پھلنی میں پانی کی شدید قلت ،عوام پریشان
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک بدھل کی پنچایت پھلنی میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگ رمضان کے دوران پانی جیسی بنیادی سہولیت سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں ۔مکینوں نے انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ کی مسجد میں بھی پانی کی قلت پائی جارہی ہے جسکی وجہ سے نمازیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی پنچایت ممبر پرویز ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ کی واٹر سپلائی سکیم پر کوئی بھی مستقل ملازم تعینات نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے محکمہ محض عارضی ملازمین کی مدد سے ہی کام چلا رہا تھا تاہم عارضی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے لوگوں کی پانی سپلائی بند ہو گئی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی بحالی کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
لاک ڈاون سے عوامی مشکلات میں اضافہ
ساز و سامان کی خریداری کیلئے وقت کا تعین کرنے کی مانگ
پرویز خان
منجا کوٹ //کووڈ لاک ڈائون کی بڑھتی ہوئی مدت کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو نا شروع ہو گیا ہے جبکہ کئی ایک مقامات پر ضروری اشیاء کی بھی قلت پائی جارہی ہے ۔کوروناوائرس کیسوں میں ہونے والے اضافے کو دیکھتے ہوئے جہاں انتظامیہ کی جانب سے بندشوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے وہائیں عام لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عید کی آمد کو دیکھتے ہوئے ضروری ساز و سامان کی خریداری کیلئے وقت کا تعین کیا جائے تاکہ لوگ بغیر کسی پریشانی کے مقرر کردہ وقت پر اشیاء خوردنی کی خریداری کرسکیں غور طلب ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ بندشوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک انہوں نے عید کے سلسلہ میںکوئی بھی ساز و سامان نہیں خریدا ہے جبکہ بندوشوں کی وجہ سے عام زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔غور طلب ہے کہ منجا کوٹ تحصیل میں حالیہ دنوں کئی اموات ہوئی ہیں جبکہ کچھ علاقوں کو ریڈ زون کے زمرے میں بھی رکھا گیا ہے ۔دوسری جانب سیول او ر پولیس انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی جارہی ہے ۔مکینوں نے کہاکہ وہ کووڈ کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کیساتھ کھڑے ہیں تاہم ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی معقول پلان مرتب کیا جائے تاکہ غریب طبقہ کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
سڑک کی تعمیر کے دوران زندہ شیل باز یاب
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے کھاہ جمولہ علاقہ میں رابطہ سڑک کی تعمیر کے دوران ایک زندہ شیل برآمد کیا گیا جس کے بعد فوجی ماہرین نے اس شیل کو کنٹرول دھماکے کے ذریع ناکارہ بنادیا ۔فوجی ذرائع نے بتایا کہ کھاہ جمولہ گائوں میں سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں کی جارہی کٹائی کے دوران ایک 51ایم ایم ماٹر شیل بازیاب کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے کیساتھ ساتھ فوج کی راشٹریہ رائفل اور راجوری پولیس سٹیشن سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور شیل کو اپنی تحویل میں لیا ۔انہوں نے بتایا کہ فوجی ماہر نے اس زندہ شیل کو مہارت کیساتھ ایک کنٹرول دھماکے کے دوران تباہ کر دیا ۔انتظامیہ نے عام لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ کسی مشکوک اشیاء کی برآمدگی کے دوران انتظامیہ کو اطلاع فراہم کریں ۔
خطہ پیر پنچال میں بندشوں کے بیچ شب قدر کی تقریبات
مساجد کے بجائے گھروں میں ہی شب خوانی کو ترجیح
جموں //جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی کووڈ بندش کے چلتے لوگوں نے گھروں میں ہی شب قدر کے سلسلہ میں شب خوانی کرنے کو ترجیح دی ہے ۔غور طلب ہے کہ عالمگیر وباء کے چلتے اس بار رمضان میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی بھی مساجد کے بجائے زیادہ تر گھروں میں ہی انجام دی گئی ہے ۔یوٹی کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی کووڈ کی لہر میں تیز آتی جارہی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی طور پر بندشیں عائد کی گئی ہیں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیاجاسکے ۔کووڈ لاک ڈائون کی وجہ سے امسال لاکھوں فرزندان توحید نے گھروں میں شب خوانی کرکے بار گاہ الٰہی میں گڑگڑ اکر اس وبائی بیماری سے نجات کیلئے دعائیں مانگیں۔خیال رہے کہ وبائی بیماری کے باعث انتظامیہ نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دیں تاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کو کم کرنے میں مددمل سکے ۔ کورنا وائرس اور لاک ڈائون کے باعث دوسری بارکہیں کوئی بڑا اجتماع نہیں ہورہا ہے اور لوگوں نے گھروں میں ہی شب خوانی ادا کرنے کو ترجیح دے رے ہیں۔لوگ گھروں میں کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگ رہے ہیں ۔شب خوانی کے دوران جموں کشمیر میں امن و آشتی اور ناگہانی آفات اور کورنا وائرس کی بیماری سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
صحافی جاوید خان کیساتھ اظہار تعزیت
تھنہ منڈی // سب ڈویڑن مینڈھر سے کشمیر عظمیٰ کے سنیئر صحافی جاوید اقبال خان کی والدہ کے انتقال پر تھنہ منڈی کی صحافی برادری و معززین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔ صحافی جاوید اقبال کے والدین کی بیک وقت وفات پر تھنہ منڈی کی تمام صحافی برادری نے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جن میں تھنہ منڈی سے روزنامہ اڑان اور سی این آئی کے نثار خان ، ای ٹی وی بھارت کے جہانگیر خان، لازاول کے عمران خان کشمیر عظمیٰ کی عظمیٰ یاسمین ، گلستان نیوز کے جاوید خان، کشمیر کراؤن کے راحیل گنائی ، اور دیگر کئی ایک سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے جنت نشینی کی دعا کی ہے۔اس کے علاوہ چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر ، راہ حق کے سید منظر علی شاہ ، پہاڑی لیڈر شہباز خان ، پیرپنچال فورم تھنہ منڈی ، مسلم ایجوکیشنل کے سرپرست خورشید بسمل، اور دیگر کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی صحافی جاوید اقبال کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل دے۔
لاک ڈائون معذور افراد کیلئے مصیبت بن گیا
پونچھ //کورونا وائرس کے پھیلا ئو کو روکنے کیلئے عائد پابندیوں کے دوران خطہ پیر پنچال کے مختلف قصبوں میں رہ رہے ذہنی طورمعذور افراد شدید مشکلات میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔دونوں سرحدی اضلاع کے کئی قصبوں میں درجنوں معذور افراد موجود ہیں جبکہ گزشتہ دنوں مینڈھر قصبہ میں ایک معذور خاتون کی کووڈ کی وجہ سے بھی موت واقعہ ہو گئی تھی ۔انتظامیہ کی جانب سے تجارتی عمل پر عائدکی گئی پابندیوں کی وجہ سے مذکورہ افراد کو غذائی اجناس ودیگر سہولیات فراہم ہی نہیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے معذور افراد کی مشکلات میں ہر گزرتے دن اضافہ ہوتا جارہاہے ۔اس وقت مینڈھر قصبہ میں ایک درجن کے قریب ذہنی طورپر معذور ہیں جو دکانوں کیساتھ ساتھ گلیوں میں مشکل ترین حالات میں درماندہ ہو ئے ہیں ۔نتظامیہ کی عدم ترجہی کی وجہ سے ان معذور افراد کی مدد صرف کچھ مکینوں کی جانب سے کی جارہی ہے اور وہ غذائی اجناس کیساتھ ساتھ دیگر ساز و سامان بھی فراہم کر رہے ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مینڈھر قصبہ میں لاک ڈائون سے قبل درجن کے قریب معذور افراد گلیوں و دکانوں کے سامنے اپنی راتیں بسر کر رہے تھے تاہم لاک ڈائون کے دوران قصبہ مکمل بند ہونے کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔اسی طرح پونچھ ،سرنکوٹ ،راجوری ،نوشہرہ ،سندر بنی ،تھنہ منڈی ودیگر علاقوں میں بھی درجنوں معذور افراد قصبوں میں بے یار ومدد گار ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ افراد کو غذائی اجناس فراہم کی جائیں ۔
حیات پورا ۔سوکھاکس 3کلو میٹر سڑک
کئی برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی ،عوام پریشان
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے حیات پورا تا سوکھا کس 3کلو میٹر سڑک گزشتہ 4برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے مسافروں وٹرانسپورٹروں کو مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سڑک کی کٹائی کے بعد اس طرح کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہاہے جبکہ بجری اور تارکول بچھانے کیلئے انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ ہی نہیں کیا جارہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کنارے نہ تو نالیوں کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے اور نہ ہی حفاظتی باندھ بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے سڑک کے ملحقہ علا قہ میں آنے والی زراعی زمینیں و رہائشی مکانات کا بھی نقصان ہو رہاہے ۔لوگوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے سڑک کو معیاری بنانے کیلئے متعدد مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن صرف یقین دہانیوں کے بغیر کوئی عملی کام ہی نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلداز جلد سڑک کو معیاری بنایا جائے جبکہ نالیوں و حفاظتی باندھ کی تعمیر عمل میں لائی جائے ۔
عید سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں
راجوری //سب ڈویژن بدھل میں عید سے قبل ضروری اشیاء کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو تا جارہا ہے جبکہ ناجائز منافع خوری عروج پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ لاک ڈائون کی وجہ سے تمام کاروبار بندہے لیکن اس کے باوجود ان سے اب اضافی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔سب ڈویژن کے بدھل ،کوٹرنکہ ،سموٹ ودیگر علا قوں میں مہنگے داموں پر مرغے ،سبزیاں و دیگر ضروری ساز و سامان فروخت کیا جارہا ہے ۔صارفین نے کہاکہ لاک ڈائون اور رمضان کے باوجود بھی وہ لوٹ کھسوٹ کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے ۔۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضروری اشیاء کی اضافی قیمتیں وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اس سلسلہ میں ایک خصوصی مہم شروع کی جائے تاکہ لوگوں کیلئے آسانی پیدا ہو سکے ۔