جموں//کرائم برانچ کے جموں ونگ نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے دھوکہ دہی، جعلسازی کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کرائم جموں، بینم توش نے کہا کہ ملزمان کو قانون کی مختلف دفعات کے تحت 2013سے 2024کے درمیان درج سات ایف آئی آر میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ کی مختلف ٹیموں نے جموں، رام بن، سانبہ اور بڈگام اضلاع میں 10ملزمان کے خلاف مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی، جعلسازی کے جرائم ثابت ہونے کے بعد سلسلہ وار چھاپے مارے۔کرائم برانچ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں سینک کالونی جموں کا بدنام زمانہ پراپرٹی ڈیلر انیل چوپڑا بھی شامل ہے جس کے خلاف کرائم برانچ میں دو ایف آئی آر درج ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے دیگر افراد میں جموں کے سوربھ منہاس، دیو راج، راکیش اور روہت، بڈگام کے بلال احمد، رام بن کے عطا محمد، سانبہ کے بابو اور بشن داس اور جموں کی ایک خاتون ملزم شامل ہیں۔