بزرگ خاتون کی نعش برآمد
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ میں ایک ساٹھ سالہ خاتون کی نعش برآمد ہوئی ہے۔اس خاتون کی شناخت ساٹھ سالہ قیصر بی زوجہ امام دین ساکن کلر کٹل سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے جس کی نعش پراسرار حالت میں دھندک علاقیمیں دریا سے ملی ہے۔نعش کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس موقعہ پر پہنچ گئی اور اس نے اسے وہاں سے اٹھاکر اپنی تحویل میں لیا اورپھر قانونی لوازمات پورا کرکے اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاگیا۔ایس ایچ او سرنکوٹ محمد انظر میر نے نعش برآمد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں دفعہ 174کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
عوامی امور میں رکاوٹیں پیدا کرنیکا الزام
گورنر تاناشاہی سے نجات دلائیں:کسان مزدور یونین
جاوید اقبال
مینڈھر//کسان مزدور یونین کے صدر چوہدری عبدالمجید نے ممبراسمبلی مینڈھر پر افسران کے کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ افسران سے زبردستی کرکے انہیں حراساں کیاجارہاہے۔ پریس کے نام جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وہ دیگر کئی مزدوروں کے ہمراہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر مینڈھر کے دفتر صبح گیارہ بجے پہنچے اور دن دو بجے تک وہیں بیٹھے رہے لیکن معلوم ہواکہ تمام محکمہ جات کے ملازمین ممبراسمبلی مینڈھر کے دفتر میں گئے ہوئے ہیں جہاں انہیں حراساں کیا جا رہا ہے اور پچھلے دور کی کاغذی خانہ پری کروائی جارہی ہے۔ان کاکہناہے کہ حالانکہ اسمبلی معطل ہے لیکن پھر بھی ممبراسمبلی ملازمین سے اپنے کام کرواکے الیکشن مہم چلارہے ہیں۔ان کاکہناہے کہ گورنر راج ملازمین کا راج ہوتا ہے جس میں وہ آزدانہ طور پر عوامی خدمات سر انجام دے سکتے ہیں لیکن آج بھی پرانی رسم جاری ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتناپڑرہاہے۔ مجید چوہدری نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے اقتدار کے دوران مینڈھر کی تینوں تحصیلوں میں ترقیاتی کاموں کا تخمینہ صفر درجہ سے بھی کم رہااور عوام کو یہ امید تھی کہ گورنر راج میں مفاد عامہ کے کام ہوں گے لیکن اس دور میں بھی عوام کو حسبِ معمول گزشتہ دور کی طرح مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے ریاستی گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس تاناشاہی سے نجات دلائیں اور عوامی مفاد کے کام کروائے جائیں تاکہ مینڈھر کی ترقی ممکن ہوسکے۔ان کاکہناتھاکہ کاغذی خانہ پری کے بجائے حقیقی ترقی ہونی چاہئے جس کیلئے پرانی روایات کو ترک کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کو اس بات کی ہدایت ملنی چاہئے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے بجائے عوام کے کام کریں۔
قتل کاملزم جیل میں مردہ پایاگیا
سمت بھارگو
راجوری //ضلع راجوری کی جیل ڈھانگر ی میں قتل کے الزام میں قید ایک ملزم مردہ پایاگیا۔ اس کی شناخت محمد لطیف ولد فقیر محمد ساکن رتل راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے ایک افسر کے مطابق صبح کے اوقات میں ملزم کو خراب حالت میں پاتے ہوئے اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرا ردیا۔ان کاکہناہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلاہے کہ موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ہوگی تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیںگے ۔ملزم کے خلاف پولیس تھانہ درہال میں قتل کا مقدمہ زیر نمبر 7/2018زیر دفعات 302/307/452/148/336درج ہے ۔
بجلی سے محروم کنبے کی ڈپٹی کمشنر سے اپیل
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ کے دیری رلیوٹ علاقے کا ایک کنبہ اکیسویں صدی میں بھی برقی رو سے محروم ہے۔اس کنبے کو محکمہ بجلی کی طرف سے آج تک بجلی کی سہولت فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اسے مشکلات کاسامناہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے محمد شفاعت نے کہا کہ کئی بار متعلقہ آفیسران کے نوٹس میں بھی یہ بات لائی گئی کہ انہیں بجلی کی سہولت فراہم نہیں تاہم آج تک کسی نے بھی کوئی اقدام نہیں کیا اور وہ گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر افسران کے نوٹس میں بھی لایاگیاتاہم بجلی نہیں ملی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کرکے انہیں برقی رو کی سہولت فراہم کریں۔
بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کا پروگرام
پونچھ// فوج کی طرف سے پونچھ کے جڑانوالی گلی علاقے میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو پروگرام منعقد کیاگیا۔ا س پروگرام کا مقصد خواتین اور لڑکیوں کو ان کے حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کرناتھا۔اس موقعہ پر مقررین نے اس بات پر زور دیاکہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ ایک خاتون کا تعلیم یافتہ ہونا پورے سماج کا تعلیم یافتہ ہوناہے ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو ہر ایک شعبے میں برابری کا موقعہ دیاجائے اور انہیں جنسی تفریق کی بناپر کمتر نہ سمجھاجائے ۔
پیپلز مومنٹ کا اظہار تعزیت
راجوری //جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے وائس چیئرمین اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر چیپٹر کے سربراہ ڈاکٹر عبدا لمجید ملک کے والد نسبتی غلام رسول ملک گزشتہ روز گوجراں والہ پاکستان میں انتقال کر گئے۔یہاں جاری بیان کے مطابق عوام کی ایک بھاری تعداد نے مرحوم کے نمازِ جنازہ میں شرکت کر کے ان کی بخشش اور مغفرت کے لئے دعا کی۔اس سلسلے میں راجوری میں پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم کی صدارت میں ایک ماتمی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کرنے کے ساتھ ساتھ پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی گئی۔
فوج کا عوام کیساتھ اجلاس
پونچھ//فوج کی طرف سے گوہلد علاقے میں عوام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس دوران ان کے مسائل سنے گئے ۔میٹنگ میں بڑی تعداد میں عام لوگوں کے علاوہ سرپنچ ، مذہبی سکالروں اور معززین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر سبھی نے بھائی چارے ، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ فوج کی طر ف سے عوام کی فلاح کیلئے کئی کام کئے جارہے ہیں جن کے بارے میں عام لوگوں کو بھی پتہ ہوناچاہئے ۔