مختلف زمروں کے ٹیکس احکامات کی ڈیڈ لائن میں توسیع
سرینگر// مرکزی حکومت نے جمعہ کو مختلف زمروںکے ا نکم ٹیکس احکامات کے لئے ڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوویڈ کے علاج کے لئے مالکان کی طرف سے ملازمین یا دیگر لوگوں کو ادا کی جانے والی رقم ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔ مرکز وزیر مملکت خزانہ انوراگ ٹھاکر نے کہا’’ کسی بھی مالک کی طرف سے اپنے ملازمین کو2019-20میں کویڈ کے علاج کیلئے ادا کی جانی والی رقم ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی‘‘۔وزارت خزانہ نے ٹیکسوں سے مستثنیٰ اور رعایت سے متعلق تفصیلی نوٹیفکیشن جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ ، کروناکی وجہ سے کسی ملازم کی موت کی صورت میں کنبہ کے افراد کے ذریعہ وصول شدہ سابق ادائیگی انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔محکمہ انکم ٹیکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیکس تنازعہ حل اسکیم کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں 31 اگست تک دو ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ ٹیکس دہندگان اضافی سود کے ساتھ 31 اکتوبر تک ادائیگی کرسکتے ہیں۔پین آدھار کو جوڑنے کی آخری تاریخ بھی تین ماہ بڑھا کر 30 ستمبر 2021 کردی گئی ہے۔فارم 16 میں ملازمین کو بھی ٹیکس کٹوتی پر منبع (ٹی ڈی ایس) سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی آخری تاریخ 15 جولائی 2021 سے 31 جولائی تک بڑھا دی گئی ہے۔
ناظم سیاحت کا کینیڈا ٹور آپریٹروں سے تبادلہ خیال
کشمیرمیں سیاحوں کیلئے دستیاب سہولیات سے باخبر کیا
سری نگر// ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے بذریعہ ویب نار کینیڈا کے ٹور آپریٹروں کے ساتھ ایک تفصیلی استفساری سیشن منعقد کیا اور اُنہیں جموںوکشمیر میں دستیاب سیاحت کی مصنوعات کی میزبانی کی۔ٹورنٹو کینیڈامیں قونصل خانہ ہندوستان کے ذریعے ویب نار کانفرنس کا اِنعقاد کیا گیا جس میں کینیڈا کے ٹور ٹریول آپریٹروں نے شرکت کی۔دورانِ اِستفساری سیشن ،ناظم سیاحت کشمیر نے آنے والے سیاحو ںکے لئے دستیاب خدمات ، مصنوعات ، مقامات اور سیاحت کی اقسام کے بارے میں ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ٹور آپریٹروں نے سیاحت کی مصنوعات میںگہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور متعلقہ اَمور جیسے کووِڈ پروٹوکال ، سیزن وِزٹ کرنے ، سیزنری وغیرہ سے متعلق اِستفسار کیا۔یہ پروگرام مرکزی وزارتِ سیاحت کی جانب سے بین الاقوامی سیاحت کے کھلنے کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی آمد کو بڑھانے کے لئے شروع کی گئی مہم کا ایک حصہ تھا ۔ یہ کم معلوم مقامات کو فروغ دینے اور اُنہیں دُنیا کے سیاحتی نقشے پرلانے کی مہم کا بھی ایک حصہ تھا۔دورانِ اِستفساری سیشن اڑیسہ اور تری پورہ ریاستوں کی جانب سے سیاحت سے متعلق اَپنی سرگرمیوں کی نمائش کے لئے پیش کش بھی کی گئیں۔
کل جماعتی اجلاس سے کوئی اُمید نہیں:ادھرچودھری
بہرام پور//کانگریس کے سینئررہنما ادھیرچودھری نے وزیراعظم نریند ر مودی کے جموں کشمیر کے چودہ سیاسی رہنمائوں سے بات چیت پراپنے ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ جموں کشمیر میں یکایک تبدیلی کا پراُمیدہونے کے بجائے انتظار کرکے دیکھیں گے۔چودھری نے رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے کہا بھاجپا کی قیادت میں مرکزی حکومت نے دفعہ370کی تنسیخ کے بعد متعدد وعدے کئے تھے،لیکن کوئی پورا نہ کیا۔انہوں نے کہا،’’مجھے بھاجپاپر کوئی اعتماد یابھروسہ نہیں ہے۔مجھے اُن سے کوئی بڑی توقعات وابستہ نہیں ہیں۔دوبرس قبل انہوں نے وعدہ کیاتھا کہ ہندوستان کاکوئی بھی شہری کشمیرمیں رہائش اختیار کرسکتا ہے کیا ایسا ہوا؟برہمن(کشمیر پنڈت)ابھی تک کشمیر واپس جانے سے خوفزدہ ہیں۔جنگجوئوں کی سرگرمیاں بھی بلا رکاوٹ جاری ہیں۔بزرگ کانگریسی رہنما نے یاددلایا کہ مودی شاہ حکومت نے دوبرس قبل پاکستانی زیرانتظام کشمیرپرقبضہ کرنے کی قسم کھائی تھی لیکن وہ خالی وعدہ ثابت ہوا۔ بنگال کانگریس کے صدر نے مزید کہا کہ جمعرات کی میٹنگ میں بلائے گئے متعدد رہنما دفعہ370منسوخ کئے جانے کے بعد گھروں میں نظر بند کئے گئے تھے اور انہیں علیحدگی پسند عناصر سے تشبیہ دی گئی تھی۔انہوں نے مزیدکہا کہ اب یہ لوگ جیلوں سے رہنمائوں کونکال کربات چیت میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں ،کوئی یہ بھول نہیں سکتاکہ بھاجپا کے رہنمائوں نے حالیہ ماضی میں ان کو علیحدگی پسندوں کے ساتھ تشبیہ دی تھی اور انہیں مخصوص گینگ کے ممبرقراردیاتھا۔
ویشو نالہ میں لڑکی غرقآب
شوپیان//شاہد ٹاک // شوپیان میں جمعہ کوایک 14 سالہ لڑکی کی لاش نالہ سے برآمد کی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی کی موت پانی میں ڈوبنے سے ہوئی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق شوپیان کے ریشی نگری علاقے میں اس وقت کہرام مچ گیا ،جب مقامی لوگوں نے نالہ ویشو میں ایک 14 سالہ لڑکی کی لاش دیکھی جس کی شناخت مفروشہ مشتاق ولد مشتاق احمد ریشی ساکنہ ریشی نگری شوپیان کے طور ہوئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق لڑکی کی موت پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔شوپیان پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔
کشمیر میں گرو ہرگوبند سنگھ کا یوم پیدائش مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
یو این آئی
سری نگر//وادی کشمیر میں سکھوں کے چھٹے گرو ہرگوبند سنگھ کا یوم پیدائش یا پرکاش پرو جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔جمعے کی صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ عقیدت مندوں کا گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔ بیشتر عقیدت مند کورونا وائرس سے بچائو کے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے نظر آئے ۔وادی میں گرو ہرگوبند سنگھ کے جنم دن کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی تھی۔اس موقعے پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ گردوارے کے مرکزی درواز ے پر سینیٹائزر اور ماسکس رکھی گئی تھیں اور ہر عقیدت مند کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا تھا۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کے دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گرو ہرگوبند سنگھ جی کا جنم دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے شری گورو ہر گو بند صاحب جی کے پرکاش پرو کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد دی ہے۔اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ چھٹے سکھ گورو ہر گو بند جی اِنتہائی خلوص ، بے لوث خدمت، بہادری اور قربانی کا مجسمہ ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ایک بہادر، روحانی پیشو ا، ہمدردی اور فلاحی کاموں کا ایک مظہرشری گورو جی نے ہمیں معاشرے کی خوشحالی کے لئے اَپنی زندگی کو بامقصد خدما ت میں رکھنا سکھایا۔ اُنہوں نے کہا کہ شری گورو ہر گوبند جی کی تعلیمات سب کے لئے مشعل راہ ہیں اور ان کی اِنسانیت ، سیکولر اِزم اور عالمگیر اخوت کے اَصول اِنسانیت کو راست بازی کی راہ پر گامزن کرتے رہیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے پُر اَمن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے شری گورو ہر گوبند کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کا439واں عرس اختتام پذیر
تاریخ ساز اسلامی خدمات ناقابل فراموش: میرواعظ ہمدانی
سرینگر//حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کے 439ویں سالانہ عرس کی اختتامی تقریب وادی میں عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب آستان عالیہ واقع محلہ ایشان زینہ کدل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ نمازِ جمعہ سے قبل میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کی بدولت کشمیرعلم حدیث سے منور ہوا۔انہوں نے حضرت صرفیؒ کے تاریخ ساز اسلامی خدمات، روحانی کمالات پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت صرفیؒ نے صحیح بخاری شریف کا ترجمہ بھی کیا جو دین کی خدمت میں اُن کا ناقابل فراموش اسلامی کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بزرگان دین، صوفیائے کرام، ریشی بزرگوں نے ہمیں قرآن اور حدیث کی روشنی میں تعلیم دی اور اہل کشمیر کو اسلام کے نور سے منور کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت ایشان کے کتب خانہ میں 65000 دینی تصانیف موجود تھے جو بدقسمتی سے نذر آتش کی گئیں۔ کورونا وائرس کے پیش نظر امسال تبرکات کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ اس موقعہ پر بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین پیر محمد یاسین نوری، امام بقعہ احمد اللہ ، پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، جنہوں نے ابتداء میں تلاوت قرآن اور منقبت حضرت صرفی سے مجلس کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کمیٹی کے صدر الحاج معراج الدین گانی، فارو ق احمد گانی، مولوی سراج الدین ترمبوبھی موجود تھے۔
اننت ناگ میں 4قمار باز گرفتار
سرینگر// پولیس نے4قمار بازوں کو گرفتار کر کے داو پر لگائی گئی رقم ضبط کی۔ پولیس پوسٹ بس اسٹینڈ اننت ناگ کے اہلکاروں نے کے پی روڑ اننت ناگ میں قمار بازوں کے اڈے پر چھاپہ مارا اور داو پر لگی 51400 نقدی رقم اور تاش کے پتے ضبط کئے۔اس موقعہ پر پولیس نے 4جواریوںکو گرفتار کرکے ان کیخلاف ایف آئی آر زیر نمبر300/2021درج کیا ۔
کلنترہ نمبل نار میں جیوٹاور 3 برسوں سے بے کار
عام صارفین اور طلاب سخت مشکلات سے دوچار
سرینگر//کلنترہ نمبل نار بارہمولہ میں جیو ٹاور چالو نہ ہونے کے نتیجے میں صارفین کو شدید پریشانیوں کا سامناکرنا پڑرہا ہے خاص کر طلاب آن لائن کلاس دینے سے محروم ہورہے ہیں۔ شمالی کشمیر کے کلنترہ نمبلنار بارہمولہ کے لوگوںنے کہا ہے کہ یہاں پر 3برس قبل جیو ٹار لگایا گیا اور اُس وقت متعلقہ ذمہ داروں نے کہا تھا کہ اس کو ایک ماہ کے اندر اندر چالو کیا جائے گا لیکن آج تین برس بعد بھی اس کو چالو نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جیو صارفین کے فون ناقابل استعمال بن گئے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ طلاب بھی انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے آن لائن کلاسوں سے محروم ہوگئے ہیں ۔سی این آئی کے مطابق لوگوں نے اس سلسلے میں جیو کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقے میں جیو کے ٹاور کو جلد سے جلد چالو کیا جائے ۔
کورونا سے بچائو کا واحد ہتھیار ٹیکہ ہے:ضلع ترقیاتی کمشنرکپوارہ
کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین نے کہاکہ کووِڈ وَبائی بیماری سے نمنٹے اور بچنے کے لئے کووِڈ مناسب طرزِ عمل اور ویکسی نیشن واحد ہتھیار ہے۔اِن باتوں کاا ِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ کووِڈ صورتحال کے بارے میں جانکاری دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کپواڑہ میں صحتیابی کی شرح 96 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اَموات کی شرح 1.16فیصدجبکہ مثبت معاملات کی شرح 1.61 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں گھریلو آئیسولیشن میں 193 جبکہ ہسپتال آئیسولیشن میں 27 مریض ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ صدفیصد ہدف کے حصول کے لئے ایک مشن موڈ میں ٹیکہ کاری مہم جاری ہے اور اَب تک ضلع میں 57فیصد ہدف آبادی کوکووِڈ ۔19 حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ ایس او پیز اور کووِڈ حفاظتی ٹیکے جلد از جلد لگائیں۔ضلعی عوام یہ خبریں ڈی سی کپواڑہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ@dckupwara اور ڈی آئی سی کپواڑہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ@infokupwara پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
رام بن میں کویڈ 19پروٹوکول کی خلاف ورزی پر کارروائی
رام بن // رام بن انتظامیہ نے کویڈ 19پروٹوکول کے نفاذ کیلئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے ضلع میں اپنی کارروائی کو تیز کر دیا ہے اور جمعرات کو بھی قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔بغیر ماسک اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کے خلاف انفورسمنٹ ٹیموں نے جمعرات کو ضلع کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جس دوران ابھی تک 80500ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپریل سے آج تک ضلع انتظامیہ نے ۔ 2269300 روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے پر ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسین کی خوراکیں لیں۔ ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ جمعہ کے روز ضلع میں 2248 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1254 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 301 آر ٹی-پی سی آر اور 953 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں ، اس کے علاوہ ضلع میں وقفہ ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 2248 افراد کو کوڈ ویکسین پلائے گئے ہیں۔