ریزرویشن کی بنیاد پر ترقی دینے کامطالبہ
پونچھ//گوجر لیڈر شمشیر ہکلہ پونچھی نے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی ہے کی کہ ریاستی قانون سازیہ کے شروع ہونے جارہے اجلاس کے دوران شیڈول کا سٹ، شیڈو ل ٹرائب اور بیکورڈ کلاسز طبقوں کے سر کا ری ملازمین کو ریزرویشن کی بنیاد پر ترقی دینے کیلئے ایکٹ پاس کرکے اس سلسلے کوبحال کیاجائے ۔شمشیر ہکلہ نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا کہ ریاست میں آباد شیڈ ول ٹر ائب ،شیڈول کاسٹ اور بیکو رڈ کلا سز طبقے اقتصادی، سماجی و سیاسی طور پرپسماندہ ہیں اور انہیں دیگر طبقوں کی صف تک پہنچنے کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں ریزرویشن کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر موجودہ حکومت اس حوالے سے سنجیدہ ہے تو اسے ایکٹ بناکر ریزرویشن کے سلسلے کو بحال کرناہوگا۔
احتجاجی نوجوانوں کا وفد تحصیل افسران سے ملاقی
طارق شال
تھنہ منڈی//بے روزگار یونین تھنہ منڈی نے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے خلاف منگل کے روز بھی احتجاجی دھرنا دیکر بھرتی عمل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔نوجوانوںنے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے گیٹ کے قریب احتجاجی دھرنادینے کے بعد تحصیلدار تھنہ منڈی اور ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سے بھی ملاقات کی ۔ اس دوران قمر جاوید، سلیم جاوید رینہ، منظور احمد گنائی، جاوید احمد، مختار احمد، محمد شریف کوہلی وغیرہ نے ایس ڈی ایم اور تحصیلدار کو بتایاکہ میونسپل کمیٹی کے تحت ہوئے بھرتی عمل میں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں اور تعیناتیاں چوردروازے سے ہوئی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس کمیٹی میں پنچایتوںسے لوگ بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ قصبہ تھنہ منڈی کے بیروزگاروں کو نظرانداز کیاگیاہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی میں بھرتی کرتے وقت کنبہ پروری کی گئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیکر کہا کہ میونسپل کمیٹی میں ہوئی بے ضابطگیوں کی فوری طور پر تحقیقات کی جائے اور زمینی سطح پر کام کرنے والے ملازمین کے ناموں کو آن لائن کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیںہوئے تووہ کوئی سخت اقدامات کرنے پرمجبور ہوجائیںگے ۔انہوںنے اس حوالے سے تحقیقات کرانے کی مانگ بھی کی۔
ہاڑی میں ترسیلی لائنیں درختوں پر آویزاں
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ کی ہاڑی پنچایت لوہر کے وارڈ نمبر تین اور چار کی عوام پچھلے کئی سال سے بجلی کھمبوں کا مطالبہ کررہی ہے لیکن آج بھی اس علاقے میں ترسیلی لائنیں سرسبز درختوں سے آویزاں ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ترسیلی لائنوں کا اس طرح سے درختوں سے آویزاں رہنا ان کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے اور یہ ڈر رہتاہے کہ کہیں کوئی تار سے لگ کر نقصان سے دوچارنہ ہوجائے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین اور افسران نے آنکھوں پر پٹی باندھی ہوئی ہے اور وہ سب کچھ دیکھ کر بھی اندھے بنے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں ڈر ہے کہ کہیں بچے ان تاروں کی زد میں نہ آجائیں ۔انہوںنے کہاکہ اس سے قبل کہ کوئی بڑا حادثہ پیش آجائے ،محکمہ یہاں کے بجلی نظام میں بہتری کے اقدامات کرے نہیں تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوںگے ۔
گرودوارہ پرماتم سنگھ کے سامنے والی سڑک خستہ حالی کاشکار
حسین محتشم
پونچھ//گرودوارہ پرماتم سنگھ کے سامنے سے گزرنے والی سڑک کی خستہ حالت ہے۔یہ گرودوارہ اور مندر جو کہ اس وقت سے قائم ہے جب پونچھ الگ ریاست ہوا کرتی تھی اور یہاں راجائوں کا دور تھا ۔اس وقت عوام میں آپسی بھائی چارہ کو فروغ دینے کے لئے ایک ہی عمارت کے اندر گرودوارہ اور مندر بنایاگیا تھا۔اس تاریخ ساز گرودوارہ کے سامنے سے ہوکر محلہ کھوڑی ناڑ وارڈ نمبر 8کو جانے والی سڑک جو کہ اب ایک نالے کی صورت اختیار کر چکی ہے جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے عقیدتمندو ںاور دوسرے راہگیروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا ہے۔اس سلسلہ میں محلہ کے نوجوانوں کی جانب سے متعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاج کیاگیا۔اس احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے ہر سمرن سنگھ نے بتا یا کہ اس سڑک کو بنے ہوئے کئی سال ہوچکے ہیںاور محکمہ کی جانب سے اس پر توجہ نہ دئے جانے سے سڑک کی خستہ حالت ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں اور جب بھی بارش ہوتی ہے تو یہ سڑک کسی نالے کی صورت اختیارکر لیتی ہے جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنا ناممکن بن جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اس سڑک کے ایک حصے پر ٹائلیں بچھائی گئی تھیں لیکن ایک سو میٹر راستہ بلاجواز یو نہی چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو آنے جانے میں کافی تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے لوگ سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے اعلیٰ حکام سے کئی بار اپیل کرچکے ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی اس لئے وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔
ہائی سکول سرولہ میں سائنس ٹیچر کی تعیناتی کا مطالبہ
پرویز خان
منجاکوٹ // تحصیل منجاکوٹ کے ہائی اسکول سرولہ میں سائنس ٹیچر کی تعیناتی کی مانگ پرطلباء کا ایک وفد تحصیلدار منجاکوٹ سے ملاقی ہوا۔اس دوران طلباء نے بتایاکہ چند روز قبل اسکول سے ٹیچر کبیر حسین کو چیف آیجو کیشن آفیسر راجوری منسلک کردیاگیا جس کے بعد سائنس ٹیچر کی اسامی خالی پڑی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سائنس ٹیچر نہ ہونے سے ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے اس لئے فوری طور پر سائنس ٹیچر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔ مقامی لوگوں نے بھی ٹیچر کی تعیناتی کی مانگ کی ہے ۔
مینڈھرمیں کار خاکستر
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں ایک کار کو خود ہی کھڑے کھڑے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے اس کے کئی پرزوں کو نقصان پہنچاہے تاہم فائر سروس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے اسے تباہ ہونے سے بچالیاگیا۔محمد قادر ولد محمد خان کی گاڑی زیرنمبر PB08-4420نرسری موڑ میںکھڑی تھی جس میں بیٹری شارٹ ہونے سے آگ لگ گئی ۔اس دوران فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی موقعہ پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے کار کو تباہ ہونے سے بچالیاگیا۔
پردیپ شرماکا بھینچ میں عوامی دربار
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی سکریٹری سنیل گپتا اور ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں گائوں بھینچ میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس کے دوران ان کے ہمراہ محکمہ بجلی کے اے ای ای بھی موجود تھے۔اس دوران مقامی لوگوں نے ایم ایل سی کو اپنی پریشانیوں سے روشناس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پانی،بجلی، راشن اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں کے مسائل سننے کے بعد ایم ایل سی پردیپ شرما نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کی ہر جائزمانگ کو پورا کریں گے۔انہوں نے اس موقعہ پر موجود محکمہ بجلی کے افسرکو ہدایت دی کہ وہ علاقہ میں سپلائی کو بہتر کریں ۔انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی کارکردگی سے عوام کو روشناس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی رہے گی ۔انہوں نے بھینچ کے عوام کو بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔سنیل گپتا نے کہا کہ جب سے پردیپ شرما ایم ایل سی بنے ہیں وہ عوامی مسائل کو حل کروارہے ہیں۔
منجاکوٹ ڈگر ی کالج معاملہ
کسی موزوں جگہ کاانتخاب کیاجائے :عبدالقادر
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ میںلوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی نائب صدرایڈووکیٹ عبدالقادر خان نے کہاکہ منجاکوٹ ہندوپاک کشیدگی کی وجہ سے ہمیشہ سرخیوں میں رہتاہے اور اس علاقے کو ریاستی حکومت نے بھی نظرانداز کردیاہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے سترہ کالجوں کے قیام کو منظوری دی لیکن منجاکوٹ کانام اس میں شامل نہیں رکھاگیا جبکہ یہ علاقہ کالج کامستحق ہے ۔انہوںنے کہاکہ منجاکوٹ میں 75ہزار افراد رہتے ہیں اور اس تحصیل میں چار ہائراسکینڈری سکول بھی ہیں جن میں 13ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں تاہم انہیں اعلیٰ تعلیم کیلئے پی جی کالج راجوری پہنچناپڑتاہے جو کئی طلباء کیلئے ساٹھ کلو میٹر دور ہے ۔انہوںنے کہاکہ کئی طلباء اپنی تعلیم ہی جاری نہیں رکھ سکتے اور یہی وجہ ہے کہ کے اے ایس امتحانات کی فہرست میں منجاکوٹ کاکوئی امیدوار نہیںہوتا۔انہوںنے کہاکہ یہ منجاکوٹ کے لوگوں سے نارواسلوک ہے ۔ قاد ر خان نے کہاکہ مقامی ممبراسمبلی کو اس سلسلے میں کوششیں کرنی چاہئیں تاہم وہ کالج کے قیام کیلئے کسی جگہ دوردراز جگہ کا انتخاب نہ کریں بلکہ اسی منجاکوٹ میں ہی قائم کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں ذات برادری کی سیاست نہیں کی جانی چاہئے اور نہ ہی لوگوں نے ممبراسمبلی کو ذات برادری کی بنیاد پر ووٹ دے کر کامیاب بنوایا۔ اس موقعہ پر محمد جمیل خان سابق رینج افسر، محمد اکبر خان سابق کیپٹن ، ایڈووکیٹ طارق محبوب ، منظور خان سابق انسپکٹر ، حاجی محمد مجید ، مولوی محمد بشیر ، محمد بشارت ، قاضی عاشق ، حاجی محمد زمان وغیرہ بھی موجود تھے ۔
نوجوان نے اپنے پیسے سے سڑک نکالی
بختیار حسین
سرنکوٹ //درابہ سے تعلق رکھنے والے شیراز ملک نے اپنے پیسے سے سڑک نکالنے کاکام شروع کیاہے ۔ شیراز کا تعلق نیشنل کانفرنس یوتھ سے ہے اور انہوںنے ملک مارکیٹ ناگاہ پیر درگاہ سے کھیتاں جانے والی سڑک خود مشین و مزدور لگواکر نکالنا شروع کیاہے ۔شیراز کے مطابق اس سڑک کے زیرو پوائنٹ پر جھگڑا پیداہوگیاتھاجس کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے بعد انہوںنے سڑک پر مشینری اور مزدور لگاکر کام شروع کیاہے اور بہت جلد اسے کھیتاںسے ملادیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ چونکہ وارڈ نمبر تین کے لوگ مشکلات کاسامنا کررہے تھے اس لئے انہوںنے سڑک نکالنے کا فیصلہ لیا ۔