منجاکوٹ میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ
مقامی آبادی میں خوف کی لہر،تحفظ دینے کی مانگ
پرویز خان
منجاکوٹ //منجاکوٹ میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ سے مقامی لوگ پریشان ہیں اور وہ رات کو ہی نہیں بلکہ دن کے وقت بھی خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔پچھلے کچھ دنوں میں منجاکوٹ بازار میں آوارہ کتوں نے کچھ لوگوں کو نشانہ بنایاہے جبکہ کئی مویشی بھی ان کا نشانہ بنے ہیں جس سے مقامی آبادی میں خوف پیداہواہے اور خاص طور پر کمسن بچے باہر نکلنے سے بھی ڈرتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ چند دنوں میں سکول کھلنے جارہے ہیں اور اگر کتوں کی ہڑبونگ جاری رہی تو بچے سکول آنے جانے سے خوف کھائیں گے اور وہ بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔ان کاکہناہے کہ آرمی کیمپوں کے اردگرد اور قصبہ میں چل رہی مرغ فروشوں کی دکانوں کے آس پاس کتے بڑی تعداد میں موجود رہتے ہیں جنہوں نے خوف کی لہرپید اکررکھی ہے۔مقامی شہریوں حاجی محمد شفیع،فاروق خان،شہزاد چوہدری اور پرویز خان نے انتظامیہ و پولیس سے اپیل کی ہے کہ آوارہ کتوں سے لوگوں کو تحفظ دیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ دنوں تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری نے ایک پاگل کتے کو مارنے کا حکم بھی جاری کیاتھا اور اسی طرح سے اقدامات کرکے کتوں سے انسانی جانوں کو بچایاجائے۔
رہبر کھیل کی اسامی کے انٹرویو
کئی امیدواروں کی اسناد مشتبہ، جانچ کمیٹی تشکیل
سمت بھارگو
راجوری // رہبر کھیل کی اسامی کے لئے کئی امیدواروں کی طرف سے جعلی ڈگریاں دئیے جانے کے معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ انٹریوضلع کے 15سپورٹس زونوں کے لئے 2سے 6جولائی تک منعقد کئے جانے تھے۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ کچھ امیدواروں کی طرف سے دی گئی ڈگریوں پر شک کے بادل منڈرا رہے ہیں کیوں کہ لئے گئے نمبرات بہت زیادہ تھے جس کی وجہ سے حکام کو شبہ ہو گیا کہ ان میں سے کئی ڈگریاں یا تو فرضی ہو سکتی ہیں یا ان کے نمبرات میں قلم زنی کی گئی ہے۔ پولیس اور نیشنل انفارمیشن سنٹر کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ماہرین کی خدمات حاصل کر کے مشکوک ڈگریوں کی اصلیت کو جانچنے کے لئے متعلقہ بورڈوں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ رابطہ کرنے کے علاوہ ان اسناد کاجدید تکنالوجی استعمال کر کے تجزیہ بھی کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ فراڈ ثابت ہونے پر ان امیدواروں کے خلاف معاملہ درج کر لیا جائے گا۔
اے ڈی سی کوٹرنکہ نے طبی سہولیات کاجائزہ لیا
کوٹرنکہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری نے محکمہ صحت بلاک کنڈی کی ایک میٹنگ طلب کرکے کام کاج کا جائزہ لیا۔اس دوران بلاک کنڈی کے تمام سپروائزری عملہ،ایف ایم پی ایچ ڈبلیو ایس، کمیونٹی ہیلتھ آفیسران نے بھی شرکت کی ۔بلاک میڈیکل افسر ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ سب سینٹر کاندرہ، حیات والی، کالا چنگڑ، نجری جمولہ، ماڑوتہ اور چمبی تراڑ کے مراکز میں عملے کی قلت ہے ۔اس دوران زیر تعمیر عمارتوں کا جائزہ بھی لیاگیااورایڈیشنل ڈی سی نے محکمہ تعمیرات کے افسران کو فون کے ذریعہ ہدایت جاری کی کہ وہ کام مقررہ مدت میں مکمل کریں ۔انہوں نے ادویات کی دستیابی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ طبی مراکز کی اراضی پر ناجائز طور پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ تمام دوائیاں سب ڈسٹرکٹ کمیٹی اور میڈیکل کارپوریشن کی جانچ و تمام لوازمات کے بعد استعمال میں لائی جائیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تمام اٹیچ منٹیں منسوخ کی جائیں اور ملازمین کو اپنی اصل جگہ پر واپس لایاجائے نہیں تو ان کو غیر حاضرتصور کیاجائے گا اور ان کی تنخواہ بھی واگزار نہیں ہوگی۔اے ڈی سی نے بلاک کنڈی کے ہسپتال کا معائنہ بھی کیا اور مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے ملازمین کو ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ ڈریس کوڈ کی پاسداری کریں اور لوگوں کو بہتر سے بہتر طبی خدمات فراہم کی جائیں ۔
سرحدی مہاجرین پریشان حال
ڈھائی ماہ سے راشن نہیں ملا
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے سرحدی مہاجرین راشن فراہم نہ کئے جانے پر مشکلات کاسامناکررہے ہیں اور انہوںنے حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اقدامات کرکے انہیں راشن فراہم کیاجائے۔بارڈر مائیگرنٹ ایسو سی ایشن کے چیئرمین پرشوتم لعل ،لیکھراج،بابو رام وغیرہ نے بتایاکہ گزشتہ تیرہ م اہ سے سرحدی علاقوں کے سینکڑوں پناہ گزیں عارضی کیمپوں میں رہ رہے ہیں جنہیں پچھلے ڈھائی ماہ سے راشن نہیں دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ راشن نہ ملنے کی وجہ سے وہ بازار سے مہنگے داموں اشیاء خوردونوش خرید نے پر مجبور ہیں جو ان کیلئے آسان نہیں۔انہوں نے محکمہ امورصارفین کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ انہیں راشن فراہم کیاجائے ۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ٹی ایس او نوشہرہ نے بتایاکہ جلد ہی راشن فراہم کیاجائے گا۔
سرنکوٹ میں نوجوان غرقآب
عظمیٰ نیوز
پونچھ//تحصیل سرنکوٹ کے سراں نالے میں ایک نوجوان غرقآب ہو گیا ہے، پولیس نے نالہ سے نوجوان کی نعش کی برآمدگی کے لئے کارروائی شروع کی ہے تاہم آخری خبریں ملنے تک اسے بازیاب نہیں کیا جا سکا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ضلع پونچھ کے سراں نالہ میں لاش تیرتے ہوئے دیکھی تو انہوں نے حکام کو مطلع کیا۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے اس لاش کو نکالنے کے لئے کارروائی شروع کر دی ۔ سردست متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی اس کے دریابرد ہونے کی وجوہات کا کوئی خلاصہ ہو سکا ہے ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ نعش کی بازیابی کے بعد ہی اس کی شناخت ہو سکے گی۔
چرس سمیت ایک گرفتار
راجوری//راجوری پولیس نے نوشہرہ سے ایک شخص کو گرفتا رکرتے ہوئے اس کی تحویل سے چرس برآمد کی ہے۔یہ کارروائی ایس ڈی پی او نوشہرہ خالق چوہدری کی نگرانی اور ایس ایچ او نوشہرہ رومل سنگھ کی قیادت میں سرانجام دی گئی ۔پولیس کے مطابق جموں پونچھ شاہراہ پر لمیڑی سے راجوری کی طرف آرہے موٹرسائیکل زیر نمبرJK02K-3906کو رکنے کا اشارہ کیا جسے ستیش کمار ولد نرسی لعل ساکن جواہرنگر راجوری چلارہاتھا۔پولیس نے گرن موڑ کے نزدیک موٹرسائیکل کو روک کر ستیش کی تلاشی لی جس دوران اس کی تحویل سے تیس گرام چرس برآمد ہوئی ۔پولیس نے ملزم کو موقعہ سے ہی گرفتار کرلیا ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ نوشہرہ میں ایف آئی آر زیر نمبر114/18زیر دفعہ 8/20این ڈی پی ایس ایکٹ کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شرو ع کردی ہے ۔ یہ تمام کارروائی ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ ماسٹر پوپسی کی سربراہی میںانجام دی گئی ۔
مویشی سمگلنگ پر پی ایس اے عائد
نیوز ڈیسک
راجوری//راجوری پولیس نے مویشی سمگلنگ کے الزام میں بدنام شخص کے خلاف پی ایس اے عائد کیاہے ۔پولیس نے اس کی شناخت شکیل احمد ولد گلزار حسین ساکن ماوا پتراڑہ تحصیل سندر بنی کے طور پر کی ہے ۔پولیس کے مطابق اس شخص کے خلاف ایف آئی آر زیرنمبر 42/2013زیر دفعہ 188،ایف آئی آر زیر نمبر31/2016زیر دفعہ 188،ایف آئی آر زیر نمبر94/2018زیر دفعہ 188،ایف آئی آر زیر نمبر68/2018زیر دفعہ 188کے کیس پولیس تھانہ سندر بنی اور پولیس تھانہ نوشہرہ میں درج ہیں اور وہ پولیس کو کافی عرصہ سے مطلوب تھا۔پولیس کاکہناہے کہ یہ شخص کئی بار مویشی سمگلنگ میں ملوث پایاگیا اور وہ امن و قانون کیلئے ایک خطرہ بن گیاتھا۔اس حوالے سے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی طرف سے پیش کردہ شواہد کی بناپر ضلع مجسٹریٹ راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے اس شخص کو حراست میں لینے کا حکم جاری کیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے سندربنی پولیس تھانہ کی ایک ٹیم نے سب انسپکٹر اجیت سنگھ کی قیادت اور ایس ایچ او سندر بنی تلک راج کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کہاکہ راجوری پولیس غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی عہد بند ہے تاکہ سماج میں امن و امان قائم رکھاجاسکے ۔
پندرہ کلو گرام فکی برآمد گی کادعویٰ
بختیار حسین
سرنکوٹ //منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے پونچھ پولیس نے پوشانہ سے پندرہ کلو گرام فکی برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ یہ نشیلی اشیاء سنٹر کار زیرنمبرJK02V 6771سے برآمد ہوئی اور اس کار کو عبدالرشید پڈر ولد عبدالغنی پڈر ساکن بھٹی پور ہ تحصیل کولگام ضلع کولگام چلارہاتھاجسے موقعہ پر ہی حراست میں لے لیاگیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقا ت شروع کردی ہے ۔ یہ کارروائی ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق کی نگرانی میں انجام دی گئی ۔
سابق وائس چانسلر گورنر سے ملاقی
سرینگر//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مسعود احمد چودھری نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔مسعود چودھری اور گورنر نے اعلیٰ تعلیم سے متعلق اہم چیلنجوں اور پیر پنچال خطے میں تعمیر و ترقی سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔مسعود چوہدری بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے اولین وائس چانسلر ہیں ۔
بینکروں و سیما بھون کی تعمیر
ڈپٹی کمشنر پونچھ نے مجوزہ منصوبہ کاجائزہ لیا
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرکے سرحدی علاقوں میں بینکروں اور سیما بھون کی تعمیر کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر محکمہ مال کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو اس بات سے آگاہ کیاکہ بینکروں کی تعمیر کیلئے بیشتر جگہیں محکمہ تعمیرات عامہ کے حوالے کردی گئی ہیں اور ان جگہوں کا محکمہ کے ریکارڈ میں اندراج کیاجارہاہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اراضی کی نشاندہی کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کریں اور سیما بھون کیلئے دس دنوں کے اندراندر زمین فراہم کریں ۔انہوں نے کہاکہ ان بھون کیلئے اراضی ایسی جگہوں پر ہونی چاہئے جہاں ہنگامی صورتحال میں کلاس روم، ابتدائی طبی امداد ی مراکز وغیرہ بھی قائم کئے جاسکتے ہوں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرحدی علاقوں میں سیما بھون کی تعمیر کیلئے حکومت نے زمین کی شناخت کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ مال کے افسران کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کیلئے بھی زمین فراہم کریں ۔ انہوںنے کہاکہ کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کالجوں،سکولوں،ہسپتالوں اور پولیس چوکیوں کے نزدیک محفوظ جگہوں پر کی جانی چاہئے جو سرحدی کشیدگی کے دوران لوگوں کی آسان رسائی تک ہوں۔میٹنگ میں اے سی آر بی اے لون، سی پی او سیوارام بھگت، ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ سریندر سنگھ، تحصیلدار حویلی ،تحصیلدار منڈی ، تحصیلدار مینڈھر،تحصیلدار بالاکوٹ و منکوٹ اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
ذاتی و جماعتی مسائل میں الجھنا افسوسناک:مولانا فتح محمد
انتشار پید اکرنیوالے ملت کو نقصان پہنچارہے ہیں
مینڈھر// امام و خطیب مرکزی جامع مسجد انور مینڈھر وصدرتنظیم نوجوانانِ علمائے اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ مولانا فتح محمد مہتمم نے امت مسلمہ میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تفریق اور انتشار پھیلانے کی کتاب و سنت میں کہیںاجازت نہیں۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے انہوںنے کہا کہ ملت اسلامیہ کے خلاف اسوقت تمام دیگراقوام عالم غرض مشترکہ رکھتے ہوئے متحد ہیں اورصف آراء ہیں لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ کچھ مسلمان ذاتی وجماعتی مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اوروہ اسوقت ملت اسلامیہ کو توڑنے وآپس میں انتشار پیدا کرنے کاکردار ادا کررہے ہیں جنہیں کسی بھی طور پر ملت اسلامیہ کے ہمدرد نہیں کہاجاسکتا بلکہ وہ ملت اسلامیہ کو ذاتی وجماعتی مقاصدکے پیشِ نظر عظیم نقصان پہنچارہے ہیں جسکو عوام ہر گز برداشت نہ کرے گی کیونکہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔مولانانے قرآن و حدیث کی روشنی میں اتفاق اتحاد کے متعلق بیان دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کے تمام مکاتبِ فکر و جماعتیںمسلمان ہیں۔انہوںنے ہندوستان خصوصََا ریاست جموں کشمیر میں اولیائے کرام کی خدمات و کارناموں پر مفصل روشنی ڈالی اورکہاکہ اولیائے کرام نے ہمیشہ زیارت گاہوں اور خانقاہوں سے محبت کے بول بولے ،نفرت وتنگ نظری کو قریب تک آنے نہیں دیا ۔ اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کی تعلیمات سے نابلد ہی نفرت کے بیج بوئے گااوراولیائے کرام نے ہمیشہ سماج و معاشرے کو جوڑنے کا کام کیا جن کی تعلیمات میں کہیں بھی تفریق نہیں ملتی ۔انہوںنے کہاکہ تفریق وانتشار پھیلانے کی کتاب وسنت میں اجازت نہیں ،ملک میں مسلمانوں کا مشترکہ پلیٹ فارم مسلم پرسنل لابورڈ ہے جس میں تمام مکاتب ہائے فکر کے نمائندے ہیں۔