قوئل مقام بانڈی پورہ میں غم واندوہ
۔60برس کے شہری نے خود کوآگ لگادی
بانڈی پورہ//قوئل مقام بانڈی پورہ میں ایک شہری نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر مبینہ طور پر خود سوزی کرکے اپنی زندگی کاخاتمہ کردیا۔جے کے این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے قوئل مقام گاؤں میں منگل کی صبح ایک 60 سالہ شہری جو پیشے سے مزدور تھا، نے اپنے ہی گھر میں اپنے آپ پر مٹی کا تیل چھڑک کر خود سوزی کی،جسکے نتیجے میں اُسکے جسم کا95فیصد حصہ جھلس گیا۔مبینہ خودسوزی کے باعث جھلسے شخص کوضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروں نے یہاں اُسے مردہ قرار دے دیا۔خودکشی کرنے کے پیچھے محرکات کاابھی خلاصہ نہیں ہوا ہے ۔بانڈی پورہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
پولیس میں ترقیاں
۔654 سلیکشن گریڈ کانسٹیبل،ہیڈ کانسٹیبل بنائے گئے
سری نگر//محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی سفارشات پر انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون وجے کمار ، نے654 سلیکشن گریڈ کانسٹیبلوں کو ہیڈ کانسٹیبلوں کی ترقی سے نوازاہے ، اس کے علاوہ 18 کانسٹیبلوں کو تسلی بخش خدمات کیلئے اُن کے حق میں ایسٹیو ترقی کے احکامات واگزار کئے۔کے این ایس کے مطابق آئی جی پی کشمیر نے ترقی پانے والے عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں لوگوں کیلئے امن و سکون کی بحالی اور عام لوگوں کے مفادات کے لئے ایمانداری اور لگن کے ساتھ اپنی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیںگے۔
کوروناگائیڈ لائنزکی خلاف ورزیاں
روپے جرمانہ وصول 384500
سرینگر//کورونا وائرس کی عالمگیر وباء کی دوسری لہر کو قابو کرنے کیلئے پولیس کی مہم جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کووِڈ 19سے بچنے کیلئے جاری رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والے3179لوگوں سے384500روپے جرمانہ وصول کیا۔کورونا رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم وادی کے تمام اضلاع میں جاری ہے ۔اس دوران کولگام پولیس نے محکمہ مال کے اہلکاروں کے ساتھ ایک مشترکہ مارکیٹ چیکنگ کے دوران کورونا ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سے3200روپے جرمانہ وصول کیا۔پولیس نے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناگائیڈ لائنز کی مکمل طور پاسدار ی کریں،تاکہ کووِڈ- 19کو پھیلنے سے روکا جائے۔
انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے مجالس عزا
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے سفیر امام حسینؑ حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کے یوم شہادت کے سلسلے میں وادی کے اطراف و اکناف میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا ۔مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں مرکزی نوعیت کے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں دن بھر مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔