پونچھ//قصبہ پونچھ کے محلہ شیش محل میں گندگی کے ڈھیر جمع ہیںجس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو عفونت کا سامناہے ۔مقامی لوگوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس دوران مظاہرین نے میونسپل کمیٹی پونچھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس ادارے سے صفائی بھی نہیں ہوپارہی ۔انہوںنے ضلع انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بھی اپنا کام نہیں کر رہی ۔انہوں نے کہا کہ تاریخی شیش محل کی دیوار کے بالکل ساتھ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کے متعلق وہ میونسپل کمیٹی کے افسران کو بار بار متوجہ کر چکے ہیں لیکن انہیں صرف یقین دہانیاں دیناآتی ہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسدسے مداخلت کی اپیل کی۔مظاہرین نے گرلز ہائر سکنڈری اسکول شیش محل کی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ عمارت کے عقب والی جگہ کو تار بندی کرے تاکہ وہاں لوگ کچرا نہ پھینک سکیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ اس دیوار کے ساتھ کچرا ڈھیر کردیتے ہیں اور پھر اسے اٹھانے کیلئے کوئی نہیں آتا۔رابطہ کرنے پر میونسپل کمیٹی کے انچارج افسر نے کہا کہ محکمہ کے صفائی کرمچاری ہر روز قصبہ کے تمام محلہ جات کی صفائی کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ خود اس محلہ میں صفائی کا جائزہ لیںگے ۔