پی ایچ ای کے عارضی ملازمین برہم
مطالبات پورے نہ ہونے پر کام چھوڑ ہڑتال کا انتباہ
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کی جانب سے مطالبات پورے نہ کئے جانے پراحتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کرنے کا انتباہ دیاہے ۔محکمہ کے ڈیلی ویجروں، لینڈ کیس، آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈروں، کیجول لیبروں کی تنخواہیں واگزار نہ کئے جانے اور ان ہزاروں ملازموں کو مستقل نہ کئے جانے پر پی ایچ ای عارضی ملازمین یونین کے صدرفیض اکبر چوہان نے کہا کہ محکمہ میں تعینات ہزاروں ملازم چوبیس گھٹے تک کام کرنے کے بعد بھی خالی ہاتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ 24 ماہ سے ملازموں کی تنخواہیں واگزار نہیں کی گئی جس کہ وہ سے وہ بھکمری کاشکا ر ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے وعدے تو کئے جاتے ہیں لیکن ان کاایفا نہیں ہوتااور نہ ہی ان کے مستقل ملازمت کیلئے کوئی ٹھوس اقدام کیاجارہاہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ ضلع پونچھ کے مینڈھر ، سرنکوٹ، منڈی اور حویلی کے سبھی علاقوں سے عارضی ملازمین کو ساتھ لیکر کام چھوڑ ہڑتال شروع کریں گے اور نتائج کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔
راجوری کے دکانداروںپر 87سو روپے جرمانہ عائد
منیر خان
راجوری //اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سپلائی راجوری جاوید احمد چودھری نے لیگل میٹرولجی کے اہلکاروں کے ساتھ مارکیٹ چیکنگ کی ۔اس دوران مومی لفافوں کے استعمال اور خراب سبزیاں رکھنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ رکھنے کی پاداش میں 87سو روپے جرمانہ وصولا گیا ۔ اس موقعہ پر تمام دوکانداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا گیاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے جس سے قبل ہی تمام دوکاندار ریٹ لسٹ آویزاں رکھیں اور ناجائز منافع خوری سے اجتناب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
راجوری کے وارڈ نمبر13میں پانی کی قلت پر احتجاج
منیر خان
راجوری //راجوری کے وارڈ 13کے لوگوں نے پانی کی قلت پر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق پچھلے پانچ روز سے پینے کا پانی عدم دستیاب ہے جس کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کو کئی بار بتانے کے باوجود کوئی بھی اہلکار وارڈنمبر 13میں پینے کاپانی بحال کرنے نہیں آیا جس کی وجہ سے عوام کو احتجاجی راستہ اختیار کرنا پڑا ہے ۔ متعلقہ محکمہ کے جونیئر انجینئر نے بتایا کہ اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو اگلے چند گھنٹوں میں سپلائی بحال کردیںگے ۔
مسئلہ کشمیر کا دائمی حل لازمی :مولانا الیاس
وادی میں قتل عام کاسلسلہ بند کیاجائے : مولوی فاروق نعیمی
منیر خان
راجوری //ریاست جموں وکشمیر میں آئے روز جاری قتل وغارت گری کے سلسلہ پر روک لگانے پر زور دیتے ہوئے راجوری کے ائمہ مساجد نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل نکالاجائے کیونکہ ریاست ایک مشکل اور خطرناک دور سے گزر رہی ہے ۔ مولانا محمد الیاس نے جمعہ کے خطبے میں کہا کہ کشمیر کے موجودہ حالات نوجوان نسل اور ریاست کی عوام کے مستقل کے لئے منفی اثرات مرتب کررہے ہیں جن کا سدباب کرنے کے لئے پاکستان اور ہندوستان کو آپس میں بات چیت کرکے اس مسئلہ کا دائمی حل نکالناچاہئے تاکہ ریاست دوبارہ امن وامان کی پٹری پر واپس آسکے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تشدد کے طرف اکسایا جارہا ہے جو نہایت ہی تشویشناک عمل ہے ۔ مولانا نے کہا کہ جب شمالی و جنوبی کوریا آپس میں صلح کرسکتے ہیں تو ہندوستان اور پاکستان کیوں نہیں؟۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر امن ومان کے لئے نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے جس کے حل کی خاطر جلد اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ قتل وغارت گری کا سلسلہ بند ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کریں۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھا جائے تاکہ اللہ کی نصرت شامل ہوسکے ۔ وہیں مولانا فاروق نعیمی نے بھی جامع مسجد ایتی میں اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے پر امن حل کے لئے اپنی کوششیں شروع کرے اور وادی میں قتل و غارت کا سلسلہ روکاجائے تاکہ عوام راحت کی سانس لے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں خوف ودہشت کا ماحول ہے اور سیکورٹی فورسز عوام کی املاک تباہ کررہی ہیں جس سے اعتماد مزید ڈگمگائے گا جبکہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
دو منشیات فروش گرفتار
۔2 کو احتیاطی تدابیر کے طور پرتحویل میں لیاگیا
طارق شال
تھنہ منڈی //پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جبکہ 2 اہلکاروںکو مختلف کارروائیو ںمیں ملوث ہونے کے الزام میں تحویل میں لیاگیاہے ۔ پولیس نے راجوری تھنہ منڈی سڑک پر ٹی سی پی کے قریب ناکہ لگا رکھاتھااور تلاشی مہم کے دوران ایک بلیرو زیر نمبر 4784/JK11Bکے اندر سے ہیروئن برآمد ہوئی ۔اس گاڑی کواعجاز احمد ولد عبدالرشید سکنہ پلا گڑھ تحصیل تھنہ منڈی چلا رہا تھاجس کے قبضہ سے 9/8گرام ہیروئن ملی جبکہ اسی گاڑی میںسوار محمد آصف ولد محمد بشیر سکنہ چنڈ یمڑھ حال راجوری کی تحویل سے بھی 6/7 گرام ہیروئن برآمد کرنے کادعویٰ کیاگیاہے۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف مقدمہ زیر نمبری 67/2018 زیر دفعات 8/22/60 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔یہ کارروائی ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار نے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری کی سربراہی میں ا نجام دی۔ دریں اثناء پولیس نے درہال سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مجسٹریٹ کے حکمنامے پر اپنی تحویل میں لیاہے جن کی شناخت الطاف حسین ولد حمیداللہ سکنہ چوکیاں درہال اور محمدسفیر ولد طفیل حسین سکنہ چوکیاں درہال کے طور پرہوئی ہے ۔
پونچھ میں 62راشن ڈپو مقفل پائے گئے
پونچھ //پونچھ میں محکمہ امو ر صارفین کے 62راشن ڈپو مقفل پائے گئے جس پر متعلقہ حکام نے کارروائی شروع کردی ہے ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر تحصیلداروں ، نائب تحصیلداروں و فیلڈ عملہ کی طرف سے معائنہ کیاگیا جس دوران تحصیل حویلی میں پینتیس میںسے انیس ، تحصیل منڈی میں سترہ میں سے تیرہ ، تحصیل سرنکوٹ میں پچیس میںسے بائیس اور تحصیل مینڈھر میں انتیس میںسے پانچ جبکہ منکوٹ میں تیرہ میںسے تین راشن ڈپومقفل پائے گئے ۔ وہیں تحصیل بالاکوٹ میں تمام کے تمام راشن ڈپو کھلے پائے گئے ۔اس غفلت کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈیلروں کے خلاف حکام نے کارروائی شروع کردی ہے ۔ساتھ ہی راشن ڈیلروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ماہ صیام کے دوران لوگوں کو بروقت راشن فراہم کریں۔
آنگن واڑی ورکروں کا احتجاجی دھرنا
رمیش کیسر
نوشہرہ //آنگن واڑی ورکروں نے اپنی مانگوں پر تحصیل ہیڈ کوارٹر میں دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ یہ ورکر پچھلے بیالیس روز سے سراپا احتجاج ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہ کو باقاعدہ بنایاجائے اوراس میں اضافہ کیاجائے ۔ اس موقعہ پر انہوںنے سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ وہ مطالبات پورے ہونے تک اپنی ہڑتال جاری رکھیںگی ۔ ان کا یہ احتجاجی دھرنا دو گھنٹے تک جاری رہا ۔
کلینک کے اندر نوجوان پھانسی کے پھندے سے لٹکاپایاگیا
راجوری //گوجر منڈی راجوری مارکیٹ میں ایک نجی ایکسرے لیبارٹری میں کام کرنے والے ایک نوجوان کو کلینک کے اندر ہی پھانسی کے پھندے سے لٹکے پایاگیا ۔اس کی شناخت سمت شرما ولد پرشوتم لعل ساکن کوٹھے دھار کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق عبداللہ پل کے نزدیک شام کے وقت اسے کلینک کے اندر پھانسی کے پھندے سے لٹکے ہوئے پایاگیا جس پر پولیس ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور نعش کو اپنی تحویل میں لیکر اس کا پوسٹ مارٹم کروایا ۔ اس سلسلے میں پولیس کی طرف سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔