ڈپٹی کمشنروں کے تبادلے پرراجوری پونچھ میں غم و غصہ کی لہر
کئی مقامات پر احتجاج ، عوام کا غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا انتباہ
راجوری +پونچھ//ڈپٹی کمشنرراجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کے تبادلوں پر خطہ پیر پنچال کے عوام میں گورنر انتظامیہ کے خلاف شدید غم وغصہ پایاجارہاہے اور انہوں نے تبادلوں کے حکمنامہ واپس نہ لینے پر غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کرنے کا انتباہ دیاہے ۔ اس سلسلے میں راجوری اور پونچھ میں کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔
سنئی سرنکوٹ میں احتجاج
بختیار حسین
سرنکوٹ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کے پونچھ سے راجوری تبادلے پر سرنکوٹ کے سنئی کے لوگوں نے احتجاج کیا۔اس دوران مقامی لوگوں نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ پچھلے ستر برسوں میں پہلی بار ضلع کو مقامی اور ایماندار و قابل افسر ملاتھا تاہم اسے چند ماہ بعد ہی تبدیل کردیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ عوامی مفاد کے منافی ہے اور اس پر نظرثانی کی جانی چاہئے۔انہوں نے تبادلے کا حکمنامہ منسوخ کرنے کی مانگ کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ریاستی گورنر و انتظامیہ پونچھ کی ترقی نہیں ہوتے دیکھناچاہ رہی اور یہی وجہ ہے کہ ایک قابل افسر تبدیل کردیاگیا۔احتجاج میں شربت حسین ،محمد اعظم،آکاش ملک،لیاقت حسین شاہ،تنویر حسین شاہ،سکندر حیات اور اخلاق تبسم بھی موجو دتھے۔
’فیصلہ عوامی مفاد کے منافی ‘
طارق شال
تھنہ منڈی //گورنر این این ووہرا کی ریاستی انتظامیہ کونسل نے کئی سینئر افسران کے تبادلے عمل میں لائے ہیں۔تبدیل ہونے والے افسران میں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری بھی شامل ہیں جنہیں راجوری سے بانڈی پورہ تعینات کیاگیاہے۔ان کے تبادلے پر راجوری کے عوام سخت نالاں ہیں اور ان کاکہناہے کہ موصوف نے راجوری کے ترقیاتی منظرنامے اور یہاں کے ورک کلچر میں نمایاں تبدیلی لائی جنہیں یہاں سے ٹرانسفرکرنا ایک غلط فیصلہ ہے۔لوگوں کاکہناہے کہ موصوف کے تبادلے سے ترقیاتی پروجیکٹوں کے تعطل کاشکار ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ شاہد اقبال نے راجوری میں ان کی توقعات سے بڑھ کر کام کیا اور ایسے افسر کو یہاں سے تبدیل کرنا کسی بھی طور پر عوامی مفاد نہیں۔ان کاکہناہے کہ وہ ایک مقامی افسر تھے جنہوں نے محنت اور لگن سے کام کیا اور انہیں یہاں تعمیروترقی کے اقدامات کیلئے مزید موقعہ دیاجاناچاہئے تاہم نہیں معلوم کس کو یہ سوجھی کہ انہیں یہاں سے تبدیل کردیاجائے۔پی ڈی پی کے ضلع صدرمرزا اعجاز احمد نے اس حوالے سے کہا کہ شاہد اقبال کے تبادلہ سے راجوری کے لوگ رنجیدہ ہیں اور انہیں ایک دھچکا لگاہے۔زونل صدور پی ڈی پی محمد اقبال شاہ وراجہ منشی خان اورمغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین حاجی عبدالرشید شال نے بھی اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ان کاکہناہے کہ ڈاکٹر شاہد اقبال کا تبادلہ ایک سیاہ ترین باب ہے۔
تحصیلدار تھنہ منڈی نے ہسپتال کا معائنہ کیا
تھنہ منڈی// ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی ہدایت پر تحصیلدار تھنہ منڈی قاضی قدیر الرحمٰن نے ہسپتال کا اچا نک معائنہ کیا۔ انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی کے تمام ملازمین کو ایمانداری سے ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ غفلت شعاری کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کے ہمراہ نائب تحصیلدارساج اخترسحر مرزا بھی تھے۔ تحصیلدار نے کہاکہ تھنہ منڈی کا ہسپتال اہمیت کا حامل ہے اور چونکہ یہ طبی مرکز مغل روڈ پر واقع ہے اس لئے یہاں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی طرف سے بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر آئندہ کوئی ملازم ڈیوٹی سے غیر حاضر پا یا گیا تو اسکے خلاف تحت ضابطہ قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ چند روز قبل عوامی شکایات کی بنا پر پرائمری ہیلتھ سنٹر شاہدرا شریف کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں پر غیر حاضر ملازمین کی رپورٹ مرتب کر کے ضلع انتظامیہ راجوری کو روانہ کردی ہے۔
این سی کارکنان کا اجلاس منعقد
پی ڈی پی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا
پونچھ//نیشنل کانفرںس اکائی پونچھ کی جانب سے پارٹی ضلع صدر باغ حسین راٹھور کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق اس دوران چھیلہ کے ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد حسین سمیت کئی لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر پارٹی کارکنان و لیڈران نے پی ڈی پی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس جماعت نے آر ایس ایس کو ریاست میں لاکر یہاں کے اندرونی حالات خراب کئے ہیں اور بھاجپا نے بھی اس سے وفا نہیں کی اور حمایت واپس لیکر اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی بھوک میں اب وہ مسلسل پریشان حال ہے۔انہوں نے کہا کہ چار سالہ دور اقتدار میں پی ڈی پی نے عوام کے ساتھ دھوکے کئے اورریاست کو پسماندگی کی طرف دھکیلا۔کارکنان نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ قانون ساز اسمبلی کو تحلیل کرکے ریاست میں دوبارہ سے انتخابات کروائے جائیں۔میٹنگ میں باغ حسین راٹھور،عبدالاحد بٹ، عبدالاحد کامریڈ،سید خورشید شاہ، غلام احمد لون،صادق،اسحاق خان، چوہدری سلیم کھاری،حاجی نصیر خان،چوہدری رشید چوہان،سردارمقصود خان،حاجی محمد بشیر،حاجی محمد صادق،صوفی قیوم،منشی خان،نیشو شرما،نجب دین، عبدالجبار تانترے،شہزاد چوہان،شاہین رشید،حنیف قصبہ،وزیر محمد تانترے،ضیاء الدین،سورجن سنگھ،بشیر میر،لعل حسین،شمیم،خلیل ،داؤد احمد، عزیز قریشی،رستم،سراج الدین،راجو ٹھاکر،مختار راٹھور، غلام فاروق،قدیر حسین وغیرہ بھی موجو دتھے۔
پی ڈی پی کارکن کی این سی پر تنقید
مینڈھر//یوتھ پی ڈی پی کارکن نیاز احمد نے نیشنل کانفرنس کارکنان کے دعووں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں ترقیاتی کام پی ڈی پی کے دور میں ہوئے جبکہ نیشنل کانفرنس نے لوگوں کا استحصال کیا اور انہیں ذات برادری کینام پر تقسیم کیاگیا۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ڈگری کالج کی تعمیر،تحصیل کمپلیکس عمارت،سڑکوں کی تعمیر اور بڑے بڑے پروجیکٹ پی ڈی پی کی دین ہیں جنہیں این سی کارکنان سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے اپنے کھاتے میں ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کارکنان نازیبہ اور ناشائستہ زبان کا استعمال کررہے ہیں جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تعمیروترقی پر دعوے تو بہت کئے جارہے ہیں لیکن خود اسی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے حقیقت واضح کردی ہے جنہوں نے کہاہے کہ مینڈھر میں کوئی خاطر خواہ کام نہیں ہورہے۔ان کاکہناتھاکہ اگر کوئی حق اطلاع قانون کے تحت کاموں کی تفصیل طلب کرے تو سب کچھ عیاں ہوجائے گا اور این سی کے دعوے سراب ثابت ہوں گے۔
اغواکاری کی کوشش ناکام
سندربنی سے مغویہ اور اغواکار گرفتار
راجوری//راجوری پولیس نے نوشہرہ میں اغواکاری کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے اغواکار کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق رات کے دو بجے نوشہرہ کے منگل دہی علاقے کے ایک شخص نے ٹیلی فون کے ذریعہ پولیس کو مطلع کیاکہ اسی علاقے کی گیارہویں جماعت کی طالبہ کو نامعلوم شخص نے اس کے گھر سے اغوا کرلیاہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے نوشہرہ،سندر بنی،کالاکوٹ اور راجوری میں ناکے لگائے گئے۔اس دوران سندر بنی میں ایس ایچ او سندربنی نے ناکہ لگایا جن کی قیادت میں پولیس نے مغویہ اور اغواکار کو گرفتار کرلیا۔اس پوری کارروائی کی نگرانی ایس ڈی پی او نوشہرہ خالق چوہدری اور ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ ماسٹر پوپسی کررہے تھے۔
سابق سرپنچ کھبلاں کا انتقال
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی پنچایت کھبلاں کے سابق سرپنچ کیپٹن عبدالسلام نائک مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔مرحوم کی نماز جنازہ جمعرات کے روز دن کے 11 بجے کھبلاں میں ادا کی جائے گی۔ سرپنچ ایسو سی ایشن،بیو پار منڈل اراکین تھنہ منڈی ومتعدد سیاسی و سماجی تنظیموں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کااظہار کیاہے۔انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عوامی خدمات انجام دیں اور ان کی وفات علاقے کیلئے ایک نقصان ہے۔
بجلی شارٹ سرکٹ
پونچھ ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک میں حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ کے ایمر جنسی بلاک میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب بجلی شارٹ شرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔تاہم اس دوران ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیااور سبھی لوگ محفوظ رہے۔بعد دوپہرسنگھ ہسپتال کے ایمر جنسی بلاک میں اچانک بجلی شارٹ سرکٹ ہونے سے آگ لگ گئی جو اچانک پھیلنے لگی مگر ہسپتال انتظامیہ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام محمد ملک کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے بتایا کہ یہ آگ بجلی کاشارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے لگی جس پربروقت قابو پا لیا گیانہیں تو نقصان ہوسکتاتھا۔
گھمبیر مغلاں ہٹاں سیری سڑک خستہ حالی کاشکار
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ کے گھمبیر مغلاں ہٹاں سیری کی سڑک خستہ حالی کاشکار ہیجس پر سفر کرنا دشوار ہورہاہے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام پر ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے روڈ کی یہ حالت بن چکی ہے۔ان کاکہناہے کہ سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مواد کا استعمال کیاگیاجس کے نتیجہ میں اس کا یہ حال ہوگیاہے کہ اس پر سفر کرنا مشکل ہے۔انہوں نے بتایاکہ سڑک پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں جہاں سے گزرنا دشوار بن گیاہے۔ا ن کاکہناہے کہ اس سڑک پر کبھی بھی حادثہ رونماہوسکتاہے جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ اس سڑک کی مرمت کی جائے۔