گاندربل میں پولیوشن کنٹرول بورڈ کا ملازم رشوت لیتے ہوئے گرفتار
ارشاداحمد
گاندربل//انسدادرشوت خوری محکمہ نے سالورہ گاندربل میں محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈکے ایک ملازم کو تین ہزارروپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔انسدادرشوت خوری محکمہ کے بیان کے مطابق سالورہ گاندربل کے مقامی شہری نے تحریری شکایت درج کرائی جس میں اس نے کہا کہ اس کی سالورہ گاندربل میں جوائنری مل ہے۔جس کے لئے اس نے سال 2019 نومبر میں محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ سے ’’کوئی اعتراض نہیں ‘‘سند حاصل کرنے کے لئے آن لائن درخواست دی تھی۔جس کے بعد محکمہ کے فیلڈ انسپکٹر عابد احمد نے یونٹ کا معائنہ کرنے کے لئے دورہ کیا۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ آفیسر پولوشن کنٹرول بورڈ گاندربل نے ایک رپورٹ تیار کی جس میں انہوں نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے ’’کوئی اعتراض نہیں‘‘ سند حاصل کرنے کے لئے کوئی درخواست نہیں دی جس کے نتیجے میں اس کا یونٹ بند کرنا پڑے گا۔ڈسٹرکٹ آفیسر پولیوشن کنٹرول بورڈ محمد اشرف کھانڈے کے ہمراہ فیلڈ انسپکٹر عابد احمد نے شکایت کنندہ سے 20 ہزار روپے رشوت قسطوں میں طلب کی تاکہ ایک ماہ کی مدت کے اندر یونٹ بند کرنے کا آرڈر واپس لیا جائے۔ جوائنری مل کے مالک نے پہلی قسط کے طور پر 3 ہزار روپے ادا کرنے کی حامی بھری۔.اس موقع پر شکایت کنندہ کی شکایت پر اینٹی کرپشن بیورو نے ٹیم تشکیل دی جنہوں نے جال بچھا کر محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے فیلڈ انسپکٹر عابد احمد کو تین ہزار روپے کی نقد رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے کیس زیر نمبر2021/2 زیردفعہ 7 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
مرزاباغ گاندربل میں پینے کے پانی کی قلت
ارشاداحمد
گاندربل// مرزا باغ سرڑ گاندربل میں پچھلے دس روز سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مقامی آبادی میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔مرزا باغ سرڑ کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے دس روز سے علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کودور دور سے پانی لاناپڑتاہے۔مقامی شہری ظہور احمد نے بتایا کہ حالیہ چند روز سے جاری مسلسل بارشوں کے بعد پورے علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ اس بارے جب محکمہ جل شکتی کو آگاہ کیا تو انہوں نے کہا کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے پانی گندہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں علاقہ کی پانی سپلائی متاثر ہوگئی ہے۔
جمعیت علمائے اثنائے عشریہ کالداخ اورکرگل میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج کرنے کا فیصلہ
غلام نبی ضیاء
کرگل//جمعیت علمائے اثنائے عشریہ کرگل لداخ نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ وسیم رضوی کی عرضی کوخارج کریں اورحکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ اس بدحواس کو گرفتار کیا جائے۔کرگل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن علمائے اثنائے عشریہ کرگل لداخ ،کے صدرشیخ نظیرمہدی نے کہا کہ اترپردیش شعیہ وقف بورڈ کاسابق چیئرمین ایک شعیہ نہیں ہے بلکہ ایک موقع پرست پاگل ہے جس کے خلاف دھوکہ دہی اورجرائم کے کئی معاملے درج ہیں ۔مہدی نے قران مجیدکی خوبصورتی اور یکتائی پر روشنی ڈالتے ہوئے سورۃ حجرات کی ایک آیت کاحوالہ دیا جس میں اللہ تعالی فرماتے ہیں،’’ہم نے قران کو نازل کیا اور ہم اس کے محافظ ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اپنی پاک کتاب میں اللہ تعالی نے اس کی حفاظت کاذمہ خوداُٹھایا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ رضوی کے خلاف سی بی آئی ناجائزخریدوفروخت اوروقف جائیدادکی منتقلی کی تحقیقات کررہا ہے۔ایجنسی نے اس کے خلاف دو ایف آئی آردرج کئے ہیں ۔انہوں نے جمعہ بعد نماز لداخ بھرمیں لوگوں سے پرزوراحتجاج کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ خاموش نہ رہیں بلکہ رضوی کے خلاف احتجاج کرکے قران مقدس کے تئیں اپنے محبت کااظہار کریں۔ مہدی نے کہا کہ تمام شعیوں کا یہ ماننا ہے کہ قران جو پیغمبرؐ پر نازل کیا گیا ،آج تک اپنی اصلی حالت میں ہے اور تاقیامت رہے گا۔
وسیم رضوی کوقومی اقلیتی کمیشن کا نوٹس،عرضی واپس لینے کی ہدایت
سری نگر//قومی اقلیتی کمیشن نے عدالت عظمیٰ میں قران مجید کی چھبیس آیات کوحذف کرنے سے متعلق عرضی دائرکرنے پرشعیہ وقف بورڈاترپردیش کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کیخلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کافیصلہ کیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق وسیم رضوی کے خلاف شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت ہند کے قومی اقلیتی کمیشن کی طرف سے وسیم رضوی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس کے جواب کے بعد قومی اقلیتی کمیشن مزید قانونی کارروائی کا آغاز کرے گا۔ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق قومی اقلیتی کمیشن کے پاس محمد عبدالماجد نظامی، علی رضا زیدی، محمد فیضان چوہدری اور مولانا سید نذر عباس نے شکایت کی ہے جس پر قومی اقلیتی کمیشن کے نائب چیئرمین عاطف رشید نے وسیم رضوی کے نام نوٹس جاری کرنے فیصلہ کیا ہے۔اس نوٹس میں قومی اقلیتی کمیشن نے وسیم رضوی کو21 دنوں کا وقت دیا ہے اور اس دوران وسیم رضوی سے کہا گیا ہے کہ وہ عدالت عظمیٰ میں داخل کی گئی اپنی قران مخالف عرضی کو واپس لے لیں اوراگر اس عرضی کو واپس نہیں لیا جاتا تو قومی اقلیتی کمیشن وسیم رضوی کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔خیال رہے خود وسیم رضوی سے اُن کے سگے بھائی بہنوں اوردیگر اہل خانہ نے قطع تعلق کااعلان کرتے ہوئے اُسکی حرکت کوقابل مذمت اور دین مخالف قراردیاہے ۔
مولاناہمدانی کا رضوی کی گرفتاری کامطالبہ
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض ہمدانی نے خودساختہ اور فرقہ پرستوں کے آلہ کار وسیم رضوی کی طرف سے سپریم کورٹ میں قرآن کریم کی 26آیات حذف کرنے کی عرضی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس عرضی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انتشار اور خلفشار پھیلانے کی پاداش میں وسیم رضوی کیخلاف قانونی کارروائی کرنی چاہئے۔ مولانا ہمدانی نے کہا کہ قرآن ہمیشہ سے ایک ہی ہے اور تا قیامت ایک رہے گا۔ قرآن میں ایک زبر زیر کی ترمیم نہیں ہو سکتی اور اس کی ضمانت اللہ تبارک و تعالیٰ نے خود دی ہے اور خود ہی اس کی حفاظت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی بھی امام نے قرآن پر شک و شبہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی آیت کو ہٹانے کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک امن امان کی بات کرتا ہے۔قرآن مجید پر پوری دنیا کے مسلمانوں کا مکمل ایمان ہے۔ قرآن مجید میں دلوں کو جوڑنے کی بات کی گئی ہے۔قرآن میں صرف خیر اور بھلائی کی تعلیم دی گئی ہے۔ وسیم رضوی کی جانب سے قرآن کی 26 آیات سے متعلق جو بات کہی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ موصوف اپنے ایمان کا سودا کرکے اپنے آقائوں کو خوش کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔ مولانا شوکت حسین کینگ ، سید منظور الحسین قریشی، حاجی محمد اشرف عنایتی نے بھی وسیم رضوی کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر عرضی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور موصوف کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
درباد مودفاتر کے دستاویزات کی سکیننگ کاشیڈول جاری
جموں//جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے سوموار کودربار سے وابستہ سول سیکریٹریٹ سے باہر کام کررہے دفتروں کی فائلوں اور دستاویزات کی سکیننگ اورڈجٹائزیشن کیلئے شیدول جاری کیا۔ایک حکم کے مطابق چھنی ہمت،شاستری نگر،سینک کالونی،گاندھی نگر،اورچھنی ہمت(جموں) میں سات سکینگ مراکزقائم کئے گئے ہیں ۔ حکم کے مطابق ہر دفترکانامزدنوڈل افسرجموں کشمیرای گورننس ایجنسی کی مرکزی زیرانتظام سطح کے پرجیکٹ کی نگرانی کرنے والی ٹیم جوعرفان احمدپروجیکٹ منیجر اورارن پنڈتاانالسٹ آئی ٹی پر مشتمل ہے ،سے تیکنیکی جانکاری کیلئے رابطہ کریں گے۔ نوڈل افسر معیاری چیکنگ اور دستاویزات کی سکیننگ کیلئے ذمہ دار ہوں گے اور یہ سکیننگ مراکزاتوارسمیت چھٹیوں کو بھی کام کریں گے۔اس طرح دستاویزات تعطیل کے روزبھی قبول اورواپس کئے جائیں گے۔
ہندوارہ ’نارکوملی ٹنسی‘کیس
سمبل ونگی پورہ میں این آئی اے کا چھاپہ
سرینگر//ہندوارہ نارکوملی ٹنسی معاملے کی تحقیقات جاری رکھتے ہوئے قومی تحقیقاتی ایجنسی ’این ۔آئی ۔اے‘ نے سوموارکی صبح شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے علاقہ ونگی پورہ سمبل میں ایک رہائشی مکان اور ایک شاپنگ کمپلیکس پر چھاپہ مارا ۔معلوم ہواکہ این آئی اے کی ایک ٹیم مقامی پولیس اور سی آر پی ایف کے مشترکہ دستے کے ہمراہ سوموار کوصبح تقریباًساڑھے 9بجے ونگی پورہ سمبل پہنچی اورٹیم نے یہاں ایک رہائشی مکان کی تلاشی کارروائی شروع کی ،جوکئی گھنٹوں تک جاری رہی ۔ذرائع نے بتایا کہ ونگی پورہ میں شوکت پرے ولد عبدالاسلام پرے کے رہائشی مکان اور شاپنگ کمپلیکس کی تلاشی لی گئی اور اس دوران این آئی اے کی ٹیم نے یہاں کچھ دستاویزات کے علاوہ 2 عدد خراب موبائل فون کو اپنی تحویل میں لے لئے۔خیال رہے شوکت پرے کو2 سال قبل منشیات فروشی کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے تاہم کچھ روز قبل شوکت پرے کو این آئی اے نے ہندواڑہ نارکو ملی ٹنسی کیس کے سلسلے میں ایک بار پھر حراست میں لے لیا اور سوموارصبح اُس کے رہائشی مکان کے علاوہ شاپنگ کمپلیکس کی تلاشی لی گئی ۔بتایاجاتاہے کہ ونگی پورہ سمبل میں شوکت پرے کے رہائشی مکان اورتجارتی کمپلیکس پرچھاپے کامقصدمذکورہ ملزم کی جائیدادکی جانچ پڑتال کرنا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ لگ بھگ 4 گھنٹے کی اس جانچ پڑتال کے بعد این آئی اے کی ٹیم شوکت پرے کے گھر سے کچھ دستاویزات کے علاوہ 2عدد خراب موبائل فون اپنے ساتھ لے گئی۔
زرعی یونیورسٹی کے شہامہ کیمپس میں پروگرام کا اہتمام
سرینگر//شہری جنگلات ڈویژن نے زرعی یونیورسٹی کے شہامہ کیمپس میں یوم چنار منانے کے لئے ایک پروگرام کا اہتمام کیا جہاں احاطے میں چنار کے پودے لگائے گئے ۔کنزرویٹر جنگلات ، سرکل سرینگر ، زبیر احمد شاہ ، ڈی ایف او ، شہری جنگلات ، سری نگر ڈویژن ، سید عابد نذیر اور دیگر افسران موجود تھے۔اس موقع پر جنگلات کیکنزرویٹر فارسٹس نے کہا ’’ ہم یوم چنار منانے اور اس ورثہ کے درخت کے بارے میں نظریات کا تبادلہ کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ چنار کے بغیر کشمیر کا منظر نامکمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج محکمہ لگ بھگ 2000 چنار لگائے گا ، اس کے علاوہ سال کے دوران بارہ ہزار پانچ سو چنار کے پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا ’’ ہماری اس ورثہ کو برقرار رکھنے کی شعوری کوشش ہے کیونکہ اس سے ہماری فضا کو آکسیجن فراہم کرنے اور ماحولیات کی بحالی میں مدد ملنے کے علاوہ ہماری زمین کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے ورثہ چنار درخت کی شجرکاری کو منانے کے لئے اس لمحے کو بہت اہم قرار دیا۔ انہوں نے ڈی ایف او سے گذارش کی کہ سرسبز سبز پودوں کے ذریعے کیمپس کے آس پاس کے چراگاہ کا احاطہ کرنے کے لئے ایس کیو اے ایس ٹی کیمپس انتظامیہ کی مدد کی جائے۔
شوپیان کے کئی سیاسی اراکین اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر// پی ڈی پی کے سابق حلقہ صدر واتھو خورشید احمد ڈار، سابق بلاک صدر واتھو محمد اقبال، محمد جبار بٹ، زاہد احمد لون، شوکت احمد وانی، عمیر یوسف، عادل احمد، عمر نذیر، فیصل مقبول اور شبنم احمد کے علاوہ ڈیرو ، کیگام ، گانپورہ اوردارمدور شوپیان سے کئی سیاسی کارکنان اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔اپنی پارٹی کے ایک بیان کے مطابق پارٹی کے نائب صدر ظفراقبال منہاس نے نئے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کی یکساں ترقی کے لئے وعدہ بند ہے۔ منہاس نے کہاکہ پارٹی لوگوں کو درپیش مشکلات حل کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی ’صداقت پر مبنی سیاست‘کے اصول پر کاربند ہے جس کا زمینی سطح پر مخلصانہ اقدام تقاضا ہے۔ اس دوران شوپیان سے شامل ہونے والے نئے ساتھیوں نے پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا اور زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔ تقریب میں ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ مظفر ریشی، ضلع سیکریٹری شوپیان ایڈوکیٹ محمد تنویر ٹاک اور ضلع سیکریٹری سرینگر جیلانی کمار بھی موجود تھے۔
حالیہ بورڈ امتحانات میں عمدہ کارکردگی
جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی
فیاض بخاری
بارہمولہ//چیئرمین جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل کی ہدایت پر جموں وکشمیر میں ہونہار طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے سوسائٹی کے شمالی کشمیر چیئرمین خواجہ محمد شفیع نے نولوسہ بونیار ، بارہمولہ کا دورہ کیا اور عیان احمد پٹھان کو دسویں جماعت کے امتحانات میں شمالی کشمیر سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ امتحان میں عمدہ کارکردگی کے لئے عیان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔اس موقع پر خواجہ محمد شفیع نے طلاب کی امتحانات میں اچھی کارکردگی پرخوشی کا اظہار کیا۔ وفد میں جے کے آر ڈی ایس جوائنٹ سکریٹری شمالی کشمیر اشفاق لون ، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبد المجید آخون ، تحصیل چیئرمین بونیار تنویر عمران لون ، تحصیل چیئر مین اوڑی بشیر احمد وتھلو ، تحصیل سیکریٹری اوڑی فیاض احمد خواجہ ، تحصیل جوائنٹ سکریٹری اوڑی اعجاز احمد پٹھان اور سماجی کارکن صریر احمد اور مصعب اعوان بھی شامل تھے۔
گنڈ کنگن میں اے ٹی ایم بیکار
کنگن/غلام نبی رینہ/گنڈ کنگن میں اے ٹی ایم بیکار رہنے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔کئی صارفین نے بتایا کہ جموں کشمیر بنک شاخ گنڈ کنگن میں اے ٹی ایم اکثر بیکار رہتا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایک صارف نے بتایا کہ یہ اے ٹی ایم تقریباً روز خراب رہتا ہے جس کے نتیجے میں انہیں یہاں سے ہمیشہ خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا ہے ۔صارفین نے بنک حکام سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چرارشریف میں مارکیٹ چکنگ
دکانداروں سے8ہزارکا جرمانہ وصول
سرینگر// چرارشریف میں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے ایگزیکٹوآفیسر میونسپل کمیٹی چرارشریف نے اچانک بازاروں کامعائنہ کیا جس دوران گراں فروشی میں ملوث درجنوں دکانداروں سے جرمانہ وصول کیا گیا۔ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی چرار شریف میر آصف علی کے ہمراہ نائب صدر میونسپل کمیٹی چرارشریف انجل زاہد کی سربراہی میں ایک ٹیم نے قصبہ کے بازاروں کا معائنہ کیااور درجنوں دوکانداروں سے 20 کلو پالی تھین کے علاوہ گراں فروشی میں ملوث دیگر دوکانداروں سے 8000 ہزار کی رقم جرمانے کے طور پروصول کی گئی۔ اس مہم میں چرارشریف کے کونسلر امتیاز احمد ڈار، سیکریٹری میونسپل کمیٹی چرارشریف شبیر احمد ہرہ اور طارق احمد ڈار موجود تھے۔