نئی دہلی/یو این آئی// مرکزی حکومت نے آتم نربھر روزگار اسکیم کی مدت 30 جون 2021 سے بڑھا کر 31 مارچ 2022 کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بدھ کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس تجویز کو منظور کیا گیا۔اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرکزی کابینہ نے آتم نربھر بھارت روزگار یوجنا (اے بی آر وائی) کے تحت مستحقین کے اندراج کی آخری تاریخ میں نو ماہ یعنی 30 جون 2021 سے 31 مارچ 2022 تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس توسیع سے اب باضابطہ شعبے میں 71.8 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی ، جیسا کہ اس سے قبل 58.5 لاکھ ملازمتوں کا تخمینہ تھا۔ مرکزی کابینہ نے ایمرجنسی کریڈٹ لائن گارنٹی اسکیم (ای سی ایل جی ایس) کے تحت اضافی 1.5 لاکھ کروڑ روپے کے پرویژن کو منظوری دے دی ہے ۔ ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کی اضافی رقم دستیاب کرانے سے اب 4.5 لاکھ کروڑ روپے کا قرض دیا جاسکے گا ۔ اس اسکیم کی مدت 30 ستمبر 2021 ء تک ہوگی۔ کووڈ -19 وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے معیشت کے مختلف شعبوں میں حائل رکاوٹوں کے پیش نظرحکومت نے ای سی ایل جی ایس کے دائرہ کار میں توسیع کی ہے ۔ توسیع سے قرض دینے والے اداروں کوکم قیمت پرڈیڑھ لاکھ کروڑروپے کا اضافی قرضہ دستیاب کرانے کرنے کے لئے انسینٹو کے ذریعے معیشت کے مختلف شعبوں کو بے حد راحت ملنے کی توقع ہے ، جس سے کاروباری اداروں کے لئے اپنی آپریشنل ذمہ داریوں پوری کرنا اور اپنے کاروبار کو جاری رکھنا ممکن ہوگا۔ کابینہ نے کووڈ سے متاثرہ شعبوں کے لئے کریڈٹ گارنٹی اسکیم (ایل جی ایس سی اے ایس) میں توسیع کو بھی منظوری دی ہے ۔ مرکزی کابینہ نے بھارت نیٹ پروجیکٹ کے تحت 16ریاستوں کو 3.61لاکھ گاووں میں آپٹیکل فائبر نیٹورک سے براڈبینڈ انٹرنیٹ سہولت مہیا کرانے کے لئے 29ہزار 430کروڑ روپے کے پروگرام کو سرکاری نجی شراکت دارتی (پی پی پی) ماڈل پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔