سندر بنی کاکمسن دریا میں بہہ گیا
سمت بھارگو
راجوری //سب ڈویژن نوشہرہ کے لمبیڑی علاقہ میں ایک 13سالہ کمسن دریا میں بہہ گیا ۔کمسن کی شناخت ایوش کمار ولد چین لعل سکنہ مائوا پتراڑہ سندر بنی کے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ لڑکا لمبیڑی علاقہ میں اپنے رشتہ داروں کے گھر آیا ہوا تھا جہاں وہ دریا میں نہاتے وقت پانی میں بہہ گیا ۔لاش کو باز یاب کرنے کیلئے ایک مہم شروع کی گئی جس کے بعد لاش کو برآمد کرلیا گیا تاہم پولیس نے قانونی لورزامات مکمل کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ۔
سڑک حادثے میں 1لقمہ اجل
راجوری //جموں راجوری شاہراہ پر نوشہرہ سب ڈویژن میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں 1سیکوٹی سوار کی موت واقعہ ہو گئی ۔پولیس نے بتایا کہ سیوٹ علاقہ میں ایک ٹرک کی زد میں آنے سے سیکوٹی سوار کی موت ہوگئی ۔انہوں نے بتایا کہ سیکوٹی سوار سیوٹ سے لمبیڑی کی جانب جارہا تھا تاہم وہ دوسری جانب سے آرہے ایک ٹرک سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔مرنے والے کی شناخت بلونت راج ولد لعل چند سکنہ بگنوٹی نوشہرہ کے طورپر ہوئی ہے ۔پو لیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
سی آر پی ایف اہلکارکی انصاف کی اپیل
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ہرنی علاقہ کے رہائشی شبیر احمد نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس کی ڈیوٹی کی اوقات میں کچھ افراد اس کے اہل خانہ کو ہراساں کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں اس کو انصاف فراہم کیا جائے ۔سی آر پی ایف اہلکار نے بتایا کہ وہ ڈیوٹی سے چھٹی آیا تو دو مرتبہ محمد شفیع اور محمد اخلاق نے مبینہ طورپر ان پر حملہ کیا جس کی وجہ سے وہ اور اس کے بچے زخمی ہو ئے ہیں ۔اہلکار نے بتایا کہ اراضی تنازعہ کو لے کر مذکورہ افراد ان کو تنگ کررہے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ایک شکایت بھی درج کروائی گئی ہے تاہم پولیس کی جانب سے بھی مبینہ طورپر ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مذکورہ اہلکار نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کیساتھ ساتھ پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مقامی پولیس کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
تھنہ منڈی میں فوج نے طبی کیمپ لگایا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سب ڈویڑن تھنہ منڈی کے چھڑونگ علاقے میں آرمی نے مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا جس میں سرپنچ چوہدری نور حسین مہمان خصوصی تھے۔ اس کیمپ میں فوج کی جانب سے ادویات تقسیم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں اور آرمی کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کی خاصی تعداد طبی معائنے کے لئے میڈیکل کیمپ میں حاضر ہوئی جس میں تقریباً 200 مریضوں کا طبی معائینہ کیا گیا۔میڈیکل کیمپ میں فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے لوگوں کی طبی جانچ کی اور ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کیں۔ مقامی لوگوں نے فوج کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ جاری لاک ڈاون سے غریب لوگوں کی معاشی حالت اتنی زیادہ خراب ہوگئی ہے کہ اب وہ دوا بھی نہیں خرید سکتے ہیں، ایسے حالات میں فوج کی جانب سے منعقد یہ طبی کیمپ غریب لوگوں کیلئے سہارا بن رہا ہے۔ اس وجہ سے فوج کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔علاقے کے لوگوں نے فوج کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے کیمپوں کے انعقاد کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم آرمی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے یہاں پر میڈیکل کیمپ لگایا۔ عوام نے اس طرح کے کیمپس کو مستقبل میں بھی منعقد کرانے کی فوج سے اپیل کی تاکہ علاقہ کے پسماندہ لوگ مستفید ہوسکیں۔ آخر میں مقامی سرپنچ چوہدری نور حسین نے تھنہ منڈی میں منعقدہ مفت میڈیکل کیمپ پر ہندوستانی فوج کا شکریہ ادا کیا۔
پولیس نے لاپتہ کمسن لڑکی کو باز یاب کروالیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //جموں وکشمیر پولیس نے تھنہ منڈی سے لاپتہ ہوئی بہار کی ایک کمسن لڑکی کو 72گھنٹوں میں ہی بہار سے باز یاب کروالیا ۔ موبینہ خاتون دختر لعل محمد انصاری سکنہ منوہ پور بہار حال تھنہ منڈی کی رہائش پذیر تھی جس کے دوران وہ لاپتہ ہوگئی تھی ۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری نے بتایا کہ اس سلسلے میں تھنہ منڈی پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ بہار کی ایک کمسن لڑکی لاپتہ ہوگئی ہے جس کے بعد اس کی تلاشی کے سلسلہ میں کارروائی شروع کی گئی اور پولیس نے ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال کرتے ہوئے تصرف 72 گھنٹے کے اندر اندر لاپتہ لڑکی کو بہار سے برآمد کروا لیا۔ عوام تھنہ منڈی و کئی غیر سرکاری تنظیموں نے ایس ایچ او فرید احمد چوہدری کے کام کو سراہانہ کی ۔
گلپور میں ویکسی نیشن کے سلسلہ میں اجلاس منعقد
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی علاقہ گلپور میں 45برس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے سلسلہ میں نائب تحصیلدار کی قیادت میں ڈاکٹروں، آشا ورکرس، آنگن واڑی ورکرس اور بی ایل اوز کے ساتھ پرائمری ہیلتھ سینٹر اجوٹ میں ایک میٹنگ منعقد کی جہاںآفیسر موصوف نے تمام شرکاء کو مبارکبادی دی کہ 45 سال سے اوپر کے لوگوں کی ویکسی نیشن میں انہوں نے سو فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا اب 18 سے اوپر کے افراد کی ویکسی نیشن کے سلسلہ میں مہم چلائی جا رہی ہے انھیں امید ہے کہ وہ اس میں بھی کامیاب ہوں گے۔موصوف نے اس دوران 18سے اوپر کی عمر کے افراد کی ویکسی نیشن مہم کا بھی افتتاح کیا۔راشد چوہان نائب تحصیلدار گلپور نے اس میٹنگ کے حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے ویکسی نیشن کے لئے لوگوں کی فہرست سازی کے بارے میں منصوبہ پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ میٹنگ میں شامل تمام ملازموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نیابت کی تمام پنچایتوں کی الگ فہرست تیار کریں۔