انتظامیہ کو گمراہ کرنیکا الزام
ڈپٹی کمشنر پونچھ نے تحصیلدار سرنکوٹ کو اٹیچ کردیا
عظمیٰ نیوز
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے تحصیلدار سرنکوٹ کو انتظامیہ کو گمراہ کرنے کے الزام میں اٹیچ کردیاہے جبکہ ان کی تنخواہ بھی بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری ہوئے پریس نوٹ کے مطابق تحصیلدار سرنکوٹ نے اپنے جائے وقوعہ کے بارے میں انتظامیہ کو گمراہ کیا اور بغیر اجازت کے اسٹیشن چھوڑا۔ان کی جگہ نائب تحصیلدار سرنکوٹ کو چارج دیاگیاہے ۔ تحصیلدار سرنکوٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال کے پونچھ دفتر میں پیش ہوں۔اس سلسلے میں جاری ہوئے حکمنامہ کے مطابق 29جون کو دریائے سرن میں ایک شخص کے ڈوب جانے کی اطلاع ملنے پر تحصیلدار سرنکوٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ موقعہ پر پہنچیں اور بچائو کارروائی کی نگرانی کریں تاہم انتظامیہ کو آدھے گھنٹے میں موقعہ پرپہنچنے کایقین دلانے کے باوجود تحصیلدار کا کہیں کچھ پتہ نہیں چلا اور کئی گھنٹے تعطل کاشکار ہونے کے باعث بچائو کارروائی میں تاخیر ہوئی جس کے بعد نعش نکالی گئی ۔حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ جب انسانی جان خطرے میں ہو تب ایک سرکاری افسر کا ایسا رویہ ٹھیک نہیں ہے ۔اس معاملہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے تحصیلدار کو اٹیچ کردیاگیاہے ۔ضلع انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ ڈیوٹی سے کوتاہی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی ۔سرنکوٹ انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے تحصیلدار کی اٹیچ منٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ انہیں پونچھ اٹیچ کردیاگیاہے۔
مینڈھر کے سیاسی و سماجی افراد کا اظہار تعزیت
عظمیٰ نیوز
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ ڈھکی بھیرہ میں ماسٹر عنایت خان کی والدہ محترمہ انتقال کر گئیں ۔ان کی موت پر کئی سیاسی و سماجی لوگوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ کنبہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ہے۔ا نہوں نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ نیک سیرت اور صوم و صلواۃ کی پابند خاتون تھیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
اے بی وی پی کے زیر اہتمام ورکشاپ منعقد
جموں //تریکوٹہ یاتری نواس امب پھلاا میںاکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد،اے بی وی پی کی طرف سے ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔جس میں الوک پانڈے کے علاوہ مختلف اضلاح سے آئے ہوئے متعدد ورکران نے شمولیت کی۔یہ ورکشاپ تنظیم کے ریاستی نائب صدرپرمندر سنگھ، سٹیٹ سیکرٹری دیپک گپتااورجیت سنگھ کی طرف سے منعقد کیا گیا ۔اس دوران تنظیم کی 70برس کی کار کردگی پر بات کی گئی اور پریس بیان کے مطابق تنظیم کے لیڈران نے کہا کہ اے بی وی پی نے پورے ملک میں تقریباً20000اداروںتک پہنچ بنائی ہے جس میں ریاست جموں و کشمیر کے 200سے زائد ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے تگ و دو کی جا رہی ہے، اس تنظیم کا مشن ہرتعلیمی ادارے تک پہنچنا ہے اور یہ مہم31جولائی سے 4اگست تک جاری رہے گی۔اس دوران آیوش کھجوریہ کو سٹیٹ کو آردینٹرنامزد کیا گیا اور مختلف اضلاح جیسے ادھمپور،رام بن ،ریاسی ،سانبہ،جموں،کٹھوعہ،ڈودہ اور کشتوارکے لئے کنوینرس کااعلان بھی کیا گیا۔