سانپ کے ڈھنس جانے سے لڑکے کی موت
پرویز خان
منجاکوٹ//راجوری کے منجاکوٹ علاقے میں ایک غم ناک واقعہ میں زہریلے سانپ کے ڈھنس جانے سے لڑکے کی موت ہوگئی ہے۔منجاکوٹ کے دواں علاقہ میں سانپ نے ایک لڑکے کو ڈھنس دیا جس کی وجہ سے زہر اس کے جسم میں سرایت کرگیا اور اسی زہر سے اس کی موت ہوگئی۔اس لڑکے کی شناخت محمد رئوف ولد محمد خلیل مرزا کے طور پر ہوئی ہے جو دواں کارہنے والاتھا۔اگرچہ اس کا علاج کروانے کی کوشش بھی کی گئی تاہم زہر سے وہ دم توڑ گیا۔بعد میں نعش کو لیجاکر آخری رسومات ادا کی گئیں۔یہ بات قابل ذکر ہیکہ موسم گرما کے دوران گھاس اگ جاتے ہی سانپ سامنے آجاتے ہیں جن کے ڈھنس جانے کے روزانہ ہی واقعات رونماہوتے رہتے ہیں لیکن عموماًایسے واقعات میں متاثرہ افراد کی جانیں بچ جاتی ہیں تاہم کسی غیر معمولی واقعہ میں جان بھی چلی جاتی ہے۔
ریچھ کے حملے میں شہری شدید زخمی
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ ترگائیں کے ایک شخص کو ریچھ نے حملہ کرکے لہو لہان کر دیاہے۔یہ واقعہ بالائی علاقے میں ڈھوک میں پیش آیاہے۔عبد الرحمٰن ولد فرنگی سکنہ ترگائیں اپنے مال مویشی کے ہمراہ ڈھوک میں گیا ہواتھا جہاں اچانک ریچھ نے اس پر حملہ کردیا جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوا۔ زخمی شخص کو فوری طور پر سموٹ آرمی ہسپتال میں لایاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کردیاگیاہے۔مقامی لوگوں نے اس واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ شخص انتہائی غریب ہے جسے انتظامیہ کی طرف سے امداد ملنی چاہئے تاکہ وہ اپنا علاج کرواسکے۔
منشیات فروشی
تھنہ منڈی کے تین ملزمان جیل منتقل
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی پولیس نے تین منشیات فروشوں کو احتیاطی طور پر جیل روانہ کر دیا ہے۔انہیں ضلع جیل ڈھانگری منتقل کیاگیاہے۔ پولیس کی طرف سے ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری کی نگرانی و ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار کی قیادت میں منشیات مخالف مہم چلائی جارہی ہے جس دوراج کئی ایسے افراد کی شناخت کی گئی ہے جو علاقے میں منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہیں اور خود بھی نشیلی اشیاکا استعمال کررہے ہیں۔پولیس نے اس سلسلے میں احتیاطی طور پر وقار احمد ولد عبدالستار نجار سکنہ رینہ محلہ تھنہ منڈی، محمد عارف المعروف راجہ ولد محمد آعظم سکنہ ساج تحصیل تھنہ منڈی اوراشفاق احمد ولد محمد شریف سکنہ کھنیال کوٹ تحصیل تھنہ منڈی کو گرفتار کرکے زیر دفعات 107/110/151 سی آر پی سی کے تحت مجسٹریٹ کی اجازت سے جیل بھیج دیاہے۔سول سوسائٹی تھنہ منڈی نے پولیس کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ منشیات فروشی کا قلع قمع کرنے کیلئے ایسے سخت اقدامات کرنے ہوں گے نہیں تو نوجوان نسل کی تباہی کا سلسلہ جاری رہے گا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ایسے افراد کے خلاف نرم رویہ اختیار نہیں کیاجاسکتاہے جو نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور جن کی کارروائیوں کی بدولت نوجوانوں کی بہت بڑی تعدادمنشیات کی دلدل میں دھنس گئی ہے۔
پونچھ میں لوک عدالت14کو
پونچھ//پونچھ میں 14جولائی کو قومی لوک عدالت کا اہتمام کیاجارہاہے۔جانکاری کے مطابق ضلع لیگل سروس اتھارٹی پونچھ کی طرف سے چودہ تاریخ کو ضلع کورٹ کمپلیکس میں قومی لوک عدالت منعقد کی جائے گی۔اس دوران پرنسپل ڈسٹرکٹ کورٹ،سب جج،سی جے ایم،منصف،جے ایم آئی سی اور ایڈیشنل سپیشل موبائل مجسٹریٹ سے تعلق رکھنے والے تنازعات کا افہام و تفہیم سے حل نکالاجائے گا۔عام عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے تنازعات کو حل کرانے کیلئے لوک عدالت میں شامل ہوں۔
گپتا کا بھاجپا کی مضبوطی پر زور
راجوری//بی جے پی کے سینئر لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے پارٹی کارکنان پر زور دیاہے کہ وہ تنظیم اور عوام کے درمیان پل کا کام کرتے ہوئے دوریاں ختم کریں۔یہاں جاری بیان کیمطابق اپنے نوشہرہ کے تین روزہ دورے کے دوران وبودھ گپتا نے متعد د مقامات پر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کارکنان عوام کے مسائل سن کر انہیں حل کروانے کیلئے پارٹی کے سینئر لیڈران کے نوٹس میں لائیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر دن رات محنت کرکے خدمات انجام دے رہے ہیں اور اسی طرح کے جذبے کی کارکنان کی طرف سے بھی ضرورت ہے۔کانگریس لیڈر ششی تھرور کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کی حقیقی اور اصل تاریخ کے بارے میں بتانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس لیڈر اس طرح کے بیانات دے کر ملک کے لوگوں کو کشمیر کے تئیں گمراہ کررہے ہیں۔گپتا نے کہاکہ پاکستان ملک کیلئے ایک بڑھتاہواخطرہ ہے اور کانگریس لیڈر نے ہندوستان کو سیاسی مفاد کی خاطر مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدر سوم دت شرما اور دیگر کارکنان نے بھی خطاب کیا۔
وزیر اعظم کا لائیو خطاب
کرشی وگیان کیندرنے انتظامات کا اہتمام کیا
راجوری//سکاسٹ جموں کے تحت چل رہے کرشی وگیان کیندر راجوری کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کے سیلف ہیلپ گروپوں اور خواتین گروپوں سے خطاب کیلئے انتظامات کا اہتمام کیاگیا۔اس سلسلے میں ڈاکٹر آر کے اروڑہ اے ڈی ای انچارج کے وی کے کی نگرانی میں ایک پروگرام منعقد ہواجس میں پچاس کے قریب کسان خواتین نے شرکت کی جن میں سے زیادہ قبائلی طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔یہ پروگرام ٹنڈوال علاقے میں ہوا جس میں چار پنچایتوں کی خواتین شریک تھیں۔پروگرام میں کرشی وگیان کیندر کا سائنسی و غیر سائنسی عملہ بھی موجو دتھا۔اس دوران کرشی وگیان کے عملہ نے بھی خواتین سے تبادلہ خیال کیااور پھر ایک گھنٹے تک وزیر اعظم کا لائیو خطاب رہا۔
پیپلز مومنٹ کا 13جولائی کے شہداء کو خرا ج عقیدت
راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے 13 جولائی 1931کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہداء کی عظیم قربانیوں کا مقصد تب تک حاصل نہیں ہو سکتا جب تک جموں کشمیر کے عوام اپنا پیدائشی حق حقِ خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔یہاں جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے پارٹی کی جانب سے 13جولائی 1931ء کے حوالہ سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی 1931ء کو ڈوگرہ سامراج کے ہاتھوں شہادت کا جام نوش کرنے والے جیالے فرزندانِ وطن دراصل جموں کشمیر کی اس تحریکِ آزادی کا ہراول دستہ تھے جو آج بھی پورے شدو مد کے ساتھ جاری و ساری ہے۔میر شاہد سلیم نے مین سٹریم جماعتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اقتدار کی حوس میںگزشتہ تیس برسوں کے دوران کشمیری قوم کو تہِ تیغ کیا ، انہیں 13جولائی کے شہداء کی یاد میں مگر مچھ کے آنسو بہانے کا کوئی بھی حق نہیں پہنچتا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم کے لئے نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی، کانگریس، بی جے پی، اور ظالم اور اور جابر ڈوگرہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں بلکہ یہ جماعتیں کشمیری قوم کی تحریک آزادی کو کچلنے میں ڈوگروں سے بھی خطرناک رول ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہند نواز جماعتیں گزشتہ سات دہائیوں سے بالخصوص پچھلے تیس برسوں سے کشمیریوں کی لاشوں پر اقتدار کے محلات تعمیر کرنے میں مصروف ہیں ۔حریت رہنما نے کہا کہ یہ جماعتیں مسئلہ کشمیرکے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں ۔پیپلز مومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ آج 13جولائی 1931ء کے جانثاروں کو عقیدتوں کا خراج پیش کرتے ہوئے مظلوم و محکوم قوم اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ 1931ء سے لے کر آج تک جامِ شہادت نوش فرمانے والے شہداء کشمیر کامشن اس وقت تک تشنہء تکمیل نہیں رہے گا،جب تک کشمیری قوم آزادی کی نعمت سے سرفرازنہیں ہو جاتی۔ میر شاہد سلیم نے 1931ء سے لے کر آج تک سامراج کے ہاتھوں شہید ہونے والے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مظلوم کشمیری قوم ہمیشہ ان جانثاروں کی مرہون منّت اور احسان مند رہے گی۔