یوا راجپوت سبھا کی طرف سے شادی پر امداد
جموں //یوا راجپوت سبھانے کوٹ بلوال کے ایک غریب والد کو ان کی بیٹی کی شادی پرمالی امداد کی۔اس موقع پر لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سبھا کے سابقہ صدر سریندر سنگھ گلی نے لوگوں سے کہا کہ ہم ہروقت ایسے لوگوں کی مدد کے لئے تیار رہتے ہیں اور یہ سبھا سماج کی ترقی کے لئے بنائی گئی ہے اور ہم اس اس معاملے میں مذہب اور ذات پات کو حائل نہیں ہونے دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضرمیں کسی بھی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے گھریلو خرچے پورے کرنا کافی مشکل بن گیا ہے۔اس لئے معاشرے کا عام آدمی مایوسی کا شکار ہے اور سبھا غریب لوگوں ان کی بیٹیوں کی شادی پر ان کو ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اس سلسلے میں ہم جلد ی ہی ریاست کے ضرورت مندلوگوں کی امداد کے لئے ایک فاونڈیشن کا قیام عمل میں لا رہے ہیں ۔اس موقع پر دیویندر سنگھ ،کومل ،وکرم سنگھ،کاکو،وشال،سورو اور جے دیو قابل ذکر ہے۔
سی آئی آئی ممبران کی کویندر گپتا سے ملاقات
جموں//سی آئی آئی جے اینڈ کے سٹیٹ کونسل کے ممبران نے کویندر گپتا سے ملاقات کرکے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے نائب وزیر اعلیٰ ریاست میں وسائل سے بھر پور شعبوں کے بارے میں تفصیلات پیش کیںاور ان میں سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلۂ خیالات کیا ۔نائب وزیر اعلیٰ جن کے پاس صنعت و حرفت اور ٹرانسپورٹ کا قلمدان بھی ہے ، نے ریاست میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے سی آئی آئی جے اینڈکے سٹیٹ کونسل کی کوششوں کو سراہا ۔ میٹنگ میں راہل سہائے ، سنجے پوری ، درشن لال، راجیو چوہدری، وکی مہاجن، راجیش شرما، پروفیسر بی سی شرما، پروفیسر سمیر ، ہربندر سنگھ اور دیگران موجود تھے۔
سی آر پی ایف نے 35واں یوم تاسیس منایا
جموں//سی آر پی ایف کی 76بٹالین نے اپنا 35واں یوم تاسیس منایا ۔اس دن کے منانے کا مقصد شہیدوں کے کنبوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ کامودی آئی پی ایس جو کہ اس موقعہ مہمان خصوصی تھے ، نے شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 76سی آر پی ایف بٹالین نے پنجاب میں ملی ٹینسی کے دوران نمایاں رول ادا کیا ہے اور جموں و کشمیر میں بھی یہ بٹالین اپنی خدما ت لگن و تندہی سے انجام دے رہی ہے ۔ اکادمی برائے فن و تمدن کے کلاکاروں نے اس موقع پر ایک تمدنی پروگرام پیش کیا۔ سی آر پی پی ایف کے اہلکاروں نے بھی ایک پروگرام پیش کیا ۔اس موقع پر شہید محمد غلام کی اہلیہ اور بیٹی اور شہید ہیرا لال کے بیٹے اور چاچا کی عزت افزائی کی گئی ۔ اس موقعہ پر جوانوں کی رہائش کے لئے تعمیر کئے گئے کوارٹروں کا افتتاح بھی کیا گیا ۔