عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// موسمیاتی مرکز سرینگر نے بدھ کے روز جموں و کشمیر میں اگلے کئی دنوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ لوگوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ 17 جون کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہا، جیسے کی توقع تھی، تاہم دوپہر کے اوقات میں کئی مقامات پر ہلکی بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 جون سے 22 جون تک جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر ہلکی بارش، گرج چمک، ژالہ باری، آسمانی بجلی اور تیز ہوائوں کے ساتھ عام طور پر ابر آلود حالات کا امکان ہے۔پیشن گوئی کے مطابق 23 جون سے 25 جون تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چند مقامات پر ہلکی بارش، گرج چمک، اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں باغبانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صبح کے اوقات میں سپرے آپریشن کریں۔لوگوں کو موسم کی خراب صورتحال کے دوران ڈھیلے ڈھانچے، بجلی کے کھمبوں، اوور ہیڈ تاروں اور پرانے درختوں سے دور رہنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ نے گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہوائوں کے دوران کشتی رانی کی سرگرمیوں اور شکارا سواریوں کو معطل کرنے کا مشورہ دیا۔