پونچھ// ضلع پونچھ میں محکمہ صحت عامہ (پی ایچ ای ) سے وابستہ عارضی ملازمین نے بقایا تنخواہ واگزار کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کوڈ 19کو دیکھتے ہوئے مختصرملازمین نے شرکت کی۔ یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے اعلیٰ افسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کو باضابطہ طور پر ہر مہینے اجرت نہیںدی جا رہی ہے ۔یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے دس اور کچھ لوگ بیس برسوں سے مذکورہ محکمہ میں اپنی ڈیوٹی بحسن خوبی انجام دے رہے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود ان کے ساتھ ”سوتیلا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔اس موقع پر موجود ضلع صدر پی ایچ ای ڈیلی ویجرس یونین پونچھ مقبول حسین نے کہا کہ ہندوستان کی تمام ریاستوں میں محکمہ پی ایچ ای کے ملازموں کو جو کہ فرنٹ لائین پر ہر مشکل کو درکنار کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں خصوصی پیکیج دیئے جارہے ہیں لیکن یہاں کے ملازموں کو تنخواہیں بھی نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح محکمہ صحت اور پولیس کے اہلکاران کام کرتے ہیں اسی طرح پی ایچ کے ملازم بھی کام کرتے ہیں اس لئے انھیں بھی وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو ان محکموں کے ملازموں کو د جاتی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی23ماہ کی تنخواہیں بقایا ہیں جن میں سے بیس روز قبل صرف دو ماہ کی تنخواہ ہی واگزار کی گئی۔ انہوں نے بقایا تنخواہیں عید سے قبل واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ31مئی2021کے بعد کام چھوڑ ہڑتال شروع کر دیں گے اس کے بعد جو ہوگا اس کی زمہ دار انتظامیہ ہوگی۔اس موقعہ پر گردیپ سنگھ، سنجے کمار، محمد شبیراور گلزار قریشی موجود تھے۔