دمحال ہانجی پورہ میں پہاڑ کی چوٹی سے گرکر شہری ہلاک
سرینگر//دمحال ہانجی پورہ کولگام میں ایک شہری پہاڑی کی چوٹی سے گرکر ہلاک ہو گیا۔ کے این ایس کے مطابق 50سالہ شکیل احمد ماگرے ولد عبدالرزاق ساکنہ وٹو کولگام سنیچر کو پکنک کیلئے نزدیکی جنگل چلاگیا جہاں وہ پہاڑی کی چوٹی سے پھسل گیا اور موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے کافی جدوجہد کے بعد مذکورہ شہری کی لاش برآمد کی۔مذکورہ شہری کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاںکہرام مچ گیا۔ اس دوران پولیس نے کیس درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
چھانہ پورہ سرینگر میں سائیکل سوار کی اچانک موت
سرینگر//ارشاداحمد//سرینگر کے علاقہ چھانہ پورہ سے ملحقہ کے میتھن میں سائیکل سے اچانک گرنے کے بعد سائیکل سوار کی موت ہوگئی۔پولیس کے مطابق مشتاق علی بٹ ولد عبدالستار ساکنہ نصراللہ پورہ بڈگام چھانہ پورہ کے علاقہ متھین کے مقام پر اچانک سائیکل سے گرگیا اس موقع پر مقامی لوگوں کی مدد سے اسے فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز چھانہ پورہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔تاہم اس موقع پر ڈاکٹروں نے موت کی وجہ بیان نہیں کی ۔
ذرائع ابلاغ انتظامیہ کی آنکھ اور کان
ڈپٹی کمشنرپلوامہ کی میڈیا نمائندوں سے ملاقات
پلوامہ//سید اعجاز // ڈپٹی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے ضلع میں کام کر رہے میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران میڈیا کے رول کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا میڈیا انتظامیہ کی آنکھ اور کان ہیں ۔اس ملاقات میں ضلع میں کام کر رہے ہیں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی ۔اس دوران میڈیا نمائندوں نے بھی انہیں میدان میں اپنے فرائض انجام دینے کے دوران درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔نامہ نگاروں نے ضلع میں ایک پریس کلب کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ ڈی سی نے میڈیا نمائندوں کو یقین دلایا کہ کلب کے قیام سمیت ان کے تمام جائز مطالبات کو ترجیحی طور پر پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے لئے اراضی کی نشاندہی کے لئے محصولات حکام کو متحرک کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو شفاف اور جوابدہ گورننس کی فراہمی کے لئے میڈیا جمہوریت کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی کے لئے ہمیشہ دستیاب اور قابل رساء ہے جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر لوگوں کی خوشحالی کے فروغ میں مصروف ہیں۔انہوں نے ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صحیح معلومات پھیلانے کے علاوہ کووڈ19 کے خلاف جنگ میں میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔بصیر الحق نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ یہاں کے ثقافت ،کلچر اور سیاحتی مقامات کواُ جاگر کرنے کے حوالے سے بھی کام کریں ۔ قبل ازیں ڈی آئی او پلوامہ نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ میڈیا پالیسی -2020کے علاوہ محکمہ انفارمیشن کے عملی طرز اور عام عوام کے مسائل کو روزانہ اٹھانے میں مقامی میڈیا کی شراکت کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔
منی گام میں گاڑی کی ٹکر سے زخمی لڑکاچل بسا
گاندربل//ارشاداحمد//منی گام سمبل بائی پاس پر تین روزقبل ایک حادثے میں زخمی کمسن لڑکا زخموں کی تاب نہ لاکراسپتال میں فوت ہوا۔7جولائی کو وتہ لارکا17برس کاایک لڑکاجنیداحمدبٹ ولدقیصراحمدمنی گام سمبل بائی پاس پرکسی نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوگیا۔اُسے مقامی لوگوں نے فوری طور نزدیکی طبی مرکز پہنچایا جہاں سے ڈاکٹروں نے اُسے نازک حالت میں سکمزصورہ منتقل کیا۔سکمزمیں تین روزتک زیرعلاج رہنے کے بعد سنیچروارصبح وہ فوت ہوگیا۔ادھر پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
اننت ناگ میں فوجی جوان کی بائیک نذر آتش
اننت ناگ //عارف بلوچ//اننت ناگ میں نامعلوم افراد نے ایک فوجی اہلکار کی بائیک کو نذرآتش کردیا۔جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی شب کو نامعلوم افراد نے سہیل احمد ایتوولدغلام قادر ایتوساکن پوشکرونوگام کی ذاتی بائیک اپاچی زیرنمبرJK03J-4131اُڑالی۔بائیک اُڑانے کے بعداُسے نذرآتش کردیا گیا۔سہیل فوج میں تعینات ہے۔پولیس نے کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
لوگ ہوشیاررہیں
ایس ایس پی بارہمولہ کے نام سے جعلی فیس بک اکائونٹ
بارہمولہ//فیاض بخاری // بارہمولہ کے سینئرسپرانٹنڈنٹ پولیس کے نام سے کسی نے جعلی فیس بک اکائونٹ کھولا ہے اور وہ لوگوں کوفرینڈ ریکیوسٹ بھیج کر پیسوں کاتقاضاکررہا ہے۔ایس ایس پی بارہ مولہ محمدادریس بٹ نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس اکائونٹ پر توجہ نہ دیں اورنہ ہی کسی دوستی کی پیش کش کو قبول کرے اورناہی کسی کو اس نام پر پیسے دیں۔پولیس نے کہا ہے کہ اس طرح کا جعلی اکائونٹ بنانے والے کا پتہ لگایا جائے گااوراس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی
۔546790روپے جرمانہ وصول
سرینگر//کوروناوائرس کی دوسری لہر کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی بھرمیں 4649افرادسے کووِڈ- 19گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے کے پاداش میں546790روپے جرمانہ وصول کیا۔ پولیس کی یہ خاص مہم وادی بھر میں جاری رہے گی اور پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ- 19ایس اوپیز کی سختی سے پاسداری کریں تاکہ کووروناوائرس کی مہلک وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔
فورسز گاڑی کی ٹکر،خاتون لقمۂ اجل
کولگام //خالد جاوید// کولگام میں خاتون فورسز گاڑی ٹکر مر کر لقمہ اجل بن گئی۔یہ واقعہ شام کے وقت پیش آیا جب 29سالہ روحی جان زوجہ عابد احمد ساکن کھری براری شوپیان کو سیکور ٹی فورسز کی گاڑی نے کاڈر کولگام میں ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اور اسپتال پہنچانے کے بعد دم توڑ بیٹھی۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کولگام ڈاکٹر مظفر زرگر نے کہا کہ خاتون کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔
اندرکوٹ گنڈ نوگام اندرونی رابطہ سڑک خستہ حال
سرینگر//ضلع بانڈی پورہ میں اندرکوٹ سے گنڈ نوگام، سوناواری کو جانی والی اندرونی سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یہ رابطہ سڑک کئی دیہات کو آپس میں جوڑنے کا کام کرتی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک میں جگہ جگہ بڑے اور گہرے کھڈبن چکے ہیں جس کی وجہ سے سڑک پر چلنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے سڑک کی تعمیر و مرمت کے علاوہ میکڈامائزیشن کا بھی مطالبہ کیا ۔
رہموہ پلوامہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل
سرینگر//رہمو ہ پلوامہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے کی وجہ سے لوگوں کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پلوامہ قصبہ سے رہموہ تک 11کلو میٹر پر مشتمل سڑک جگہ جگہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ لوگوںکا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے اس معاملے کو لیکر کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجے میں لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔لوگوں نے اعلیٰ حکام سے سڑک کی مرمت جلد عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔سی این آئی
حریت کا13جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت
سرینگر//حریت کانفرنس (ع)نے 13جولائی 1931کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشمیر کی جدید تاریخ کا اہم موڑ تھا جب اس دن حکمرانوں نے پر امن احتجاج کے دوران براہ راست فائرنگ کرکے بہیمانہ طور پر22کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کردیا اس طرح یہ نہ صرف کشمیر کے اولین شہداء بن گئے بلکہ کشمیری عوام نے اپنے سیاسی اور معاشی حقوق کے حصول کیلئے باقاعدہ اپنی اجتماعی جدوجہد کا آغاز کیا۔موصولہ بیان میں کہا گیا کہ عوام اور قیادت اس کی تکمیل کیلئے اپنی پر امن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے اور یہی ان شہداکے تئیں بہترین خراج ہوگا۔ بیان میں کہا گیاکہ کووڈ19کے پیش نظر 13جولائی کے تعلق سے عوامی جلسہ جلوس اور اجتماعی طور پر خراج عقیدت کا پروگرام منسوخ کیا گیا ہے تاہم عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دن کو یوم تجدید عہد کے طور پر منانے کے ساتھ ساتھ شہداکی یاد میں مکمل ہڑتال کریں اور انفرادی طور پر مزار شہداء جاکر ان قومی شہیدوں کے تئیں عقیدت کا نذرانہ اور ایصال ثواب کا فریضہ ادا کریں۔
مادرِ مہربان نرسنگ انسٹچوٹ(سکمز) نے 7 واں سالانہ دن منایا
مشیر بٹھناگر نے کورونا کے دوران نرسوںکے کردار کوسراہا
سرینگر//مادرِ مہربان انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائینسز اینڈ ریسرچ ( ایم ایم آئی این ایس آر ) سکمز نے ایس کے آئی سی سی میں 7 واں سالانہ کالج ڈے منایا جہاں نرسنگ شعبے کی چار دہائیاں مکمل ہوئیں ۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت اور میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈولو مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے ۔ اس موقع پر بٹھناگر نے خطاب کرتے ہوئے کووڈ 19 کے انتظام میں سکمز کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وبائی امراض کے دوران نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے کردار میں اضافہ ہوا ہے ۔ مشیر نے اپنے خطاب میں تمام ہونہار طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور خواہش کی کہ وہ اپنے اساتذہ کے ذریعہ پیشہ وارانہ مہارت کی وراثت کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ انہوں نے وبائی امراض کے دوران انتھک اور قابل ستائش جذبے پر تمام نرسوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے اس مشکل وقت میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہوئی ہے ۔ مشیر نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وبائی مرض کی تیسری لہر کی روکتھام کیلئے کووڈ کے مناسب طرز عمل پر عمل کریں ۔
رفیع آباد کے کئی مقامات سیاحتی نقشے پر لانے کا منصوبہ :ڈاکٹر اِیتو
بارہمولہ//محکمہ سیاحت کشمیر سیاحتی نقشے پر کِٹر دَجی ، منڈے دجی ، بوسیان اور دیگر علاقوں کو لانے کا منصوبہ ہے اور اِس عمل میں محکمہ ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کر رہا ہے۔اِس ضمن میں ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے آج رفیع آباد کے بالائی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران انہوں نے کِٹر دجی ، منڈے دجی ، کنگروسا ، ڈنگی وچہ اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا تاکہ اِن علاقوں کی سپاٹ فزیبلٹی اور سیاحتی صلاحیت کا جائزہ لیا جاسکے ۔اُنہوں نے مختلف مقامات پر چلنے والے راستوں اور دیگر مقامات پر دستیاب مہم جو راستوں کا بھی جائزہ لیا۔ناظم سیاحت کشمیر نے مختلف مقامات پر مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحوں کی تفریح کے لئے پوشیدہ سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور دریافت کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ا س سے ان مقامات پر مقامی معاشی سرگرمیوں میں بے پناہ بہتری آئے گی۔ ڈاکٹر ایتو نے کہا کہ محکمہ سیاحت شراکت داروں کو ہر محاذ پر ہینڈ ہولڈنگ کا کام انجام دے رہا ہے تاکہ وہ پوسٹ کوڈ کاروباری ماحول کے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل ہوں۔دورے کے دوران ناظم سیاحت نے خصوصی طور پر ان مقامات پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور سیاحتی یونٹ شروع کرنے سے مختلف مراعات کا فائدہ اُٹھائیں جس کے لئے محکمہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔بعدمیں اَفسران کی ایک ٹیم نے گوردوارہ تتیانہ صاحب ، شالہ بُگ، حضرت سیّد محمد جانباز ولی ؒکی زیارت گاہ،خان پور اور اسر شریف بارہمولہ کا دورہ کیا اور پلگرم سیاحت کے تحت مختلف کاموں کا جائز ہ لیا۔ناظم سیاحت کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ( رجسٹریشن ) ٹوراِزم ڈاکٹر احسان الحق چشتی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( ایم اینڈ ڈبلیو ) ٹوراِزم بشیر احمد اور سیاحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی تھے۔
پلوامہ اوربارہمولہ میں3افراد گرفتار
شراب ، فکی اورچرس برآمد،2گاڑیاں ضبط
سرینگر//پلوامہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران مچھ پورہ نامی گائوں میں بڑی مقدار میں منشیات شراب اور فکی برآمد کرلی ہے۔ پولیس نے ایک کرایہ کے کمرے پر چھاپہ ڈالا جہاں ایک غیر مقامی شخص ارجندر سنگھ ولد گورچرن سنگھ ساکن گالی چوٹالین والی پنجاب کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی جس کے قبضے سے قریب شراب کی 141بوتلوں کے علاوہ بڑی مقدار میں فکی ضبط کی ہے ۔ اس سلسلے میں تھانہ پلوامہ میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 201/2021کے تحت درج کرلیا ہے جبکہ گرفتار شدہ غیر مقامی شخص سے پوچھ تاچھ کا عمل شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں ۔اس دوران بارہمولہ پولیس نے آزادگنج چوک سے ایک شخص کو گرفتار کرلیااور اس کی گاڑی سے 885 گرام چرس برآمد کیا گیا۔مذکورہ شخص کی شناخت معراج الدین ڈار ساکن جلشیری کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ادھر اوڑی پولیس نے نورالدین ساکن گوجری کو نند سنگ پل اوڑی سے گرفتار کیا۔ پولیس کو اس کی گاڑی سے 60 گرام چرس برآمد ہوا۔اس سلسلے میں تھانہ اوڑی نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے کارروائی شروع کی۔
اشٹنگو بانڈی پورہ میں غیر قانونی لکڑی ضبط
عازم جان
باندی پورہ //اشٹنگو بانڈی پورہ میں دوران شب ناکہ کے دوران کھویہامہ رینج افسر نے پچاس مکعب فٹ غیرقانونی عمارتی لکڑی ماروتی گاڑی سمیت ضبط کی ۔ڈی ایف او بانڈی پورہ شبیر احمد بٹ کی ہدایت پر رینج آفیسر کھویہامہ محمد مقبول لون اشٹنگو کمپارٹمنٹ نمبر9میں جمعہ اور سنیچروار کی نصف شب کو ناکہ لگایا ۔ اس دوران سمگلر ماروتی گاڑی میں لکڑی لادرہے تھے لیکن جنگلات کی ناکہ پارٹی نے بروقت کارروائی کرکے ماروتی گاڑی لکڑی سمیت قبضے میں لے لی ۔معلوم ہوا ہے کہ سمگلر اندھیرے کا فائدہ اٹھا کرگاڑی اور لکڑی وہیں چھوڑ کر فرار ہونے میںکامیاب ہوگئے ۔
حضرت سید محمد امین اویسی ؒکے عرس پر تقاریب
سرینگر// حضرت سید محمد امین اویسی منطقیؒ کے سالانہ عرس کی تقریب وادی بھر میں منائی گئی۔ اس سلسلے میں اُن کے آستان عالیہ واقع عالی کدل میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین مولوی عبدالحق اویسی نے کی جنہوں نے حضرت سید محمد امین اویسیؒ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر جمعیت ہمدانیہ کی جانب سے پیرزادہ محمد اشرف عنایتی اور حاجی فاروق احمد گانی نے بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین کی دستاربندی کی۔ عشم سوناواری میںاُن کے آستانِ عالیہ پر بھی ایک تقریب منائی گئی۔