لالپورہ کنزر میں تشویش
تیندوے کے حملے میں 3بھیڑیں ہلاک
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ// لالپورہ کنزر ٹنگمرگ میں تیندوے نے بشیر احمد راتھر کے گائو خانے پر دوران شب حملہ کیا اور 3 بھیڑیں ہلاک ہوگئیں۔ علاقے میں اس واقع سے کافی تشویش پیداہوگئی ہے۔ چند روز قبل ہی کنزر کے رمبیل علاقے میں ایسا ہی ایک واقع پیش آیا تھا جس دوران تیندوے نے 24 بھیڑوں کو ہلاک کیا تھا۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا کہ وہ ان تیندئوں پر فوری طور پر قابوپالیں۔
ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹسٹ
سب ڈویژن گلمرگ میں سینکڑوں افراد کی شرکت
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //شمالی کشمیر کے سب ڈویژن گلمرگ میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ دفتر سوپور کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کی اجرائی کیلئے ٹسٹ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پراے آرٹی او بارہمولہ مبشر جان نے ٹسٹ میں شامل افراد کو یقین دلایا کہ ٹسٹ میں کامیاب افراد کو بغیر کسی دفتری طولت کے لائسنس پوسٹ آفس کے ذریعے گھر پہنچائی جائے گی ۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا ڈرائیونگ ٹسٹ ہے جو سب ڈویژن گلمرگ کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے خواہشمند افراد کیلئے شرائے میدان میں منعقد کیا گیا ۔لوگوںنے اے آر ٹی او بارہمولہ کی اس کوشش کی سراہنا کی ہے ۔
پرانی پنشن سکیم کی بحالی کا مطالبہ
سرینگر// پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کی بحالی کے خواہاں ، نئی پنشن سکیم (این پی ایس) کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے بدھ کو ٹویٹر مہم چلائی تاکہ پرانی پنشن سکیم کی بحالی کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکے۔ نئی پنشن اسکیم ایمپلائز فیڈریشن( این پی ایس ای یو ایف ) کے صوبائی صدر فاروق احمد متو نے بتایا کہ جموں کشمیر میں انجمن کے صدر محمد اشرف کی سربراہی میں بھارت کے دوسرے حصوں کی طرح کال کو کامیاب بنانے کے لئے ایک دن کی ٹویٹر مہم چلائی۔ متو نے کہاجموں کشمیر سے اس مہم کے تحت ہزاروں’ این پی ایس‘ ملازمین نے ٹویٹر مہم کو کامیاب بنایا،جس کے دوران وہ پرانے پنشن کی بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
کووڈ متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی
گاندربل میں آڈٹ مکمل ، متاثرین کی فہرست مرتب
گاندر بل//ڈپٹی کمشنرگاندر بل کرتیکاجیوتسنا نے کہا کہ کووڈ وبائی امراض کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کا آڈٹ ضلع میں مکمل ہوا ہے اور اسکالرشپ کی شکل میں امداد کیلئے کووڈ متاثرین کے اہل افراد کی فہرست( ایس اے ایس سی ایم ) ) /ایس اے کے ایس ایچ اے ایم کیلئے سماجی تعاون اسکیم کے تحت پنشن محکمہ سوشل ویلفیئر نے مرتب کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک 5 اسکالرشپ اور 6 پنشن کیسز کی منظوری دی جا رہی ہے اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس بات کا اظہار ڈی سی گاندر بل نے ضلع میں کووڈ صورتحال اور تخفیف اقدامات کے بارے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ ضلع میں مثبت معاملات کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ گذشتہ ہفتے 9000 سے زیادہ ٹیسٹ کروانے کے بعد مجموعی طور پر4.4 فیصد مثبت ہیں اور صحت یابی کی شرح 97 فیصد تک ہے ۔ بعد میں ڈی سی نے 5 طلبا( 2 طلبا کے حق میں 40000 روپے اور 3 طلبا کے حق میں 20000 روپے ہر سال )کے حق میں اسکالرشپ کی شکل میں اور 6 بیواؤں کے حق میں 10000 روپے ماہانہ پنشن کے منظوری خطوط حوالے کئے ۔ یہ رقم براہ راست ان کے بنک کھاتوں میں جمع ہوگی ۔
چرارشریف میں آگ
رہائشی مکان کو جزوی نقصان
سرینگر // چرارشریف میں ملک موڈ نامی نئی بستی میں موجود ایک تین منزلہ رہائشی مکان سے صبح دس بجے اچانک آگ کے شعلے نمودار ہوئے جس کی وجہ سے بستی میں اچانک چیخ وپکار سنائی دی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مکان کی دوسری منزل میں موجود گیسٹ روم سے دس بجے شعلے بھڑک اٹھے توراہ چلتے لوگوں نے ایک دوسرے کو مطلع کرنے کے ساتھ ہی بچاو کارروائی شروع کی ۔اس دوران فائر سروس عملہ نے موقع پر پہنچ کرمکان کو مزید نقصان سے بچالیا۔ مکان کے مالک محمد شفیع ولد محمد الیاس میر نے بتایا کہ فائر سروس عملہ وقت پر پہنچا ورنہ بہت نقصان ہوجاتا۔
عوامی مجلس عمل کا اظہار تعزیت
سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے یوتھ رہنما مشتاق احمد صوفی کی خالہ اہلیہ مرحوم غلام محمد خان ساکن وازہ پورہ ایس آر گنج سرینگر کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔تنظیم نے خان خانوادے کی تنظیم ، تحریک اور میرواعظ خاندان کے ساتھ محبت اور وابستگی پر مرحومہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ مہاراج گنج روز اول سے ہی تنظیمی اور تحریکی سرگرمیوںکا مرکز رہا ہے اور علاقہ بھر کے عوام مرد وزن خاص طور پر نوجوانوں نے تنظیمی پروگراموں کو آگے بڑھانے میں بیش بہا کردار ادا کیا ہے ۔بیان میں تنظیم کی جملہ قیادت کی جانب سوگواروں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور مرحومہ کیلئے جنت نشینی کی خصوصی دعا کی گئی۔
انجمن علماء کا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر نے معروف عالم دین مفتی عبد الرئوف قاسمی کی خالہ کے انتقال پر غمزدہ خاندان خاصکر مفتی قاسمی کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں انجمن علما ء وائمہ مساجد برابر کی شریک ہے ۔انہوں نے مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ۔
تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں
مسعودی،تاریگامی اور ٹھاکر کی
ہاری پاریگام کے سوگوار کنبے سے تعزیت پرسی
سید اعجاز
ترال//ہاری پاریگام ترال میں مسلسل چوتھے روز بھی مختلف سیای جماعتوں کے لیڈران نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا ۔نیشنل کانفرنس لیڈر و ممبر پارلیمنٹ جسٹس(ر) حسنین مسعودی نے تعزیت پرسی کے موقع پر کہاکہ تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے لیکن اس کا احساس ہر ایک کو ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی کہتے آئی ہے کہ لوگوں کی امنگوں کے مطابق اس مسئلے کو حل کیا جانا چاہئے ۔ ممبر پارلیمنٹ نے اس واقع کی مذمت کی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گپکار الائنس کی حالیہ میٹنگ محبوبہ مفتی کی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے منعقد نہیں ہوئی تاہم چند ایک روز میں میٹنگ منعقد ہورہی ہے ۔ ادھر سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈڑ محمد یوسف تاریگامی نے بھی بدھ کوہاری پاریگام ترال جاکر سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔تاریگامی نے بتایا ’’ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں اور میں یہاںروایت پوری کرنے کے لئے نہیں آیا ہوں‘‘ ۔انہوںنے کہا ’’ہم سب کو ایک چوٹ لگی ہے اور یہ سلسلہ بند ہو نا چاہئے‘‘ ۔انہوں نے مزید کہا کہ خون بہانے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔تاریگامی نے کہا کہ اس طرح کی ہلاکتوں پر خاموش رہنا ٹھیک نہیں ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر و ترجمان الطاف ٹھاکر نے بھی ہاری پاریگام ترال کے متاثرہ کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دل دہلانے والا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا کام انجام دینے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے ۔
اپنی پارٹی یوتھ ونگ کا صوبائی اجلاس منعقد
سماجی برائیوں کے خلاف اقدامات پر زور
سرینگر//اپنی پارٹی یوتھ ونگ کا بدھ کو سرینگر میں صوبائی سطحی کااجلاس منعقد ہوا۔ یوتھ صوبائی صدر کشمیر خالد راٹھور کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی یوتھ جوائنٹ سیکریٹری محمد دلاور، صوبائی یوتھ کارڈی نیٹر امتیاز راتھر، یوتھ ضلع صدر سرینگر محسن ظفر شاہ، یوتھ ضلع صدر بانڈی پورہ وآصف میر، یوتھ ضلع صدر اننت ناگ انیس الاسلام اور دیگر دفتری عہدیداران موجود تھے۔ اجلاس میں نوجوانوں کی بہبودی سے جڑے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اِن کے جلد ازالے پرزور دیاگیا۔ صوبائی یوتھ صدر کشمیر خالد راٹھور نے کہاکہ کشمیر کے اندر خودکشی کے بڑھتے واقعات تشویش کن امر ہے۔ کشمیر صوبہ میں خود کشی واقعات میں حیران کن اضافہ ہورہا ہے۔ نوجوان بظاہر خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں اور وہ مایوسی کا شکار ہیں ، اُن کی کونسلنگ کے لئے امداد ی مراکز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کی وباء اور ایک مسئلہ ہے جس نے ہمارے سماج کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے اور ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ایسی سماجی برائیوں کے خلاف فوری عملی اقدامات کرنے کی ضرورت پرزور دیاگیا ، نوجوانوں کو تباہی سے بچانے کے لئے جامع پروگرام مرتب کرنے کی بھی مانگ کی گئی۔اس دوران خالد راٹھور نے ورکروں سے زمینی سطح پر پارٹی کی مضبوطی کے لئے محنت ولگن سے کام کرنے کی تلقین کی۔
بی ڈی سی چیئرمین ساگام اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر //اپنی پارٹی اننت ناگ کا ضلع سطحی اجلاس ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں منعقد ہوا جس کی صدارت ضلع صدر عبدالرحیم راتھر نے کی۔ کچھ عرصہ کے لئے اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر بی ڈی سی چیئرمین ساگام محمد طاہر فہمدہ اور بی ڈی سی چیئرمین بجبہاڑہ غلام احمد ڈار، جنرل سیکریٹری پنچایت کانفرنس اننت ناگ اور سرپنچ اکینگام نانا جی واتل نے متعدد سرپنچوں وپنچوں کے ہمراہ اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔اپنے خطاب میں عبدالرحیم راتھر نے پارٹی کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت کبھی بھی بنیادی مقاصد سے آگے پیچھے نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا’’ایک سال گذرنے کے بعد اب دیگر علاقائی سیاسی جماعتیں بھی اُسی قطار میں ہیں اور وہی کہہ رہی ہیں جوموقف ہم نے پارٹی بنانے کے فوری بعد شروع کیاتھا‘‘۔ ضلع صدر نے شرکاء پرزور دیاکہ اپنی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے ضلع کے اطراف واکناف پہنچنے کی کوشش کریں اور لوگوں کے مسائل سنیں۔ انہوں نے ضلع میں ممبرشپ مہم میں بھی تیزی لانے کو کہا۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ منعقدہ جموں وکشمیر کی سیاسی لیڈران کے کل جماعتی اجلاس میں پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کے رول کی ستائش کی۔
کنزر میں شہری ۔14
کلو فکی سمیت گرفتار
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //سب ڈویژن گلمرگ کے کنزر تھانہ کے ایس ایچ او اطہر پرویز نے مصدقہ اطلاع پر ننگر پورہ کنزر میں طارق احمد گنائی کے گھر پر چھاپہ مارکر وہاں 14کلو فکی ضبط کی اور ملزم کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ کنزر پولیس نے ایس ڈی پی او ٹنگمرگ ہلال خالق کی قیادت میں کارروائی تیز کرتے ہوئے حالیہ ایام میںکئی افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے کیس درج کیے ہیں ۔کنزر تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 99/2021درج کیا ہے۔
بانڈی پورہ میں مارکیٹ چیکنگ
خلاف ورزی کے مرتکب دوکانداروں سے جرمانہ وصول
عازم جان
بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمدکی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پرویز رحیم نے ضلع کے متعدد بازاروں کا معائنہ کرنے کے دوران کووڈ 19 رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں سے دس ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کرلیا۔ ان کے ہمراہ تحصیلدار بانڈی پورہ طارق احمد شیخ ،تین نائب تحصیلدارعبدالرشید صوفی ،محمد اشرف گنائی کے علاوہ محکمہ مال کے ملازمین ومحکمہ پولیس کے اہلکار تھے۔ انہوں نے بانڈی پورہ بازار کے علاوہ نسو پاپچھن ،نبر پورہ، غوثیہ مارکیٹ، گلشن چوک نوپورہ ،کلوسہ آجر اور سنروانی کے بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردنی کی قیمتوں پالتھین لفافوں پر پابندی روزمرہ کی استعمال شدہ ایشیا کا معائنہ کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر چرمانہ عائد کیا ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو پاکر جرمانہ عائد کیا ہے۔ انہوں نے معائنہ کے دوران دکانداروں کو سرکاری نرخنامہ پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی ہے اور راہ چلتے لوگوں کو ماسک پہننے اور ایس او پی گائید لائن پر عمل کرنے کے علاوہ انجکشن لگانے کی ہدایت دی ہے تاکہ مہلک وائرس سے محفوظ رہ سکے ۔
کووِڈ- 19رہنماخطوط کی خلاف ورزی
۔5256افراد سے694130 جرمانہ وصول
سرینگر//کووِڈ- 19رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی بھر میں5256افراد سے 694130 روپے جرمانہ وصول کیا ۔اس کے علاو ہ نو گاڑیوں کو کووِڈ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر ضبط کیا گیا۔وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری ہے تاکہ کووِڈ – 19کی دوسری لہر پاقابو پایا جائے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اوراپنے عزیزوں کی جان کی سلامتی کیلئے کورونا رہنماخطوط پر سختی سے عمل کریں۔