سرینگر //کورونا مخالف ٹیکہ کاری مہم کے تحت بدھ کو محکمہ اطلات و تعلقات عامہ کی جانب سے صحافیوں کیلئے ڈائریکٹر انفارمیشن کے دفتر میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ کیمپ کے دوران 18سے 44سال تک کے 100صحافیوں کو ویکسین لگایا گیا ۔ کیمپ کے دوران بین الاقوامی، قومی اور مقامی اخبارات میں کام کرنے والے رپورٹروں، فوٹوگرافر، معاون مدیر اور مدیران کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کوویکسین دیئے گئے ۔ صحافیوں کیلئے ٹیکہ کاری کیمپ کے انعقاد کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئیجوائنٹ ڈائریکٹر حارث احمد ہنڈو نے بتایا ’’سرکار نے میڈیا میں کام کرنے والے افراد کو ترجیحاتی گروپوں میں شامل کیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ محکمہ انفارمیشن نے محکمہ صحت و خاندانی بہبود اورمحکمہ صحت کے اشراک سے منعقد کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سرینگر نے طبی ٹیم کو تعینات کیا تھا ۔ اس کے بعد جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن نے ضلع انتظامیہ سرینگر، محکمہ صحت و خاندانی بہبودکا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹیکہ کاری کیلئے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کو تعینات کیا ۔ اس سے قبل ورکنگ صحافیوں اور میڈیا تنظیموں سے وابستہ عملہ کے لئے 27 ؍مارچ اور 22 ؍مئی کو پریس کلب میں کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے تھے اور 25 ؍ مئی کو ضلعی انتظامیہ سری نگرکے ذریعہ میڈیا اَفرادکے لئے ویکسی نیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔