بی ڈی او دفتر کی عمارت تعمیر نہ ہوسکی
۔7برسوں تک پنچایت گھر بطور دفتر استعمال
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سیری بلاک میں ابھی تک بلاک ڈیولپمنٹ دفتر کے سلسلہ میں عمارت کی تعمیر ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے بلاک میں تعمیراتی عمل متاثر ہورہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سیری کو 2014میں حکومت کی جانب سے بنائی گئی نئی اکائیوں کے دوران بلاک کا درجہ دیا گیا تھا لیکن اج تک زمینی سطح پر دفتر کیلئے عمارت ہی تعمیر نہیں کی جاسکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایک پنچایت گھر میں ہی دفتر قائم کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ملحقہ علاقوں کی عوام کو تعمیراتی کاموں کے سلسلہ میں مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنچایت گھر میں بلاک ڈیو لپمنٹ دفتر قائم کرنے کی وجہ سے پنچایتی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بلاک ڈیو لپمنٹ دفتر کیلئے جلدازجلد عمار ت کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ عام لوگوں و ملازمین کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
دراج کی گمشدہ لڑکی راجوری سے بازیاب
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت دراج کی 16سالہ گمشدہ لڑکی راجوری سے بازیاب ہوئی ہے ۔پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بعد راجوری کے سیلانی پل علاقہ سے لڑکوں کو باز یاب کروا کر اہل خانہ کے حوالے کیاگیاہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں دراج علاقہ میں سے لڑکی کے غائب ہونے کے بعد افواہ پھیلائی گئی تھی کہ لڑکی کو چیتے نے اٹھا لیا ہے جس کے بعد مقامی پولیس ،معززین اور فوج کی ٹیموں نے علاقہ میں بڑی پیمانے پر تلاشی عمل شروع کیا تھا جبکہ اس دوران فوجی نے اپنے ماہر کتوں کی مدد سے بھی لڑکی کو تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم اس میں کامیابی نہیں مل پائی تھی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ اس تلاشی مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے جنگلا ت و دیہات میں کئی ایک مقامات کی باریک بینی کیساتھ تلاشی کی لیکن ایس ایچ او بدھل کی جانب سے اہل خانہ سے کی گئی تحقیقات کے بعد اس تلاشی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا تھا جس کے بعد لڑکی کو راجوری سے بازیاب کرلیا گیا ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ اہل خانہ سے کی گئی تحقیقات میں معلوم ہوا تھا کہ لڑکی گھر والوں کیساتھ جھگڑا ہونے کے بعد فرار ہوئی تھی جبکہ اس کو راجوری کے سیلانی علاقہ سے باز یاب کروا کر پولیس سٹیشن پہنچایا گیا ہے ۔
ناریاں و ملحقہ دیہات کو نوشہرہ اسمبلی حلقہ کیساتھ جوڑنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے ناریاں گائوں و دیگر ملحقہ دیہات کی عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو نوشہرہ اسمبلی حلقہ کیساتھ جوڑا جائے تاکہ مذکورہ علاقوں کی تعمیر و ترقی میں مدد مل سکے ۔مکینوں نے بتایا کہ ناریاں ،چوکی ،سنگپور ودیگر درجنوں دیہات نوشہرہ سب ڈویژن میں آتے ہیں تاہم ان دیہات کو اسمبلی حلقہ کا لا کوٹ کیساتھ منسلک کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ محکمہ مال کے ریکارڈ کے تحت نوشہرہ کے ساتھ ہیں لیکن ان کو نوشہرہ اسمبلی حلقہ میں نہیں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی غلطی کی وجہ سے ان کو برسوں سے کالا کوٹ اسمبلی حلقہ کیساتھ منسلک کیا گیا ہے لیکن ان کے گائوں نوشہرہ اسمبلی حلقہ کیساتھ آتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کسی بھی کام کے سلسلہ میں کالا کوٹ جانے کیلئے ان کو کئی گھنٹوں تک کا وقت لگتا ہے جبکہ نوشہرہ ان کیلئے آسان ترین جگہ ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو اسمبلی حلقہ کالا کوٹکے بجائے نوشہرہ کیساتھ منسلک کیا جائے ۔
سادگی کیساتھ عید منانے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//سابق ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے اپنے ایک بیان میں انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بار عید الاضحی پرمساجد پر سے پابندی ہٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وبا کے سلسلے میں اب بیدار ہوچکی ہے اور اپنا فائدہ نقصان سمجھ رہی ہے اس لئے وہ کبھی یہ نہیں چاہیں گے کہ وہ بھیڑ میں جاکر خطرہ لیں لیکن مساجد پر پابندی عائد رہنے سے لوگ وہاں نہیں جا پاتے اور کم لوگ بھی مسجد میں نماز عید نہیں پڑھ پاتے ہیں جس کی وجہ سے عید پرمذہنی مقامات ویران ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عید سادگی کیساتھ منائیں جبکہ پُر ہجوم جگہوں پر جانے سے پرہیز کرنے کیساتھ ساتھ ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس کے پھیلا ئو کو بھی کم کیا جاسکے ۔