اودھمپور//محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج کی طرف سے ایپلائیڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت اودھمپور کے بلاک رام نگر میں یک روزہ بیداری کیمپ منعقد کیاگیا جس دوران خواتین کو متوازن غذائیت کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ساتھ مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں سے بھی روشناس کروایاگیا۔ اس پروگرام کی صدارت بلاک ڈیولپمنٹ افسر نے کی جبکہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی سٹیٹ نیوٹریشن افسر /انچارج آئی ای سی سیل طفیل احمد راٹھور تھے ۔ پروگرام میں آئی ای سی کنسلٹنٹ اعجاز احمد خان اور محمد کامران شمشاد کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں خواتین اور دیگر لوگوںنے شرکت کی ۔اس موقعہ پر طفیل احمد راٹھور نے کہاکہ ان کیمپوں کے انعقا د کا مقصددیہی خواتین کو متوازن غذائیت کے بارے میں جانکاری فراہم کرناہے تاکہ وہ اور ان کے ہاں پید اہونے والے بچے تندرست و توانا ہوں اور ایک صحت مند معاشرہ وجود میں آئے ۔ انہوںنے کہاکہ خواتین سماج کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں جن کی بااختیاری اور ترقی سے پورا سماج ترقی یافتہ بن سکتاہے ۔انہوںنے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ ایسی سبزیاں ، پھل اور غذائیں کھائی جائیں جن میں متوازن غذائیت ہو ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کی طرف سے جگہ جگہ بیداری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید پروگرام ہوںگے تاکہ خواتین کو ان کی صحت کا خیال رکھنے کے بارے میں بیدار کیاجاسکے ۔خواتین کو محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلائی جارہی تمام سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔