ماسٹر تصدق نے شجاعت کے قتل کی مذمت کی
راجوری//کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق ممبرقانون سا زکونسل ماسٹر تصدق حسین نے رائزنگ کشمیر کے مدیر سید شجاعت بخاری کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ یہ جمہوریت کے چوتھے ستون کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے اور حالات اس قدر خراب ہیں کہ لوگوں کو پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے میں مشکلات کاسامناہے۔انہوں نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
مشتاق بخاری کا اظہار تعزیت
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکریٹری سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے سینئر صحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں بخاری نے کہاکہ انہوں نے کبھی یہ کبھی سوچا بھی نہ تھاکہ شجاعت بخاری پلک جھپک میں جدا ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ وہ شجاعت کو پچھلے پچیس برس سے جانتے ہیں اور مرحوم کا حسن اخلاق دل کو چھونے والا ،اس کی گفتگومدلل،اس کی سوچ مثبت،اس کی صحافت بے لوث اوراس کی شرافت بے مثال تھی۔ان کاکہناتھاکہ حکومت تحقیقات کرواکر ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچائے جنہوں نے ایک عظیم شخص کو قتل کردیاگیا۔
بارش اور تیز آندھی و ڑالہ باری سے معمولات زندگی درہم برہم
سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ میں جمعہ کے روز اچانک سے موسم کا مزاج بدلا اور بارش کے ساتھ تیز آندھی اور کہیں کہیں شدید ڑالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج بن کر رہ گئی اور بازاروں میں چہل پہل پل بھر میں ختم ہوگئی۔راجوری کے انشو شرما نے بتایاکہ تیز آندھی سے اٹھنے والی دھول کو دیکھ کر سب حیران رہ گئے اور اس سے سورج کی کرنیں بھی زمین تک نہیں پہنچ پائیں۔محمد عمر نے بتایاکہ دھول اتنی زیادہ تھی کہ پہاڑی بھی دکھائی نہیں دے رہے تھے۔دھول کی وجہ سے گاڑیاں چلانے میں بھی مشکل آئی۔ڈرائیور محمد قیوم نے بتایاکہ وہ جموں سے راجوری پہنچے ہیں اور یہ سفر زندگی بھر کیلئییادگار رہے گاکیوں کہ گاڑی چلاتے ہوئے کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہاتھا اور ہر چیز دھندلی تھی۔وہیں ضلع پونچھ میں تیز بارشیں اور کہیں کہیں ڑالہ باری بھی ہوئی۔بعد دوپہر اچانک سے موسم تبدیل ہوا اور بارش اور ڑالہ باری اور تیز ہواسے زندگی کا نظام ہی مفلوج بن کر رہ گیا۔
راجوری کی صحافتی برادری کا تعزیتی اجلاس
راجوری//راجوری کی صحافتی برادری نے سینئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل پر تعزیتی اجلاس منعقد کیا۔یہ اجلاس پریس کلب راجوری میں منعقد ہوا جس میں پریس کلب کے صدر اویناش جسیال ،نائب صدرعارف قریشی،جنرل سیکریٹری گگن کوہلی، لیگل ایڈوائزرتعظیم ڈار،ترجمان سمت بھارگواور دیگر عہدیداران بھی موجو د تھے۔پریس کلب ممبران نے شجاعت بخاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے جمعرات کو ریاست کی تاریخ کا سیاہ دن قراردیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت تحقیقات کرکے ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچائے اور غمزدہ کنبہ کو انصاف دلایاجائے۔
لیکچرار جاوید قریشی انتقال کرگئے
سرنکوٹ//بوائز ہائراسکینڈری سکول سرنکوٹ میں تعینات انگریزی کے لیکچرارمحمد جاوید قریشی طویل علالت کے بعد اس دار فانی سے کو چ کرگئے ہیں۔ان کی وفات جمعرات کو ہوئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کردیاگیا۔مرحوم نہایت ہی نیک سیرت اوربا کردار شخصیت کے مالک تھے اور محکمہ تعلیم میں اہم خدمات انجام دیں۔ حال ہی میں انہیں بوائز ہائراسکینڈری سکول سرنکوٹ میں انگریزی کے لیکچرار کے طور پر تعینات کیاگیا۔ مرحوم طویل عرصہ سے علالت میں مبتلا تھے جس کے لئے انہوں نے کئی عرصہ تک علاج و معالجہ بھی کروایا تاہم گزشتہ روز وہ انتقال کرگئے۔ ان کی وفات پر مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیداران نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔
سڑک حادثے میں آرمی افسر سمیت پانچ زخمی
راجوری//راجوری کوٹرنکہ سڑک پر ایک حادثے میں آرمی افسر سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آرمی جپسی کوٹرنکہ سے راجوری کی طرف آرہی تھی جو سوڑہ پانی کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر نیچے کھیت میں جاگری جس کے نتیجہ میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن کو وہاں سے نکال کرآرمی ہسپتال پہنچایاگیا۔
تھنہ منڈی میں آندھی چلنے سے بجلی نظام متاثر
جمعتہ الوداع کی ادائیگی میں پریشانی کاسامنا کرناپڑا
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈیمیں جمعرات کیروز اچانک آندھی چلنے سے بجلی نظام متاثر ہوا جس کی وجہ سے جمعتہ الوداع کی نماز کی ادائیگی میں بھی مشکلات کاسامناکرناپڑا۔تھنہ منڈی میں ماہ صیام میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہا جسکی وجہ سے روزہ داروں کو گرمی کی وجہ سے پیاس کی شدت محسوس ہوئی لیکن ماہ صیام کے آخری روز موسم نے کروٹ بدلی اور معمولیبارشوں کے ساتھ ساتھ تیز آندھی بھی چلی جس سے کئی درخت ٹوٹ کر بجلی کی ترسیلی لائنوں پر گرآئے۔ اگرچہ محکمہ بجلی کے اہلکارو ں نے جمعہ سے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کردیاتاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں بجلی بحال نہیں کی جاسکی تھی۔تھنہ منڈی کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ماہ رمضان کے آخری جمعہ کی نماز کے دوران نمازیوں کو کافی مشکللات کا سامنا کرناپڑا۔ محکمہ بجلی کے جونیر انجینئرمحمد اسحاق چوہدری نے بتا یا کہ آندھی نے معمولی سا نقصان کیاہیاوربدھا کنہ سے دیرہ گلی تک ایک درجن کھمبے ٹوٹنے سے بجلی نظام متاثر ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے اہلکار کام پر لگے ہوئے ہیں اورشام دیر گئے تک سپلائی بحال کردی جائے گی۔
دو کلو گرام چرس برآمد،تین گرفتار
راجوری//rاجوری پولیس نے منشیات سمگلنگ کے بین ضلعی گروہ کو بے نقاب کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے پلوامہ کے تین افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کی تحویل سے تین کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔ڈی وائی ایس پی آپریشن سکھ دیو سنگھ کی قیادت اور ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف کی نگرانی میں راجوری قصبہ میں ایک ناکہ لگایاگیا جس دوران ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیاگیاتاہم ڈرائیور نے اس کی رفتار تیز کردی لیکن پولیس اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیااور کار کو ضبط کرتے ہوئے اس پر سفر کررہے تین افراد کار ڈرائیورریاض احمد ولد محمد سبحان ڈار عمر بتیس سال ساکن کانڈزر،شاہد الاسلام ولد امتیاز احمد میرعمر تئیس سال ساکن راتھر پورہ اور منظر بشیر ولد بشیر احمد تیلی عمراٹھائیس سال ساکن گاٹھ محلہ ضلع پلوامہ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ دوران چیکنگ ان کی تحویل سے دو کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔اس سلسلے میں پولیس نے راجوری تھانہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
شجاعت بخاری کے قتل پر پونچھ کی صحافتی برادری کا اظہار غم
حسین محتشم
پونچھ //ریاست جموں کشمیر کے ممتاز صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر ان چیف شجاعت بخاری کے قتل پر پونچھ کی صحافتی برادری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے معروف صحافی اور ناظم پردیپ کھنہ نے کیا کہ وجاہت بخاری کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جو کہ ایک نہایت ہی افسوسناک واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نیک اخلاق شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ حق کی آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے ان کا قتل کیا۔الجمی? الخیر یہ کے چیئرمین حافظ وقاری مولانا شہزاد انوری نے کہا کہ مرحوم بے باک صحافی، نڈر صاحبِ قلم، ماہر لسانیات ، شیریں بیاں ، نکتہ سنج ، بااخلاق شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے بھی ان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں خداوند کریم مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سینئر صحافی ہر بھجن سنگھ، نریندر سنگھ تلوار، رمیش بالی، جے بی سنگھ، عشرت بٹ، جہانگیر شیخ، وجاہت بخاری، مولانا اعجاز الحق، نیاز شاہ، سہیل جعفر، بشیر حسین، لیاقت تاج، سہیل ڈار اور دیگر صحافیوں نے بھی شجاعت بخاری کے قتل کی مذمت کی ہے۔ان تمام نے سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں ہوئے کہا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ماہ صیام کے آخری جمعہ ہزاروں نے نماز ادا کی
حسین محتشم
پونچھ//جمعتہ الوداع کے موقعہ پر ضلع پونچھ کی مرکزی عید گاہ میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز ادا کی۔ اس دوران تمام تحصیلوں اور پونچھ کے صدر مقام کے بازاروں میں چہل پہل دیکھی گئی اور لوگوں نے اپنی ضرورت کے سامان کی خریداری کی۔جمع? الوداع پر ضلع پونچھ کے مرکزی عید گاہ پونچھ ،مرکزی جامع مسجد پونچھ،مرکز امامیہ جامع مسجد محلہ شعیاں پونچھ،مرکزی جامع مسجد اہل حدیث پونچھ،مرکزی جامع مسجد بگیالاں پونچھ،مدینہ مسجد محلہ جرنیلی پونچھ،قادریہ مسجد محلہ کامسر پونچھ،مسجد اویس قرنی ڈونگس پونچھ،مسجد پولیس لائین پونچھ،اولیا مسجد پونچھ نزدیک سٹار ہوٹل،جامع مسجد نظام الدین پونچھ سٹی،وزیرنی جامع مسجد انوارالعلوم پونچھ،جامع مسجد اعلیٰ پیر پونچھ کے علاوہ عید گا ہ چنڈک،جامع مسجد غوثیہ کھینتر، چستیہ مسجد بھینچ،قادریہ مسجد کامسر،جامع مسجد سیڑھی چوہانہ،جامع مسجد بھینچ،جامع مسجد طیبہ کھڑی،جامع مسجد قاسمی منڈی،المصطفی جومع مسجد منڈی،مرکزی جامع مسجد منڈی، مرکزی جامع مسجد اعلیٰ پیر منڈی،جامع مسجد اڑائی منڈی،جامعہ مسجد غوث الوریٰ لورن،جامع مسجد بیدار ساوجیاں اور سرنکوٹ اور مینڈھر کی تمام جامع مساجد میں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔ا س دوران پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ٹریفک پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے گئے۔