راشن کی تقسیم کاری
ضلع راجوری کے 12سٹورگھوڑوں کے محتاج
کیریج پر ماہانہ تصرف11لاکھ 85ہزارروپے
سمت بھارگو
راجوری //دور جدید میں بھی ضلع راجوری میں بارہ علاقے ایسے ہیں جہاںکے لوگوںتک راشن پہنچانے کیلئے خچروگھوڑوں کا استعمال کیاجاتاہے اور حکومت کیریج کے طور پر ماہانہ لگ بھگ بارہ لاکھ روپے خرچ کرتی ہے ۔کشمیر عظمیٰ کو دستیاب اعدادوشمار کے مطابق ضلع راجوری میں کل 505سرکاری راشن سٹور ہیں جن میںسے 479پرائیویٹ ڈیلر سٹوراور 26گورنمنٹ سیل ڈپو ہیں ۔ان تمام راشن ڈپوئوںمیںسے بارہ کے سواسبھی تک گاڑیوں کے ذریعہ راشن پہنچایاجاتاہے ۔محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امورصارفین کے ذرائع نے بتایاکہ ضلع میں بارہ راشن سٹور ایسے ہیں جہاں تک راشن سپلائی کرنے کیلئے جانوروں کا استعمال کرناپڑتاہے اور اس مقصد کیلئے گھوڑوں و خچروں کا استعمال کیاجاتاہے ۔ان میںسے سات کالاکوٹ علاقہ میں جبکہ پانچ کوٹرنکہ میں واقع ہیں جو بھرواری ، دیار گالا ، نارلہ بمبل ، ہری چھوما، اڈھان ،کوٹ چروال ،سڈھا، کھا جمولہ ، مرہوتہ ، سجانی ہل اور گنڈی بدھل ہیں ۔محکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ سڑک روابط نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک ان راشن سٹوروںتک غذائی اجناس گھوڑوں اور خچروں کے ذریعہ لیجائی جاتی ہیں جس پر ماہانہ گیارہ لاکھ پچاسی ہزار روپے اور سالانہ 98لاکھ 750روپے صرف ہوتے ہیں۔
راجوری حوالہ راکٹ
گرفتار شدگان انٹیروگیشن سنٹر منتقل
سمت بھارگو
راجوری //راجوری پولیس نے حوالہ راکٹ کے الزام میں گرفتار کئے گئے چاروں افراد کومزید پوچھ تاچھ کیلئے انٹیروگیشن سنٹر جموں منتقل کردیاہے ۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ ابتدائی تحقیقات کے بعد چاروں افراد کو جموں میں کہیں منتقل کیاگیاہے جہاںان سے مزید پوچھ تاچھ کی جائے گی ۔انہوںنے بتایاکہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے پوچھ تاچھ کیلئے ان کو جموں منتقل کیاگیاہے ۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیاہے جن میںسے تین کا تعلق ضلع شوپیاںسے اور ایک کا راجوری سے ہے ۔ پولیس کا الزام ہے کہ یہ چاروں افراد جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کے بالائی ورکر ہیں ۔گزشتہ روز ہی تحقیقات کیلئے راجوری پولیس نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی تھی ۔
معذور وں کی پنشن میں اضافہ کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// ضلع پونچھ کے معذوروںنے اس بات کا مطالبہ کیاہے کہ انہیں ملنے والی ماہانہ پنشن میں اضافہ کیاجائے اور ان کے ساتھ انسانی سلوک کیاجائے ۔معذور یونین پونچھ کے ضلع صدر عبدالرشید شاہپوری نے حکومت سے مطالبہ کہ یتیم ،مساکین ،بیوہ، مفلوک الحال اوربزرگ افراد کی عرصہ چار سال کی التوا میں پڑی ہوئی فائلوں کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں معذور افراد کا سروے کروایا جاوئے اور اس کے مطابق ان کے حقوق ان کوفراہم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو تین پہیہ سکوٹی دی جائے اور ساتھ ہی شادی پر امداد کی فائلیں نمٹائی جائیں جو کئی کئی سال سے التوا میں پڑی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور،غربا و مساکین افراد کے بچوں کی تعلیمی اخراجات پورے کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پنشن کو ایک ہزار سے بڑھا کر پانچ ہزار کیا جائے۔ محمد اقبال کھانڈے ،تعظیم اختر ،محمدفاروق،محمد رفیق،کرامت حسین،خادم حسین ،مولوی محمد اعظم ،عزیز فاطمہ اور زیتون بی نے کہا کہ معذوروں کو ملنے والی پنشن وقت پر ادا نہیںہوتی اورانہیں اس کیلئے بھی دربدر بھٹکناپڑتاہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف زمروں میں آنے والے معذوروں کو 14ماہ سے پنشن واگزار نہیں کی گئی جس کی وجہ سے انہیں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے بقایا پنشن کی واگزاری کی مانگ کرتے ہوئے اس میں اضافہ کا مطالبہ کیا ۔
امریکہ دہشت گردی پھیلانے کا مرتکب :مولانا فاروق
منیر خان
راجوری//انجمن اہل سنت کے ضلع صدر مولانا فاروق نعیمی نقشبندی نے کہاہے کہ امریکہ دہشت گردی پھیلارہا ہے اور کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے ۔نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں امریکہ نے اپنا سفارت خانہ قائم کرکے دنیا کوبتایا دیا ہے کہ اسے عالمی قوانین کی کوئی پرواہ نہیں بلکہ جو من میں آئے وہ کرتا ہے اسلئے اسلامی ممالک کو اس سے قطع تعلق کرناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نہتے فلسطینیوں کا قتل عام بند کرانا ہوگا ورنہ سنگین نتائج برآمد ہونگے ۔ انہوں نے کشمیر میں بھی خون خرابہ بند کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ کشمیر مسئلہ کاسنجیدگی سے حل کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے ریاستی حکمرانوں کو مل بیٹھ کر مسئلے کا دائمی حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ قیمتی جانوں کازیاں نہ ہو ۔ مولانا فاروق نعیمی نے کہا کہ سرحدوں پر ہورہی گولہ باری کا بھی دونوں ممالک کو معنی خیز حل نکال کر سرحدی آبادی کو چین وسکون سے جینے کا موقعہ دینا چاہئے ۔
پونچھ میں صفائی ستھرائی کروانے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ قصبہ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدیدمشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔سماجی کارکن غلام عباس ملک کاکہناہے کہ مرکزی سرکار کی جانب سے ملک کو صاف و شفاف بنانے کیلئے’’سوئوچھ بھارت مشن‘‘کے نام سے صفائی مہم توچلائی جا رہی ہے لیکن اس مہم کو پونچھ میں محض دکھاوے کے طور پرچلایاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بس اڈہ پونچھ ہو یا قصبہ کے محلہ جات ہوں،ایس بی ایم کے حوالے سے کئے جارہے سبھی دعوے کھوکھلے اور بے بنیاد ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قصبہ میں ہر طرف کوڑے کے لگے ڈھیر واضح کررہے ہیں کہ محکمہ میونسپلٹی کی طرف سے محض خانہ پری اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کا کام کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ قصبہ میں صحیح معنوں میں صفائی ستھرائی کاکام انجام دیاجائے ۔
قبائلی طبقہ کو نظراندازکرنیکا الزام
نیوز ڈیسک
مینڈھر//ٹرائبل دودھی گوجر و بکروال راجوری پونچھ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عبد العزیز نے انتظامیہ اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سرکار قبائلی طبقہ کے ساتھ ہمیشہ سوتیلا سلوک کرتی ہے ۔ اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ ژالہ باری کے دوران قبائلی طبقوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو ا لیکن انتظامیہ کی طرف سے منہ بند کرنے کیلئے معمولی سی امداد دی گئی جوقابل قبول ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے نقصان ہونے کے بعد اگر ہزاروں روپے دئیے جائیںگے تو یہ سراسرناانصافی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری طور سروے کروا کر نقصان کا مناسب معاوضہ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مغل شاہراہ پر ہر کلو میٹرکے بیچ ایک ایک شیڈ بنایاجائے جہاں قبائلی طبقہ کے لوگ آرام کرسکیںاور نقصانات سے بھی بچ سکیں۔انہوںنے کہاکہ ڈھوکوں میں رہ رہے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ جات خاص طور پر اینمل ہسبنڈری اور محکمہ صحت کی ٹیمیں روانہ کی جائیں ۔
چھجلہ اراضی تنازعہ
زیرعلاج سابق فوجی دم توڑ بیٹھا
جاوید اقبال
مینڈھر//اسی ماہ کی پانچ تاریخ کو منکوٹ تحصیل کے چھجلہ علاقہ میں ایک ہی کنبہ کے درمیان اراضی تنازعہ پر ہوئے تصادم میں زخمی ہواسابق فوجی آرمی ہسپتال اودھمپور میں دم توڑ بیٹھا۔اس تصادم آرائی کے دوران ایک دوسرے نے تیز دھار ہتھیار اور لاٹھیاں برسائیں جس کے نتیجہ میں ایک درجن سے زائد لوگ زخمی ہوئے تھے جن میںسے سابق فوجی محمد مطلوب ولد محمد عیسیٰ سکنہ چھجلہ کی حالت نازک پاتے ہوئے مینڈھر ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اسے جموں میڈیکل کالج و ہسپتال منتقل کیا لیکن بھمبر گلی کے مقام پر فوج نے اسے اپنی تحویل میں لے کر کمانڈ ہسپتال ادھمپور منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساہے ۔سابق فوجی کی نماز جنازہ چھجلہ میں آج ہوگی ۔ اس ضمن میں ایس ایچ او مینڈھر محمد امین کا کہنا ہے کہ مقدمہ پہلے سے ہی درج ہے اور ایک پولیس اہلکار سمیت آٹھ افراد زیر حراست ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مزید کارروائی کی جارہی ہے کیونکہ17لوگوں کے خلاف مقدمہ درج ہے ۔انہوںنے مفرور افراد کی گرفتاری بہت جلد ہوگی۔
راجوری میں پینے کے پانی کی قلت
منیر خان
راجوری // راجوری قصبہ میں پینے کی پانی کی قلت پائی جارہی ہے جس پر عوام نے مساجد سے اعلان کراتے ہوئے کہا ہے کہ راجوری قصبہ میں پینے کے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے اور متعلقہ محکمہ اس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات کرے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ضلع انتظامیہ کوچاہئے کہ پانی کی سپلائی فراہم کی جائے اور محکمہ فوری طور پر اقدامات کرے۔اس حوالے سے ایگزیکٹوانجینئر نے بتایا کہ ہینڈ پمپوں میں پانی خشک ہوگیاہے جس وجہ سے قلت پائی جارہی ہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ پانی کے ٹینکر لگائے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔
سیڑھی خواجہ میں ہائرسکینڈری سکول قائم کیاجائے :بخاری
بختیار حسین
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے ہائرسکینڈری سکول کیلئے سیڑھی خواجہ و سیڑھی چوہانہ کو نظرانداز کرنے پر حکومت کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں سب سے زیادہ مستحق سیڑھی خواجہ تھا۔انہوںنے کہاکہ سیڑھی خواجہ اور سیڑھی چوہانہ کو نظرانداز کردینا سمجھ سے بالاتر ہے اور بدقسمتی سے ان مستحق علاقوں کیلئے ہائرسکینڈری سکول کی سفارش نہیں کی گئی جبکہ سیڑھی خواجہ سب سے زیادہ مستحق علاقہ ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس کے آس پاس دو ہائی سکول اور کئی مڈل سکول ہیں جبکہ یہ علاقہ پچا س ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے جوجغرافیائی اور ہر اعتبار سے ہائراسکینڈری سکول کا حق رکھتاہے۔ انہوںنے کہاکہ سکولوں کا درجہ بڑھانے میں بندر بانٹ نہیں ہونے دی جائے گی اور حکومت سیڑھی خواجہ و سیڑھی چوہانہ کے لوگوں کو نظر انداز نہ کرے جہاں کے طلباء کو یاتو لسانہ یاپھر سرنکوٹ آکر ہائراسکینڈری سکول کی تعلیم حاصل کرناپڑتی ہے جو کئی میل دور ہے ۔نیشنل کانفرنس کے مقامی کارکنان نے بھی علاقے کو نظرانداز کرنے پر برہمی کا اظہار کیاہے ۔بلاک صدر خواجہ محمد شفیع ،غلام محی الدین ،معشوق خواجہ ،محمد اکبر،محمد دین ملک ،ڈی سی رشید وغیرہ نے کہاکہ اگر مطالبہ پورا نہ ہواتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے جس کی ذمہ داری متعلقہ ایم ایل اے پر عائد ہوگی جنہوںنے اس علاقے کیلئے سکول کی سفارش نہیں کی ۔انہوںنے کہاکہ وہ ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی جائز مانگ کو پورا کیاجائے اور یہ معاملہ حکومت تک پہنچایاجائے ۔