پلوامہ//مرکزی حکومت کے عوامی رسائی پروگرام کے تحت مرکزی وزیر برائے مواصلات دیو وسن چوہان نے ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبران ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ( بی ڈی سی ) چیئر پرسن اربن لوکل باڈیز ( یو ایل بی ، پی آر آئی اور انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع پلوامہ کے عوامی نمائندوں سے ون ٹو ون بات کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پی آر ائیز ، وفود اور عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں ، مسائل اور شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اور ان کے ازالہ کیلئے اسے مرکزی سرکار کے ساتھ ساتھ لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ بھی اٹھایا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو تین تاریخی نظامِ حکومت آزادی کی تاریخ میں پہلی بار دستیاب ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی معیشت کی ترقیاتی رفتار کو بڑھانا انتظامیہ اور پی آر آئی کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ وزیر موصوف نے ضلع میں ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ اُنہوں نے مختلف سرکاری سکیموں اور اقدامات سے متعلق اہم اعداد و شمار بھی طلب کئے۔ وزیر مملکت نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ جڑے رہیں اور عوامی ترسیلی نظام میں ٹیم کا جذبہ اور ہم آہنگی پیدا کریں اور لوگوں کے مسائل کے بارے میں حساس رہیں۔وزیر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیر موصوف کو گورننس ریڈرسل میکانزم اور پبلک ڈیلیوری سسٹم کے بارے میں بتایا جو ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے یقینی بنایا جارہا ہے ۔