جموں //گوجر بکروال دیش تحریک انصاف کے ریاستی صدر چوہدری نزاکت کھٹانہ نے ریاستی محکمہ قبائلی امور کی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس شعبہ میں غریب قبائلیوں کی لوٹ مار کی جارہی ہے ۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قبائلی امور کے محکمہ میں نچلی سطح سے لے کر کمشنر سطح تک رشوت خوری عام ہے اور گوجر بکرول طبقہ کو لوٹا جار ہاہے ۔موصوف نے کہاکہ قبائلی امور اور سوشل ویلفیئر نے آپسی اشتراک سے وظیفہ کو لے کر گوجر بکروال طبقہ کے بچوں کا حق چھینے کا کام کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوش گوجر بکروال طبقہ کےلئے قائم کردہ موبائل سکول کام ہی نہیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے اس غریب طبقہ کے بچوں کا مستقبل تاریک ہو تا جارہا ہے جبکہ ہوسٹلوں میں بچوں کا داخلہ نہ ہوناودیگرمسائل کو حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔چوہدری نزاکت کھٹانہ نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ گوجر بکروال طبقہ کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے اقدامات اٹھا ئے جائیں تاکہ طبقہ کو در پیش مسائل حل ہو سکیں ۔