پونچھ//پونچھ کے محلہ کامسر لورہروارڈ نمبر 9میں ایک شخص نے عرصہ دراز سے لوگوں کی گزرگاہ اور وقف اسلامیہ کی اراضی پر ناجائز قبضہ کر کے رکھا ہوا تھا جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں کو آنے جانے میں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔مقامی لوگوں کی شکایت پر کئی بار پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے کارروائی کی کوشش کی گئی لیکن اس شخص نے عدالت سے سٹے آرڈر لے رکھا تھا جس کی وجہ سے وہ قبضہ نہ ہٹ پا رہا تھا ۔اس دوران اوقاف اسلامیہ اور محلہ کی عوام کی جانب سے اعلیٰ حکام اور عدالت سے رجوع کیا گیا جس کے بعد کاروائی عمل میں لائی گئی تو یہ ثابت ہو گیا کہ وہاں ناجائز قبضہ ہوا ہے جس کے بعد عدالت عالیہ کے حکم پر محکمہ مال، پولیس اور اوقا اسلامیہ کے افسران نے سنیچر وار کو وہاں پہنچ کر زمین کی حد بندی کر کے وہاں سے ناجائز تجاوزات ہٹائے ۔اعجاز الحسن نامی ایک مقامی شخص نے کہا کہ 25سال سے یہ شخص عوامی راستے اور قبرستان کی اراضی پر قابض تھا۔انھوں نے کہا کہ عدالت نے پوری تحقیقات کر کے عوام کے حق میں فیصلہ سنایا ہے جس سے عوام بہت خوش ہیں۔اوقاف اسلامی کے فیلڈ انسپکٹر عبدالرشید نے بتایا کہ اوقاف اسلامیہ کے ریکارڈ کے مطابق تین کنا ل سات مرلہ ہے لیکن موقعہ پر وہ ایک ہی کنال ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انھوں نے تحصیلدار سے اپیل کی تھی جس کے بعد انھوں نے فوری کاروائی کی ۔انھوں نے کہا کہ اوقاف اسلامیہ کی اراضی پر کسی کو بھی
قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔