی دولت کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔نیوز لیٹر کے اجرا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس نیوز کے ذریعے پچھلے سال کی کارکردگی کو مشتہر کرنے کے بعد مجھے امید ہے کہ اگلے سال کی نیوز لیٹرکا معیار اسے بہتر ہوگا۔چیئرمین جے کے ایس جے اے جسٹس الوک ارادھے ، جسٹس جنک راج کوتوال نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔اس سے قبل ڈائریکٹر جے کے ایس جے اے عبدالرشید ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔