شہید مرتضیٰ مطہری کی یاد میں تقریب
متعدد اساتذہ کو اعزازات سے نوازاگیا
حسین محتشم
پونچھ// شہید مرتضیٰ مطہری اور مولانا سید احمد رضوی کی یاد میں مسجد اہل بیت ؑ میں یوم اساتذہ کے عنوان سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کی قیادت مولانا سید سجاد حیدر قمی نے کی۔اس تقریب کا آغاز بھی حسب دستور تلاوقت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت کا نذرانہ سرکار دوعالم کے حضور پیش کیا گیا۔اس دوران پونچھ کے معروف اساتذہ جن میں ماسٹر غلام حسین جعفری،ماسٹر غلام نقی ساقی اور ماسٹر انور حسین میر کو بحیثیت معلم ایمانداری اور فداکاری سے کام کرنے کے اعزاز میں شہید مرتضیٰ مطہری اور مولانا سید احمد رضوی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ مولانا سید احمد رضوی فقہ جعفریہ کے ایک جید عالم گزرے ہیں جنہوں نے فرزندان توحید کی اصلاح کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولوں میں بحیثیت معلم کام کر کے بہت نام کمایا۔اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد رضوی کی ایمانداری اور فداکاری کے بہت سے قصے سنائے۔مولانا مرحوم کے فرزند ماسٹر محمد باقر رضوی نے تقریب میں شرکت کرنے پر سبھی کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مولاناسید سجاد حیدر قمی نے کہا کہ شہید مرتضیٰ مطہری ایران کے ایک ایسے اساتذہ تھے جنہوں نے تمام علوم چاہے وہ دنیاوی ہوں یا دینی ،حاصل کر کے کئی کتابیں لکھیں جن کو اگر انسان پڑھ لے تو اس میں یقینا انقلاب پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زندہ قوموں کی نشانی ہے کہ وہ اپنے بزرگوں کو ہمیشہ یاد کرتے ہیں اور ایسے بزرگوں کی یاد جنہوں نے تاریخی کرادار ادا کیا ہو، ہم پر واجب ہو جاتا ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام دنیا میں امن و امان کی دعائیں طلب کی گئی۔
سابق فوجیوں کا اجلاس
حوالدار شمیم تیسری مرتبہ تحصیل صدر نامزد
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//سابق فوجیوں کا ایک اجلاس یادگار مینڈھر میں منعقد ہوا جس میں تحصیل مینڈھر کے سابقہ فوجیوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر سابق فوجیوں نے اپنے اپنے مسائل اجاگرکئے ۔اس دوران ان کی تنظیم کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا ۔ اس سلسلے میں سابق صدر حوالدار محمد شمیم کا نام کیپٹن محمد رزاق نے پیش کیا۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے حوالدار محمد شمیم کے نام کی تائید کرتے ہوئے ان کو آئندہ تین سال کے لئے سابق فوجیوںکی تنظیم کا تیسری بار صدر چن لیا۔حوالدار محمد شمیم اس وقت ضلع کے صدر کے عہدہ پر بھی فائز ہیں جس کا الیکشن چند ایام کے اندر ہونے والا ہے۔ اس سے قبل تمام تحصیلوں کے صدر منتخب کئے جاتے ہیں جس کے بعد ایکس سروس مین لیگ ضلع کا الیکشن کرواتی ہے۔ حوالدار محمد شمیم نے سبھی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے تمام تر مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں گے۔ اس موقعہ پر گزشتہ دنوںسبکدوش ہونے والے حوالدار محمد فیض کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد نئے صدر کو ہار ڈال کر پورے بازار میں ایک جلوس کی شکل میں لایا گیا ۔اس موقعہ پر کیپٹن محمد رزاق ،صوبیدارسنت کمار،صوبیدار محمد ایوب،کیپٹن محمد صدیق،کیپٹن محمد لطیف،حوالدار ذاکر حسین،حوالدار محمد سرور خان،صوبیدار مقبول حسین،صوبیدار محمد مقبول،حوالدار نصیب حسین شاہ، حوالدار نظر حسین شاہ بھی موجو دتھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بالاکوٹ تحصیل میں بھی سابق فوجیوں کا الیکشن کروایا گیا جس میں کیپٹن محمد اقبال کو دوسری بار تحصیل بالاکوٹ کا صدر منتخب کیا گیا۔
سڑک حادثے کا زخمی چل بسا
مرنے والوں کی تعداد 2ہوگئی
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//دو روز قبل بھمبر گلی کے نزدیک ترا کوٹ میں پیش آئے سومو حادثہ میں زخمی ہونے والا نوجوان دم توڑ بیٹھا۔اس طرح سے اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی ہے ۔ قبل ازیں محکمہ دیہی ترقی کا چوکیدار اسی روز لقمہ اجل بن گیاجبکہ محمود خان ولد عبدالعزیز سکنہ منگلناڑ منجاکوٹ شدید زخمی ہواجو زندگی کی جنگ ہار گیاہے ۔حادثے کے بعد اس نوجوان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاتھاجہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے تمام لوازمات مکمل کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کردیاہے۔
ماہ صیام سے قبل کوٹرنکہ میں ناجائز منافع خوری
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ میں ماہ صیام سے قبل ناجائز منافع خوری کی جارہی ہے اور بائلر مرغے اور سبزیوں کی قیمت آسمان چھو رہی ہیں۔ایسی صورتحال میں غریب آدمی لاچار اور بے بس ہو چکا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق بائلر مرغے 150 روپے کلو بیچے جا رہے ہیں اور ٹماٹر 60 روپے کلو ۔لوگوں کا الزام ہے کہ یہ ناجائز منافع خوری رمضا ن کے مہینے سے قبل کی گئی ہے ۔ان کاکہناہے ہ سبزیوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔مقامی عوام نے کہا کہ اچانک قیمتوں میں اضافہ ہونا سمجھ سے بالا تر ہے اوراس پر ستم یہ کہ انتظامیہ کی طرف سے بازار کا معائنہ نہیں کیاجارہاتاکہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھاجاسکے۔ان کا الزام ہے کہ ہر ایک دوکان پر من مرضی سے قیمت وصول کی جارہی ہے اور یکسانیت نام کی کوئی شے ہی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ درزیوں نے بھی منافع خوری شروع کررکھی ہے ۔انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کر کے بازار میں سبزیوں اور گوشت کی قیمتو ں کو اعتدال میں لائیں۔
جب ڈپٹی کمشنردولہے کو دیکھ کر گاڑی سے اتر گئے
طارق شال
تھنہ منڈی // ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدر ی کے دورہ ٔ تھنہ منڈی سے واپسی پر اس وقت بہت سے لوگ حیران ہوگئے جب موصوف سامنے سے آرہی بارات کو دیکھ کر اپنی گاڑی سے اتر گئے اور دولہے کو مبارکباد پیش کی ۔ڈپٹی کمشنر راجوری تھنہ منڈی کے علاقہ منگوٹہ میں عوامی شکایت ازالہ کیمپ میں شرکت کے کر واپس آرہے تھے کہ اسی دوران بر لب روڈ تھنہ کے مقام ایک بارات سے ملاقات ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنی سرکاری گاڑی سے اتر کر دولہے کو مبارکبادی دی اور دونوں کنبوں کے اتفاق اور اتحاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔موصوف کے اس عمل کو تھنہ منڈی کے لوگوںنے زبردست سراہااور باراتیوںنے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
ممبر اسمبلی پونچھ کادورہ ٔ ڈنہ ناڑی نوناں بانڈی
متعدد کانگریس کارکنان کی پی ڈی پی میں شمولیت کا دعویٰ
عشرت حسین بٹ
منڈی//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے اتوار کو پونچھ کی نوناں بانڈی پنچایت کا دورہ کیاجہاں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان کی پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنے کادعویٰ کیاگیاہے ۔ اس دورے کے دوران مقامی عوام نے تانترے کا استقبال کیا اور انہیں اپنے مسائل سے روشناس کروایا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ کوئی ایم ایل اے ایسا دیکھا ہے جو دن رات ایک کرکے غریب عوام کی خدمت کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تین سالہ دور میں ممبر موصوف نے عوامی فلاح وبہبود کے کئی کام کئے اور انہوںنے غریب سے دور اختیار نہیں کی۔پارٹی میں شامل ہونے کارکنان کاکہناتھاکہ دیگر تمام جماعتیںصرف عوام کو جھوٹ کے سہارے بیوقوف بنارہی ہیں مگر تانترے نے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے ایفا کئے ہیں۔اپنے خطاب میں تانترے نے کہا کہ ان کا پہلا مشن غریب عوام تک اسکا بنیادی حق پہنچاناہے ۔انہوں نے کہا کہ نوناں بانڈی پنچایت میں سڑک کا کام شروع کردیاگیاہے جو تیزی سے آگے بڑھ رہاہے اوراس کی تکمیل جلد ہوگی۔ تانترے نے کہاکہ لوگ ان کے ساتھ خود رابطہ رکھیں تاکہ ان کے کام کاج ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار عوام دوست پالیسی کے مطابق کام کررہی ہے اوروزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھی کافی سنجیدہ ہیں۔اس دوران بابو طالب، محمد فرید ،بدر دین ،میر محمد، محمد جہانگیر ،عبدالحمید ،نذیر حسین، محمد حسین، محمد عارف، سراج دین، وزیر محمد، نذیر حسین ،محمد رشید نے پارٹی میںشمولیت کی ۔دورے کے دوران ان کے ہمراہ اقبال شیخ،چوہدری جلال چوہدری، ستر دین،محمد رفیق ،حافظ محمد شاہ،چوہدری محمد شفیع میلو وغیرہ بھی تھے ۔
رسانہ کیس پر سیاست کی مذمت
عشرت حسین بٹ
منڈی// رسانہ عصمت ریزی و قتل کیس میں ملوث افراد کو سخت سزادینے کی مانگ کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری آل انڈیا تنظیم علماء اسلام جموں و کشمیرمولانا سخی راٹھور نے کہا کہ قاتلوں کو پھانسی ہونی چاہیے تھی مگر ایک بیٹی کے نام پر سیاست کھیلی جا رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی ایم ایل اے لال سنگھ اورچندر پرکاش گنگا جیسے بے شعور لیڈر غنڈہ گردی دکھا رہے ہیں ۔ مولانا سخی خان راٹھور نے یہ بھی کہا کہ اگر عدلیہ اور موجودہ حکومت جلد انصاف نہیں کرے گی تو عوام اس کا انصاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران ہندو مسلم اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ ہے ۔
مغل روڈ 3گھنٹے بند رہی
بختیار حسین
سرنکوٹ //پیر گلی اور رتہ چھم کے درمیانی حصہ میں ایک لینڈ سلائڈ گرآنے کی وجہ سے مغل شاہراہ پر تین گھنٹوں تک کیلئے ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی ۔ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ شب رتہ چھم موڑ پر ایک پسی گرآئی جس کی وجہ سے صبح تین گھنٹہ تک سڑک پر ٹریفک بند رہی ۔تاہم متعلقہ حکا م کی طرف سے مشینری لگاکر سڑک سے ملبہ کو ہٹادیاگیا اور تین گھنٹوںکے بعد روڈ پر ٹریفک بحال ہوگئی ۔ایک افسر نے بتایاکہ صبح گیارہ بجے تک ٹریفک بند رہی جس کے بعد اسے بحال کردیاگیا ۔
پراسرار موت کی تحقیقات کا مطالبہ
راجوری //منجاکوٹ کے کلالی علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی پراسرار موت پر اس کے گھر والوںنے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اس واقعہ کو گہری سازش قرار دیاہے ۔مرنے والی خاتون کی والدہ کی قیادت میں ایک وفد نے راجوری میں پولیس کے سینئر افسران سے ملاقات کرکے مانگ کی کہ اس واقعہ کی تحقیقات کروائی جائے ۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے 45سالہ صفیہ بیگم کی والدہ اور اس کے رشتہ داروںنے کہاکہ چھ مئی کو اسے پراسرار حالت میں مردہ پایاگیا اور انہیں شبہ ہے کہ یہ معاملہ ایک سازش کا حصہ ہے اس لئے اس پر تحقیقات کی جائے تاکہ ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس کو ایک جامع تحقیقات عمل میں لانی چاہئے تاکہ موت کا پتہ چل سکے ۔
خواتین کی بیداری کا کیمپ منعقد
راجوری //وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے ضلع راجوری کے سیم سمت علاقے میں خواتین کی بیداری کا ایک کیمپ منعقد کیاگیا ۔اس کیمپ کا اہتمام کارپوریشن کی ضلع منیجر نسرین گل نے کیا جبکہ ا س موقعہ پر محمد اعظم اور سکینہ بیگم مہمانان خصوصی کے طور پر موجود تھیں ۔ اس موقعہ پر مقامی خواتین کو کارپوریشن کی طرف سے چلائی جارہی متعدد فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور ان پر زور دیاگیاکہ ان سکیموںسے فائدہ حاصل کرکے خواتین بااختیار و خود کفیل بنیں اور اپنا روزگار کمائیں۔اپنے خطاب میں نسرین گل نے کہاکہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ کارپوریشن کے ساتھ جڑ کر ضلع راجوری کی بڑی تعداد میں خواتین روزگار کمارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کارپوریشن کی طرف سے خواتین کو کم شرح سود پر قرضہ فراہم کیاجارہاہے اور انہیں تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنا روزگار کمانے کے قابل بن سکیں۔انہوںنے خواتین پر زور دیاکہ وہ سکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔
نجی سکو ل کے خلاف پولیس کیس درج
راجوری //راجوری پولیس نے ایک نجی سکول کے خلاف لاپرواہی برتنے کی پاداش میں کیس درج کرلیاہے ۔پولیس کے مطابق ڈھنی دھار کی پانچ سالہ بچی انیشکا کے والدین کی طرف سے شکایت درج کروائی گئی کہ بس کے ڈرائیور نے اسے سکول سے واپسی پر گھر چھوڑنے کے بجائے راستے میں ہی چھوڑ دیا جس اوراسے گاڑی سے دھکا دے کر باہر نکالاگیا جس کے بعد ایک پڑوسی نے انہیں بچی کے بارے میں اطلاع دی اوراسے تلاش کرکے گھر لایاگیا۔ بچی کی والدہ کے مطابق اس کے بعد یہ معاملہ سکول انتظامیہ کے نوٹس میں لایاگیاتاہم اس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔انہوںنے بتایاکہ اس پر انہوںنے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی کیونکہ یہ ایسا معاملہ تھا جس سے ان کی بچی کو خطرہ تھا۔یہ واقعہ دو روز قبل کا ہے ۔دریں اثناء پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر249/2018کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
راجوری حوالہ ریکٹ
گرفتارشدگان کا آر پار سمگلنگ اور منشیات مافیاسے تعلق
سمت بھارگو
راجوری //راجوری حوالہ ریکٹ کی تحقیقات کررہی راجوری پولیس نے اس بات کادعویٰ کیاہے کہ اس سے جڑے افراد کاتعلق آر پار سمگلنگ اور منشیات مافیا سے ہے اور اسے حد متارکہ کے قریب رہ رہے اس شخص کی تلاش ہے جو اس راکٹ کاسرغنہ ہے ۔باوثوق ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ پولیس کی طرف سے گزشتہ روز گرفتار کئے گئے تمام چار بالائی ورکروں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حوالہ راکٹ حد متارکہ کے آر پار جڑاہواہے جبکہ اس کے تار کشمیر وادی اور ضلع راجوری سے بھی ہیں ۔واضح رہے کہ گرفتار شدگان میںسے تین کا تعلق ضلع شوپیاں سے ہے اور پولیس ان افراد کوجنگجوتنظیم حزب المجاہدین کے بالائی ورکروں کے طور پر بتارہی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ یہ بات بھی پتہ چلی ہے کہ یہ حوالہ راکٹ آر پارپیسوںکی سمگلنگ اور منشیات سے بھی جڑاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ابھی تک یہ صاف نہیں ہوپایاہے کہ یہ راکٹ حد متارکہ سے کس جگہ سے چلایاجارہاتھا تاہم گرفتار شدہ ایک بالائی ورکر کا تعلق سرحدی علاقے پیر بڈیسر ہے اور اس بات کا شبہ ہے کہ یہ راکٹ لام اور کیری سیکٹر کے درمیان ہی چل رہاہوگا۔ذرائع نے بتایاکہ تحقیقاتی ایجنسی کو اس راکٹ کے منشیات مافیا سے بھی جڑے ہونے کا شبہ ہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ کیری کوٹلی کے سرحدی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کا نام سامنے آیاہے جو غالباًاس راکٹ کا سرغنہ ہوسکتاہے ۔رابطہ کرنے پر ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ اس حوالے سے تحقیقات ہورہی ہے اور مزید تفصیلات سے بعد میں آگاہ کیاجائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیاتھاجن میںسے پولیس کے مطابق ایک سابق جنگجو ہے اور یہ تمام حزب المجاہدین کے بالائی ورکروں کے طور پر کام کررہے تھے ۔ ان کی تحویل سے نقدی رقومات بھی برآمد کرنے کادعویٰ کیاگیاہے ۔