ڈائریکٹر دیہی ترقی نے ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا
پونچھ//ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں محمد ممتاز علی نے پونچھ کادورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور ساتھ ہی بلاک ڈیولپمنٹ افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کاجائزہ لیا۔ پونچھ میں ایک میٹنگ کے دوران موصوف نے مہاتماگاندھی نریگا، پردھان منتری آواس یوجنا، سوئوچھ بھارت مشن اور 14ویں مالیاتی کمیشن ، ٹی ایس پی و بی اے ڈی پی کاتفصیل سے جائزہ لیا۔ڈائریکٹر نے افسران پر زور دیاکہ وہ مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررکردہ اہداف کو متعینہ مدت میں حاصل کریں ۔انہوں نے بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں اور شفافیت و جوابدہی کو یقینی بنایاجائے ۔ڈائریکٹر نے ہدایت دی کہ افسران فیلڈ کے دورے کریں اور کاموں کا معائنہ کریں ۔میٹنگ کے بعد انہوں نے پنچایت جھلاس ، درہ دلیاں اور درہ دلیاں کواڑیاں و دیگر علاقوں کا دورہ کرکے خود کاموں کا معائنہ کیا ۔ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ مختار احمد شیخ ، ایگزیکٹو انجینئر رورل انجینئرنگ ونگ ، بلاک ڈیولپمنٹ افسران ، اے ایز و دیگران بھی تھے ۔
وبودھ گپتا نے عوامی دربارمنعقد کیا
راجوری //بی جے پی کے سینئر لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتانے ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے عوام کو یقین دلایاکہ وہ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے بات کریں گے ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق اس دوران کئی علاقوں خواس ، سوانی بدھل ، کوٹرنکہ ، درہال ، تھنہ منڈی ، ککورہ ، راجدھانی ، کھاہ ، ڈسل اور ٹھنڈی کسی سے تعلق رکھنے والے وفود نے ان سے ملاقات کرکے اپنے مسائل اجاگر کئے ۔تمام مسائل سننے کے بعد ایم ایل سی نے افسران پر زور دیاکہ وہ ان دور دراز علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر ایک علاقے میں پانی و بجلی کی سپلائی میں بہتری لائی جائے جبکہ سڑکوں کی مرمت بھی کی جائے ۔انہوں نے موقعہ پر بذریعہ فون متعلقہ افسران سے بات چیت بھی کی ۔اپنے خطاب میں گپتا نے کہاکہ مودی حکومت کی پالیسیاں اور پروگرام عوام دوست ہیں اور ان سے عام آدمی کا بھلاہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے کئی سکیمیں چلائی جارہی ہیں جن سے لوگ فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ پہلی مرتبہ ہندوستان کی تاریخ میں مستحق اور حقداروں کو ان کا مل رہاہے اور موجودہ نظام حکومت کو شفاف و جوابدہ بنایاگیاہے ۔
ٹیچر فورم نے مطالبات پر مشتمل میمورنڈم پیش کیا
راجوری//جموں وکشمیر ٹیچر فورم کے ایک وفد نے ضلع ایجوکیشن پلاننگ افسر سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پر مشتمل میمورنڈم پیش کیا۔وفد کی قیادت فورم کے ضلع صدر ونود شرماکررہے تھے جبکہ اس میں گلشن شرما، صابر احمد و دیگران بھی تھے ۔بیان کے مطابق وفد نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہاکہ سخت زونوں میں تعینات اساتذہ کی ٹرانسفر،اٹیچ کئے گئے اساتذہ کو غیر منسلک کرنے،وردیوں کی جلد فراہمی ،سکولوں میں پینے کے پانی اور بیت الخلائوں کی تعمیر وغیرہ کی مانگ کی ۔ڈی ای پی او نے تمام مطالبات سننے کے بعد ان کے حل کا یقین دلایا۔
ڈیلی ویجروں کی مستقلی کا مطالبہ
پرویز خان
منجاکوٹ//ڈیلی ویجرملازمین کی مستقلی کامطالبہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر فاروق خان نے کہاکہ ان کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں اور وقت پر تنخواہیں واگزار کی جائیں ۔ فاروق خان نے ریاستی گورنر این این ووہراسے اپیل کی کہ تمام ڈیلی ویجر ملازمین کو مستقل کیاجائے جو کئی کئی سال سے متعدد محکمہ جات میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ اب کوئی دیگر کام کرنے کے قابل بھی نہیں رہے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ ان ملازمین سے برابر کام لیاجاتاہے مگر ان کو تنخواہ وقت پر نہیں ملتی اور نہ ہی انہیں مستقل کیاجارہاہے جو ان کے ساتھ زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان ملازمین کو مستقل کیاجائے تاکہ وہ اپنے گھریلو اخراجات آسانی سے چلاسکیں۔
اعجاز اسد کی تعیناتی کا خیر مقدم
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کی عوام نے اعجاز اسد کی بطور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے شروع کئے گئے پروجیکٹو ں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ مقامی سماجی،ادبی،دینی اور غیر سرکاری تنظیموں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے اپنے 14 ماہ کے دور میں راجوری ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی پروجیکٹوں کاایک جھال بچھایااورا ن کے دور میں قابل تعریف کام ہوئے ۔انہو ں نے کہاکہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے فنڈز کے علاوہ وقت کی ضرورت ہے اورانہیں یقین ہے کہ اعجاز اسد جو ایک قابل افسر ہیں ،سابق ڈی سی کی ہی طرح کام کریں گے۔ تھنہ منڈی کی عوام کا کہنا ہے کہ اعجاز احمد اسد کی بطور ڈی سی تعیناتی خوش آئند ہے جنہوں نے پونچھ میں مختصر سے عرصہ میں نمایاں کام کئے ہیں۔
پی ڈی پی ایک تحریک کانام :تانترے
چند مفاد پرست عناصر نے پارٹی کی شبیہ خراب کی
عشرت حسین بٹ
پونچھ// پی ڈی پی لیڈر و ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے کہاہے کہ پی ڈی پی ایک تحریک ہے جس کی شبیہ خراب کرنے میں چند مفاد پرست عناصر نے کوئی کمی باقی نہیں رکھی ۔ایک بیان میں پی ڈی پی سینئر لیڈرنے امید ظاہر کی ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کر کے پی ڈی پی از سر نو ریاستی عوام کے دلوں کی دھڑکن بنے گی۔ تانترے نے کہا کہ پی ڈی پی ایک تحریک کا نام ہے جس کے لاکھوں سپاہی ہیں اور یہ تنظیم آج بھی مضبوط ہے ۔موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی تنظیم محبوبہ مفتی کی قیادت میں مضبوط ہے اور پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر ریاست میں اگر سرکار بن سکتی ہے تو اس کی بھی کوشش کی جانی چاہیے ۔ریاستی گورنر کے حالیہ پونچھ دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موصوف نے صوبہ جموں میں سب سے پہلے عوامی مسائل کو جاننے کیلئے پونچھ کا دورہ کیا جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کو گزشتہ حکومتوں نے ہر لحاظ سے نظر انداز کیا ہوا تھا مگر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی والی حکومت نے ضلع کو ایک مرتبہ پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی درخواست پر ریاستی گورنر نے اڑائی سڑک کیلئے دو کروڑ روپے کو منظوری دی ہے جس کیلئے وہ ان کے مشکور ہیں۔تانترے نے ریاستی گورنر سے پالی تکنیک کالج ساتھرہ ،منڈی ڈگری کالج، سٹی فاریسٹ پونچھ کے کاموں میں سرعت لانے کی اپیل کی۔انہوں نے گورنر سے لورن نندی چھول آبشار کو سیاحتی نقشے پر لانے اور لورن ٹنگمرگ سڑک کی جلد سے جلد تکمیل کی مانگ کی ۔تانترے کے مطابق گورنر نے یقین دلایاکہ ان امور پر اقدامات کئے جائیں گے۔
سیری سیال میں پانی کی شدید قلت
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے سیری سیال گائوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔ سیری سیال ،دبڑگگروٹ، بریری ، سیری ، جابہ وغیرہ میں ان دنوں پانی کی سخت قلت پیداہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگ مشکلات کاسامناکررہے ہیں ۔ ان علاقوں کے لوگوں کاکہناہے کہ دو ہفتے قبل سرکار نے محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے نوشہرہ میں پانی کے ٹینکر لگائے گئے جس سے انہیں استعمال کاپانی مل جاتاتھالیکن وہ ٹینکر بھی گزشتہ ایک ہفتے سے بند کردیئے گئے ہیں اور اب پانی کی شدید قلت ہے اور ہر طرف ہاہاکار مچی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مال مویشیوںکیلئے بھی پانی کا کوئی بندوبست نہیں اور کئی جگہوں پر لوگ گندہ پانی استعمال کررہے ہیں ۔مقامی شہریوں محمد شبیر ، بھیم چند اور پون کمار نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای غفلت کی نیند سورہاہے جبکہ انہیں پانی کی ایک بوند بھی دستیاب نہیں ۔ انہوں نے مانگ کی ہے کہ پینے کا پانی فراہم کیاجائے۔