خواتین کواشٹام ڈیوٹی سے مستثنیٰ رکھنے کافیصلہ
وزیراعلیٰ کا فیصلہ تاریخی اہمیت کاحامل :عبدالحمیدچوہدری
جموں // پی ڈی پی کے چیف کوآرڈی نیٹرعبدالحمیدچوہدری نے کہا ہے کہ جائیدادکی رجسٹریشن کے لیے خواتین کواشٹام ڈیوٹی سے مستثنیٰ رکھنے سے متعلق وزیراعلیٰ کاحالیہ فیصلہ خواتین کوبااختیاربنانے کے سلسلے میں پی ڈی پی کے ایجنڈے کاعکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی خواتین کوبااختتاربنانے کیلئے سنجیدہ ہے ،وزیراعلیٰ کاحالیہ فیصلہ اس کاعملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی ، ریاست میں دیر پا امن کے قیام کے لئے ریاست کی خواتین برابر کی حصہ دار ہیں اور اس ضمن میں وہ نمایاں رول ادا کرسکتی ہیں ۔عبدالحمیدچوہدری نے کہاکہ ریاست کے تینوں خطوں کی مجموعی کے لئے متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ پی ڈی پی کے عوامی فلاح و بہبود کے مشن کو بنیادی سطح پر کامیاب بنانے کے لئے سخت محنت اور جانفشانی کے ساتھ کام کریں۔عبدالحمیدچوہدری نے مزیدکہاکہ چندروزپہلے ریاستی کابینہ کی طرف سے جائیداد کی رجسٹریشن سے متعلق کیاگیافیصلہ تاریخی اہمیت کاحامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین طبقہ کو مزید با اختیار بنانے کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے اٹھایا گیا یہ مثبت قدم ہے اور ریاست کی تاریخ میں ایسا پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ جب سے محبوبہ مفتی نے ریاستی وزیر اعلیٰ کی کرسی سنبھالی ہے تب سے ہی وہ خواتین کو طبقہ کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور آئے دن اس طبقہ کو سماج میں با اختیار بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانے میں مصروف ہے ۔
گجن سو اور کانہ چک میں ریسونگ سٹیشنوں کا افتتاح
سنیل شرما کا لوگوں کو بلا خلل بجلی فراہم کرنے پر زور
جموں/پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سنیل کمار شرما نے بجلی کی پیداوار ، ترسیل اور تقسیم کاری کے نظام میں بہتری لانے اور صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے پر زور دیا ہے ۔وزیر موصوف گجن سو میں ایک ریسونگ سٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرر ہے تھے۔اس موقعہ پر ایم ایل اے مڈھ سکھ نند ن کمار بھی موجود تھے۔گجن سو میں ریسونگ سٹیشن 6.3ایم وی اے سے 10ایم وی اے تک اَپ گریڈ کیا گیا ہے جس پر 62لاکھ روپے خرچ کئے گئے ۔انہوں نے کانہ چک میں بھی ایک ریسونگ سٹیشن کا افتتاح کیا جس کی اَپ گریڈیشن پر 10لاکھ روپے کی رقم خرچ کی گئی ہے ۔ریاست کے اُن علاقوں جہاں اب تک بجلی فراہم نہیں کی گئی ہے کو بجلی کے دائرے میں لانے کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ڈی ڈی یو جی جے وائی اور آر جی جی وی وائی ۔ II سکیموں کے ذریعے ان علاقوں کو بہت جلد بجلی فراہم کی جائے گی۔سنیل کمار شرما نے محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے اقدامات کریںاور سوباگیہ سکیم پر عمل آوری یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر وزیر نے مقامی لوگوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کئے جائیں گے۔چیف انجینئرز ، ایگزیکٹیو انجینئرز وزیر کے ہمراہ تھے۔
ریاستی حکومت کے این ایچ اے کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط
سکیم کی بدولت 29 فیصد آبادی مستفید ہوگی: دیوندر منیال
شملہ//حکومت نے این ایچ اے اور مرکزی سرکار کے ساتھ قومی صحت سکیم آیوشمان بھارت پردھان منتری راشٹریہ سواستھ مشن کے حوالے سے ایک مفاہمت نامے پر شملہ میں دستخط کئے۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صحت و طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر دیوندر کمار منیال نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کی بدولت ریاست کے6.13 لاکھ کنبوں کو فائدہ ملے گا۔ اس سے پہلے صحت کی مرکزی وزارت نے6 شمالی ریاستوں کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کے لئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا تھا۔
گورنرکی تارکوٹ مارگ کھولنے سے متعلق شرائن بورڈکے ساتھ میٹنگ
کٹرہ//گورنر این این ووہرا جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین کے چیف ایگزیکٹیوآفیسرامنگ نرولہ کے ساتھ میٹنگ منعقدکے گذشتہ روز یاتریوں کیلئے کھولے گئے سات کلومیٹرتارکوٹ مارگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔سی ای اونے گورنرکوبتایاکہ یاتریوں نے مارگ کھلنے پرخوشی کااظہارکیااورپیدل چل کرماتاکے نعرے بلندکئے۔اس سے قبل گورنر نے وہاں 12 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہے سیار۔ڈبری بھون روپ وے کا جائیزہ لیاتھا۔گورنر نے التواء میں پڑے ہر ایک کام کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت دی تا کہ روپ وے کو مقرر کی گئی تاریخ سے چالو کیا جاسکے۔انہوں نے یاتریوں کے لئے ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔گورنر نے60 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر بھون سے بھیروں گھاٹی تک کے پسنجر روپ وے کا بھی معائنہ کیا۔بعد میں گورنر نے 7 کلو میٹر لمبے تارا کوٹ مارگ پر سفر کیا اور تیاریوں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے وہاں یاتریوں کے لئے دستیاب سہولیات کا بھی جائیزہ لیا۔ انہوں نے علاقہ میں پانی کے اے ٹی ایم لگانے کی بھی ہدایت دی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے19 مئی کو رسمی طور اس مارگ کا افتتاح کرنے کی گورنر کی درخواست سے اتفاق کر لیا ہے۔دریں اثنا سی ای او نے یاتریوں کو13 مئی سے اس مارگ کو استعمال کرنے کی دعوت دی تھی۔
کانگریس لیڈر کاارنیہ ودیگرسرحدی علاقوں کادورہ
جموں//سابق چیئرمین جے ایم سی اوررکن پردیش کانگریس کمیٹی دوارکاچودھری نے جموں ارنیہ کے سرحدی علاقوں کاکودے کوٹھے اور پنڈی چاڑکاں کادورہ کرکے لوگوں کی پریشانیوں کاجائزہ لیا۔اس دوران لوگوں نے انہیں بتایاکہ بجلی اورکھیتوں میں آبیاشی کیلے پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ اس دوران دوارکاچودھری نے کہاکہ حکومت عوامی مسائل کوحل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اورخاص طورپرسرحدی علاقوں میں لوگ شدیدمشکلات سے دوچارہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کاازالہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اورخاص طورسے خصوصی پیکیج منظورکرکے سرحدی لوگوں کی مشکلات دورکی جائیں۔انہوں نے کہاکہ کاکودے کوٹھے ودیگرملحقہ علاقوں میںنہریں گندگی کی وجہ سے بلاک ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے کسان مشکلات جھیل رہے ہیں۔ دورے کے دوران دوارکاچودھری نے لوگوں کومسائل کے ازالہ کیلئے متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
اویس احمدناظم قبائلی امورتعینات
جموں//حکومت کی طرف سے انتظامیہ کے مفادمیں گورنمنٹ آرڈر نمبر 808،جی اے ڈی آف 2018 ، مورخہ 14 مئی 2018 جاری کرتبادلے وتقرریاں عمل میں لائی ہیں جس کے مطابق اویس احمدرانا آئی اے ایس ،ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ خزانہ کوتبدیل کرکے محمدرفیع کی جگہ ڈائریکٹرٹرائبل افیئرستعینات کیاہے جبکہ محمد رفیع کے اے ایس ،ڈائریکٹرٹرائبل افیئرس کوتبدیل کرکے ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈریکارڈ س (ایکس ۔آفیشو سٹلمنٹ آفیسر)سرینگر خالی اسامی پرتعینات کیاہے۔قابل ذکرہے کہ اویس احمد 2014 بیچ کے آئی اے ایس آفیسرہیں اس سے قبل وہ ایس ڈی ایم بھدرواہ،ایس ڈیم اے ٹنگڈھارکے علاوہ ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ خزانہ کے طورپرخدمات انجام دے چکے ہیں۔
محکمہ سیریکلچر کے درجہ چہارم ملازمین کااحتجاج
جموں// سیریکلچرایمپلائزایسوسی ایشن کے بینرتلے محکمہ سیری کلچرکے درجہ چہارم مستقل ملازمین نے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران کثیرتعدادمیں محکمہ سیریکلچر کے درجہ چہارم لازمین پریس کلب کے باہرجمع ہوئے اورانہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ سراپااحتجاج ملازمین کی مانگوں جن میںڈائریکٹرسیریکلچرکوہٹانے ،بیرون ضلع درجہ چہارم ملازمین کوٹرانسفارمرنہ کرنے، لیبرکاکام نہ لینے، ڈی پی سی منعقدکرنے ، تمام درجہ چہارم ملازمین کوٹیکنکل گریڈدینے، ملازمین کوہراساں نہ کرنے وغیرہ شامل ہیں۔اس دوران مظاہرین کی قیادت بشیراحمدملک کررہے تھے جبکہ ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کی لیڈربابوحسین ملک،بھارت بھوشن ،سیوارام راٹھوربھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداران سے اپیل کی ہماری جائز مانگیں پوری کی جائیں۔
بھاجپاکے دوسینئرلیڈرقومی سلامتی کے ساتھ کھلواڑکے مرتکب:بھاردواج
جموں//جموں وکشمیرہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے سابق صدروسینئرایڈوکیٹ مہندربھاردواج نے موضع چک ہاسل میں ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے دوسینئرلیڈرجن میں سے ایک اس وقت نائب وزیراعلیٰ اوردوسراسابق نائب وزیراعلیٰ کی جانب سے فوج کی طرف سے کئی بارعذرپیش کئے جانے کے باوجود بھی نگروٹہ میں اسلحہ ڈپو کے نزدیک حسان ترین علاقے میں زمین خریدنااورپھرمکان تعمیرکرنانہ صرف قواعدوضوابط کی خلاف ورزی ہے بلکہ حفاظتی صورتحال کی بھی سراسرخلاف ورزی ہے بلکہ حفاظتی صورت حال کی بھی سراسرخلاف ورزی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھھاجپاکے دوسینئرلیڈر قومی سلامتی کے ساتھ کھلواڑکے مرتکب ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیارپورٹوں کے مطابق موجودہ نائب وزیراعلیٰ کویندرگپتانے فوجی حکام کے اعتراضات کے باوجوداس زمین پرمکان تعمیرکیا۔مہندربھاردواج نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے اوراس غیرقانونی فعل کے ذمہ داروں کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی اوروزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کوچاہیئے کہ وہ ان دونوں لیڈران جن میں سے اس وقت ایک نائب وزیراعلیٰ ہیں اوردوسراسپیکرہے کونکال باہر کرکے ملک اورقوم کویہ پیغام دیں کہ قومی سلامتی کے ساتھ کھلواڑکرنے والوں کوکسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گا۔
کٹھوعہ میں7 قصورواردکانداروں کو چالان
کٹھوعہ//متعددانفورسمنٹ ایجنسیوں کی ایک مشترکہ ٹیم نے آمدہ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظرمارکیٹ چیکنگ کے دوران سات قصورواردکانداروں کے چالان کئے۔ڈپٹی کمشنر روہت کھجوریہ کی ہدایات پراے ڈی ایف سی ایس اینڈسی اے کی قیادت میں افسروں کی ایک ٹیم نے شہرمیں متعددکاروباری اداروں بشمول حلوائیوں،ڈھابوں، قصابوں ،اورکریانہ دکانوں کامعائینہ کیا۔اس دوران قصوروارپائے گئے 7 تاجروں کے چالان کئے گئے اوربطورجرمانہ ان سے 9200روپے وصول کئے گئے۔ ٹیم نے ڈھابہ مالکان اور حلوائیوں سے کہاکہ وہ گھریلوایل پی جی کاروباری مقاصد کے لئے استعمال میں لانے سے اجتناب کریں بصورت دیگرضابطے کے تحت ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گوروروی داس ایس ایس ٹرسٹ کابی آرامبیدکرکوخراج
جموں// شری گورو روی داس ایس ایس ٹرسٹ نے سکندر پور جموں میں بی آر امبید کر وچار سمیلن کی دوسری برسی پر ایک پروگرام کا اہتمام کیا ۔یہ پروگرام سوامی گردیپ گیری جی مہاراج کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔اس دوران انہوں نے کہا کہ گورو روی داس اور ان کے ساتھیوں نے ہمیشہ سماجی برابری اور مسادات کے لئے آواز اٹھاکر لوگوں کو سماجی برابری کا پیغام دیا۔انہوں نے تعلیمی معیار کے بڑھاوے کا درس دیا اور سوامی جی مہاراج نے کئی اسکول کھولے ۔پٹھان کوٹ میں ماتاکلسان میموریل کانونٹ اسکول ان ہی کی دین ہے۔ اس دوران کئی معززین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکار کو ایس سی/ ایس ٹی اور او بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے حقوق کو تحافظ فراہم کرنا چائے۔جس کام میں ابھی تک سرکار نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔اس دوران شری لال باسن نے ڈاکٹر بھیم رائو امبیدکے خواتین طبقہ کو با اختیار بنانے کے لئے کئی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی۔یہ پروگرام سی ایل بنڈال ،انجینئر نتھا رام، بی آر چنڈال،ڈی ڈی شیوگوترہ، اور تنظیم کے دوسرے کارکنان کی مدد سے منعقد کیا گیا۔اور اس پروگرام میں جن لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں سے یش پال کنڈال،دجے لوچن ،شام لال باسون ،ایف سی ستیا،ڈاکٹر زہیر احمداوربھارت بھوشنکا نام قابل ذکر ہے۔
نرائناسپرسپیشلٹی ہسپتال میں104سالہ خاتون کا آپریشن کامیاب
جموں//شری ماتا ویشنو دیوی نرائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال میں 104سالہ خاتون کاکامیاب آرتھو پیڈیک آپریشن کیاگیاہے۔ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی اور ماہرڈاکٹروں کی وجہ سے کئی ایسی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں لیکن یہ پہلا آپریشن تھا جس میں بہت سارے خطرات لاحق تھے۔104سالہ داروپڈی دیوی نام کی ایک مریضہ جن کا تعلق جموں شہر سے بتایا جاتا ہے ،گھر میں گرنے کی وجہ سے انکے کولہے میں چوٹ آئی اور انہیں کئی ڈاکٹروں کو دکھایا گیا اورمتعدد ہسپتالوں کے چکر لگانے کے بعد جب ان کو ڈاکٹر وکاس پادھا کے پاس پہنچایا گیا تو انہوں نے اس کیس کی مکمل طور پر جانچ کرنے کے بعد ان کا آپریشن کرنے کی ذمہ داری اپنے سر لی اور ہسپتال میں داخل کرنے کے بعد اپنی پوری ٹیم کی ساتھ مل کر ان کے کولہے کا آپریشن کر دیا۔ آپریشن 30منٹ کی وقت میں مکمل ہوا اور جدید طرز کی مشینوں کے استعمال کی وجہ سے آپریشن کامیاب ہوا۔اس دوران مریض کو کوئی خون کی ضرورت نہیںپڑی۔آخر میں ڈاکٹر رینو نے تمام ڈاکٹروں کا شکریہ اد ا کیااور کامیابی کے لئے ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں کے عوام کتنی خوش قسمت ہیں جو اس خطہ میں میں اس قسم کا اعلیٰ معیار رکھنے والا ہسپتال موجود ہے جہا ں ماہر ڈاکٹر اور اعلیٰ قسم کی سہولیات میسر ہیں اور ہمیں بہترین علاج کے لئے اس ہسپتال سے مستفید ہونا چاہیئے۔
بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی سے لوگ پریشان
عبدالرشیدکٹوچ
جموں//شہر جموں میں ان دنوں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ایک معمول بن گیا ہے ۔ محکمہ بجلی کا یہ ہمیشہ سے معمول رہا ہے کہ جوں جوں گرمی میں اضافہ ہوتاہے بجلی کی کٹوتی میں بھی اضافہ ہوتا رہتاہے ۔ان دنوں جبکہ گرمی اپنے جوبن پر ہے ، بجلی کی کٹوتی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عام انسان خاص طور سے نوزائد بچوں اور ضعیف العمر و بیماروں کے لئے تو بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی عذاب بن کر رہ گئی ہے ، ایک طرف تو ریاستی سرکار بجلی کے شعبے ٔ میں خود کفیل ہونے کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے مگر زمینی صورت حال مختلف ہے یہ تو شہروں کا حال ہے ، دیہاتوں کا تو خدا ہی حافظ ہے ۔