اننت ناگ //عارف بلوچ//پولیس نے شعلہ بیانی اور نعرہ بازی سے عوامی مقبولیت حاصل کر چکے عالم دین سرجان برکاتی کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق سرجان برکاتی کو سنیچر کی صبح ریبن امام صاحب میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن زینہ پورہ پہنچایا گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق سرجان برکاتی نے 14 مئی 2021 کو ایک مقامی مسجد میں نماز جمعہ سے قبل خطبہ دیا تھا۔ اس دوران انہوں نے فلسطین اور اسرائیل کے بیچ موجودہ صورتحال پر بات کی تھی جو شاید گرفتاری کی وجہ بنی ہے۔واضح رہے کہ سرجان برکاتی کو چار سال سے زیادہ عرصہ جیل میں رہنے کے بعد اکتوبر 2020 کے آخری ہفتے کے دوران رہا کیا گیا تھا۔