پندرہ اگست انتظامات کا جائزہ لیاگیا
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران پندرہ اگست کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔اس موقعہ پر یہ بتایاگیاکہ پندرہ اگست کی تقریب میں پولیس ، سی آر پی ایف ، این سی سی ، ایف پی ایف ، فائر و ایمرجنسی اور تعلیمی اداروں سے اٹھائیس دستے شرکت کریں گے جبکہ اس دوران آٹھ کلچرل پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ایسے ثقافتی پروگرام پیش کئے جائیں جو وطن پرستی اور ضلع کی تہذیب کی عکاسی کرتے ہوں۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ ہر طرح کے انتظامات کو بہتر سے بہتر طریقہ سے کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ تمام محکمہ جات میں بہتر تال میل قائم کیاجائے تاکہ تقاریب احسن طریقہ سے انجام پاسکیں ۔بعد ازآں ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کے ہمراہ پولیس لائنز کا دورہ کرکے موقعہ پر ہدایات جاری کیں ۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی اوتار سنگھ چب،اے سی آر قیوم میر، سی پی ڈبلیو اے ایچ چوہدری، ایڈیشنل ایس ایس پی محمد یوسف ، سی ای او ڈاکٹر طاہر، اے سی ڈی اختر حسین قاضی ، ایگزیکٹو انجینئران اور سی آر پی ایف و فوج کے نمائندگان بھی موجو دتھے۔
نشیلی اشیاء کی فروخت
پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا
راجوری//راجوری پولیس نے نشیلی اشیاء فروخت کرنے کے الزام میں ایک نوجوان لڑکے کوگرفتا ر کرلیاہے ۔ پولیس کے مطابق یہ لڑکا نشیلی ادویات دیگر نوجوانوں کو فروخت کرنے میں ملوث پایاگیاہے ۔اس کی شناخت اعجاز علی ولد محمد افضل ساکن کوٹھے دھار کے طور پر ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او راجوری طاہر خان کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر گووند رتن کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے راجوری۔کوٹ دھرا سڑک پر ایک لڑکے کو روکا اوراس کی تلاشی لی جس دوران اس کی تحویل سے 528ممنوعہ کیپسول برآمد ہوئے ۔پولیس نے اسے موقعہ پر ہی گرفتار کرلیا اوراس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
جسمانی طور پر ناخیز بچوں میں امدادی سامان تقسیم
کوٹرنکہ//زونل ایجوکیشن افسر کوٹرنکہ کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی سربراہی ضلع ایجوکیشن پلاننگ افسر راجوری گلزار چوہدری نے کی ۔اس موقعہ پر زیڈ ای او چوہدری صلاح محمد و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ تقریب کے دوران پیڑی ، کوٹرنکہ اور خواس زونوں کے جسمانی طور پر ناخیز بچوں میں امدادی سامان تقسیم کیاگیا جس میں ویل چیئر، سی پی چیئر،کانوں کی مشینیں ، ایم آر کٹ ، کے اے ایف او، عینکیں وغیرہ شامل ہیں ۔کیمپ کا اہتمام ضلع سطح کی ایس ایس اے ٹیم نے اے ایل آئی ایم سی او کانپورو چندی گڑھ کے اشتراک سے کیاتھا۔
منشیات فروشوں کا بائیکاٹ کیاجائے:بار ایسو سی ایشن سرنکوٹ
بختیار حسین
سرنکوٹ//بار ایسو سی ایشن سرنکوٹ نے علاقے میں پھیل رہی منشیات کی وباپر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس نے نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کردیاہے۔سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ یاسر خان جنجوعہ اور دیگرعہدیداران نے کہاکہ سرنکوٹ میں منشیات دن بدن فروغ پارہی ہے جو فکر مندی کی بات ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وجہ سے والدین میں اپنے نوجوانوں کے تئیں تشویش پائی جارہی ہے اور وہ ان کے مستقبل کیلئے فکر مند ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں پولیس اکیلے کچھ نہیں کرسکتی بلکہ اسے منشیا ت کے خاتمے کیلئے عوام کاتعاون درکار ہے جوملناچاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ اگر کسی مشکوک شخص کو دیکھاجائے یا یہ معلوم ہو کہ فلاں شخص منشیات کا استعمال کرتاہے تو اس کی شکایت پولیس سے کی جائے تاکہ وہ کارروائی کرے ۔ بار صدر نے کہاکہ علماء کو چاہئے کہ وہ مساجد سے ہر جمعہ کو منشیات کے خلاف بیانات دیں اوریہ پیغام گھر گھر پہنچناچاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ علماء دین اسلام کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے بھی کوششیں کریں ۔انہوں نے کہاکہ منشیات میں ملوث افراد کا سماجی طور پر بائیکاٹ کیاجائے تاکہ وہ اس وباکو چھوڑنے پرمجبور ہوں ۔
نیشنل کانفرنس کا ساتھرہ میں اجلاس منعقد
پونچھ//نیشنل کانفرنس کا پونچھ کے ساتھرہ علاقے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان نے کی ۔یہاںجاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر عوام کو درپیش مسائل اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔کارکنان نے کہاکہ علاقے میں بجلی کا بحران پایاجارہاہے اور سپلائی ملازمین کی من مرضی پر کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ علاقے کیلئے منظور شدہ ڈسپنسری کسی مرکزی مقام پر قائم کی جائے جس سے سبھی کو فائدہ مل سکے اور جو سڑک پر ہو۔انہوں نے کہاکہ یہاں کا ٹرانسپورٹ نظام خستہ ہے اور سات گائوں کے مسافروں کیئے صرف ایک بس ہے ۔انہوں نے شکایت کی کہ ایل پی جی سلینڈر بھی وقت پرنہیں ملتے جس کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہیں پر گیس ایجنسی کھولی جائے ۔انہوں نے پی ایچ سی ساتھرہ میں عملے کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز جان نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کے دور اقتدا رمیں عام لوگوں کے کام نہیں ہوئے اور ان جماعتوں کے ورکروں کوفائدہ دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمران اتحاد بری طرح سے ناکام ہوا اور لوگوں کو مسائل کے بھنور میں چھوڑ دیاگیا۔اس موقعہ پر محمد بشیر، فضل حسین ، طالب حسین ، محمد صدیق،محمد رشید ، نذیر حسین ، عبدالغنی ، شریف محمد وغیرہ بھی موجو دتھے۔
متعدد کارکنان کی پی ڈی پی میں شمولیت کادعویٰ
حسین محتشم
پونچھ// ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں جھلاس کے متعدد افراد نے دوسری پارٹیوں کو خیرآباد کہہ کر پی ڈی پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جہاں شامل ہونے والے تمام افراد نے کہا کہ وہ شاہ محمد تانترے کے اخلاص اور ان کی عوام کے تئیں ہمدردی سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے دور میں کئی اہم پروجیکٹ شروع ہوئے ہیں۔ تانترے نے تمام کارکنان کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بغیر سیاست کے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کو خوشی ہے کہ وہ جھلاس کی عوام کی دیرینہ مانگ پوری کرنے میں محبوبہ مفتی کے تعاون سے کامیاب ہوئے اور ہائی سکول جھلاس کا درجہ بڑھا کر اسے ہائر سکنڈری بنا پائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔اس دوران جن افرا نے پارٹی میں شمولیت کی ان میں چوہدری محمد کبیر، مستری طالب حسین، بشارت حسین، خادم چوہدری اور ایوب خان قابل ذکر ہیں۔اجلاس میں حافظ عبدالمجید، چوہدری صدردین، نیاز اعوان،عبدالرشید زرگر، حاجی مجید ڈار، شبیر تانترے اور بشیر احمد موجود تھے۔
جموں کشمیر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا اجلاس
بختیار حسین
سرنکوٹ//جموں و کشمیر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا سرنکوٹ پوٹھہ میں ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ایس ایم بشیر انچارج جموں زون نے کی ۔میٹنگ کا مقصد سوسائٹی کا برانچ دفتر کھولنا اور لوگوں کو صفائی ستھرائی ، تعلیم اور ضلع پونچھ کی مجموعی ترقی کے بارے میں بیدار کرناتھا۔اس موقعہ پر منیر حسین قریشی ، محمد سلیمان ، محمد جبار، طفیل حسین ، عبدالحفیظ منہاس وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
بجلی سپلائی نہ ہوئی توپائورہائوس جلادیں گے
نوشہرہ کے لوگوں کا محکمہ بجلی کو سخت انتباہ
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے کئی دیہات کے عوام نے بجلی سپلائی کی عدم دستیابی کے خلاف محکمہ کو انتباہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر رات کے وقت بجلی بند کی گئی تو وہ پائور ہائوس نوشہرہ کو خاکستر کردیں گے۔نوشہرہ کے گائوں دبڑپوٹھہ،کھڑی،دبراٹ،منگل دیوی،گگروٹ وغیرہ کے شہریوں سورم سنگھ،محمد بشیر،کمل کمار،ست پال، مادھو رام وغیرہ نے بتایاکہ گزشتہ چالیس دنوں سے مذکورہ دیہاتوں میں بجلی کی سپلائی رات کے وقت بند کردی جاتی ہے اور پھر اسے پوری رات بحال نہیں کیاجاتا۔انہوں نے کہاکہ گرمی اور مچھروں کی وجہ سے ان کا جینا مشکل ہوجاتاہے ۔انہوں نے پائورہائوس میں رات کے وقت ڈیوٹی کرنے والے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ نشے کی حالت میں سوجاتے ہیں اور سپلائی بند کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے اور بجلی سپلائی کو یقینی بنایاجائے نہیں تو وہ پائور ہائوس کو ہی آگ لگادیں گے ۔
فوج کے زیر اہتمام طبی کیمپ منعقد
پونچھ//فوج کی طرف سے پونچھ کے کلالی گائوں میں طبی و ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیاگیا جس دوران ضرورتمندوں میں ادویات تقسیم کی گئیں جبکہ مویشیوں کا معائنہ بھی کیاگیا۔فوج اور ضلع کے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پندرہ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم نے لوگوں اور مویشیوںکی طبی تشخیص کی اوران کو ادویات فراہم کی گئیں ۔کیمپ کے دوران 355افراد اور 45مویشیوں کا طبی معائنہ کیاگیا اور ان میں ادویات تقسیم کی گئیں ۔
چٹیار میں پولیس ۔عوام اجلاس
راجوری//پولیس کی طرف سے چٹیار پولیس چوکی پر عوام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس کی صدارت ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر گووند رتن نے کی جبکہ اس موقعہ پر سب انسپکٹر فرید احمد بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر علاقے کے معززین نے اپنے اپنے مسائل سے اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ منشیات مخالف مہم میں تیزی لاکر اس میں ملوثین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ مقامی لوگوں کی طرف سے اجاگر کئے گئے کئی مسائل کا موقعہ پر ہی حل نکالاگیاجبکہ دیگران کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے بات کرنے کا یقین دلایاگیا۔ڈ ی وائی ایس پی نے کہاکہ پولیس عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی ۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے خلاف مہم جاری رہے گی جس کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ لوگ اس میں تعاون دیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھی جائے ۔