منگناڑ وارڈ نمبر2میں ایک ماہ سے پانی سپلائی نہ ہوا
عوام محکمہ کے ملازمین پربرہم ،ڈپٹی کمشنر سے مداخلت کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع کے صدرمقام سے چند کلو میٹر دوری پر واقع علاقے منگناڑ کی وارڈ نمبر2اور3میں پچھلے ایک ماہ سے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے۔گاؤں میں لوگوں کو گھر کے استعمال کے لئے پانی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے عوام کئی طرح کی پریشانیوں سے دوچار ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے ملازموں پر الزام لگایا کہ وہ لوگوں کو مکانات کی تعمیرات اور سبزیوں کی کاشت کے لئے پانی دستیاب کر دیتے ہیں مگر عام لوگوں کو پینے کے لئے پانی نہیں دیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں محکمہ کے اعلیٰ عہدیداران سے کئی بار بات کر چکے ہیں لیکن وہ یقین دہانی کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں محکمہ کے افسران کو ہدایت دیں کہ وہ علاقہ کی عوام کو پانی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ اْمید کرتے ہیں کہ ضلع ترقیاتی کمشنر جو کہ پونچھ کے سپوت ہیں، اپنے علاقہ کی عوام کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے انہیں دور کرنے میں اہم رول ادا کریں گے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگرپانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو وہ محکمہ کے خلاف احتجاج کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے پرنئی پروجیکٹ کا جائزہ لیا
نیوز ڈیسک
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے پرنئی پروجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں چیف انجینئر پرنئی پروجیکٹ،ایس ڈی ایم مینڈھر،ایس ڈی ایم سرنکوٹ،پروجیکٹ منیجر پٹیل انجینئرنگ کو لمیٹیڈ،ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ،چیف ہارٹی کلچر افسر،ڈی ایف او فارسٹری و دیگر افسران بھی موجو دتھے۔اس موقعہ پر چیف انجینئر پرنئی پروجیکٹ نے ڈپٹی کمشنر کو پرنئی پروجیکٹ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔میٹنگ کے دوران یہ بتایاگیاکہ یہ پروجیکٹ ضلع پونچھ کیلئے اہمیت کا حامل ہے جس کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ مال کے حکام کو ہدایت دی کہ زمین کے مالکان کی نشاندہی کا دو ہفتوں میں مکمل کریں تاکہ ان کو معاوضہ دیاجاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مقرر مدت کے اندر پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔
عید سے قبل مینڈھر میں بھاری رش
لوگ بدترین ٹریفک جام سے پریشان
جاوید اقبال
مینڈھر//عید کے تہوار کو دیکھتے ہوئے مینڈھر قصبہ میں گاڑیوں کا لمبا جام لگ گیا ہے اور پولیس کی طرف سے تمام تر کوششوں کے باوجود بھی جام پر قابو نہیں پایاجاسکتا۔عید کے تہوار سے قبل بڑی تعداد میں لوگ خریداری کیلئے مینڈھر بازارکادورہ کررہے ہیں جس وجہ سے جہاں پیدل چلنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے وہیں گاڑیوں بھی تعداد بھی بڑھ گئی ہے اور دکانوں پر بھاری رش ہے۔اس دوران انتظامیہ نے بھی مینڈھر قصبہ میں جگہ جگہ پولیس تعینات کی ہوئی ہے تاکہ گاڑیوں کا جام نہ لگنے پائے اور لوگ آرام سے عید کی خرید و فروخت کر سکیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مینڈھر قصبہ ایک ایسی جگہ واقع ہے جہاں کوئی بھی رنگ روڈ نہیں اور ایک ہی راستہ سے گاڑیوں کو آناجانا ہوتا ہے جبکہ پارکنگ کا بھی کوئی بندو بست نہیں اس لئے لوگ گاڑی سڑک کنارے ہی پارک کرکے چلے جاتے ہیں اور اس وجہ سے بھی جام لگ جاتاہے۔اس صورتحال سے عام لوگوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے اورانہوں نے ایک بار پھر سے مانگ کی ہے کہ مینڈھر کیلئے بائی پاس سڑک نکالی جائے تاکہ سفر آسانی سے ہوسکے اورساتھ ہی گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام بھی رکھاجائے۔
پونچھ میں نعتیہ محفل منعقد
منشیات کے بڑھتے استعمال پر تشویش کا اظہار
حسین محتشم
پونچھ//سنی یوتھ ونگ جموں و کشمیر (شاخ پونچھ)کی جانب جامع مسجد حیدری میں اہم محفل بنام"نوری محفل"منعقد کی گئی۔اس موقعہ پر فرزندانِ توحید و رسالت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہ محفل خصوصی طور پر کشمیر میں مارے گئے افراد کے ایصالِ ثواب کے لئے منعقد کی گئی تھی جس میں شہر پونچھ کے نامور شعراء نے نعتیہ کلام پیش کئے۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے حافظ احسان قادری نے کیا۔اس موقعہ پر نعت خوان محمد انوار خان رضوی نے بہترین انداز میں نعتیہ کلام پیش کئے۔ننھے ثناء خواں عاقب لطیف نے بھی دلکش انداز میں بارگاہِ رسالت ? میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ان کے علاوہ جن حضرات نے بارگاہِ رسالت معاب میں کلام پیش کئے اْن میں سید عابد حسین گیلانی ،یاسر میراور حافظ احسان قادری بھی شامل ہیں۔ دوران محفل سنی یوتھ ونگ جموں و کشمیر کے صدر خواجہ اعجاز احمد مدنی نے امتِ مسلمہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت مسلم نوجوانوں کو منشیات کی وباء میں دھکیلا جا رہا ہے جس سے امتِ مسلمہ کے نوجوان کو تعلیم سے دور رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرایس ایس ایک منظم سازش کے تحت خطہ پیر پنجال میں منشیات اور شدت پسندی کو بڑھاوا دینے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے، اس لئے ملت کو ایسے فتنوں سے بچنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں کہا کہ کچھ تنظیموں کی جانب سے افطار پارٹیاں منعقد کروائی جارہی ہیں جس کا واحد مقصد مسلمانوں کو آپس میں بانٹنا ہے۔
گاڑی کی ٹکر سے بزرگ خاتون زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ بازار میں نامعلوم گاڑی نے ایک بزرگ خاتون کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوئے جسے علاج کیلئے جموں منتقل کیاگیاہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اسی سالہ پرکاشو دیوی سکنہ نوشہرہ نوشہرہ بازار میں پیدل چل رہی تھی جس دوران ایک نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر ماردی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوئی۔اسے فوری طور پر مقامی لوگوں نے وہاں سے اٹھاکر ہسپتال منتقل کیاجہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں بھیج دیاگیاہے۔
پی ایچ ای ملازمین کا پولیس کے خلاف احتجاج
عشرت حسین بٹ
منڈی//محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین نے منڈی میں پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایاکہ پولیس اہلکاروں نے ایک ملازم کی پٹائی کی ہے۔یہ ملازم پونچھ منڈی سڑک پر بیٹھ گئے اور انہوں نے وہاں دھرنادیا۔اس دوران ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہوگئی۔ملازمین کاکہناتھاکہ مشتاق احمد ملازم کی پولیس نے بلاوجہ پٹائی کی ہے اور ایسا کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے اس کو حراست میں بھی لیاہے جسے فوری طور پر رہاکیاجائے۔تاہم بعد میں ایس ایچ او منڈی موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے پی ایچ ای ملازمین کو بتایاکہ حراست میں لئے گئے اہلکارکے خلاف پولیس کیس درج ہے اور وہ ایک ایف آئی آر میں مطلوب ہے۔رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ایس پی انوار الحق نے بتایاکہ اس ملازم کے خلاف ایف آئی آر درج ہے اور پولیس اسے گرفتار کرنے گئی جس دوران اس نے مزاحمت کی۔