عاصف بٹ
کشتواڑ//عید الفطر قریب آنے کے ساتھ ہی سب ڈویژن مڑواہ و واڑون کی عوام نے علاقے کو جوڑنے والی واحد مرگن ٹاپ روڈ کو فور طور پر بحال کرنے کی مانگ کی ہے جبکہ انتظامیہ کی مسلسل ناکامی سے اب عوام نے ازخود سڑک پر برف ہٹانے کا عمل شروع کیا ہے۔ علاقے کو جوڑنے والی سڑک گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل آمدورفت کیلئے بند پڑی ہوئی ہے جسکے سبب 60,000کی آبادی کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔مقامی شخص معراج احمد نے بتایا کہ سڑک مسلسل بند ہونے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے خاص طور پر ان لوگوں کو جنہیں طبی امداد کی ضرورت ہے اور لوگوں کو عید سے قبل ضروری سامان کی ضرورت ہے۔ اب عوام نے خود برف صاف کرنے کے بیڑا اٹھایا ہے جبکہ مقامی و ضلعی انتظامیہ کچھ نہیں کرتی،اگر حالات ایسے ہی رہے تو ہم عید کیسے منائیں گے ۔محمد عباس نے بتایا کہ بار بار کی اپیلوں کے باوجود مقامی ایم ایل اے اسمبلی میں کٹ موشن لانے میں ناکام رہے جس سے عوامی غصے میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل رہاہے۔انہوںنے کہا کہ اب مقامی رہائشی برف ہٹانے والی مشینوں کی فوری تعیناتی اور روڈ کلیئرنس کے مستقل اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور حکام سے عید سے قبل سڑک رابطہ بحال کرنے کی اپیل کررہے ہیں ۔