کٹھوعہ میں خاتون کی پراسرارموت
جموں//ضلع کٹھوعہ کی ایک مِل کے رہائشی کوارٹروں میں ایک خاتون کوپراسرارطورپرچھت والے پنکھے کے ساتھ لٹکاہواپایاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ستوپا (43)ساکن مغربی بنگال کوجمعرات کی صبح رہائشی کوارٹروں میں چھت والے پنکھے کے ساتھ پراسرطورپرلٹکاہواپایاگیا۔پولیس نے نعش کوپوسٹ مارٹم کیلئے بھیجااورمعاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
جگتی نگروٹہ کے مقام پرہوائی اڈہ تعمیرکیاجائے:راکیش وزیر
جموں//مشن گوروروی داس کے موقعہ پر جنڈیال برنالی میںایک پروگرام کاانعقاد کیاگیا۔اس موقعہ پر صدرکٹرہ ہوٹل اینڈریسٹورنٹ ایسوسی ایشن راکیش وزیر نے کہ موجودہ دورمیں گوروجی کی تعلیمات کی پاسدارت وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سماج آج مذہب،ذات اوربرادری کی بناپرتقسیم ہورہاہے۔اس موقعہ پر وزیرنے کہاکہ جموں ہوائی اڈہ تجویزشدہ جگٹی کے مقام پرہی تعمیرہوناچاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ ہوائی اڈے کیلئے جگتی موزوں جگہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایسامقام ہے جہاں پرہرطرف سے مسافربہ آسانی پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ جگتی نگروٹہ کے مقام پر ہوائی اڈہ تعمیرکیاجائے۔اس دوران باباچندیل سنگھ، سبھاکے صدرکرشن لال، جنرل سیکریٹری رمیش لال ،جالارام کیپٹن شام لال وغیرہ موجودتھے۔
مہور میں پُل سے گر کر ایک دوشیزہ زخمی
مہور/زاہد ملک//مہور سے ایک دوشیزہ کے پُل سے گر کر زخمی ہونے کیا طلاع ہے۔ اطلاع کے مطابق مہور سب۔ڈویژن کے چننا میں ایک17سال کی لڑکی پُل سے گر کر بُری طرح سے زخمی ہوئی ہے۔ایس ایچ او چسانہ علی عمران کے مطابق دوشیزہ کی پہچان روبینہ اختر دُختر بشیر احمد پٹھان ساکنہ چننا کے بطور کی گئی ہے۔دریں اثنا ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ یہ دوشیزہ کی خود کشی کی کوشش تو نہیں تھی۔ تاہم، ایس ایچ او پولیس اسٹیشن چسانہ کے مطابق انہیں ایک لڑکی کے پُل سے گر کر زخمی ہونے کی اطلاع ملی،جسے ایس ڈی ایچ مہور میں محالجہ کے لئے بھرتی کیا گیا،جہاں سے اُسے بہتر محالجہ کے لئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کیا ہے۔
ودھو ونود چوپڑا کی فلم پر مہاجر کشمیری پنڈتوں کے تحفظات
ہجرت، پنڈتوں کے قتل عام اور بٹہ کراٹے کو دکھانے کا مطالبہ
یو ا ین آئی
جموں // جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں مقیم مہاجر کشمیری پنڈتوں نے بالی ووڈ کے معروف فلمساز ودھو ونود چوپڑا کی فلم پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ ، ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’پی کے‘ جیسی انتہائی کامیاب فلمیں بنانے والے ونود چوپڑا کشمیری پنڈتوں کی وادی سے ہجرت پر فلم بنا رہے ہیں جس کی وادی میں شوٹنگ بھی شروع ہوگئی ہے۔ جموں میں فلم کی شوٹنگ 27 مارچ سے شروع ہونے جارہی ہے۔ سری نگر سے تعلق رکھنے والے ودھو چوپڑا نے اس فلم کا نام ’لو لٹیرس فرام کشمیر‘ (کشمیر سے محبت کے پیغامات)رکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر (ریلیف) کے کے سدھا نے 7 مارچ کو ایک نوٹس کے ذریعہ کشمیری پنڈتوں سے کہا کہ فلم میں کام کرنے والوں کو ہر روز 850 روپے کے علاوہ مفت ٹرانسپورٹیشن اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔ تاہم کشمیری پنڈتوں نے اس نوٹس کو ’بے عزتی‘ سے تعبیر کیا ہے۔ جمعرات کو یہاں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ مہاجر کشمیری پنڈتوں کے نمائندوں نے ’جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار کشمیری ڈس پلیسڈ پیپل ‘ کے بینر تلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ودھو چوپڑا اپنی فلم میں یہ دکھائیں کہ کشمیری پندتوں نے ہجرت کب اور کن حالات میں کی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت دکھانے پر کشمیری مہاجر پنڈت ودھو چوپڑا کے پوری عمر غلام رہیں گے۔ وشوا کشمیری پنڈت سماج کے کرن وٹال نے نامہ نگاروں کو بتایا ’گذشتہ چند ہفتوں سے یہ باتیں گشت کررہی ہیں کہ کشمیری پنڈتوں پر ایک فلم بننے جارہی ہے۔ یہ تو بڑی اچھی بات ہے۔ بننی بھی چاہیے۔ ودھو چوپڑا جی ایک معروف فلمساز ہیں۔ لیکن وہ ہماری قیمت نہ لگائیں۔ ہماا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈت سماج کو بھی اپنی بات سامنے رکھنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ برسوں کی محنت کے بعد کوئی آرٹسٹ بنتا ہے۔ یہ بولنا کہ آپ دو سو یا پانچ سو روپے لیکر کام کرو، بے عزتی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ودھو چوپڑا اپنی فلم میں یہ دکھائیں کہ کشمیری پندتوں نے ہجرت کب اور کن حالات میں کی۔ انہوں نے کہا ’ہمارے اندر یہ شبہ پیدا ہوا ہے کہ اس فلم میں کیا دکھایا جائے گا۔ کیا اس میں ہماری حالت زار دکھائی جائے گی۔ ہمیں ہجرت کیوں کرنی پڑی کیا اُس کو دکھایا جائے گا؟ آپ سب کو چھٹی سنگھ پورہ واقعہ کی علمیت ہے۔ سکھ کیمونٹی کے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو مارا گیا، کیا اُس کو دکھایا جائے گا۔ ہمارے ٹکہ لال ٹپلو کو مارا گیا۔ ڈائریکٹر دور درشن سری نگر لسہ کول کو ہلاک کیا گیا۔ اس کو اور وندہامہ اور نادی مرگ میں پیش آئے قتل عام کے واقعات کو دکھایا جائے ۔ اس فلم میں بٹہ کراٹے (فاروق احمد ڈار) کو دکھائے جو آزاد گھوم پھر رہا ہے‘۔ کرن وٹال نے کہا کہ اگر یہ چیزیں دکھائی گئیں تو فلمساز ودھو چوپڑا کو نہ صرف مفت مین پاور بلکہ مفت سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا ’ودھو چوپڑا جی، اگر آپ یہ چیزیں دکھائیں گے تو ہم آپ کا مفت میں کام کریں گے۔ ہم آپ کو مفت لنگر سہولیت فراہم کریں گے۔ ہم آپ کو ٹرانسپورٹ بھی فراہم کریں گے۔ جموں میں آپ کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہوگا۔ ہمیں آپ کو مکمل تعاون دیں گے‘۔ انہوں نے کہا ’چوپڑا جی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فلمساز ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کو اچھی فلمیں دی ہیں۔ یہ کوئی تاریخی فلم نہیں ہے۔ یہ حقیقت پر مبنی فلم ہے اور اس میں حقیقت کو دکھایا جائے‘۔ کرن وٹال نے کہا کہ مہاجر کشمیری پنڈت اپنے مطالبات منوانے کے لئے ایک بینر تلے آگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ہمیں ہجرت کئے ہوئے تیس برس ہوگئے ہیں۔ ہر سال ہمیں یہ سنایا جاتا ہے کہ آپ کی باعزت واپسی اور بازآبادکاری یقینی بنائی جائے گی۔ لیکن اس سمت میں کوئی مثبت کام نہیں ہورہا ہے۔ مہاجر کیمپوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ پچھلے کئی برسوں سے ریاستی اور مرکزی حکومتیں یہ عذر پیش کررہی ہیں کہ کشمیری مہاجرت کے بہت سارے نمائندے ہیں اور بات کی جائے تو کس سے۔ یہ کشمیری مہاجر پنڈتوں کے لئے کام نہ کرنے کا ایک بہانہ ہے۔ اب ہم اپنے مطالبات منوانے کے لئے ایک بینر تلے آگئے ہیں‘۔ یو این آئی
اقوام متحدہ میں کشمیر سے متعلق پاکستان کا بیان گمراہ کن : بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ امور کے ماہر پروفیسر بھیم سنگھ نے پاکستانی نمائندے کے اقوام متحدہ کی جنیوا میٹنگ میں دیئے گئے بیان پر حیرت کا اظہا رکرتے ہوئے اسے گمراہ کن اور غیرتاریخی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلسطین سے جموں وکشمیر سے موازنہ کرنے کی کوشش کو مکمل طورپر جھوٹا، غیر تاریخی اور گمراہ کن بتایا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کا ہندستان کے ساتھ 575 دیگرریاستوں کی طرح 1947میں انضمام ہوا تھا جبکہ فلسطین کو پہلی جنگ عظیم کے بعد برطانیہ کو مینڈیپ کے طورپر سونپ دیا گیاتھا۔انہوں نے ہندستانی نمائندہ کے اس کا جواب نہیں دینے پر حیرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہندستانی نمائندہ کو 1957او ر 1962میں ہندستانی نمائند ے وی کے کرشنامینن کی طرح اقوام متحدہ میں کرارا جواب دینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بھی اہم ہے کہ پاکستان جموں وکشمیر کے نام نہاد مسئلہ کو اقوام متحدہ کے سامنے اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستانی نمائندے کے پاس موقع تھا کہ وہ پاکستان کو یہ یاد دلاتے کہ 1971 میں پاکستان کی تقسیم ہوئی تھی جس کے بعد بنگلہ دیش وجود میں آیا تھا اور اس کی بیشتر آبادی اس میں چلی گئی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ہندستانی نمائندہ کو کہنا چاہئے تھا کہ پاکستان جموں وکشمیر کی ایک انچ زمین پر بھی اپنا دعوی پیش نہیں کرسکتا اور جموں وکشمیر کی تقریباًً 31ہزار اسکوائر مربع میل زمین جسے وہ آزاد کشمیر کہتا ہے وہ بھی برطانوی پارلیمنٹ کے ایکٹ کے مطابق جموں وکشمیر کا حصہ ہے جس کا ہندستان کے ساتھ الحاق ہوچکا ہے۔پنتھرس سربراہ نے وزیراعظم نریندر مودی کو اقوام متحدہ کے شاخ دفاتر کے تمام ہندستانی نمائندوں کو ہندستانی آئین، پاکستان کے اسٹیٹس اور تاریخی پس منظر اور ہندستان کے اپنی ریاستوں کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی قوانین سے باخبر کرانے کا مشورہ دیا۔پروفیسر بھیم سنگھ 2005اور 2007میں جموں وکشمیر اور پاک مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی بین الاقوامی کانفرنس کرچکے ہیں جو پاکستان کے ایک صدی سے زیادہ کشمیر کے نام نہاد مسئلہ کے استحصال کو ختم کرنے کی ایک انوکھی کوشش تھی۔
میر ظہور کا ایس سی اے آر ڈی بینک کے علاقائی دفتر کا دورہ
جموں/جنگلات و پشو پالن اور امداد باہمی کے وزیر مملکت میر ظہو ر احمد نے جموں میں جے اینڈ کے ایس سی اے آر ڈی بینک کے علاقائی دفتر کا اچانک معائینہ کر کے اس بینک کے کام کاج جائزہ لیا ۔اس دوران وزیر نے بینک کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ بینک کی مالی حالت میں بہتری لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔وزیرنے بینک حکام پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے ریاست کے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو قرضے فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ سکیموں اور فلاحی پروگراموں کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور سے دور کیا جانا چاہیئے تاکہ سماج کے کمزور طبقے کے لوگوں کو فائدہ مل سکیں۔میٹنگ کے دوران بینک کی مجموعی مالی صورتحال کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بینک نے پچھلے برسوں کے دوران لگ بھگ تمام مالی امور میں نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔وزیر نے بینک حکام کو یقین دلایا کہ حکومت اس بینک کو مستحکم کرانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مستحقین کو بروقت قرضے فراہم کئے جانے چاہئیں۔بینک کے ایم ڈی نے وزیر کو جانکاری دی کہ بینک نے پچھلے پانچ برسوں کے دوران 210 فیصد ترقی حاصل کی ہے ۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ جنوری 2009سے بینک نے لگ بھگ 200کروڑ روپے کے ڈیپازٹس جمع کئے ہیں ۔ اس موقعہ پر انہیں بینک کے کام کاج سے متعلق دیگر پہلوئوں کے بارے میں بھی تفصیل سے جانکاری دی گئی۔
ای پی محکمہ کے ترجیحی پروجیکٹوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کی ضرورت
ویری کی عوامی مفادمیںسود مند اثاثے قائم کرنے کی ہدایت
جموں/ مال اور حج و اقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری نے جائیدادِ مہاجرین محکمہ کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے دوران ترجیحات میں شامل کئے گئے پروجیکٹوں پر کام شروع کریں۔وزیر نے یہ ہدایات ایک میٹنگ کے دوران دیں، جو ریاست میں محکمہ کی جانب سے دردست لئے گئے تعمیراتی کاموں بشمول بینکٹ ہال اور رہائشی فلیٹوں کی تعمیر کے کام کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی ۔میٹنگ میں محکمہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔وزیر کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے کے تحت شروع کئے جانے والے کاموں کے تعلق سے ٹینڈرنگ کا کام شروع کیا جاچکا ہے اور عملی کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔ترجیحی طور بینکٹ ہال سانبہ اور پرکھو جموںمیں رہائشی فلیٹوں کی تعمیر کا کام شامل ہے ۔ کشمیر میں صوبے میں اس مرحلے کے تحت حیدر پورہ اور زیون سرینگر میں رہائشی فلیٹوں کی تعمیر کا کام شامل ہے۔ ان پروجیکٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران وزیر نے کہا کہ سانبہ اور پرکھو جموں کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد 26 اپریل 2018ء کو رکھا جائے گا جبکہ کشمیر صوبے کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد مئی 2018ء کے دوسرے ہفتے میں رکھا جائے گا ۔ وزیر نے ان پروجیکٹوں کے تعلق سے ٹینڈرنگ کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوںن ے فقط وہی پروجیکٹ در درست لینے کے لئے کہا ، جن کے لئے رقومات دستیاب ہیں۔ وزیر نے کہا کہ منافع بخش اثاثے قائم کرنا محکمہ کی ترجیح ہونی چاہیئے ۔وزیر کو بتایا گیا کہ جموں صوبے میں مختلف محکموں سے 21 کروڑ روپے کی رقم بطور کرایہ وغیرہ وصول کی گئی ہے جبکہ کشمیر صوبے میں اسی مد کے تحت محکمہ نے 14 کروڑ روپے وصول کئے ہیں۔
منشیات کے مضراثرا ت سے متعلق والدین کوبیدارکرناضروری:نقاش
جموں یونیورسٹی میں نشیلی ادویات کے مضراثرات پر سمینارمنعقد
جموں/ سماجی بہبود ، صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے آج نشیلی ادویات کے وبا نوجوانوں کو محفوظ رکھنے کے سلسلے میں والدین کی بیداری پر زور دیا۔ وزیر جے اینڈ کے نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی طرف سے منعقدہ یک روزہ سمینار کا افتتاح کر رہی تھیںجس کا موضوع’’ افیکٹس آف ڈرگ ابیوز اینڈ ایڈکشن ‘‘رکھا گیا تھا۔ سمینار میں جموں یونیورسٹی کے اُردو شعبے کا اشتراک بھی حاصل تھا۔ماہر نفسیات ڈاکٹر منو اروڑہ ، ماہر امراض قلب ڈاکٹر گرجیت سنگھ ، فیزیو تھراپیسٹ ڈاکٹر نوشین ، یونیورسٹی ہیلتھ سینٹر کی ڈاکٹر شبانہ ،شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر شہاب ملک اور سٹیٹ پریذیڈنٹ آف این جی او عظیم علی شاہ کے علاوہ کئی فیکلٹی ممبران اور طلاب اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یہ مخصوص خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ عام مسئلہ ہے جسے فورم میں غور کرنا چاہیئے ۔انہوںنے کہا کہ سماج کے ایک بڑے حصے کو نشیلی ادویات کے استعمال اور اس کے مضر اثرات کے بارے میں بڑے پیمانے پر جانکاری مہم چلانے کی ضرورت ہے۔اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا ذکرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ نوجوانوں کا اس وبا کا شکار ہونے کے وجوہات کا پتہ لگانا بہت ضروری ہے۔انہوںنے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس وبا سے بچنے کیلئے بچوں کو باضابطہ اخلاقی تعلیم فراہم کریں تاکہ وہ کسی بھی صورت میں اس وبا کے شکار نہ ہوں ۔دریں اثنا وزیر نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا جس کے تحت حکومت نے ریاست کو نشیلی ادویات سے آزاد ریاست بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے ۔ڈاکٹر منو اروڑہ نے اپنے خطاب میں نشیلی ادویات کے ڈیلروں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمارے نوجوانوں کی زندگی اور مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نشیلی ادویات کی وبا نہ صرف شہری علاقوں کو اپنے لیپٹ میں لے چکی ہے بلکہ بہت سارے دیہی علاقے بھی اس وبا کے شکار ہو رہے ہیں۔پریذیڈنٹ جے کے این ایس ڈی او نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں نشیلی ادویات کی بڑھتی رجحان کے مد نظر لوگوں کو نئی نسل میں بیداری پیدا کر انہیں مکمل تعاون، شفقت اور پیار سے اس وبا سے بچانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔
کھواس کھن میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح
جموں/ جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے حلقہ انتخاب گاندھی نگر کے کھواس کھن گائوں میں تعمیر شدہ گلیوں اور ڈرینوں کا افتتاح کیا۔یہ تعمیراتی کام پنچایت د ھا رپ سی ڈی ایف سکیم کے تحت دیہی ترقی محکمہ نے مکمل کی ہیں۔ ایم ایل سے وکر م رندھا وا اس موقعہ پر موجود تھے۔مقامی لوگوں سے استفسار کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔ان سہولیات میں صاف پینے کا پانی ، بہتر گلیاں اور ڈرینیں ، سڑک رابطے ، تعلیمی سہولیات ، بجلی سپلائی اور طبی سہولیات شامل ہیں۔سپیکر نے اس موقعہ پر عوامی شکایا ت کے ازالے کے کیمپ کی بھی صدارت کی اور موقعہ پر ہی لوگوں کے مسائل کا ازالہ کیا۔
جامع ڈیلر معاونت والی رجسٹریشن کا افتتاح
جموں/وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ سنیل کمار شرما نے ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر سے آن لائن ڈیلر اسٹیڈ رجسٹریشن کا آغازکیا۔ تقریب میں حاضر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لگ بھگ 250 آٹو موبائیل ڈیلروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ عوام کو بلا طوالت سہولیات فراہم کرنے کے لئے موٹر وہیکل محکمہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ڈیلروں کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن کو ممکن بنانے کے لئے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ذریعے لوگوں کو آسائش ملی ہے اور رجسٹریشن کا عمل بھی شفاف بن گیا ہے ۔ وزیرنے کہا کہ آنے والے دنوں میں موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے دیگر کام بھی آن لائن کئے جائیں گے جن کی بدولت گاڑیوں کی خرید سے لے کر اُن کی سڑکوں پر بحفاظت تقل و حمل بھی یقینی بن سکتی ہے ۔ تقریب میں تمام متعلقہ محکموں کے سربراہ موجود تھے جبکہ ٹرانسپورٹ محکمہ سے وابستہ کئی افسران نے آن لائن رجسٹریشن نظام اور محکمہ میں جدیدیت لانے سے متعلق اپنی تجاویز دیں۔