پریڈ گرائونڈ میں غلط پارکنگ ہٹانے کی ستائش
جموں //جموں ویسٹ اسمبلی مومینٹ کے صدر سنیل ڈمپل نے غلط پارکنگ ہٹا کر پریڈ گرائونڈ میں کسی حد تک ٹریفک جام سے نجات دلانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل پولیس دل باغ سنگھ کی کافی ستائش کی ہے۔انہوں نے ڈی جی سے شہر میں ٹریفک مسلہ حل کرنے اور ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے مبینہ حراسانی وقعات کو روکنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پریڈ گرائونڈ سے غلط پارکنگ ہٹانے سے منی اسٹیڈیم ، وومن کالج پریڈ گرائونڈ اور کنٹرول روم وغیرہ علاقے ٹریفک جام سے پاک ہوگئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جب حکام چاہیں تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے حکام سے فلائی اور ،رنگ روڈ اور میٹرو ریل شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے یقینی طور جموں شہر میں ٹریفک جام سے نجات مل سکے گی۔انہوں نے جموں کوسمارٹ سٹی بنانے میں فوری طور سے کاروائی شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
آزاد کو الحاق کے بارے میں پتہ ہی نہیں :بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے اپوزیشن کے لیڈر مسٹر غلام نبی آزاد کی راجیہ سبھا میں ایک گھنٹے کی تقریر کو جموں وکشمیر کے 1947کے وقت کے حقائق اور صورتحال کو سمجھے بغیر کی گئی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ا پوزیشن لیڈر کو بیان دینے سے پہلے جموں وکشمیر کے تعلق سے تاریخی حقائق کا مطالعہ کرلینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد 1949میں پیدا ہوئے تھے اور انہیں 27اکتوبر، 1947کو جموں وکشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ کے ہندستان کے ساتھ الحاق نامہ پر دستخط کرنے سے پہلے کے تاریخی حقائق کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947سے پہلے پاکستان کی آرمی نے جموں وکشمیر پر حملہ کیا جس کا مقابلہ جموں وکشمیر کی فوج نے کیا جس کے جنرل خود مہاراجہ تھے اور یہ پوری فوج حملہ آوروں کے ساتھ لڑائی میں شہید ہوگئی تب مہاراجہ نے 25اکتوبر 1947کو پنڈت جواہر لال نہرو سے مدد کے لئے کہا اور ہندستانی آرمی 26-27اکتوبر کو پہنچی جس نے لڑائی کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں پنڈت جواہر لال نہرو اور شیخ عبداللہ کا سیاسی رول تھا مگر سب سے اہم رول مہاراجہ اور جموں وکشمیر کی آرمی کا تھا۔مہاراجہ نے جموں وکشمیر کے ہندستان کے ساتھ الحاق نامہ پر 27اکتوبر، 1947کو دستخط کئے اور لارڈ ماونٹ بیٹن نے اگلے روز اسے تسلیم کیا ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں مہاراجہ اور جموں وکشمیر کی آرمی کا اہم رول ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر ان کا ذکر کرنا ہی بھول گئے۔انہوں نے اس معاملہ میں راجیہ سبھا کے اراکین کی خاموشی پر حیرت کاظاہر کیا جو غالباً مودی جی کی ہدایت پر کانگریس کی کہی باتوں کو ہضم کرگئے کیونکہ کانگریس راجیہ سبھا میں اکثریت رکھتی ہے اور مودی جی کو جموں وکشمیر میں صدر راج جاری رکھنے کے لئے بل کو منظور کرانے میں کانگریس کی حمایت کی ضرورت ہے۔
مئیر کا چھنی ہمت علاقہ کا دورہ
جموں //شہر میں لوگوں کو بہتر شہری سہولیات مہیا کرنے کی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے جے ایم سی کے مئیر چندر موہن گپتا نے منگل کے روز چھنی ہمت و ملحقہ علاقوں کے وارڈ نمبر 50 کا کونسلر نینا گپتا ،ہیلتھ افسر جے ایم سی ڈاکٹر سلیم خان ،متعلقہ سینٹیشن افسر، اسسٹنٹ سینٹیشن افسر و دیگر فیلڈ سٹاف کے ہمراہ دورہ کیا ۔مئیر نے اس موقعہ پر چھنی ہمت علاقہ کے لوگوںسے تبادلہ خیال کیا ،جنھوں نے اپنے مطالبات پیش کئے۔ مقامی لوگوں نے جو مسائل پیش کئے اُن میں ؛ نالیوں /گلیوں کی مرمت ، مون سون شروع ہونے سے قبل انکی صفائی کرنا ،باقاعدگی سے کوڈا کرکٹ اٹھانا ،اسٹریٹ لائٹوں کو نصب کرنا ،آوارہ کتوں اور جانورں کو اُٹھا نا و غیرہ شامل تھا ۔جے ایم سی کے مئیر نے لوگوں کو بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے چھنی ہمت علاقہ کے مساٗل حل کرنے کے لئے تمام افسروں کو انکے ہمراہ دورہ کے دوران ساتھ رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر کوڈا کرکٹ نہ پھینکیںاور جے ایم سی اہلکاروں کے ساتھ شہر کو صاف و ستھرا بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی،تاکہ انکے ورڈ کو صاف و شفاف رکھا جائے گا۔
این سی نائب صدر کی بیٹی کے انتقال پر دکھ کا اظہار
جموں // نیشنل کانفرنس نے ضلع نائب صدر کی بیٹی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ای تعزیتی بیان میں پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے جموں دیہی کے نائب صدر رگھو بیر سنگھ منہاس کی دختر ردھی منہاس کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ اور سوگوار کنبہ ساتھ کے اپنی دلی ہمدری کا اظہار کیا۔دونوں لیڈروں نے مرحومہ کی شانتی کیلئے پرارتھنا کی اوراللہ سے دعا کی کہ وہ دکھ زدہ کنبہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے ۔